جامعہ رحمانی کے فاضل مولانا محمد آصف علی رحمانی کی جامعہ ازہر مصر میں شاندار کامیابی

جامعہ رحمانی کے فاضل مولانا محمد آصف علی رحمانی کی جامعہ ازہر مصر میں شاندار کامیابی

جامعہ رحمانی کے فاضل مولانا محمد آصف علی رحمانی کی جامعہ ازہر مصر میں شاندار کامیابی

مونگیر (پریس ریلیز)1 ستمبر 2026 جامعہ رحمانی کے فاضل مولانا محمد آصف علی رحمانی نے جامعہ ازہر مصر کے عالمی ارتجالی خطابی مسابقہ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے عالمی سطح پر ٹاپ ٹین میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کی یہ کامیابی پورے ملک بالخصوص جامعہ رحمانی کے لیے باعثِ فخر اور اس کے علمی و تربیتی نظام کی ایک نمایاں مثال ہے۔

جامعہ ازہر، مصر میں مرکزِ تطویر کے زیر اہتمام پانچویں سیزن کے پروگرام ”مواهب وقدرات” کے تحت ”عطاءٌ یتجدّ” کے عنوان سے عالمی ارتجالی خطابی مسابقہ منعقد کیا گیا، جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے جامعہ ازہر میں زیر تعلیم طلبہ نے شرکت کی۔ مولانا محمد آصف علی رحمانی نے بھی اس مسابقہ میں حصہ لیا اور اپنی مؤثر، برجستہ اور پُراعتماد خطابت کے ذریعے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ ٹین میں تیسرا مقام حاصل کیا۔

واضح رہے کہ جامعہ ازہر میں ہر سال مرکزِ تطویر کے زیر اہتمام غیر ملکی طلبہ کی علمی، فکری، ادبی اور خطابی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مزید نکھارنے کے لیے مختلف پروگرام اور مسابقات منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ میں موجود تخلیقی، فنی اور علمی صلاحیتوں کو سامنے لانا اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ سال بھر جاری رہنے والی مختلف سرگرمیوں اور ابتدائی مراحل کے بعد سال کے اختتام میں بڑے پیمانے پر مسابقات منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں جامعہ ازہر میں زیر تعلیم دنیا کے مختلف ممالک کے طلبہ بھرپور ذوق و شوق کے ساتھ حصہ لیتے ہیں۔

اس سال بھی جامعہ ازہر میں زیر تعلیم 110 ممالک کے طلبہ نے ان مختلف مسابقات میں شرکت کی۔ ایسے عالمی سطح کے مقابلے میں دنیا بھر کے باصلاحیت طلبہ کے درمیان مقابلہ کرتے ہوئے مولانا محمد آصف علی رحمانی کا ٹاپ ٹین میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا نہ صرف ان کی ذاتی صلاحیت و محنت کا اعتراف ہے بلکہ جامعہ رحمانی کے لیے بھی ایک قابلِ فخر اور قابلِ تحسین کامیابی ہے۔ان خیالات کا اظہار جامعہ رحمانی کے شعبہ صحافت کے ایچ او ڈی جناب فضل رحمٰں رحمانی نے ایک پریس بیانیہ میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا محمد آصف علی رحمانی جامعہ رحمانی میں اپنے تعلیمی سالوں میں جامعہ رحمانی کے شعبۂ ابلاغ عامہ و صحافت سے وابستہ فکرو نظر ٹی وی کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں، جہاں وہ عربی نیوز بلیٹن کی ذمہ داری سنبھالتے اور عربی زبان میں خبر و تجزئے کی پیشکش کرتے تھے۔ اسی دوران ان کی علمی، لسانی، تحقیقی اور ابلاغی صلاحیتیں نمایاں ہوئیں۔ ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی اور ان کے لیے جامعہ ازہر، مصر میں داخلے کا انتظام کیا، جہاں وہ اپنی علمی استعداد کو مزید نکھار رہے ہیں۔

جامعہ رحمانی سے وابستہ اس باصلاحیت فاضل کی جامعہ ازہر جیسے عالمی ادارے میں نمایاں کامیابی جامعہ رحمانی کی علمی و لسانی تربیت کا مظہر ہے، جہاں طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عربی زبان، خطابت، صحافت، ابلاغ اور تحقیق کے میدانوں میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

مولانا محمد آصف علی رحمانی نے فکر و نظر ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ رحمانی نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں جامعہ ازہر بھیجا، اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ رحمانی کے شعبہ دارالحکمت میں حاصل ہونے والی عربی کی مضبوط بنیاد اور زبان پر گرفت جامعہ ازہر میں مطالعہ، تحریر اور تحقیق میں ان کے لیے مکمل معاون ثابت ہو رہی ہے، اور یہ کامیابی جامعہ رحمانی کے دیگر طلبہ کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہے۔

اس شاندار کامیابی پر امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم نے مولانا محمد آصف علی رحمانی کو مبارک باد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔ جامعہ رحمانی کے اساتذہ کرام اور غیر تدریسی عملے نے بھی ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مستقبل میں بھی علمی، فکری، خطابی اور ابلاغی میدان میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، ان کی صلاحیتوں کو امت اور ملک و ملت کے لیے نافع بنائے اور انہیں دینی و علمی خدمت کا خوب خوب موقعہ دے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے