عید میلاد النبی ﷺ مبارک ( بعداز خدا بزرگ توئی قصہ مختصر)

عید میلاد النبی ﷺ  مبارک ( بعداز خدا بزرگ توئی قصہ مختصر)

عید میلاد النبی ﷺ مبارک

بسم اللہ الرحمن الرحیم

بعداز خدا بزرگ توئی قصہ مختصر

تمام اہلِ اسلام کو عید میلاد النبی ﷺ کی دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ مبارک موقع اظہارِ مسرت کے ساتھ ساتھ اس عظیم نعمتِ الٰہی پر شکر بجا لانے اور سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کرنے کا پیغام بھی دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضور اکرم ﷺ کو رحمت للعالمین بنا کر مبعوث فرمایا اور آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس انسانیت کے لیے ہدایت، محبت، عدل اور اخوت کا سرچشمہ ہے۔ عظمت رسولﷺ کا اندازہ صرف اس بات سے ہی لگایا جا سکتا ہے کہ آپ ﷺ کو اس روئے زمین پر مبعوث فرمانے کیلئے ہی باری تعالی نے ساری کائنات کی تخلیق کی۔ آپ ﷺ سے عشق و محبت ہی ایک مومن کی اصل نشانی ہے اور عشق رسول ﷺ پر ہی ایمان کامل ہوتا ہے۔ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کی تعلیمات میں عشقِ رسول ﷺ ایمان کی روح اور اطاعتِ رسول ﷺ اس عشق کا عملی اظہار ہے۔ آپؒ نے اپنی حیاتِ مبارکہ اور علمی و روحانی تعلیمات کے ذریعے واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی معرفت اور قرب کا راستہ رسولِ اکرم ﷺ کی محبت اور آپ ﷺ کی کامل اتباع سے ہو کر گزرتا ہے۔ صوفیائے اکرام ؒ کی تعلیمات بھی محبت، اخلاص، اتباعِ سنت اور خد متِ خلق کے انہی روشن اصولوں سے عبارت ہیں۔ محبت کا تقاضا یہ ہے کہ محبوب کی تعلیمات کو حرزِ جاں بنایا جائے اور اس کے نقشِ قدم پر چلنے کو اپنی زندگی کا مقصد سمجھا جائے۔عید میلاد النبی ﷺ کا حقیقی مفہوم یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، معاملات اور معاشرت میں اخلاقِ مصطفوی ﷺ کی خوشبو بسائیں۔ محبت کو نفرت پر، اتحاد کو انتشار پر اور خدمت کو خود غرضی پر غالب کریں۔ آئیے، اس مبارک موقع پر عہد کریں کہ ہم عشقِ رسول ﷺ کو صرف جذبات تک محدود نہیں رکھیں گے بلکہ اطا عتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا عملی دستور بنائیں گے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی عشقِ رسول ﷺ، کامل اتباعِ سنت اور باہمی اخوت و اتحاد کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

حافظ سید محمد علی الحسینی محمد اکبر محمد محمد الحسینی
سجادہ نشین، درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز،ؒ گلبرگہ شریف
صدر نشین، خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی، گلبرگہ شریف
چانسلر، خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی، گلبرگہ شریف
چیئر مین، کرناٹک اسٹیٹ بورڈ آف اوقاف

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے