Skip to content
جناب محمد علی قاضی چیرمین کرناٹک اردو اکیڈیمی کی قیادت میں ایک (15) رکنی وفد کا صدر دفتر تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا دورہ
جناب طاہر بن حمدان صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے خیر مقدم کیا
حیدرآباد۔ 13 اگست (سرفراز نیوز ایجنسی)
جناب محمد علی قاضی چیرمین کرناٹک اردو اکیڈیمی کی قیادت میں ایک (15) رکنی وفد نے آج صدر دفتر تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا دورہ کیا جہاں جناب طاہر بن حمدان صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے اس وفد کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پرمنعقدہ اجلاس میں دونوں اکیڈمیوں کے صدور نے اردو زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے لیے دونوں ریاستوں کی طرف سے نافذ کیے جانے والے منصوبوں اور سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس اجلاس میں تلنگانہ، کرناٹک، آندھرا پردیش، تملناڈو، کیرالہ پر مشتمل فیڈریشن آف ساؤتھ انڈین اردو اکیڈمیز کے قیام پر باہمی طور پر اتفاق کیا گیا تاکہ جنوبی ہند کے نوجوان اور باصلاحیت اردو ادیبوں اور شاعروں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ ملے اور وہ قومی سطح پر بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرسکیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ دونوں اردو اکیڈمیوں کے درمیان آپس میں خیالات کا تبادلہ کرنے اور اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے موجودہ اسکیموں کو بہترین کارکردگی بنانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں جناب شیخ لیاقت حسین ڈائریکٹر/سیکرٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی اسکیموں کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کے شعبہ ابلاغ عامہ اور صحافت کے سربراہ پروفیسر احتشام احمد خان جو اس میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی موجود تھے، انھوں نے اردو صحافیوں کے لیے اورینٹیشن پروگرام کے انعقاد کے لیے تال میل بڑھانے کی پیشکش کی۔
کرناٹک اردو اکیڈیمی کے اراکین جناب محمد اعظم شاہد، جناب محمد شاہد خاجی، ڈاکٹر انیس صدیقی، جناب سید عابد اسلم، محترمہ سیدہ اختر خانم، جناب عبدالعظیم تنویر، جناب محمد امین الدین نواز، جناب شریف الدین موکاشی، ناطق علی پوری، ڈاکٹر معاذ الدین خان، رجسٹرار مسٹر ناگراج‘ انڈر سکریٹری، محکمہ اقلیتی بہبود اورفینانس ممبر اور دیگر عملہ موجود تھا۔ اس اجلاس میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے سپرنٹنڈنٹ مسٹر وی کرشنا اور اکیڈیمی کے دیگر عہدیدار و ارکان عملہ موجود تھے۔ کرناٹک اردو اکیڈیمی کے چیرمین اور رجسٹرار نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے صدرنشین اور افسران کو کرناٹک اردو اکیڈیمی کی کارکردگی اور سرگرمیوں کا مطالعہ کرنے کے لیے دورہ کرناٹک کی دعوت دی۔
Like this:
Like Loading...