جمعہ نامہ :سروری زیبا فقط اس ذاتِ بے ہمتا کو ہے

جمعہ نامہ :سروری زیبا فقط اس ذاتِ بے ہمتا کو ہے

جمعہ نامہ :
سروری زیبا فقط اس ذاتِ بے ہمتا کو ہے

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

ارشادِ ربانی ہے:’’ تمہارا خدابس ایک ہی خدا ہے، اُس رحمٰن اور رحیم کے سوا کوئی اور خدا نہیں ہے‘‘۔ اِس حقیقت کی معرفت کے لیے اگر کوئی نشانی درکار ہے تو:’’ جو لوگ عقل سے کام لیتے ہیں اُن کے لیے آسمانوں اور زمین کی ساخت میں، رات اور دن کے پیہم ایک دوسرے کے بعد آنے میں، اُن کشتیوں میں جوا نسان کے نفع کی چیزیں لیے ہوئے دریاؤں اور سمندروں میں چلتی پھرتی ہیں، بارش کے اُس پانی میں جسے اللہ اوپر سے برساتا ہے پھر اس کے ذریعے سے زمین کو زندگی بخشتا ہے اور اپنے اِسی انتظام کی بدولت زمین میں ہر قسم کی جان دار مخلوق پھیلاتا ہے، ہواؤں کی گردش میں، اور اُن بادلوں میں جو آسمان اور زمین کے درمیان تابع فرمان بنا کر رکھے گئے ہیں، بے شمار نشانیاں ہیں ‘‘ذرا غور کیجئے کہ جس کائنات میں گیہوں کا ایک دانہ اور گھاس کا ایک تنکا بھی زمین و آسمان کی ساری قوتوں کے تعاون اشتراک کے بغیرپیدا نہ ہوسکتا ہوتویہ گمان کرنا انتہاء درجے کی جہالت اور کند ذہنی ہے کہ اس کی فرماں روائی ایک سے زیادہ خود مختار یا نیم مختار خدا کر رہے ہوں گے ۔ کائناتی نظام کے مزاج کی جستجو کرنے والایقیناً اس نتیجے پر پہنچےگا کہ اس پر ایک ہی ہستی کی بلا شرکت غیرےخدائی ہے۔ اس کے ساتھ کسی درجے میں بھی کوئی اور شریک نہیں ۔
کتاب الٰہی میں انسانوں کے اپنے ہاتھوں سےگھڑے ہوئے جھوٹے خداوں کی حقیقت بےنقاب کرنے کے لیے سوال کیا گیا:’’کیا اِن لوگوں کے بنائے ہوئے ارضی خدا ایسے ہیں کہ (بے جان کو جان بخش کر) اُٹھا کھڑا کرتے ہوں؟ اگر آسمان و زمین میں ایک اللہ کے سوا دُوسرے خدا بھی ہوتے تو (زمین اور آسمان) دونوں کا نظام بگڑ جاتا پس پاک ہے اللہ ربّ العرش اُن باتوں سے پاک ہےجو یہ لوگ بنا رہے ہیں ‘‘۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وحدت خداوندی پر دلالت کرنے والے اِن کھلے آثار کےباوجود:’’ کچھ لوگ اللہ کے سوا دوسروں کو اس کا ہمسر اور مدمقابل بناتے ہیں اور اُن کے ایسے گرویدہ ہیں جیسے اللہ کے ساتھ گرویدگی ہونی چاہیے حالانکہ ایمان رکھنے والے لوگ سب سے بڑھ کر اللہ کو محبوب رکھتے ہیں کاش، جو کچھ عذاب کو سامنے دیکھ کر انہیں سُوجھنے والا ہے وہ آج ہی اِن ظالموں کو سوجھ جائے کہ ساری طاقتیں اور سارے اختیارات اللہ ہی کے قبضے میں ہیں ‘‘۔قرآن کریم میں مشرکین کو خبردار کیا گیا ہے کہ :’’ اللہ سزا دینے میں بھی بہت سخت ہے ۔وہ جب سزا دے گا اس وقت کیفیت یہ ہوگی کہ وہی پیشوا اور رہنما، جن کی دنیا میں پیروی کی گئی تھی، اپنے پیروؤں سے بے تعلقی ظاہر کریں گے، مگر سزا پا کر رہیں گے اور ان کے سارے اسباب و وسائل کا سلسلہ کٹ جائے گا‘‘۔ اس آیت میں بتوں کے علاوہ زندہ خداوں کی خوش گمانی میں مبتلا لوگوں کو بتایا گیا وہ عذابِ الٰہی کو ٹال نہیں سکیں گے۔
