سر سنگھ چالک موہن بھاگوت سے پورا آر ایس ایس کا نپتا ہے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی ان سےنہیں ڈرتے اس کی وجہ بتانے وا لی اکثر قیاس آرائیاں غلط ہوتی ہیں کیونکہ یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ مودی جی کی تربیت آر ایس ایس کی شاکھا میں ہوئی ہے ۔دراصل وزیر اعظم سیاسی تربیت کی ابتداء 1990 کی دہائی میں ہوئی ۔ 1993 میں نوجوان نریندر مودی پہلی بار چندہ جمع کرنے کے لیے جھولا اٹھا کر امریکہ گئے تھے۔ ایک عام شہری اور بی جے پی کے ایک کم معروف کارکن کی حیثیت سے یہ ان کا پہلا امریکی دورہ تھا۔ انٹر نیٹ پر اس زمانے کی تصویریں گواہ ہیں کہ انہوں نے اس وقت نہایت کفایتی انداز میں سفر کیا تھا اور وہ اکثر وہاں رہنے والے ہندوستانی خاندانوں کے ساتھ قیام کیا تھا ۔ اس دوران ‘اسٹیچو آف لبرٹی’ کے ساتھ مسکراتے تصویر کھنچوانے والے مودی جی خود نہیں جانتے ہوں گے کہ ایک دن وہ آزادیٔ رائے کو کچلنے والی سب سے بڑی علامت بن جائیں گے۔ دنیا بھر کو اپنی ذہنی غلامی میں مبتلا کرکے اپنا کام کروانے والا امریکی انتظامیہ ابھرتے ہوئے سیاستدانوں کی تربیت کا اہتمام کرتا ہے۔ اس نے سنگھ پریوار سے رابطہ کرکے کوئی فرد طلب کیا تو اس کی نظر انتخاب تیز طرار مودی پر پڑی اور انہیں تربیت کے لیے روانہ کردیا ۔ وہیں سے یہ گاڑی ایک نئی پٹری پر چل پڑی اور وہ بھی مغرب کے تئیں مرعوب ہندوتوا نوازوں میں شامل ہوگئے۔
ہندو مہاسبھا کے ممتاز رہنما اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بانی ڈاکٹر کے بی ہیڈگیوار کے سیاسی سرپرست، ڈاکٹر بال کرشنا شیورام مونجے کا 1931ء میں اٹلی کا دورہ مندرجہ بالا حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مونجے کی فسطائی آمر بینٹو مسولینی سے ملاقات کو جدید ہندو قوم پرستی کی تحریک میں ایک تاریخی موڑسمجھا جاتا ہے۔ مونجے دراصل لندن میں ہونے والی گول میز کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے تھے لیکن واپسی میں اٹلی نکل گئے اور وہاں 15 سے 24 مارچ (1931) تک دارالحکومت روم میں قیام کیا ۔ڈاکٹر مونجے کے دورے کا بنیادی مقصد اٹلی کے فوجی اداروں اور بالخصوص وہاں نوجوانوں کی جسمانی و فاشسٹ تربیت کے نظام کا جائزہ لینا تھا۔ وہ ہندوستان کو برطانوی تسلط سے آزاد کرانےکاخواب تو دیکھتے تھے لیکن بزدل ہندوتوانواز برطانیہ کے ساتھ نبرد آزما ہوکر کوئی جرأتمندانہ کردارنہیں ادا کرسکے اور نہ دیو بند کی ریشمی رومال تحریک یا سبھاش چندربوس جیسی آزاد ہند فوج کا ساتھ دے سکے بلکہ انگریزوں کے باجگزار بن گئے ۔
روم میں قیام کے دوران مونجے نے اہم عسکری اور تعلیمی اداروں کا دورہ کرنے کے بعد فسطائی ڈھانچے کی تعریف کرتے ہوئے اپنی ڈائری میں لکھا کہ مسولینی نے اٹلی کی عسکری بحالی کے لیے یہ شاندار نظام وضع کیا ہے، کیونکہ اطالوی بھی ہندوستانیوں کی طرح امن پسند اور جنگی فنون سے دور ہو چکے تھے۔اس دورے کا سب سے اہم واقعہ 19 مارچ 1931ء کو بینٹو مسولینی کے ساتھ ڈاکٹر مونجے کی ذاتی ملاقات تھی۔اس موقع پر مسولینی سے ہاتھ ملا کر اپنا تعارف کرانے کے بعد مونجے کو پتہ چلا کہ ان کا میزبان ہندوستان میں جاری آزادی کی جدوجہد سے پہلے ہی واقف تھا۔ اسے معلوم رہا ہوگا کہ بادل گرجتے تو ہیں مگر برستے نہیں۔ مسولینی نےمونجے سے اطالوی فوجی اسکولوں اور تنظیموں کے بارے میں رائے مانگی، تو ڈاکٹر مونجے نے اپنی مرعوبیت کا اظہار کرتے ہوئےجواب دیا "عالی جاہ! میں اس نظام سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ ہر ابھرتی ہوئی قوم کو ایسی تنظیموں کی ضرورت ہوتی ہے، اور ہندوستان کو اپنی عسکری بحالی کے لیے اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔”ڈاکٹر مونجے نے اپنی ڈائری میں مسولینی کی تعریف کرتے ہوئے اسے مضبوط قوتِ ارادی اور پُرکشش شخصیت کا مالک قرار دیا۔ کاش کے مونجے یا ان پیروکار مسولینی کے عبرتناک انجام سے بھی سبق سیکھتے۔ آر ایس ایس کے بانی ڈاکٹر ہیڈگیوار کو فسطائی ماڈل سے روشناس کرانے کا کارنامہ ڈاکٹر مونجے نے ہی کیا تھا ۔ آگے چل کر وہی آر ایس ایس کے تنظیمی ڈھانچے، ڈرل اور یونیفارم کی بنیاد بنا۔
مسولینی کی بالیلا نامی تنظیم سے متاثر ہو کر ڈاکٹر مونجے نے 1935ء میں سینٹرل ہندو ملٹری ایجوکیشن سوسائٹی قائم کی جو بعد میں 1937ء کے اندر "بھونسلا ملٹری اسکول” بن گیا اور وہیں پر اٹل بہاری واجپائی کی رخصتی کے بعد ملک بھر میں دھماکوں کی سازش رچ کر مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سعی کی گئی۔مسولینی اپنے نام سے کام کرتا تھا مگر سنگھیوں نے مسلمانوں کی آر میں دہشت گردی کی۔یہ لوگ ہندو سماج کو منظم کرنےاور نوجوانوں کی عسکری تربیت کے حامی ضرور ہیں مگر طاقتور سے پنجہ لڑانا نہ تو پہلے ان کے بس میں تھا اور نہ اب ہے۔ اسی لیے امریکہ و چین کے آگے نظریں بچھاکر اقتدار کے بل بوتے پر اپنے سے کمزور لوگوں پر زور دکھاتے ہیں۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ سب سے پہلے ڈاکٹر مونجے نے اٹلی جاکر وہاں کے بدنام زمانہ فسطائی رہنما کے سامنے زانوئے تلمذ طے کیا اور آگے چل کر ہٹلر ان کے لیے نمونۂ عمل بن گیا۔ہٹلر کی نازی ملیشیا کا لباس اور سلام کرنے کا طریقہ بھی من عن اپنایا گیا ۔ہندوتوا نوازوں نے ہٹلر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اقلیتوں سے نفرت کرنا اور ایک خیالی دشمن سے ڈرا کر لوگوں کو اپنے چنگل میں پھنسانے کا فن سیکھا ۔
ونایک دامودرساورکر نے مغربی قوم پرستی کے خطوط پر ہندوتوا کا ایسا فلسفہ وضع کیا جس کا ہندوستانی تاریخ میں کوئی وجود نہیں تھا ۔ اس نے مشرک سماج کے ۳۳ کروڈ معبودانِ باطل میں وطن نامی نئے دیوتا کا اضافہ کردیا ۔ اس تناظر میں 1994 کے اندر نریندر مودی کو ‘امریکن کونسل آف ینگ پولیٹیکل لیڈرز’ کے زیر اہتمام سیاسی تربیت کی خاطر دوبارہ امریکہ جانے کا موقع نعمتِ غیر مرتقبہ بن گیا ۔ گجرات کے لوگ رابطوں کو قائم کرکے اپنے کاروبار کی توسیع کے لیے مشہور ہیں۔ نریندر مودی کو چونکہ سیاست کی دوکان چمکانی تھی اس لیے انہوں نے امریکی سیاسی حلقوں میں اپنے ابتدائی روابط قائم کیے جو ہنوز ان کے کام آرہے ہیں ۔یہ ایک تلخ حقیقت اس دوران ایپسٹین جیسے بدنام لوگوں سے بھی ہردیپ پوری نے رابطے کروا دئیے جو فی الحال مودی جی کے گلے کی ہڈی بنے ہوئے ہیں ۔ گجرات کا وزیر اعلیٰ بننے کے بعد مودی جی کے لیے موقع تھا کہ وہ اپنی امریکی تربیت اور تعلقات کا بھر پور استعمال کرتے مگر 2002 کے گجرات فسادات ان کے راہوں کی رکاوٹ بن گئے۔ مذہبی آزادی سے متعلق مسائل کی وجہ سے، ‘امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ’ کی دفعہ 212 کے تحت انہیں امریکہ کا ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا۔
