Skip to content
کرلا میں جماعت اسلامی ہند کا ہمراہی میچ میکنگ ورکشاپ
"کامیاب نکاح — کیوں اور کیسے؟” کے عنوان پر مفید رہنمائی، 45 نئے رجسٹریشن
"نکاح کو کم خرچ ، آسان اور بابرکت بنانا وقت کی ضرورت ہے”: صدیق قریشی
ممبئی، 13 جولائی:
جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو کے زیر اہتمام "ہمراہی میچ میکنگ” پروگرام اور رہنما ورکشاپ کا انعقاد کرلا میں عمل میں آیا۔ "کامیاب نکاح — کیوں اور کیسے؟” کے عنوان پر منعقدہ اس ورکشاپ میں نکاح کے قرآنی تصور، عملی تقاضوں اور موجودہ سماجی چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں تقریباً 50 شرکاء نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جو جناب عرفان صاحب نے پیش کی۔ افتتاحی خطاب میں ناظمہ ممبئی میٹرو محترمہ ریحانہ دیشمکھ نے "ہمراہی” میرج بیورو کے قیام، طریقۂ کار اور اب تک کی کارکردگی کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔
کلیدی خطاب جماعت اسلامی ہند کے شوریٰ رکن اور "سکون کاؤنسلنگ سینٹر” کے ڈائریکٹر جناب صدیق صاحب نے کیا۔ انہوں نے نکاح کے قرآنی فلسفے اور اس کی سماجی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: "نکاح محض ایک سماجی معاہدہ نہیں بلکہ پاکیزہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ شوہر و بیوی ایک دوسرے کی نگاہوں اور تقویٰ کے محافظ ہیں۔ یہ رشتہ سکون، محبت اور قربانی کا متقاضی ہے۔ اگر اس کی قدر نہ کی جائے تو وہ برکت سلب ہو جاتی ہے۔ نکاح میں اسراف اور غیر ضروری رسم و رواج سے اجتناب لازم ہے اور ہمیں دین کے مطابق سادگی سے نکاح کو فروغ دینا چاہیے۔”
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نکاح کو مشکل بنا دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بے راہ روی اور خاندانی بگاڑ بڑھ رہا ہے۔ ہمیں نکاح کو سہل، سستا اور بابرکت بنانا ہوگا تاکہ نوجوان نسل پاکیزہ زندگی کی طرف مائل ہو۔
ان کا دوٹوک پیغام تھا: "نکاح کو آسان بنائیں، پاکیزہ بنائیں اور سنتِ رسول ﷺ کے مطابق بنائیں — یہی ہماری فلاح کا راستہ ہے۔”
نظامت کے فرائض جناب انظر صاحب نے انجام دیے۔
ورکشاپ کے بعد میچ میکنگ اور رجسٹریشن کی سرگرمی شروع ہوئی، جس میں 11 لڑکوں اور 34 لڑکیوں کے نئے رجسٹریشن مکمل ہوئے، جب کہ دو سابقہ درخواستیں (ایک لڑکا، ایک لڑکی) تجدید کی گئیں۔
Like this:
Like Loading...