Skip to content
ظریفانہ:ناگپوری چادر اور کوروکشیترکی کھچڑی
ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان
للن ترپاٹھی نے کلن پوار سے کہا یار کاش مسلمانوں کو بھی سناتنی سنسکار ملے ہوتے تو وہ ناگپور میں دنگا فساد نہ کرتے ؟
کلن نے حیرت سے جواب دیابھیالگتا ہے تم نے کروکشیتر کےسانحہ کی خبر نہیں دیکھی ورنہ یہ نہیں کہتے ۔
للن بولا میں حال کی بات کررہا ہوں تو تم نے ماضی کی مہابھارت چھیڑ دی کون جانے گروک اسے بھی رام کی طرح خیالی داستان کہہ دے؟
کلن نے پوچھا یہ گروک کون بدتمیز ہے ؟ رامائن اور مہابھارت کی کسی نے توہین کی تو ہمارے پردھان اس کو چیر کر رکھ دیں گے ۔
بھیا یہ پردھان جی کے چہیتے دوست ایلون مسک کا جعلی ذہانت پر کام کرنے والا سافٹ ویئر ہے اور اس کی جانب کوئی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھ سکتا۔
اچھا تو اس نےیہ جرأت کردی ؟ کوئی بات نہیں پھر بھی پردھان جی اس کو سمجھا منا لیں گے ۔
للن بولا کیا خاک سمجھائیں گے الٹا گروک نے ان کی سرکار پر مقدمہ ٹھونک دیا ہے۔
ارے بھیا ہمیں امریکہ میں جاری اڈانی، ڈوبھال اور شاہ کے خلاف مقدمات کی کوئی فکر نہیں َ وہ آخر دورے سے روکنے کے علاو ہ کیا اکھاڑلیں گے؟
اس خوش فہمی میں نہ رہنا کہ مقدمہ امریکہ میں درج کیا ۔ یہ تو بنگلورو کی بات ہے کیا سمجھے ؟
کلن نے کہااچھا تو کیا یہ ایلون مسک ہماری ہی گلی میں آکر ہم کو دھمکائے گا؟ ہمارے پردھان جی اسے لال آنکھوں سے بھسم کردیں گے ۔
ارے بھائی جب وہ امریکہ جارہے تھے تب بھی تم نے یہی کہا تھا مگر وہ تو نظریں جھکائے لوٹ آئے۔ چوں بھی نہ کرسکے۔
توکیا زیلنسکی کی مانند اپنی بے عزتی کراتے ۔ پردھان جی کو پتہ ہے کہ کب جھکنا اور کب اکڑنا ہے؟ ویسے بھی ٹرمپ کے آگےکوئی اکڑ نہیں چلتی ۔
تم سے یہ کس نے کہہ دیا۔ چین اور روس کی تو چلتی ہے۔ عربوں نے اسے غزہ کا بدنام زمانہ منصوبہ واپس لینے پر مجبور کردیا ۔
ہاں بھائی وہ تو ہے مگر فی الحال اپنے اڈانی پھنسے ہوئے ہیں ۔ ان کو بھی تو گرفتاری سے بچانا ہے اس لیے تم سمجھتے کیوں نہیں؟
للن نے کہا یار میں ناگپور کی بات کررہا تھا تو تم اسے پھیلا کرپہلے ہزاروںسال پرانے کوروکشیتر اور پھر امریکہ لے گئے یہ بہت بری بات ہے۔
بھائی للن میں ہزاروں سال پرانے کوروکشیتر کی نہیں بلکہ بالکل تازہ واقعہ کا ذکر کررہا تھا ۔
للن نے سوال کیا اچھا کیا وہاں بھی کوئی فرقہ وارانہ فساد ہوگیا ؟
جی نہیں وہاں پر تمہاری برادری کے برہمنوں نے دنگا فساد اور توڑ پھوڑ کیا۔ اس کے سبب ایک کو گولی لگی اوردوسرا پتھر سے زخمی ہوگیا ۔
دیکھو بھائی کلن ہم لوگ خود یہ سب نہیں کرتے بلکہ دوسروں سے یہ کرواتے ہیں ۔مجھے تو یہ ہمیں بدنام کرنے کی کوئی پاکستانی سازش لگتی ہے۔
کاہے کی سازش ؟ میڈیا میں پھیلی ہوئی بھگوا دھاری برہمنوں کی توڑ پھوڑ کرتے نظر آنے والی ویڈیوز اور تصاویرکو کیسے جھٹلاوگے؟
للن نے پوچھا خیر کوئی تفصیل تو بتاو آخر برہمن وہاں کیوں جمع ہوئے تھے؟
بھائی ایسا ہے کہ کوروکیشیتر کے کیشو پارک میں 18 مارچ سےایک 1008 کنڈی شیوشکتی مہا یگیہ چل رہا تھا۔ جسے27 مارچ تک چلنا تھا ۔
للن بولا اس کل یگ میں اس طرح کی روحانی تقریب کا انعقاد بہت ضروری ہے کیونکہ بدقسمتی سے ہر کوئی مایا (دولت) کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔
جی ہاں اسی لیے وہاں پر ملک بھر سے 1200 برہمن بلائے گئے تھے اور دیگر 7؍ ممالک سے 1500دانشور بھی مدعو تھے۔
ارے بھائی ہریانہ میں تو ڈبل انجن سرکار ہے اس لیے ان کی خوب سیوا کی گئی ہوگی ۔ ہندو راشٹر میں یہی ہونا چاہیے۔
ہاں ہاں کیوں نہیں اس کی سر پرستی کے لیےوزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نےاپنی زوجہ سمیت شرکت کی اور صوبائی صدر کے علاوہ کئی رہنما بھی گئے۔
تب تو یہ لوگ سرکاری مہمان ہوگئے اس لیے ان کی خوب عیش رہی ہوگی؟
جی ہاں ہونی تو چاہیے تھے لیکن اس سے پہلے بھی دوبار اس میں گڑبڑ ہوچکی ہے اس لیے شاید شنی (نحوست) کی چھایا لگتی ہے ۔
للن نے پوچھا ہمارے ہوتے شنی کا کیا کام خیر میں تمہاری بات نہیں سمجھا؟
ارے بھائی 2021 میں یگیہ کے اندر آگ لگ گئی تووہ رک گیا۔ 2023 میں برسات نے خلل ڈال دیا اور اس بار گولی چل گئی ۔ کوئی گڑ بڑ ہے۔
للن نے سوال کیا بھیا پچھلی بار تو خیر آسمانی قہر تھا لیکن اس بار تو اپنے ہاتھوں کی کمائی ہے۔ آخر اس کی نوبت کیوں آئی؟
لکھنو کےآشیش تیواری نے بتایا کہ ورنداون کے آکاش دکشت اور شورن شرما کو ناشتے کی گھچڑی میں بدبو سے ناراضی تھی ۔
ارے اتنی سی بات پر گولی؟ انہیں یگیہ کےمہتمم سے شکایت کرنی چاہیے تھی ۔
ارے بھائی وہ سوامی ہری اوم داس سے شکایت کرنے کے لیے جارہے تھے تو ان کے نجی محافظوں نے روک کر گولی چلادی ۔
للن بولایار یہ تو بڑی زیادتی ہے ۔ ان محافظوں کو اتنا غصہ کیوں آگیا اور انہوں نے کیا کہا؟
آشیش کے مطابق محافظوں نے کہا جو ہم کھارہے ہیں اوروہی تم کو بھی کھانا پڑے گا ۔ اسی سے بات بڑھ گئی اور گولی اور پتھر چل گئے ۔
یار اتنے بڑے اہتمام میں باسی کھچڑی اور بدتمیزی ناقابلِ فہم ہے مجھے تو کسی سازش کی بو آرہی ہے۔
بلاوجہ تم کو باسی کھانے سے سازش کی بو آرہی ہے جبکہ شرکاء کا کہنا ہے انہوں نے پہلے بھی کھانے کی شکایت کی تو باونسر کے تھپڑ اور ڈنڈے برسے۔
للن نے سوال کیا اچھا تو یہ پہلے بھی ہوا اور انتظامیہ نے توجہ نہیں دی ؟
جی ہاں شرکاء کے مطابق اس تشدد کے سبب ورنداون سے آنے والے70 برہمن پہلے ہی فرار ہوچکےتھے۔
لیکن یہ تو سرکاری محافظ ہوں گے۔ ان کی شنا خت بہ آسانی ہوجائے گی۔ وہ ضرور مسلمان ہوں گے ۔ بھگوا سرکار انہیں قرار واقعی سزا دے گی۔
نہیں بھیا وہ نجی محافظ ہیں اور اصل ملزم توہریانہ کے پیپر لیک میں کا ماسٹر مائنڈبرخواست شدہ حولدار رابن ہے ۔
اچھا تو اس نیک کام کے لیے سوامی ہری اوم کورابن نامی بدمعاش کے سوا کوئی نہیں ملا ؟ لیکن ہماری پولیس اسے نہیں چھوڑے گی ۔
