شاہین باغ میں اسلامی کوئز مقابلہ 2026 کی تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد
نئی دہلی:13جولائی(ایجنسیز)
دینی مکتب مدرسہ تعلیم القرآن، جامع مسجد شاہین باغ کے زیرِ اہتمام اسلامی کوئز مقابلہ 2026 کے کامیاب طلبہ کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ انعامات اتوار، 12 جولائی 2026 کو جامع مسجد شاہین باغ میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز مولانا حمیدالدین فلاحی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جب کہ استقبالیہ کلمات ڈاکٹر عبدالرحمن فلاحی نے پیش کیے۔
اس موقع پر مولانا انعام اللہ فلاحی (سکریٹری، جامع مسجد شاہین باغ ٹرسٹ) نے "مدرسہ تعلیم القرآن: تعلیمی نظام، مقاصد اور امتیازی پہلو” کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے مکتب کے تعلیمی مشن اور دینی و عصری تعلیم کے امتزاج پر روشنی ڈالی۔
بعد ازاں "شاہین مسجد: دینی و عصری تعلیم کا ایک منفرد ماڈل” کے عنوان سے پریزنٹیشن پیش کی گئی، جسے جناب حسیب احمد، سابق رجسٹرار، جامعہ ملیہ اسلامیہ، اور جناب ایس۔ یوسف قصیم نے پیش کیا۔ پریزنٹیشن میں مکتب کے تعلیمی نظام، مقاصد اور کمیونٹی کی خدمت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں اسلامی کوئز مقابلہ کے تیرہ بڑے اور تیرہ چھوٹے طلبہ کو ان کی شاندار کارکردگی پر گفٹ، نقد انعامات اور اسناد (سرٹیفکیٹ) سے نوازا گیا۔ انعامات کی تقسیم کے موقع پر طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔
اس تقریب میں اساتذ? کرام، طلبہ، ان کے والدین (گارجین)، جامع مسجد شاہین باغ کی انتظامیہ کے اراکین، جامع مسجد شاہین باغ ٹرسٹ کے ممبران اور دیگر معزز حضرات نے شرکت کی۔
آخر میں جناب محمد نیر (منیجر) نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں، شرکاء اساتذہ اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور مکتب کی ترقی و کامیابی کے لیے تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی۔
