اسد الدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کا اتحاد جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا

اسد الدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کا اتحاد جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا

اسد الدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کا اتحاد جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا

ازقلم: شیخ سلیم.ممبئی

اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اسد الدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کے ہاتھ ملانے سے ریاست کی سیاست میں ایک پیچیدہ "تیسری سیاسی قوت” سامنے لانے کی کوشش شروع ہو گئی ہے، اور وہ بھی ایسی ریاست میں جس کے نتیجے پر 2029 کے پارلیمانی انتخابات منحصر ہوں گے یعنی یہ ایک طرح سے سیمی فائنل میچ ہے۔ 2024 میں انڈیا اتحاد نے اتر پردیش میں بی جے پی کا کھیل بگاڑ دیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ 240 سیٹوں پر سمٹ گئی تھی۔ اب پھر سے اتر پردیش میں ایک خطرناک سیاسی داؤ پیچ کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ہر ایک سیٹ پر انڈیا اتحاد اور اتر پردیش میں اس کی شکست کے بیچ صرف پانچ سو سے دو ہزار ووٹوں کا فاصلہ کافی ہے۔ ایس آئی آر اپنا کام کر چکا ہے۔
جمعرات کو حیدرآباد کے رکن پارلیمان اویسی نے لکھنؤ میں نگینہ کے رکن پارلیمان چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی (ASP) کے ساتھ اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا اور آزاد کو اتحاد کا وزیر اعلیٰ کا چہرہ بھی قرار دیا۔ یہ بات بڑی عجیب سی ہے، اسے دیوانے کے خواب کے سوا اور کیا کہا جا سکتا ہے۔ فی الحال نہ مجلسِ اتحاد المسلمین کا اور نہ ہی چندر شیکھر آزاد کا ریاست بھر میں کوئی نیٹ ورک ہے، مگر چونکہ انڈیا اتحاد انہیں نظر انداز کر رہا تھا، اس لیے انہوں نے اپنا اتحاد بنا لیا۔ اب ہم سبھی جانتے ہیں کہ اس کا کیا نتیجہ ہوگا۔ ویسے بی جے پی کے ساتھ بھی اتر پردیش میں درجنوں پارٹیاں ہیں؛ وہ ہر چھوٹی بڑی پارٹی کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ سبھی سماج کے لوگ اُسکے ساتھ بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں ۔
ایک طرف سماج وادی پارٹی کی قیادت میں اپوزیشن (اویسی اور چندر شیکھر آزاد کے بغیر) گزشتہ ایک دہائی سے برسرِ اقتدار بی جے پی حکومت کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، تو دوسری طرف یہ نیا اتحاد مسلم اور دلت ووٹ کے ایک حصے میں سیندھ لگانا چاہتا ہے۔ اس سے اپوزیشن کا انتخابی حساب کتاب بگڑ سکتا ہے، کیونکہ اس کا انحصار بھی انہی دونوں طبقات پر ہے۔ ریاست کی آبادی میں مسلمان تقریباً 20 فیصد اور دلت تقریباً 21 فیصد ہیں۔ کئی سیٹوں پر اس اتحاد کا اثر براہِ راست پڑنے والا ہے اور اسے نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اسد الدین اویسی کئی مہینوں سے اپوزیشن اتحاد (انڈیا) میں جگہ مانگ رہے تھے اور سماج وادی پارٹی و کانگریس کو الٹی میٹم بھی دیے، مگر ان کی کوششوں کو کسی نے پذیرائی نہ بخشی۔ آخرکار انہوں نے آزاد کے ساتھ اپنا الگ راستہ چن لیا۔ قصہ مختصر، انڈیا اتحاد کے سامنے اب بڑے چیلنجز ہیں: انہیں ساتھ لینے پر "مسلم نوازی” کا داغ لگ جائے گا اور نہ لینے سے اقتدار میں آنا ناممکن ہے۔ فیصلہ شاید انڈیا اتحاد اور سماج وادی پارٹی کو کرنا ہے۔
ویسے اتر پردیش میں پچھلے دس سالوں کے حالات سے سبھی واقف ہیں پولیس انکاؤنٹر، بلڈوزر، ہزاروں گھروں اور دکانوں کی مسماری، مساجد کی مسماری، سیکڑوں افراد کی گرفتاری، اور اوپر سے ایس آئی آر میں ناموں کا کٹ جانا۔ سماج وادی پارٹی اور کانگریس حزبِ اختلاف کا کردار ادا نہیں کر سکیں، بس زبانی جمع خرچ کرتی رہیں۔ اب انڈیا اتحاد سیکولرازم کو بچانے کا کام تنِ تنہا بیس فیصد صرف مسلمانوں پر ڈال دینا چاہتا ہے یہ بڑی عجیب بات ہے۔ اتر پردیش کے لیے یہ بڑی آزمائش کا وقت ہے۔شاید دینی جماعتوں سول سوسائٹی اور سماجی کارکنان کو مل جل کر اُتر پردیش کی مجموعی صورت حال پر لگاتار غور و خوض اور عملی اقدامات اٹھائے کی ضرورت ہے۔ مسلم جماعتوں کو انڈیا اتحاد سے دو ٹوک بات کرنے کی ضرورت ہے ۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے