Skip to content
جموں و کشمیر اسمبلی: 6 سال میں پہلے اجلاس میں دفعہ 370 پر ہنگامہ
سری نگر،4نومبر( ایجنسیز)
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے بعد پہلے اجلاس میں اسمبلی اسپیکر کا انتخاب کیا گیا ہے اور ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر اسمبلی اسپیکر بن گئے ہیں۔ نیز اسمبلی میں دفعہ 370 کو واپس لینے کا مطالبہ ایک بار پھر سے اٹھنے لگا ہے۔ پی ڈی پی نے خصوصی درجہ کے آرٹیکل 370 کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک تجویز بھی پیش کی۔ پی ڈی پی ایم ایل اے کی اس تجویز کو لے کر اسمبلی میں کافی تنازعہ ہوا۔درحقیقت پیر کو جموں و کشمیر اسمبلی میں پی ڈی پی ایم ایل اے وحید پارا نے آرٹیکل 370 کو واپس لینے کی تجویز پیش کی۔
پی ڈی پی ایم ایل اے نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کو ایک بار پھر خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے۔ اسمبلی میں اس تجویز کو لے کر بی جے پی اور پی ڈی پی ایم ایل اے کے درمیان کافی بحث اور ہنگامہ آرائی ہوئی۔اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران وحید پارا نے کہا تھا کہ خصوصی حیثیت کی بحالی کے ساتھ آرٹیکل 370 کو بحال کیا جانا چاہیے۔ واضح ہو کہ وحید پارا جموں و کشمیر کی پلوامہ سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔
ان کے مطالبہ کی حمایت ان کے ساتھی ایم ایل اے نے بھی کی۔بی جے پی نے پی ڈی پی ایم ایل اے وحید پارا کی دفعہ 370 کو واپس لینے کی تجویز کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ بی جے پی کے تمام 28 ایم ایل اے وحید پارا کی تجویز کیخلاف کھڑے ہوئے اور اس تجویز کی مخالفت کی۔
بی جے پی ایم ایل اے لال شرما نے مطالبہ کیا ہے کہ وحید پارا کو معطل کیا جائے؛ کیونکہ انہوں نے ایسی تحریک لا کر ایوان کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ تاہم، اس دوران نو منتخب اسپیکر یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ ایم ایل ایز کو ہنگامہ نہیں کرنا چاہیے۔اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا ہے کہ یہ تجویز ابھی تک میرے پاس نہیں آئی ہے۔ اسے پڑھنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
Like this:
Like Loading...