Skip to content
Al Hilal Media.

Al Hilal Media.

Editor : Maqsood Yamani

Menu
  • اہم خبریں
  • قومی خبریں
  • بین الاقوامی
  • عالم عرب
  • مضامین
  • اسلامیات
  • حیدرآباد
  • کھیل و تفریح
  • مذہبی خبریں
  • ہمارے بارے میں
  • Advertisement
Menu
irans-attack-was-justified-if-necessary-action-will-be-taken-in-the-future-khamenei

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای محفوظ مقام پر منتقل: رپورٹ

Posted on 28-09-202428-09-2024 by Maqsood

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای محفوظ مقام پر منتقل: رپورٹ

تہران،۲۸؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )

اسرائیل کے حملے میں لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی مبینہ ہلاکت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایران کے دو مقامی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ خامنہ ای کو ایران میں ہی سخت سکیورٹی والی جگہ پر منتقل کیا گیا ہے۔رائٹرز ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حسن نصر اللہ کو ایک حملے میں ہلاک کیے جانے کے دعوے کے بعد ایران حزب اللہ سمیت دیگر جنگجو گروہوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔

اسرائیلی فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جمعے کو بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا تھا جس میں حسن نصراللہ اور حزب اللہ کی سدرن کمانڈ کے کمانڈر علی کرکی سمیت دیگر اہم رہنما مارے گئے۔ تاہم حزب اللہ نے اب تک اسرائیلی دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔اسرائیل کی تازہ ترین کارروائی کے بعد ایران میں بھی سکیورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سپریم لیڈر کو نشانہ بنائے جانے کے خدشے کے پیشِ نظر یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں کس مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس جولائی میں ایران کے دارالحکومت تہران میں فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔اسماعیل ہنیہ کو سرکاری مہمان خانے میں اُس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے بعد واپس مہمان خانے پہنچے تھے۔ اسرائیل نے تاحال سرکاری طور پر ہنیہ کے قتل کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔البتہ خامنہ ای نے حسن نصراللہ کی ہلاکت کے اسرائیلی فوج کے دعوے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام مسلمان لبنان کے عوام اور حزب اللہ کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔

اسرائیل کا حوالہ دیتے ہوئے خامنہ ای نے کہا کہ ‘ظالم’ حکومت کے خلاف لڑنے کے لیے آپ کے پاس جو وسائل ہیں ان سے حزب اللہ کی مدد کریں۔ایرانی سرکاری ٹی وی پر خامنہ ای کے جاری بیان کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی قسمت کا فیصلہ مزاحمتی قوتیں کریں گی اور حزب اللہ اس میں سب سے آگے ہے۔خامنہ ای کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب اسرائیل اور حزب اللہ کی درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق 720 سے زیادہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہیں۔اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے کئی اہم رہنما مارے گئے ہیں۔

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Cont: +91 99855 61218

اشتہارات

Like Us On Facebook

Facebook Pagelike Widget

مضمون نگار کے خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

©2025 Al Hilal Media. | Built using WordPress and Responsive Blogily theme by Superb