Breaking

اردو اساتذہ کی بھرتی میں تاخیر پر روشن بیگ کی بی کے ہری پرساد سے ملاقات جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے اور امیدواروں کی پریشانیاں دور کرنے کا مطالبہ

اردو اساتذہ کی بھرتی میں تاخیر پر روشن بیگ کی بی کے ہری پرساد سے ملاقات جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے اور امیدواروں کی پریشانیاں دور کرنے کا مطالبہ

اردو اساتذہ کی بھرتی میں تاخیر پر روشن بیگ کی بی کے ہری پرساد سے ملاقات
جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے اور امیدواروں کی پریشانیاں دور کرنے کا مطالبہ

بنگلورو، 9 نومبر ( الہلال میڈیا)

کرناٹک میں اردو میڈیم اساتذہ کی بھرتی کے عمل میں مسلسل تاخیر اور اس سے وابستہ غیر ضروری پیچیدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اور سینئر کانگریس رہنما روشن بیگ نے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر بی کے ہری پرساد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نوجوان رہنما آر رومان بیگ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات کے دوران روشن بیگ نے اردو میڈیم اساتذہ کی بھرتی کے معاملے میں جاری غیر یقینی صورتحال، اہل امیدواروں کو درپیش مشکلات اور تقررات کے عمل میں ہورہی تاخیر پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم اسکولوں میں اساتذہ کی شدید ضرورت ہے، جبکہ ہزاروں اہل نوجوان طویل عرصے سے سرکاری ملازمت کے انتظار میں ہیں۔ بھرتی کے عمل میں تاخیر اور غیر ضروری پیچیدگیوں کے باعث ان نوجوانوں میں بے چینی اور مایوسی بڑھتی جارہی ہے۔روشن بیگ نے اس بات پر زور دیا کہ جس قوم نے کرناٹک میں سیکولر حکومت کے قیام اور کانگریس کو بھاری اکثریت سے اقتدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، اس کے جائز مطالبات اور مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقے کے نوجوان روزگار کے حصول کے لیے پریشان ہیں اور اردو میڈیم اساتذہ کی بھرتی کا معاملہ ان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ ایسے میں حکومت اور پارٹی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اور مثبت فیصلہ کریں۔
انہوں نے کے پی سی سی صدر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مؤثر مداخلت کریں اور متعلقہ حکام و حکومت پر زور دیں کہ اردو میڈیم اساتذہ کے تقررات کے لیے درکار کارروائی جلد مکمل کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو مزید انتظار اور غیر یقینی صورتحال میں رکھنا مناسب نہیں، بلکہ ان کی پریشانیوں کو دور کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ روشن بیگ اس سے قبل وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سے بھی ملاقات کرکے آئندہ اساتذہ کی بھرتی کے نوٹیفکیشن میں کم از کم 800 اردو میڈیم اساتذہ کی جائیدادیں شامل کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے بات چیت کرکے ضروری ہدایات دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔اردو میڈیم اساتذہ کی بھرتی کا معاملہ اب بھی امیدواروں کے لیے اہم تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ امیدواروں اور اردو تعلیمی حلقوں کی توقع ہے کہ حکومت اس مسئلے کو محض تقررات کی انتظامی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے اردو میڈیم اسکولوں کی تدریسی ضروریات اور ہزاروں نوجوانوں کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے جلد فیصلہ کرے گی۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے