ختم نبوت پر ایمان اور ناموس رسالت ؐ کا تحفظ ہر مسلمان کا ایمانی فریضہ.
جامع مسجد اشرفی گولکنڈہ میں تحفظ ختم نبوت کے اجلاس سے ترجمان اہل سنت مولانا عبدالقوی کا خطاب
حیدرآباد،8اکٹوبر(ایجنسیز)
اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفی ؐ کو نہ صرف نبی اور رسول بنایا بلکہ آپؐ کو خاتم النبین کے شرف سے مشرف فرما کر قیامت تک تمام انسانوں کی ہدایت کے لئے مکہ کی مقدس سر زمین پر مبعوث فرمایا ، اللہ تعالیٰ نے آپؐ پر نبوت ورسالت کے سلسلہ کو ختم فرما یا ،آپ ؐ کے بعد قیامت تک کوئی دوسرا نبی اور رسول آنے والا نہیں ہے، قرآن مجید کی بہت سی آیات اور بے شمار آحادیث رسولؐ ختم نبوت پر دلالت کر تی ہیں ،ختم نبوت پر ایمان اور ناموس رسالت کا تحفظ ہر صاحب ایمان کا ایمانی فریضہ ہے،ترجمان اہل سنت حضرت مولانا عبدالقوی صاحب شیخ الحدیث وناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد جامع مسجد اشرفی قلعہ گولکنڈہ میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹولی چوکی اور مجلس انتظامی جامع مسجد اشرفی کے تعاون سے ’’ عظمت مصطفی وتحفظ ختم نبوتؐ ‘‘ کے عظیم الشان اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار فرمایا،
اجلاس کا آغاز حافظ خواجہ نذیر الدین خان سبیلی استاذ دارالعلوم اشرفیہ کی قرأت کلام پاک سے ہواجبکہ کم سن نعت خواں خواجہ عفان الدین متعلم دارالعلوم اشرفیہ نے ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی،خطیب جامع مسجد اشرفی مفتی عبدالمنعم فاروقی قاسمی افتتاحی خطاب میں کہا کہ رسول اللہ ؐ کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار خصوصیات سے نوازا ہے ،ان میں سے اما الانبیاء ،رحمت للعالمین اور خاتم النبین آپؐ کی نمایاں خصوصیات ہیں ، مفتی فاروقی نے کہا کہ ختم نبوت کی حفاظت امت مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ،جنگ یمامہ میں صحابہؓ نے اپنی جانوں کو قربان کرکے قیامت تک پوری امت کو پیغام دیا کہ ختم نبوت ہماری جانوں سے زیادہ قیمتی ہے اس لئے اس کی حفاظت بھی جانوں سے زیادہ کرنے کی ضرورت ہے ،ختم نبوت کا تعلق ذات نبوت سے ہے اور اس کی حفاظت تعلیمات نبوت سے زیادہ ضروری ہے ،
ترجمان اہل سنت مولانا عبدالقوی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی کو عظیم عظمت ورفعت عطا کی ہے ،قرآن مجید آپؐ کی عظمت کا گواہ ہے،اس کے باوجود اگر کوئی ہمارے نبیؐ کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو گویا وہ سورج پر تھوکنے کی حماقت کررہا ہے جس کے ذریعہ وہ تھوک کر خود کو ذلیل وخوار کررہا ہے،زمانہ نبوت میں مکہ والے آپؐ کے شدید ترین دشمن ہونے کے باوجود آپؐ کے اخلاق واعلیٰ کردار کے معترف تھے ،وہ آپ ؐ کی دعوت توحید سے تو اختلاف رکھتے تھے مگر انہوں نے کبھی بھی آپؐ کے اخلاق وکردار پر انگلی نہیں اٹھائی ، آج جو بدبخت رسول اللہ ؐ کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں اگر چہ کہ یہ بھی آپ ؐ کی پاکیزہ اخلاق وکردار سے واقف ہیں مگر چند روپیوں کی خاطر ضمیر فروشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں،
مولانا نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ رسول اللہ ؐ کی سیرت کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان خود اپنے رسول ؐ کی مبارک سیرت سے ناوقف ہیں جس کی وجہ سے وہ غیروں کے اعتراض کا جواب دینے سے قاصر ہیں بلکہ اپنے اندر شبہات پیدا کرتے ہوئے ایمان کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں ،مولانا سے مزید کہا کہ مسلمان دین اور دینی احکام علماء سے حاصل کریں اور خود کو نئے نئے گمراہ فرقوں سے دور رکھیں،اجلاس میں حضرت مولانا سید مصباح الدین حسامی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت ٹولی چوکی اور حافظ عمر محی الدین فیضی سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت ٹولی چوکی مہمانان خصوصی کی حیثیت سے تشریف فرما تھے ،آخر میں صدر اجلاس کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ،مجلس انتظامی جامع مسجد اشرفی کی جانب سے حافظ خواجہ نذیر الدین خان سبیلی نے مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا ،اجلاس میں برادارن اسلام کی کثیر تعداد موجود تھی۔