غزہ،29مئی(ایجنسیز)غزہ میں شہری دفاع نے بتایا ہے کہ غزہ پٹی میں صبح سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 44 افراد کو جاں بحق کردیا گیا ہے۔ شہری دفاع کے میڈیکل سپلائی کے ڈائریکٹر محمد المغیر نے بتایا کہ جاں بحق ہونےوالوں میں سے 23 افراد مرکزی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں القرییناوی خاندان کے گھر پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنے۔ غزہ کی وزارت صحت نے بھی رفح میں امریکی امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 48 گھنٹوں کے دوران 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور 60 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کا بتایا۔
جبالیا اور خان یونس میں بھی متعدد فلسطینیوں کےمارے جانے کا بتایا گیا ہے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب اسرائیلی فوج سرحدیں بند کرنے اور امداد کی ترسیل روکنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ غزہ کی پٹی میں بچوں کو بھوک اور قحط کا سامنا ہے۔ 57 افراد بھوک سے جان دے چکے ہیں۔