Skip to content
اسرائیل،22اکٹوبر(ایجنسیز)ایک نقاب پوش اسرائیلی آباد کار نے ایک بزرگ فلسطینی خاتون کو اس وقت زدوکوب کیا جب وہ اپنی زمین پر زیتون چن رہی تھیں۔
یہ بلا اشتعال حملہ جسے ایک امریکی صحافی نے کیمرے میں قید کر لیا، اتوار کی صبح مغربی کنارے میں رام اللہ کے شمال مشرق میں ایک فلسطینی گاؤں میں واقع ہوا۔
جیسپر نتھانیئل نے بتایا کہ اسرائیلی آباد کار نے 55 سالہ فلسطینی خاتون کو چھڑی کے وار کر کے بے ہوش کر دیا اور وہ زمین پر گر گئیں۔ وائرل ویڈیو میں خاتون کو ہسپتال لے جاتے ہوئے ان کا خون بہتا نظر آ رہا ہے۔
نیتانیئل زیتون کی کٹائی کرنے والے فلسطینیوں کے ایک گروپ کے ہمراہ تھے۔ ان کے ساتھ موجود دیگر کارکنان ان کی حمایت کے لیے آ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجی اس گروپ کو ایسی جگہ لے گئے جہاں مسلح آباد کاروں نے "گھات لگا کر وحشیانہ حملہ” کر دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں کہا، "فوجی ہم پر اس حملے کے ذمہ دار تھے۔ ہمیں مسلح آباد کاروں نے ایک طرف سے روک دیا اور باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔”اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر بی بی سی کو بتایا کہ افواج نے وہاں پہنچ کر تصادم کو منتشر کر دیا۔
لیکن نتھانیئل نے اس کہانی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ آباد کاروں کے حملہ کرنے سے ذرا پہلے فوجی "اپنی جیپ میں وہاں سے تیزی سے نکل گئے”۔یہ حملہ ایک بڑے واقعے کا حصہ تھا جس میں کم از کم 15 نقاب پوش آباد کاروں کو پتھراؤ اور زیتون کی کٹائی کرنے والے دیگر فلسطینیوں پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
کیمرے میں محفوظ ہو جانے والے اس واقعے پر غم و غصہ پیدا ہوا ہے کہ زیتون کی کٹائی کے موسم میں آباد کاروں نے فلسطینیوں پر تشدد کیا۔ آباد کاروں کے حملے اکثر اسرائیلی فوجیوں کی حفاظت میں ہوتے ہیں جن میں اکثر زندہ گولی چلانا، زدوکوب کرنا، آتش زنی اور زیتون کے درخت اکھاڑ دینا حتیٰ کہ کسانوں کو ان کی زمینوں سے زبردستی بے دخل کر دینا بھی شامل ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے او سی ایچ اے کے مطابق 2025 میں مغربی کنارے میں آباد کاروں کے حملوں میں 3,200 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد کئی پابندیاں منسوخ کر دیں جو ان کے پیشرو جو بائیڈن نے اسرائیلی آباد کاروں پر عائد کی تھیں۔
نتھانیئل نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار نے کہا کہ وہ انہیں یا علاقے میں موجود امریکی شہریوں کو تحفظ فراہم کر سکنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔
Like this:
Like Loading...