حزب اللہ کا سکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی موت کا سوگ، خامنہ ای سے تعزیت
لبنان28ستمبر( ایجنسیز)
حزب اللہ نے طویل خاموشی کے بعد سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کی موت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ "حسن نصراللہ 30 سال قیادت کے بعد اپنے ساتھیوں کی راہ پر روانہ ہوگئے۔”حزب اللہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تنظیم کی قیادت غزہ اور فلسطین کی حمایت اور لبنانی عوام کے دفاع کے لیے اسرائیل کے ساتھ جنگ جاری رکھے گی۔
حزب اللہ نے اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور لبنانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ حسن نصراللہ نے بیت المقدس کی راہ میں جان دینے کی اپنی سب سے عزیز خواہش کو پا لیا۔فلسطینی تنظیم حماس نے بھی حسن نصراللہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو خطے میں قاتلانہ حملوں کے مضمرات کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حسن نصر اللہ مارا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ حزب اللہ میں جنوبی محاذ کا کمانڈر علی کرکی اور دیگر کئی کمانڈر بھی نصر اللہ کے ساتھ ہلاک ہوئے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتسی ہیلفی نے باور کرایا ہے کہ حسن نصر اللہ کا خاتمہ اسرائیل کو حاصل قدرت اور صلاحیت کا اختتام نہیں ہے۔ہیلفی نے مزید کہا کہ اسرائیل کا پیغام سادہ ہے جس کا مفہوم ہے کہ "جو کوئی بھی اسرائیلی شہریوں کے لیے خطرہ بنے گا ہم جان لیں گے کہ اس تک کس طرح پہنچنا ہے”۔