Skip to content
بہار،9جولائی(ایجنسیز)کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بدھ کو پٹنہ میں ووٹروں کی نظرثانی کے خلاف انڈیا الائنس کے احتجاج کے دوران الزام لگایا کہ 2024 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لیے دھاندلی کی گئی تھی اور بی جے پی حکومت اس سال کے آخر میں ہونے والے بہار انتخابات میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتی ہے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے خلاف پٹنہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر تک احتجاجی مارچ کے دوران انڈیا الائنس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا، "مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور این ڈی اے کو فائدہ پہنچانے کے لیے دھاندلی کی گئی، وہ بہار میں بھی اسے دہرانا چاہتے ہیں جسے ہم نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں خصوصی نظرثانی ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کے ‘مہاراشٹرا ماڈل’ کی توسیع ہے اور یہ نہ صرف لوگوں کے ووٹ کا حق بلکہ ان کا پورا مستقبل سلب کرے گی۔ انہوں نے کہا، "الیکشن کمیشن کو آئین کی حفاظت کرنی چاہیے۔ یہ بی جے پی کی ہدایات پر کام کر رہا ہے۔ ان الیکشن کمشنروں کو بی جے پی نے ہی نامزد کیا ہے۔ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی انتخابی چوری کی ایک کوشش ہے۔ ہم الیکشن کمیشن کو ووٹروں بالخصوص نوجوانوں کے حقوق چھیننے نہیں دیں گے۔”
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر صبح ریاست کی راجدھانی پٹنہ پہنچ گئے۔ ان کے ساتھ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجاشوی یادو، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ) لبریشن کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سینئر لیڈر تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے نامزد کردہ لوگوں پر مشتمل ہے اور بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کا مقصد حکمراں پارٹی کی خدمت کرنا ہے۔
Like this:
Like Loading...