Skip to content
“سیرتِ رسول ﷺ ہی وہ روشنی ہے جو اُمت کو منتشر راستوں سے نکال کر ایک منزل پر لا سکتی ہے۔” مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی
جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر نے کُرلا مقام پر کیا خطاب عام؛ بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے کی شرکت
ممبئی، 28 نومبر:جماعتِ اسلامی ہند ممبئی میٹرو اور مقام کُرلا کے زیرِ اہتمام "سیرت النبی ﷺ اور اتحادِ اُمت کانفرنس” پر خطاب عام نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ يه خطاب انجمن اسلام اسکول، CST روڈ پر منعقد کیا گیا تھا، جس میں علما، شعراء، نوجوانوں اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا، جس کے بعد شعرائے کرام جناب فیض گورکھپوری، جناب یاسر اعظمی، جناب ذوالفقار سعیدی، اور مولانا عبد اللہ ندیم فلاحی نے نعتیہ اور اصلاحی کلام پیش کیا۔
کانفرنس کا سب سے اہم اور مرکزی حصہ مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی کا صدارتی خطاب تھا، جو اپنی جامعیت اور بصیرت کے اعتبار سے سامعین پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔ مولانا نے کہا کہ موجودہ حالات میں اُمت کی سب سے بڑی ضرورت اتحاد، حکمت، صبر اور اعلیٰ اخلاق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیرتِ نبوی ﷺ اختلافات کو دور کرنے، اجتماعی قوت کو مضبوط کرنے اور معاشرے میں عدل و رحمت پھیلانے کا بہترین عملی نمونہ فراہم کرتی ہے۔ مولانا نے مرد و خواتین ،نوجوانوں کو علمی و اخلاقی تیاری، سماجی قیادت اور خدمتِ خلق کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی ترغیب دی۔
Post Views: 0
Like this:
Like Loading...