Skip to content
ارتدادی فتنوں سے حفاظت کے لئے اہل سنت والجماعت کے عقائد سے واقف ہونا ضروری
ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ میں مولانا محمد عبدالقوی، مولانا ارشدعلی قاسمی دیگر علماء کے خطابات
حٰیدرآباد،،30ستمبر(پریس نوٹ )
مولانا حنیف خان صدر مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ قطب اللہ پور کے بموجب ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھراپردیش کے زیر نگرانی مسجد اقصیٰ، روڈا مستری نگر میں مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ قطب اللہ پور کے زیر انتظام ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ منعقد ہوا، اس موقع پر مختلف ارتدادی فتنوں سے متعلق علماء کرام کے تربیتی خطابات ہوئے، مولانا محمد عبدالقوی خازن مجلس تحفظ ختم نبوت نے پروگرام کی صدارت فرمائی اور اپنے صدارتی خطاب میں کہا: موجودہ دور میں مسلمانوں کو دین و ایمان سےمحروم کرنے کے لئے مختلف ارتدادی فتنے سرگرم ہیں، بالخصوص فتنہ قادیانیت، فتنہ شکیلیت، فتنہ گوہر شاہی، فتنہ انکار حدیث اور انجینئر علی مرزا وغیرہ اپنے باطل عقائد و نظریات کو فروغ دے کر عام مسلمانوں کو دین کے سچے اور صحیح راستہ سے بھٹکارہے ہیں، ان فتنوں سے محفوظ رہنے کے لئے مسلمانوں کو اہل سنت و الجماعت کے عقائد سے واقف ہونا ضروری ہے، تاکہ اُن کا ایمان سلامت رہے اور وہ صراطِ مستقیم پر گامزن رہ سکیں،
مولانا نے کہا: ہمیں اپنی دنیاوی مصروفیات کے ساتھ دین سیکھنے کے لئے مستقل وقت نکالنا چاہئے،صحابہ کرامؓ نبیﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر دین سیکھنے کے سلسلہ میں ایک دوسرے کی باری مقرر کرلیا کرتے تھے، تاکہ گھر بار کی ذمہ داریاں متاثر نہ ہوں اور دینی تعلیم سے بھی محرومی نہ رہے، مولانا نے کہا: حالات ایسے نہیں ہیں کہ ہم بے فکر اور لاپرواہ ہوکر زندگی گذاریں، ہم باخبر اور آگاہ رہیں، اس کے لئے ہمارے اندر دینی ،سماجی اور سیاسی شعور بیداری بہت ضروری ہے، مولانا محمد ارشد علی قاسمی (سیکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت) نے کہا: حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر رسول اللہ ﷺ تک تمام نبیوں پر ایمان لانے کو عقیدئہ رسالت کہتے ہیں اور رسول اللہ ﷺ کو نبی ماننے کے ساتھ آخری نبی تسلیم کرنا عقیدئہ ختم نبوت ہے،
مولانا نے کہا: آں حضرت ﷺ کے آخری نبی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اب آپ ﷺ نبوت و پیغمبری کے لئے لازمی صفات وخصوصیات کا حامل شخص پیدا نہیں ہوگا، اگر کوئی شخص اپنے مذہبی پیشوا کو نبی تو نہیں لیکن نبی کی طرح گناہوں سے معصوم سمجھتا ہے تو ایسا شخص بھی منکرِ ختم نبوت ہے ،مولانا سید احتشام نعیم عابد قاسمی نے کہا: ارتدادی فتنوں کے ماننے والوں کے عقائد موجباتِ کفر میں سے ہیں، یعنی یہ وہ باتیں ہیں جن کو قبول کرنے سے آدمی مسلمان باقی نہیں رہتا،مولانا موسیٰ خان ندوی نے کہا: جماعت المسلمین ایک گمراہ فرقہ ہے، مسلمان ان کے دھوکہ و فریب میں نہ آئیں،
مولانا مفتی عبدالمنعم فاروقی نے کہا : انجینئر علی مرزا اور جاوید احمد غامدی کے افکار وخیالات قرآن وحدیث کے خلاف ہیں اور اسلام کے بنیادی عقائد سے متصادم ہیں، مولانا مفتی عبدالقوی عمر حسامی نے کہا: یونس الگوہر فتنہ گوہر شاہی کا موجودہ سرغنہ ہے، یہ شخص تصوف نے نام پر مسلمانوں کو ایمان سے محروم کرنے کی سازش کررہا ہے، جب کہ صوفیاءکرام اوربزرگانِ دین نے واضح طور پر کہا: وہی تصوف معتبر ہے جو شریعت کے تابع ہوں، مولانا وجیہ الدین قاسمی نے کہا: احادیث میں قیامت کے قریب زمانہ میں حضرت مہدی کے ظہور ،حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان نازل ہونے اور کانا دجال کے نکلنے سے متعلق علامات وتفصیلات بہت واضح ہیں
یہ علامات شکیل بن حنیف کے بشمول کسی بھی مہدی اور عیسیٰ مسیح ہونے کے دعویدار پر صادق نہیں آتی، مولانا انصار اللہ قاسمی نے کہا: بیمار ہونے پر علاج و معالجہ کروانا نبی ﷺ کی سنت ہے اور آں حضرت ﷺ نے احادیث میں بار بار علاج کروانے سے متعلق ہدایات دی ہیں، فیاض بن یاسین، نامی شخص علاج سے منع کرتا ہے اور ایک نیا فتنہ کھڑا کردیا ہے، علاج اور دعاء سے متعلق اس شخص کے افکار و نظریات سراسر کفر یہ ہیں، قبل ازیں محمد فیض الدین متعلم مدرسہ نور الہدی کی تلاوت سے ورک شاپ کا آغاز ہوا، جناب حافظ بلال نے ہدیہ نعت پیش کی، مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ قطب اللہ پور کے جمیع ارکان و عہدیداران اور نوجوان کا رکنان نے انتظامات میں حصہ لیا، جناب عارف صاحب صدر انتظامی کمیٹی مسجد اقصیٰ اور دیگر ارکان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
Like this:
Like Loading...