امریکہ کے اسرائیل اور فلسطین سے بدلتے رشتے

امریکہ کے اسرائیل اور فلسطین سے بدلتے رشتے

امریکہ کے اسرائیل اور فلسطین سے بدلتے رشتے

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

اسرائیل کا وجود چونکہ امریکہ کی مدد اور حمایت پر منحصر ہے اس لیے اس یو ایس اے کی 51؍وین ناجائز ریاست بھی کہا جاتا ہے۔ اس بار نیتن یاہو کی حکومت سازی میں ناکامی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ شخص امریکہ وہ دیگر مغربی ممالک حلیفوں کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کو نہ صرف بہتر بنانے میں ناکام رہا بلکہ بگاڑ کا سبب بن گیا۔ اس حقیقت کا برملا اظہار اپوزیشن اتحاد میں شامل سب سے زیادہ بائیں بازو کی جماعت کے سربراہ یائر گولان نےکیا۔ وہ بولے : "نیتن یاہو اور بین گویر کا اقتدار میں رہنا اسرائیل کو بین الاقوامی پابندیوں، عالمی تنہائی اور امریکہ کے ساتھ تصادم کی راہ پر لے جا سکتا ہے جو ہمارا دوست اور اہم ترین اتحادی ہے۔” یہ بات بظاہر عجیب ہے کیونکہ صدر ٹرمپ کے ساتھ نیتن یاہو کےنہایت قریبی تعلقات ہیں اور انہوں نے اسرائیلی عوام سے نیتن یاہو کو کامیاب کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔ یہ حسنِ اتفاق ہے کہ نیتن یاہو کی مانند خود صدر ٹرمپ بھی وسط مدتی انتخاب میں اوندھے منہ گر گئے۔ اس کے بعد اسرائیل کے اپوزیشن قانون سازوں نے کہنا شروع کردیا کہ امریکہ میں منعقد ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی ریپبلکن پارٹی پر فتح نے نیتن یاہو کو ہٹانے کی ضرورت مزید نمایاں کردیا ہے۔

نیتن یاہو کے "وسیع قومی حکومت” قائم کرنے کی کوشش میں ناکامی کی ایک وجہ امریکی انتخاب میں ٹرمپ کی ناکامی ہے۔ یاہو کا مسئلہ یہ ہے کہ اگر اس کو وسیع قومی حکومت کی سربراہی کا موقع نہیں ملے تو بدعنوانی کے الزامات میں اپنے عہدے سے معزولی کے بعد جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔ اسرائیلی صدر کا جھکاو پہلے ممکنہ اتحادی حکومت کی جانب تھا مگر چونکہ آئزن کوٹ اور ان کے اتحادیوں نے اس امکان کو مسترد کر دیا اس لیےنیتن یاہو کی خود کو جیل جانے سے بچانے کی آخری کوشش بھی ناکام ہوگئی۔ بالآخر اسرائیلی صدر نے سابق آرمی چیف اور اپوزیشن رہنما گاڈی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی ۔ ابھی تک کی سیاسی پیش رفت یہ ہے کہ اسرائیل کی 120 رکنی نئی پارلیمنٹ (26ویں کنیسٹ) کے اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے۔ اس کے علاوہ اہم پارلیمانی عہدوں پر بھی اتفاق ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئزن کوٹ نے اتحادی رہنماؤں (نفتالی بینیٹ، یائیر لاپید، اور اویگدور لیبرمین) کے ساتھ مل کر پارلیمنٹ کے اہم عہدوں کی تقسیم طے کر دی ہے۔ اس معاہدے کے تحت متان کہانا کو کنیسٹ کا نیا اسپیکر اور اویگدور لیبرمین کو خارجہ و دفاعی امور کی کمیٹی کا سربراہ نامزد کیاجاچکا ہے۔اب پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعدآئزن کوٹ کی باقاعدہ حلف برداری اور نیتن یاہو کی جیل کا راستہ صاف ہوجائے گا۔