مذکورہ بالا پابندی 2014 میں جب مودی وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں کامیاب ہوگئے تو واشنگٹن نے فوری طور پر اپنا مؤقف تبدیل کرکے انہیں سینے سے لگا لیا ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکی صدر براک اوبامہ کے ساتھ واجبی سے تعلقات تھے مگر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آتے ہی یہ جوڑی ایک جان دو قالب ہوگئی۔ مودی نے بلا تکلف ٹرمپ کی انتخابی مہم میں حصہ لے کر ہیوسٹن شہر میں ’اب کی بار ٹرمپ سرکار کا نعرہ لگایا‘ اور احمد آباد کے اندر نمستے ٹرمپ نامی بڑی تقریب کا اہتمام کیا مگروہ بیچارے ہار گئے۔ اس کے بعد مودی نے کملا ہیرس کی حمایت کرکے ٹرمپ کو ناراض کردیا اور دونوں رہنماوں کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ اب یہ حالت ہے کہ حکومتِ ہند کوقصرابیض سینیئر حکام کے درمیان رواں سال رابطوں کے لیے دلالوں کی مدد درکار ہوگئی۔ امریکہ کی لابنگ فرم ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز کے تعاون سے وائٹ ہاؤس اور انڈین حکام کے درمیان فون کالز کروانے پڑے۔ وزیرِ اعظم مودی کو اپنے دوست‘ ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے لیے بھی ایک لابنگ فرم کی مدد لینا ایک شرمناک واقعہ ہے کیونکہ ٹرمپ کی خوشنودی کے لیے کیا کیا نہیں کیا گیا؟ مذکورہ امریکی لابنگ فرم نے امریکہ کے فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ کے تحت جمع کرائی جانے والی دستاویزات میں بتایا کہ اس نے رواں سال مئی اور جون کے دوران حکومتِ اور وائٹ ہاؤس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے میں مدد کی ۔
ایچ ڈبلیو کے علاوہ مرکری پبلک افیئرز کو اس کام کے لیے ماہانہ 75 ہزار ڈالر معاوضہ دیا گیا ۔ اس راز کے فاش ہونے پر کانگریس نے ایکس پر لکھا ’مودی پیسے دے کر ٹرمپ سے اپنی تعریف پر مبنی پوسٹس کرواتے رہے ہیں۔ اس کا انکشاف خود مرکری پبلک افیئرز نے کیا ہے۔ اس فرم کو مودی حکومت نے 75 ہزار ڈالر ماہانہ پر رکھا ہوا تھا۔‘ مہوا موئترا نے لکھا کہ ’ ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف ہندوستانی ٹیکس دہندگان کے پیسے سے کروائی جاتی ہے۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے ایکس پر لکھا ’حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ مودی کو اپنے ’دوست ڈونلڈ ٹرمپ‘ سے بات کرنے کے لیے بھی ایک لابنگ فرم کی ضرورت پڑ رہی ہےیعنی ہر بار جب ٹرمپ مودی کو اپنا ’بہت اچھا دوست‘، ’سچا دوست‘، ’اچھا دوست‘ یا ’عظیم دوست‘ کہتے ہیں تو اس کی قیمت ہندوستانی ٹیکس دہندگان چکاتے ہیں۔یہ کیسی ستم ظریفی ہے کہ پاکستانی جنرل عاصم منیر کو تو قصر ابیض میں بلا کر ظہرانہ دیا جاتا ہے اور وشو گرو مودی جی کے پچیس سالہ سرکاری خدمات کی مبارکباد والے پیغام کے لیے ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں۔پاکستان میں جس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت ہورہی تھی تو وزیر خارجہ جئے شنکر نے اسے حقارت سے دلالی کہا تھا لیکن سوال یہ ہے کہ لابنگ کیا ہے؟