Skip to content
کاکوری کے انقلابی شہداء کو مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ میں خراجِ عقیدت.
ڈاکٹر عمار رضوی نے نوجوانوں کو دی حب الوطنی، دیانت اور اخلاقی شعور کی تلقین
بارہ بنکی9اگسٹ (ابوشحمہ انصاری)قوموں کی تاریخ میں کچھ لمحے اور کچھ لوگ ہمیشہ کے لیے امر ہو جاتے ہیں۔ کاکوری ریل کانڈ انہی انقلابی لمحوں میں سے ایک ہے، جس نے تحریکِ آزادی کو نئی توانائی عطا کی۔
اسی تاریخی واقعے کے شہداء پنڈت رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خاں اور ٹھاکر روشن سنگھ کی یاد میں آج مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ہیومینیٹیز، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، محمودآباد (سیتاپور) میں ایک روح پرور اور باوقار خراجِ عقیدت تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
تقریب کا آغاز شہداء کی تصاویر پر گلپوشی اور خاموشی کے ساتھ نذرانۂ عقیدت پیش کرنے سے ہوا۔ فضا جذبات سے بوجھل اور آنکھیں فخر و عقیدت سے نم تھیں۔ ہر چہرے پر شہداء کے لیے احترام اور وطن سے محبت کا رنگ نمایاں تھا۔
اس موقع پر ادارے کے بانی و سکریٹری، سابق کارگزار وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عمار رضوی نے صدارت کرتے ہوئے کہا کاکوری کے شہداء صرف تاریخ کے کردار نہیں، بلکہ وہ ضمیر کے محافظ اور حب الوطنی کے استعارے ہیں۔ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ وطن کے لیے جینا بھی عبادت ہے اور مرنا بھی عظمت۔ آج کی نسل اگر ان کے پیغام کو سمجھے، تو نہ صرف ایک بہتر شہری بلکہ ایک بہتر انسان بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری، سچائی اور اخلاقی اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، اور شہداء کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک و ملت کی خدمت کریں۔
تقریب میں انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، سماجی شخصیات اور مقامی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کے ایثار کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
پروگرام کے اختتام پر پورے احترام کے ساتھ اجتماعی قومی ترانہ پیش کیا گیا، اور شہداء کی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی۔
انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا، تاکہ نئی نسل اپنے ماضی کی قربانیوں سے روشناس ہو، اور حب الوطنی کا چراغ ہر دل میں روشن رہے۔
Post Views: 0
Like this:
Like Loading...