امریکہ اور اسرائیل کے درمیان چونکہ باپ بیٹے کا رشتہ ہے اس لیے اسرائیلی انتخابات پر امریکہ کے اثرات مرتب ہونے چاہییں لیکن الٹا ہوتا ہے۔ اسرائیل یا فلسطین کے تئیں امریکی صدر کا رویہ اس کے انتخابی نتائج کو متاثر کرتا ہے۔ دوسال قبل ٹرمپ اور کمل ہیرس کے درمیان مقابلے میں بھی اس کے اثرات نظر آئے اور اس بار وسط مدتی انتخاب میں اسے دیکھا گیا۔ گزشتہ انتخابی مہم میں ٹرمپ کا نعرہ ’ماگا( میک امریکہ گریٹ اگین)‘ تھا۔ٹرمپ نے اس نعرسے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ وہ دیگر ممالک کے اندر اپنے وسائل کو صرف کرنے کے بجائے امریکہ کی معاشی حالت پر توجہ دیں گے ۔ اس سے فلسطین کے حامیوں کو یہ پیغام ملا کہ غزہ کی جنگ میں ٹرمپ اسرائیل کی پشت پناہی نہیں کریں گے۔ اس کےعلاوہ ٹرمپ نے عرب رائے دہندگان کے ساتھ رابطے استوار کرنے پر خصوصی توجہ دی تھی ۔ اس کے برعکس کملا ہیرس نے نہ صرف نیتن یاہو کی مکمل حمایت کی بلکہ آگے بڑھ کر یہودیوں کی ناز برداری کے لیے اسرائیل کو بھیجے جانے والے اسلحہ پر دستخط کرتے ہوئے تصویر کھنچوا کرذرائع ابلاغ میں نشر کردی۔ روایتی طور پر ڈیموکریٹس کو فلسطین کا حامی اور صہیونیت مخالف سمجھا جاتا ہے مگرکملا کی اس حماقت نے سارے کیے کرائے پر پانی پھیر کر ان کی شکست میں نہایت اہم کردار ادا کیا ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگر بدعہدی نہ کرتے۔ دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے کے بجائےاندروں ملک معاشی مسائل کو حل کرنے پر توجہ دیتے تو انہیں دو سال کے اندر ایسی کراری ہار کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

ڈیموکریٹس نے اپنی سابقہ غلطی کا کفارہ ادا کرتے ہوئے اس بار غزہ جنگ سے ہونے والی تباہی پر شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے اسرائیل کے حوالے سے سخت مؤقف اپنانے کا عزم ظاہر کیا ۔ نیتن یاہو کی شکست سے ہوا کے رخ میں تبدیلی دیکھ کر ووٹنگ کے دوران ٹرمپ نے اعلان کردیا کہ انہوں نے نیتن یاہو سے اس بات پر اتفاق کیا ہےکہ اسرائیل کو ملنے والی تقریباً چار ارب ڈالر کی سالانہ امریکی فوجی امداد کو رواں سال کے اختتام تک ختم کر دیا جائے۔ یہ بات اگر ٹرمپ کے بجائے نیتن یاہو کہتا تب تو اس کی کوئی اہمیت ہوتی کیونکہ وہ لینے والا ہے مگر دینے والےامریکہ کا یہ فرمان مضحکہ خیز ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان بہت تاخیر سے آیا اور اس وقت تک چڑیا کھیت چگ چکی تھی۔ ٹرمپ اس کا کوئی سیاسی فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ ریپبلکن کے برخلاف ڈیموکریٹس نے اس بار زیادہ سوجھ بوجھ سے کام لیتے ہوئے اپنی انتخابی مہم چلائی ۔ نیو یارک سے کانگریس کے ڈیموکریٹک امیدوار ریڈ لینڈر اپنی جماعت کے بائیں بازو سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے رائے شماری سے چند دن پہلے فلسطین میں مغربی کنارے کا سفر کرکے اس کو اپنی انتخابی مہم میں بڑی خوبی سے استعمال کیا۔

