عن ابی برزۃ الأسلمی ؓ قال : قال رسول اللہﷺ: لاتزول قدما عبدٍیوم القیامۃ حتی یسأل عن عمرہ فیما افناہ،وعن علمہ فیم فعل،وعن مالہ من این اکتسبہ ،وفی ما انفقہ ،وعن جسمہ فیم ابلاہ( روای الترمذی :۲۴۱۷ )’’قیامت کے دن رب کائنات کی عدالت سے آدمی اس وقت تک ہٹ نہیں سکے گا جب تک اس سے پانچ باتوں کے بارے میں حساب نہیں لے لیا جائے گا ،اس سے پوچھا جائے گا کہ عمر کن مشاغل میں گزاری؟دین کا علم حاصل کیا تو اس پر کتنا عمل کیا؟مال کن ذرائع سے حاصل کیا؟حاصل کردہ مال کس طرح خرچ کیا؟جسم کو کس کام میں لگایا؟‘‘،حدیث مبارکہ میں قیامت کے دن ابن آدم سے جن پانچ چیزوں کے بارے میں سوال کیا جائے گا ان میں سے ایک زندگی اور عمر عزیز ہے ،اللہ تعالیٰ نے انسان کو عمر نایاب کی شکل میں جو عظیم نعمت دی ہے وہ بے حد قیمتی ،بیش قیمت بلکہ لاقیمت ہے ،اس کا صحیح استعمال انسان کو دنیا میں کامیاب اور آخرت میں فلاح یاب بنادیتا ہے اور اس کے غلط استعمال سے انسان دنیا میں نقصان اور آخرت میں نقصان اُٹھانے والوں میں شامل ہوجاتا ہے ، انسان کی عمر عزیز کی ہر ساعت پر غور کیا جائے تو سمجھ میں آتا ہے کہ یہی اس کا قیمتی سرمایہ ہے جس کے ذریعہ وہ دنیا وآخرت کے منافع عظیمہ اور سرمایہ کثیرہ حاصل کر سکتا ہے اور عمر کے اوقات اگر برے اور غلط کاموں میں لگا دئیے تو یہی اس کے لئے دنیا میں وبال جان اور آخرت میں حسرت ویاس کا سبب بن جاتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی مرضیات میں لگانا درحقیقت وقت کا صحیح استعمال ہے اور نفع ِ کثیرہ کا ضامن ہے اور اس کی مرضی کے خلاف اور اپنی مرضی کے مطابق گزار نا نقصان وتباہی کا باعث ہے ،قیامت کے دن اس سے ایک ایک لمحہ کے متعلق پوچھا جائے گا اور درست جواب نہ دینے پر اس کی سخت پکڑ ہوگی اور اس وقت اسے عمر کے گنوانے پر بدترین رسوائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔
قیامت کے ابن آدم سے دوسرا سوال پوچھا جائے گا کہ علم دین پر عمل کتنا کیا، علم دین جو اللہ تعالیٰ کی مرضی معلوم کرنے کا نہایت اہم ترین ذریعہ ہے اس کے متعلق پوچھا جائے گا کہ تونے اس پر کتنا عمل کیا ، بعض علماء ؒ فرماتے ہیں کہ یہاں علم دین کے حاصل کرنے کا ذکر نہیں ہے بلکہ عمل علم کا تذکرہ کیا گیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مرضیات اور اس کی منہیات کا علم تو زندگی گزار نے کے لئے ضروری ہے ،یہ تو اسے حاصل کرنا ہی ہوگا اس کے بغیر زندگی کا سفر بے معنی اور بے مقصد کہلائے گا ،اسی وجہ سے ایک حدیث میں رسول اللہ ؐ نے بقدر ضرورت علم دین کے حاصل کرنے کو فرض قرار دیا ہے، یہاںاس حدیث میں عمل کے متعلق سوال ہوگا کہ جو کچھ علم حاصل کیا تھا اس کے مطابق کتنا عمل کیا ،کیونکہ علم کا مقصد اصلی عمل ہے اس کے بغیر صرف تنہا علم انسان کو کامیابی کی منزل تک نہیں پہنچا سکتا ہے ،عمل کے بغیر صرف علم پر اکتفا کرنے والے کی مثال اس شخص کی طرح ہے جس کے لئے سفر ناگزیر ہوگیا ہو ،اس کے ہاتھ میں مشعل بھی ہے جو اسے راستہ دکھانے میں اس کی مدد گار ہے اور جو اس کے ساتھ ہوں گے وہ بھی اس کی روشنی میں منزل تک پہنچ جائیں گے لیکن وہ تو مشعل ہاتھ میں لئے یوں ہی کھڑا ہے اور مشعل کی روشنی سے نہ خود فائدہ اٹھا تا ہے اور نہ ہی دوسروں کو مستفید ہونے کا موقع دیتا ہے،قیامت میں جہاں بے علم سے حصول علم دین کا سوال ہوگا وہیں اہل علم سے عمل علم کا سوال کیا جائے گا،بڑے بڑے علم رکھنے والے محض بے عملی کی وجہ سے جہنم رسید کر دئیے جائیں گے ، علم دین وہ وسیلہ ہے جو قدم قدم پر آدمی کی رہنمائی کرتا ہے اور حقیقی مقصد زندگی سے اسے آگاہ کرتا رہتا ہے ،یہ وہ سواری ہے جس سے انسان کے لئے منزل مقصود تک پہنچنا آسان ہوجاتا ہے اور اس کی رہنمائی سے وہ اس عظیم کا میابی کو حاصل کر لیتا ہے جس کے بعد پھر کبھی ناکامی نہیں ہے ۔
قیامت میں ابن آدم سے تیسرا سوال ہوگا کہ مال کن ذرائع سے کمایا اور چوتھا سوال ہوگا کہ کمایا ہوا مال کہاں خرچ کیا،یہ بھی اہم ترین سوال ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مال کے کمانے اور اس کے خرچ کرنے دونوں میں انسان اللہ تعالیٰ کی مرضی اور اس کے حکم کا پابند ہے،دنیوی زندگی گزار نے کا مدار حصول مال پر موقوف ہے اور ضروریات زندگی کے لئے مال کا ہونا نہایت ضروری ہے ،اس کے بغیر زندگی کا سفر ایک پہیلی بن کر رہ جاتا ہے ،جو لوگ حصول روزی سے بے فکر ہوکر زندگی گزار تے ہیں ان کی زندگی سوالی بن کر رہ جاتی ہے ، قدم قدم پر ہاتھ پھیلاکر ذلیل ورسوا ہوتے ہیں اور اپنے گلے کو ذلت کے طوق سے جکڑ تے رہتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ ؐ نے سوال کو ذلت سے تعبیر فرمایا ہے اور گدا گری کو ناپسند قرار دیا ہے ، صحت وتندرستی اور عقل وفہم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم نعمت ہے جس کے ذریعہ آدمی مال ودولت حاصل کر سکتا ہے اور اپنے تجوریوں کو روپیے پیسے سے بھر سکتا ہے لیکن حصول زر کے لئے اسے وہی راستہ کا پابند بنایا گیا ہے جو شریعت کے ذریعہ اسے بتایا گیا ہے ، رسول اللہ ؐ نے حصول مال کے جائز وناجائز راستوں کی نہایت وضاحت کے ساتھ پہنچان کرائی ہے اور حلال وجائز کمائی کی ترغیب دی ہے اور حرام وناجائز کمائی کے حاصل کرنے سے روکا ہے ، ایک حدیث میں رسول اللہ ؐ نے حلال روزی کو دیگر فرائض کی طرح فرض بتاتے ہوئے ارشاد فرمایاکہ حلال روزی حاصل کرنے کی فکر کرو کیونکہ دیگر فرائض کی طرح یہ بھی ایک فرض ہے(شعب الایمان:۸۳۶۷) ،اسی طرح حرام کمائی جو بدترین قسم کا جرم ہے ، اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب ہے اور دیگر اعمال صالحہ کے ضیاع کا سبب ہے ،رسول اللہ ؐ نے حرام کمائی سے پلے بڑھے جسم کو جہنم کا مستحق بتاتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ وہ گوشت اور وہ جسم جنت میں نہ جائے گا جس کی نشو نما حرام مال سے ہوئی ہو،اور ہر ایسا گوشت اور جسم جو حرام مال سے پلا بڑھا ہے دوزخ اس کی زیادہ مستحق ہے(ابن حبان:۵۵۶۷)،قیامت میں جہاں مال کمانے کے متعلق سوال کیا جائے گا وہیں اس کے خرچ کئے جانے کے متعلق بھی سوال ہوگا ،ضرورت مندوں پر خرچ پر اجر وثواب سے نوازا جائے گا اور خواہشات نفس اور لہو لعب پر خرچ کی گئی دولت پر سخت باز پرس ہوگی ۔
قیامت کے دن ابن آدم سے پانچواں سوال ہو گا کہ جسم اور اس کی توانائی کو کس کام میں لگا کر گھلایا ،کیونکہ صحت وتندرستی اور قوت وتوانائی بھی اللہ تعالیٰ کی ان عظیم الشان نعمتوں میں سے ایک ہے جس کا بدل پوری دنیا بھی بن نہیں سکتی ،بچپن کے بعد ایک لمبی مدت تک جوانی کی عمر جس کے صحیح استعمال سے آدمی اونچے اونچے مقامات اور بلند ترین چوٹیاں سر کر لیتا ہے،اگر اس نے اسے دنیا کے پیچھے لگایا تو امیر ترین ،مالدار اور منصبدار کہلاتا ہے اور اگر اس کو عبادت ، اطاعت اور ریاضت میں لگاتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کا دوست بن جاتا ہے، اسی لئے کہتے ہیں کہ جوانی کا ایک سجدہ بڑھاپے کی ساری رات کی عبادت سے افضل ہے ،عقلمند جسم کی توانائی کو لہو لعب اور بے فضول کاموں میں برباد نہیں کرتے بلکہ اللہ تعالیٰ کی عبادت واطاعت اور اس کی یاد ودھیان میں گزار دیتے ہیں ،اس طرح سے وہ اپنے جسم اور اس کی طاقت کو گھلا کر جسم کا حق ادا کرتے رہتے ہیں ،در حقیقت یہی سچے معنوں میںجسم کا حق ادا کرنے والے ہیں ،قیامت میں جب ان سے جسم کی بابت پوچھا جائے گا تو ان کا ہر عضو گواہی دے گا کہ اللہ تعالیٰ کی مرضیات پر چلتے ہوئے انہوں نے جسم کی تمام تر توانائی گھلادی ہے ،اس پر انہیں وہ اجر دیا جائے گا جسے دیکھ کر بعض لوگ افسوس کریں گے تو بعض رشک کریں گے ،اس جامع ترین حدیث مبارکہ میں رسول اللہ ؐ نے شاہراہ کامیابی کے بے مثال گر بتادئیے ہیں اور ان اہم سوالوں کا ذکر کیا ہے جس کی تیاری کر کے انسان قیامت کے امتحان میں کامیاب اور اللہ تعالیٰ کی نظر میں قابل قدر بن سکتا ہے ،بلکہ جو شخص ان پانچ باتوں کا لحاظ کرتے ہوئے زندگی گزارے گا وہ کبھی ناکام ونامراد نہیں ہوگا ،گویا اس حدیث میں کا میاب زندگی کے جامع اصول بتا ئے گئے ہیں جو اس کے مطابق زندگی گزارتا رہے گا وہ کامیابی کی منزل کو سر کرتا جائے گا ،کیونکہ اس میں کامیاب آدمی کی پہنچان بتائی گئی ہے کہ وہ عمر عزیز کی اس طرح قدر دانی کرتا ہے جس طرح سحرا میں پیاسا پانی کے ایک ایک بوند کی حفاظت کرتا ہے ،کامیاب شخص علم دین کی رہنمائی میں اپنی زندگی کے سفر کو اس طرح طے کرتا ہے جس طرح ایک بادبانی کشتی میں سوار مسافر محض ہوا پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی کشتی کو سمندر کے حوالے کر دیتا ہے اور وہ جانتا ہے یہی ہوا اسے منزل مطلوب تک پہنچا ئے گی ، کامیاب آدمی جائز اور حلال مال کو اپنی عزت کی طرح عزیز سمجھتا ہے اسی لئے اس کے حاصل کرنے میں کوئی ایسا عمل اختیار نہیں کرتا کہ جس سے اس کی عزت پر آنچ آتی ہو کیونکہ وہ جانتا ہے بے عزتی کی لمبی عمر سے عزت کے چند لمحات بہتر ہیں اسی طرح دھوکہ ،فریب اور ناجائز دولت کے انبار سے عزت کی چند سکے بہتر ہیں ،کیونکہ عزت کے سکے ماچس کی تلی ہیں جو کسی کا چولہا سلگا کر بھوکے کی بھوک مٹا سکتے ہیں بر خلاف حرام مال یہ وہ سوراخ دار کشتی ہے جو مالداروں کو مال سمیت لے ڈبوتی ہے ،کامیاب شخص کا حاصل کیا ہوا مال بادل بن کر چٹیل میدانوں پر نہیں برستا جس کا حاصل کچھ نہیں بلکہ وہ تو پانی مشکیزہ بن کر ضرورت مندوں کی رگیں ترکرتا ہے اور پیاس کے ماروں میں زندگی کی رمق چھوڑ تا جاتا ہے،اور کامیاب آدمی اپنی تندرستی کو حکم ربی پر ایسے قربان کر تا ہے جیسے حنا گھس کر ہاتھوں کو رنگین ، دلوں کو مسرور اور ماحول کو خوشگوار بنادیتی ہے،کاش مسلمان اس حدیث شریف کو اپنے دامن سے باندھ لیتے ،راہ زندگی کے لئے مشعل بنالیتے اور اس کے مطابق زندگی گزار کر دنیا میں سر خرو اور آخرت کے امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ۔