آبی بحران اور اساتذہ کا کردار
(ریاست مہاراشٹرا کے اساتذہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا منصوبہ)
ازقلم:محمد عبد اللہ جاوید
(9845547336)
مہاراشٹرا میں 2026ء کا مانسون مجموعی طور پر کمزور رہا، جس کے نتیجے میں ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی. ہندوستان کے محکمۂ موسمیات اور روزنامہ انڈین ایکسپریس کی 3 اکتوبر 2026ء کی رپورٹ کے مطابق جون تا ستمبر 2026 کے دوران ریاست میں 994.5 ملی میٹر معمول کی بارش کے مقابلے میں صرف 804.4 ملی میٹر بارش ہوئی ہے. یعنی مجموعی طور پر 19 فیصد کی کمی رہی۔ اس کمی کی شدت مراٹھواڑہ میں 39 فیصد اور ودربھ میں 27 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ کوکن و گوا میں 15 فیصد اور مغربی مہاراشٹرا (پونے ڈویژن) میں 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کی اس قلت کے نتیجہ میں زرعی پیداوار میں کمی، فصلوں کی تباہی، مویشیوں کے لیے چارے اور پانی کی قلت، زیر زمین آبی ذخائر کی سطح میں گراوٹ، پینے کے پانی کے بحران اور دیہی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں کی آمدنی میں کمی، قرضوں کا بوجھ، غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ، دیہی علاقوں سے روزگار کی تلاش میں نقل مکانی اور بچوں کی تعلیم و صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ اگر بارش کی کمی کے اثرات کو بروقت سمجھتے ہوئے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورت حال محض ایک زرعی مسئلہ نہیں رہے گی بلکہ ایک وسیع تر معاشی، سماجی اور ماحولیاتی بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
اس تشویشناک صورتحال کے پیش نظر، 8 نومبر کو خلدآباد میں آئیٹا ریاست مہاراشٹرا کے منتخب اساتذہ کے ایک اجلاس میں بارش کی کمی، خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خدشات اور پانی کے ممکنہ بحران کے تناظر میں اساتذہ کی ذمہ داریوں اور ان کے مؤثر کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ اساتذہ کا کردار محض طلبہ کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل سے متعلق معلومات فراہم کرنے تک ہی محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں مقامی سطح پر ماحولیاتی شعور، سائنسی تحقیق اور عملی تبدیلیوں کا ذریعہ بننے کی شعوری کوشش کرنی چاہیے۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ چار اہم محاذوں پر کام کرسکتے ہیں:
1) پانی کے استعمال کا شعور (Water Literacy): طلبہ اور والدین کو پانی کی اہمیت، اس کے محتاط استعمال اور گھروں و اسکولوں میں پانی کے ضیاع کی روک تھام سے آگاہ کرنا اور عملی طور پر پانی کی بچت کی عادت پیدا کرنا۔
2) مقامی مسائل پر تحقیق ( Research on Local Issues): طلبہ کو اپنے علاقے میں زیرِ زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح، کنوؤں اور بورویل کی صورت حال، تالابوں اور جھیلوں کی موجودہ حالت، بارش کے پانی کے ضیاع اور مقامی سطح پر پانی کے استعمال جیسے موضوعات پر مشاہدے اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا۔
3) بارش کے پانی کا تحفظ (Rainwater Harvesting): اسکولوں اور گھروں کی چھتوں سے بارش کا پانی جمع کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے طریقوں سے طلبہ کو واقف کرانا اور اس ضمن میں عملی نمونے تیار کروانا۔
4) سماجی بیداری (Social Awareness): طلبہ، والدین اور مقامی افراد کے درمیان پانی کے تحفظ سے متعلق بیداری پیدا کرنا، گھروں میں پانی کے استعمال کا جائزہ لینا اور گرام پنچایتوں و بلدیاتی اداروں کے اشتراک سے بیدارئ شعور سے متعلق مہمات اور عملی سرگرمیوں کا انعقاد کرنا۔
ان سرگرمیوں کو منظم اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ’’پانی کی ہر بوند اہم‘‘ (Every Drop Matters) — آج کی تحقیق، کل کا تحفظ (Research Today, Conserve Tomorrow) کے عنوان سے ایک خصوصی مہم شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جس کا مرکزی موضوع ہوگا: اسکولی سطح پر تحقیق کے ذریعے پانی کا تحفظ (Water Conservation through School-Based Research)۔ اس مہم کے تحت ہر اسکول اپنے علاقے کے کسی ایک اہم آبی مسئلہ کا انتخاب کرے. طلبہ کی ایک تحقیقی ٹیم تشکیل دے. 15 تا 30 دنوں تک باقاعدہ مشاہدات اور اعداد و شمار جمع کرے. حاصل شدہ نتائج کا تجزیہ کرکے ایک قابل عمل لائحہ عمل مرتب کرے اور اپنی تحقیق متعلقہ سرکاری عہدیداروں اور مقامی اداروں کے سامنے پیش کرے۔ اس طرح طلبہ محض مسائل سے واقف نہیں ہوں گے بلکہ ان کے حل کی تلاش میں بھی شریک ہوں گے۔
درحقیقت اساتذہ کا اصل کردار یہی ہے کہ وہ قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل کو محض نصابی موضوعات اور کتابی معلومات تک محدود رہنے نہ دیں بلکہ انہیں طلبہ کی تحقیق، سائنسی فکر، معاشرتی ذمہ داری اور ٹھوس عملی اقدامات کا ذریعہ بنائیں۔ اس طرح اسکول اپنے حقیقی تعلیمی کردار کو مزید وسعت دیتے ہوئے مقامی مسائل کے حل اور معاشرے میں محسوس تبدیلیوں کا مرکز و محور بن سکتے ہیں۔
اس مجوزہ خاکہ پر عمل درآمد ان ریاستوں میں بھی ہوسکتا ہے جہاں مانسون امسال خلاف توقع رہا ہے.