انھوں نے زیتون کی فصل کاٹنے میں فلسطینیوں کی مدد کی اور اس جرم میں مختصر وقت کے لیے اسرائیلی فورسز کی حراست میں بھی رہے۔ اس بات کو انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنی تشہیر میں استعمال کیا۔
امریکی سیاست کی تاریخ میں اس غیر معمولی واقعہ پر خود نیتن یاہو یہ کہنے پر مجبور ہوگیا تھا کہ مستقبل میں اسرائیل کو شاید امریکی سکیورٹی کے بغیر رہنا پڑے گا۔ماہرین کے مطابق ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی کامیابی اسرائیلی ریاست پر دباؤ بڑھانے اور اس کے لیے امریکی حمایت کے بعض ذرائع کو محدود کرنے کا ایک راستہ ضرور کھولتی ہے، لیکن واشنگٹن کےفوری طور پر فلسطینیوں کے ساتھ انصاف کرنے یا قبضہ ختم کروانے کی پالیسی کی طرف منتقل ہو نے میں وقت لگے گا۔فلسطین کے حوالے سے ڈیموکریٹس آپس میں منقسم ہیں اس لیے ان کو متحدہ اکائی سمجھنا درست نہیں ہے ۔ ڈیمو کریٹس کا انتخابی نشان گدھا ہے اور اس سے متاثر لوگوں کے اندر حکومت کی پالیسیوں پر اعتراض کرتے ہوئے اسرائیلی ریاست کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کا مزاج ہے ۔ اس رجحان کے علاوہ ایسے لوگ بھی موجود ہیں ے جو انسانی حقوق کے احترام کے ساتھ اسرائیلی امداد کو مشروط کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ ایک اور دھڑا ہتھیاروں کی فر اہمی پر وسیع تر پابندیوں پر زور دیتا ہے۔یہ دراصل ماحول میں مثبت تبدیلی کاا شارہ ہے۔

مارچ سنہ 2026ء میں پیو ریسرچ سینٹر کے سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ 80 فیصد ڈیموکریٹس اور ان کی طرف مائل آزاد امیدواراسرائیل کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں، جبکہ گذشتہ سال یہ شرح 69 فیصد تھی۔ یہ نتیجہ اسرائیل کے تاثر سے متعلق ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہی تناسب کسی مخصوص اقدام جیسے کہ ہتھیاروں کی فراہمی روکنے یا پابندیاں عائد کرنے کی حمایت کرتا ہے۔خوش آئند بات یہ ہے کہ مذکورہ تبدیلی اب سروے سے آگے بڑھ کر ووٹنگ تک پہنچ گئی ہے۔ امسال 15 اپریل( سنہ 2026ء) کو سینیٹ کے 40؍ اراکین نے اسرائیل کو فوجی سامان کی فروخت پر اعتراض کی تجویز پیش کرنے کے بعد اس کی حمایت کی تھی ، جبکہ 59 نے مخالفت کی اور 36 اراکین نے بموں سے متعلق ایک ایسے ہی اقدام کی حمایت کی۔ اگرچہ دونوں کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں، لیکن انہوں نے انتخابات سے پہلے ادارہ جاتی اعتراض کی وسعت کو بے نقاب کر دیا تھا۔

اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ڈیمو کریٹس کی حالیہ فتح اس اعتراض کو زیادہ مضبوط بناتی ہے، لیکن یہ فیصلہ نہیں کرتی کہ انہیں کیسے استعمال کیا جائے۔ اب آگے کی لڑائی ڈیموکریٹک اکثریت کے اندر ہوگی ۔ یہ سوال زیر بحث آئے گاکہ آیا وہ اسےاسرائیل پر لگام لگا کرٹرمپ کو شرمندہ کرنے کا ایک ذریعہ بنائیں گے، یا اس کی حمایت کو محدود کرنے کے لیے اس وقت بھی تیار ہوں گے جب یہ تصادم سیاسی طور پر مہنگا ثابت ہو؟ طوفان الاقصیٰ کے حوصلے اور اس کو کچلنے کی خاطر اسرائیلی سفاکیت نے امریکہ کے اندرقابض ریاست کی حمایت میں شدید کمی کی ہے۔ نوجوان نسل اب اسرائیل کو نہایت غیر مہذب ،نسل پرست اور قتل عام کا مجرم سمجھنے لگی ہے۔ اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ امریکہ اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی یعنی ایپک نے مشی گن کے ابتدائی انتخابات میں السیدکے مد مقابل حالی سٹیونز کی حمایت کے لیے 32 ملین ڈالر کے فنڈز خرچ کیےلیکن اس قسم کی سیاسی سرمایہ کاری کے باوجود السید کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہوئے جبکہ مشی گن میں دس ہزار یہودی ووٹرس ہیں۔ اس طرح یہ خیال بھی خام ثابت ہوا کہ یہودی سرمایہ دار اپنی دولت کی مدد سے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے