ہمارا بنیادی حق ووٹ کی حفاظت کے لئے ہمیں آگے آنا ہوگا۔ محترمہ سجاتا ۔۔۔
آزادی کے بعد بھی آزادی کی تلاش” یومِ آزادی پر خواتین صدبھاؤنا منچ کا ممبئی پریس کلب میں پینل ڈسکشن
ممبئی، پریس کلب 14 اگست 2025 — یومِ آزادی کے موقع پر خواتین صدبھاؤنا منچ، ممبئی کی جانب سے "آزادی کے بعد بھی آزادی کی تلاش” کے عنوان سے ایک پینل ڈسکشن ممبئی پریس کلب میں عمل میں آیا ۔ اس تقریب کا مقصد خواتین کے حقوق، سماجی بیداری اور قومی اتحاد کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔
پروگرام میں Unity in Diversity کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے شیاما ائیر (پروجیکٹ کوآرڈینیٹر، آئی آئی ٹی ممبئی) نے کہا کہ بھارت کی سب سے بڑی طاقت اس کا تنوع ہے، لیکن زبان، مذہب اور ذات کی بنیاد پر تقسیم ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ خواتین کو ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔
محترمہ سجاتا نے کہا کہ جمہوریت کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ اگر ووٹ جمہوریت کو بچانے میں ناکام ہو رہا ہے تو اس ووٹ کو بچانے کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔
محترمہ چینیکا شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ سماج میں بیداری پیدا کرنا، سوال کرنا اور نوجوان نسل کو سوچنے پر آمادہ کرنا ضروری ہے، جبکہ ڈاکٹر زینت شوکت نے خواتین کی آزادی کو بااختیاری اور تحفظ سے جوڑا اور کہا کہ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار نہ کریں بلکہ میدانِ عمل میں اتریں۔
ممتاز نذیر نے کہا کہ بھارت آزادی کے 100 سال کی طرف بڑھ رہا ہے لیکن آزادی کے اصل خواب دھندلا رہے ہیں۔ نفرت، تناؤ اور سماجی نابرابری کو ختم کرنا ہوگا تاکہ ملک ایک بار پھر گنگا جمنی تہذیب کی پہچان حاصل کر سکے۔
دیگر مقررین نے اخلاقی اقدار کے تحفظ، آزادیٔ اظہار کے فروغ اور مظلوم طبقات کے لیے آواز بلند کرنے پر زور دیا۔ نوجوانوں کی تربیت، عملی اقدامات اور سچائی پر قائم رہنے کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔
تقریب کے اختتام پر پینلسٹس کو پودے بطور تحفہ پیش کیے گئے، اس پیغام کے ساتھ کہ زندگی اور ہریالی کا تحفہ پیسے سے زیادہ قیمتی ہے