Skip to content
شکیل بن حنیف اور دوسرے گمراہ فرقوں سے مسلمان چوکنا رہیں
جامع مسجد اشرفی گولکنڈہ میں کل جماعتی اجلاس عام سے مجاہد ختم نبوت مولانا ارشد علی قاسمی اور دیگر علماء کے خطابات
حیدرآباد 31- اکتوبر ( پریس نوٹ )
موجودہ دور فتنوں کا دور ہے ،ہر دن ایک نیا فتنہ سامنے آرہا ہے اور اپنے گمراہ خیالات ونظریات کے ذریعہ سے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوششیں کررہا ہے، رسول اللہؐ نے قرب قیامت یکے بعد دیگرے فتنوں کے ظاہر ہونے کی خبر آج سے چودہ صدی قبل فرمادی تھی،اس وقت گمراہ فرقوں کے مبلغ مختلف مقامات پر اپنے فرقے کی گمراہیاں پھیلانے میں سرگرم ہیں اور خصوصا سوشل میڈیا کو انہوں نے اپنی تبلیغ کا مضبوط پلیٹ فام بنایا ہوا ہے،
ملعون شکیل بن حنیف موجودہ زمانہ کا بدترین فتنہ ہےجس نے اپنے آقا ملعون غلام احمد قادیانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خود کے لئے حضرت عیسیٰ اور حضرت مہدی ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے، جامع مسجد اشرفی قلعہ گولکنڈہ میں ہنگامی طور پر منعقد کل جماعتی اجلاس عام بعنون ’’تحفظ ایمان ‘‘ سے مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا ارشد علی قاسمی جنرل سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ وآندھرا صدارتی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار فرمایا ،حافظ خواجہ نذیر الدین خان سبیلی مدرس دارالعلوم اشرفیہ کی تلاوت قرآن سے اجلاس کا آغاز ہوا جبکہ حافظ سید زبیر علی مدرس دارالعلوم اشرفیہ سے ہدیہ نعت پیش کی،
سکریٹری مجلس تحفظ نبوت حلقہ ٹولی چوکی حافظ عمر فیضی نے اجلاس کے مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی ،مفتی عبدالمنعم فاروقی استاذ فقہ دارالعلوم اشرفیہ و خطیب جامع مسجد اشرفی قلعہ گولکنڈہ نظامت کے ساتھ تحفظ ایمان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایمان مومن کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جس کی حفاظت جان سے زیادہ ضروری ہے ،ایمان کی سلامتی پر ہی آخرت میں کامیابی کا مدار ہے ،حضرات صحابہؓ نے دین کی سربلندی،تاج ختم نبوت کی حفاظت اور ایمان کے لئے اپنی جان عزیز کی قربانیاں پیش کی تھیں،مولانا ارشد علی قاسمی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہماری ناکامی میں گمراہ فرقوں کی کامیابی ہے ،مسلمان اور خصوصا نوجوان دینی احکام اور بنیادی دینی تعلیم سے ناواقف ہیں جس کی وجہ سے گمراہ فرقوں کا شکار ہو تے جارہے ہیں،
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اندر دینی شعور پیدا کریں اور خصوصا عقائد کی تعلیم ،نزول عیسیٰ ؑ اور ظہور مہدیؓ کے بارے میں احادیث میں جو کچھ بتایا گیا ہے وہ مستند علمائے کرام سے معلوم کریں ،مولانا نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا سے دور رہیں اور اسے دین سیکھنے کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ علمائے کرام سے دین سیکھیں ،مولانا نے فتنہ شکیل بن حنیف کی گمراہیوں کا ذکر کرتے ہوئے حضرت عیسیٰؑ اور حضرت مہدیؓ کا جو اسلامی تصور ہے اسے تفصیل سے بیان کیا،
اس موقع پر مولانا طیب مومن امام وخطیب مسجد قبا آدم کالونی ٹولی چوکی نے بھی خطاب کیا ، اسٹیج پر مختلف مکاتب فکر کے علماء خصوصا نوجوان فاضل مولانا وجیہ الدین قاسمی مبلغ مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ ، مولانا تجمل ،جناب وجیہ الزماں رکن بلدیہ لنگر حوض اور مجلس تحفظ ختم نبوت ٹولی چوکی ذمہ داران موجود تھے ،اجلاس میں مسلمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی، حضرت مولانا سید مصباح الدین حسامی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت ٹولی چوکی نے اجلاس کی نگرانی فرمائی ،آخر میں صدر اجلاس مولانا ارشد علی قاسمی کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ،نگران اجلاس مولانا سید مصباح الدین حسامی نے مہمان علمائے کرام ،سامعین عظام اور انتظامی کمیٹی جامع مسجد اشرفی کا شکریہ ادا کیا ۔
Like this:
Like Loading...