کلن بولا بھائی پہلے پکڑے تو سہی ۔ فی الحال وہ فرار ہے اور پولیس تلاش کررہی ہے۔ یہ ہماری سرکار میں نظم و نسق کا حال ہے۔
اچھا لیکن اس کو پہچانا کیسے گیا کیونکہ وہ نام کی تختی کے ساتھ تو نہیں گھوم رہا ہوگا؟
ایک برہمن نے اس کا حلیہ بیان کیا کہ وہ موٹا تازہ تھا سفید لباس پہنتا اورگالی گلوچ کرتا تھا۔ اسی نے ۶؍ گولیاں ماریں اور ایک ران میں لگی۔
یار یہ تو ہماری پارٹی کے سیاسی رہنماوں کی صفات ہیں لگتا ہے اگلی بار اس کو ٹکٹ مل جائے گا ؟
صرف ٹکٹ نہیں وزارت بھی ملے گی کپل مشرا کو دیکھو ۔دنگا فساد بھڑکایا اب وزیر انصاف بنا ہوا ہے اور عمر خالد وغیرہ جیل میں پڑے ہیں۔
للن نے کہاہاں بھائی لیکن یہ بتاو کہ پھرہمارے دلیر برہمنوں نے اس کے خلاف تو غم و غصے کا اظہار کیسے کیا؟
انہوں نے یگیہ شالا یعنی اجتماع گاہ پر ہی پتھراو شروع کردیا اور صدر دروازے سمیت سڑک پر لگے یگیہ کی ہورڈنگ توڑ ڈالی ۔
یہ تو بہت بری بات ہے کسی اور مذہب کے ماننے والے یہ سب کرتے تو بڑا وبال مچ جاتا ۔ نہ جانے کتنی گرفتاریاں ہوجاتیں بلکہ پولیس گولی چلا دیتی ۔
ارے بھیا انہوں نے تو وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی جبراً روکنا شروع کردیا ۔
للن نے سوال کیا،اچھا! ان غیر متعلق مسافروں کا باسی کھچڑی سے کیا لینا دینا؟
بھائی کسی نہ کسی پر تو نزلہ اترنا تھا سو وہ بے ضرر لوگ ہاتھ آگئے
تب تو پولیس کو بھی برہمنوں پرہاتھ صاف کرنے کے موقع مل گیاہوگا؟
نہیں بھائی سرکاری داماد جیسے برہمنوں کو پولیس نے طاقت کا استعمال کیے بغیر بڑے پیار سے سمجھا کر ہٹایا اور ان کی حفاظت بڑھا دی ؟
اچھا ان پر تمہارا مطلب ہے نہ کوئی مقدمہ بنا اور نہ بلڈوزر چلا۔ یار یہ کون سا انصاف ہے؟ ناگپور کے عرفان کا گھر تو بلڈوزر سے توڑا جارہاہے۔
بھائی یہ منو کا انصاف ہے جس میں برہمنوں کے سارے جرائم معاف کردیئےجاتا ہے۔ پولیس گولی چلانے والے ملزم کو ڈھونڈ رہی ہے۔
اچھا یہ بتاو کہ اس یگیہ کے مہتمم سوامی ہری اوم داس کا اس معاملے میں کیاموقف ہے؟
وہ کہتے ہیں ساری الزام تراشی ٹھیک ہے پھر بھی ان کی شدید خواہش ہے کہ یگیہ کو پورا کیا جائے۔ہم کوتاہیوں کی تفتیش کرکے سزا دیں گے۔
ارے وہ تو ٹھیک ہے مگر گولی چلنے کی واردات پر وہ کیا بولتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ وہ ہر آدمی کو نہیں جانتے کوئی بہروپیہ آکر گولی چلادے تو کیا کریں ؟ تمہاری طرح ان کو بھی یہ یگیہ تباہ کرنے کی ساز ش لگتی ہے۔
للن نے کہا یاریہ تو سیاسی بیان بازی ہوئی ۔ نہ اپنی اور اپنے محافظ کی غلطی کو مانا الٹا سازش کی آڑ میں پناہ لے لی ۔
اسی لیے تو میں کہتا ہوں کہ مسلمانوں نے تو خیر اپنی مقدس آیات والی چادر جلانے کے خلاف احتجاج کیا مگر ہمارے لوگ تو باسی کھچڑی پر لڑ پڑے۔
للن نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہاں یار اچھا ہی ہوا جو انہوں نے ہمارے سنسکار نہیں لیے بلکہ اب تو مجھے ان پر رشک آرہا ہے۔
Like this:
Like Loading...