Skip to content
بیدر بیٹر منٹ فائونڈیشن کا جلسہ انعامیہ کامیاب انعقاد،
نئی نسل میں دیکھا گیا غیر معمولی جوش و خروش
بیدر20اگست( ای میل) بیدر بیٹر منٹ فورم کی جانب سے منعقدہ جلسہ انعامیہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا۔بچوں اور نوجوانوں میں جلسے کے تعلق سے اور انعامات کے تعلق سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس جلسہ انعامیہ میں کم از کم3000 بچوں کے بشمول کُل پانچ ہزار افراد نے شرکت کی۔ فاتح کمسن بچوں نے اپنی خوش لحن آوازوں میں قراء ت کلام پاک پیش کرکے اور اذان ادا کرکے پورے ماحول کو روحانی بنا دیا تھا۔ اس جلسہ انعامیہ میں کُل33انعامات دئے گئے۔” آئو نماز پڑھیں” تحریک کے تحت دس کمسن بچوں کوعمرہ پیکیج ،دس بچوں کو بیس ہزار روپئے نقد اور دس بچوں کو پندرہ ہزار روپئے نقد رقم مع اسناد دئے گئے۔” آئو نماز پڑھیں” ترغیبی تحریک کے فاتحین کے ناموں کا اعلان ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔
قراء ت اور اذان کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلباء کو بھی انعام اول کے طور پر پچیس ہزار روپئے، انعام دوم پندرہ ہزار روپئے اور انعام سوم دس ہزار روپئے نقد انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ شاہین کیمپس میں نو تعمیر شدہ عبد الرحمن ملٹی پرپز ہال میں منعقدہ اس پروگرام کی صدارت صفا بیت االمال کے مرکزی صدر مولانا غیاث احمد رشادی نے فرمائی۔ وہیں شاہین ادارہ جات کے سربراہ ڈاکٹر عبد القدیر کی سرپرستی میں اس جلسے کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ جبکہ اس پروگرام میں شرکت کیلئے بیرون ملک سے نامور قراء اکرام اور علمائے اکرام کو مدعو کیا گیا تھا۔ مولانا شاہد ناصری الحنفی ممبئی اور حضرت قاری افضل اللہ ظفر امام و خطیب مسجد یاسر اول الشہداء شارجہ نے اس جلسہ انعامیہ کی نگرانی کی۔
وہیں حضرت مولانا قاری ثاقب ندوی امام و خطیب دوحہ قطر، قاری احمد اللہ صاحب امام دوحہ قطر، حافظ و قاری محمد شعیب حسینی امام و خطیب مسجد الصفوی یو اے ای، قاری عبد الملک امام و خطیب دوحہ قطر اور دیگر علمائے اکرام نے مہمانان کے طور پر شرکت کی۔اس موقع پر شاہین ادارہ جات کے سربراہ و بیدر بیٹر منٹ فائونڈیشن کے چیئر مین ڈاکٹر عبد القدیر نے کم سن بچوں کو انعامات کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہترغیبی تحریک کل سے پھر شروع ہو رہی ہے اور وہ توقع کرتے ہیں کہ کمسن بچے پھر سے ایمانی جذبے کے تحت مساجد میں نماز فجر ادا کریں گے۔ پھر انشاء اللہ آئندہ برس بھی اس طرح کے جلسہ انعامیہ کا اعلان کیا جائیگا۔ انعام یافتگان کمسن بچوں سے ڈاکٹر عبد القدیر نے سوالات بھی پوچھے کہ کیا انھوں نے انعام کے لالچ میں نمازیں ادا کی تھیں یا پھر اللہ کو رضا کرنے کیلئے۔ اس پر سبھی بچوں نے اللہ کو راضی کرنے کا جواب دیا۔ اس جلسے میں انجنیئر عاصم عتیق سی ای او بیدر بیٹر منٹ فائونڈیشن نے بی بی ایف کی کارکردگی حاضرین کے روبرو پیش کی۔ اس موقع پر شاہین کے طلباء نے ایک ڈیمو بھی پیش کیا۔ جس کے تحت قرآن پاک کے عربی متن کا برجستہ اردو ترجمہ پیش کیا گیا۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے ان بچوں کا امتحان لیا اور کامیاب ترجمے پر طلباء کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبد القدیر نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد شاہین کا ہر اسٹوڈنٹ قران پاک کا عربی متن دیکھے گا اور اس کا بر جستہ اردو ترجمہ پیش کرے گا۔ وہیںUnderstand Quran Academy کی جانب سے بنائے گئے ایک ایپ کا ڈیمو اس موقع پر پیش کیا گیا۔ جس کے تحت جہری نماز میں پڑھی کی گئی سورتوں کا اردو میں ترجمہ مسجد کے اسٹینڈپر نصب کئے گئے اسکرین پرآئیگا۔ جس سے مصلیان کو قرآن فہمی میں آسانی ہوگی۔ اس موقع پر نا بینا شاعر قاری احسان محسن نے نعت کلام پاک پیش کرکے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ یہاں آپ کو بتادیں کہ بیدر بیٹر منٹ فائونڈیشن نے نوجوان نسل کو نماز کا پابند بنانے اور انھیں مساجد سے جوڑنے کیلئے گزشتہ برس”آئو نماز پڑھیں”نامی ترغیبی تحریک شروع کی تھی۔
شہر بیدر کی تمام137مساجد کو12کلسٹرس میں تقسیم کرکے ایک ایپ کے ذریعے یہ تحریک شروع کی۔ جس میں نو چھلے منعقد کئے گئے اور ہر چھلے پر بچوں کو کچھ نہ کچھ انعامات دئے جاتے رہے۔ وہیں قرأت اور اذان کے مقابلے پہلے مسجد واری سطح پر اور پھر کلسٹر سطح پر سیمی فائنل مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ قرأت اور اذان کے فائنل مقابلے19؍اگست کو شاہین کیمپس میں ہی منعقد کئے گئے تھے ۔ اذاں کے مقابلوں کے ججس قاری سیف الباری صاحب ممبئی، قاری ارشد امین صاحب کشمیر، قاری طیب جمال صاحب سہارنپور رہے ۔ وہیں قاری ثاقب ندوی، قاری ضیاء الرحمن صاحب، مفتی ساجد ناصری صاحب نے قرأت کے مقابلوں کے حکم (ججس)کے فرائض انجام دئے۔
Like this:
Like Loading...