مجلس منتظمہ جمعیت علماء گریٹر حیدرآبادکا اجلاس ،اہم امور کی قطعیت
حیدر آباد (09) نومبر 2026ء) 6/نومبر 2026ء بروز جمعہ بعد نماز عشاء مسجد فردوس وجے نگر کالونی میں جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد کی مجلس منتظمہ کا اجلاس منعقد ہوا۔حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب صدر جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے صدارت فرمائی، مولانا عبدالملک مظاہری صاحب نے تلاوت فرمائی اور مولانا قاضی عبدالعلیم حسامی صاحب نے نعتیہ کلام پیش کیا۔
مولانا عمر محی الدین صاحب سکریٹری جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے کاروائی چلائی اور آسام ریلیف کا حساب اور حلقہ جات کے استحکام مالیہ کاجائزہ پیش کیا اور حلقوں کی کارگزاری پیش کی۔اصلاح معاشرہ پروگرام کے سلسلہ میں مفتی اجمل حسین صاحب قاسمی نے تفصیلی نظام پیش کیا اور اس نظام کے تحت اصلاح معاشرہ کے شعبہ کو آگے بڑھانے کی اپیل کی گئی۔قاری یونس علی خان صاحب اور مولانا عمر محی الدین صاحب سکریٹریز نے اپنے اپنے زون کے دوروں کی تفصیلات پیش کی۔مثالی مسجد اور سد بھاؤنا منچ کا نظام بھی اپنے حلقوں میں چلانے کی اپیل کی گئی۔
22/نومبر2026ء کو بنگلور میں مثالی مسجد کے تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے احباب سے اپیل کی گئی۔جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سکریٹری ریاستی جمعیت علماء نے ریاست کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں محنتوں کو تیز کرنے اور علاقہ کو فرقہ واریت سے بچانے کے لیے منظم کام کی جانب توجہ دلائی اور ہر حلقے میں فکری تربیت کے لیے ایک سو افراد کے انتخاب کی اپیل کی اور 15 دن میں یہ نام پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ جلد تربیتی پروگرام رکھا جا سکے۔اسمبلی سطح پر جو حلقہ جات ہیں ان کی میٹنگ زون وار حلقے بنا کر طے کروائے گئے، ان میٹنگوں میں کونسلر سطح پر حلقوں کی تشکیل اور جمعیت کے مختلف شعبے جات کو حلقہ واری سطح پر کرنے کے سلسلے میں مشورے کیے جائیں۔
آخر میں حضرت صدر محترم صاحب نے نامساعد حالات میں بھی کام کرتے رہنے کی تلقین کی اور انبیائی اسوہ کو نمونہ بنا کر عزم و ہمت کے ساتھ اگے بڑھنے کی نصیحت کی۔مفتی تجمل حسین قاسمی صاحب کی دعا پر مجلس اختتام کو پہنچی۔جناب عبدالعزیز صاحب نے ضیافت کا نظم فرمایا مولانا عبدالملک صاحب مفتی اجمل صاحب نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے اور دیگر اراکین نے بھی بہت اچھے انتظامات کیے۔