ارشادِ قرآنی ہے:’’ وہ اپنے کاموں کے لیے (کسی کے آگے) جواب دہ نہیں ہے اور سب جواب دہ ہیں ‘‘۔کتاب حق میں یومِ آخرت کی یہ چشم کشا منظر نگاری ملاحظہ فرمائیں :’’اور وہ لوگ جو دنیا میں اُن کی پیروی کرتے تھے، کہیں گے کہ کاش ہم کو پھر ایک موقع دیا جاتا تو جس طرح آج یہ ہم سے بیزاری ظاہر کر رہے ہیں، ہم اِن سے بیزار ہو کر دکھا دیتے یوں اللہ اِن لوگوں کے وہ اعمال جو یہ دنیا میں کر رہے ہیں، س طرح سامنے لائے گا کہ یہ حسرتوں اور پشیمانیوں کے ساتھ ہاتھ ملتے رہیں گے مگر آگ سے نکلنے کی کوئی راہ نہ پائیں گے‘‘۔ ایک سے زائدخداوں اور ان کے ماننے والوں میں تصادم لازمی ہے ۔ ارشادِ ربانی ہے کہہ دو کہ :’’ اگر اللہ کے ساتھ اور بھی خدا ہوتے جیسے کہ یہ لوگ کہتے ہیں تو وہ عرش والے (حقیقی خدا) پر چڑھائی کرنے کے لیے کوئی راستہ پیدا کرلیتے‘‘یعنی وہ خود مالک عرش بننے کی کوشش کرتے۔
اس لیے کہ چند ہستیوں کا خدائی میں شریک ہونا دو حال سے خالی نہیں ہوسکتا۔ یا تو وہ سب اپنی اپنی جگہ مستقل خدا ہوں۔ یا ان میں سے ایک اصل خدا ہو، اور باقی خدائی اختیارات کے حامل بندے ہوں ۔ پہلی صورت میں یہ کسی طرح ممکن نہ تھا کہ یہ سب آزاد خود مختار خدا ہمیشہ، ہر معاملے میں، ایک دوسرے کے ارادے سے موافقت کر کے اس اتھاہ کائنات کے نظم کو اتنی مکمل ہم آہنگی، یکسانیت اور تناسب و توازن کے ساتھ چلا سکتے۔ دوسری صورت، تو بندے کا ظرف خدائی اختیارات تو درکنار خدائی کے ذرا سے وہم اور شائبے تک کا تحمل نہیں کرسکتا۔ مخلوق کی طرف ذرا سی بھی خدائی منتقل ہونے کے بعد بندہ بن کر رہنے کے بجائے خداوند عالم بن جانے کی جستجو میں لگ جاتا بلکہ انا ربکم الاعلیٰ کا نعرہ لگا دیتا۔ اس کی تازہ ترین مثال شیوپوری میں رام کتھا کے دوران دھریندر شاستری نےپیش کی۔اس نے رام کی تعریف کےدوران کرشنا کی توہین کرتے ہوئے کہہ دیا "ہمارے رام سیدھے ہیں، تمہارے کرشنا ٹیڑھے ہیں”۔قرآن حکیم میں اسی ہمارے اور تمہارے کی تفریق و برتری کا ذکر کیا گیا۔
اترپردیش کےانتخابی جنگ میں چونکہ رام کو ماننے والے راجپوتوں لڑائی کرشن کے پیرو کار یادووں سےہے اس لیے دھریندر نے یہ بھی کہا کہ "تمہارے ٹھاکر جی (کرشنا) کا سر بھی ٹیڑھا ہے، نام بھی ٹیڑھا ہے، اور وہ کھڑے بھی ٹیڑھے ہوتے ہیں”۔ اپنے سیاسی آقاوں کی خوشنودی کے لیےدھیریندر نےرام کی ایودھیا کو سیدھا اورکرشن کے ورداون کو بھی ٹیڑھا کہہ دیا۔ یہاں تک کہ اسٹیج پر موجود ایک بانسری نواز کی طرف اشارہ کرکے گاتے ہوئے کہاکہ "بانسری بجانا تو ایک کھیل (معمولی بات) ہے، دھنش (کمان) چلانا کھیل نہیں ہے‘‘۔ یعنی بانسری بجانا کوئی بڑی بات نہیں، وہاں اسٹیج پر بھی ایک شخص بانسری بجا رہا تھا۔ دھریندر شاستری کے مطابق کرشنا کی طرح گائے تو کوئی بھی چرا سکتا ہے مگررام نے بندروں کو نچاکر مشکل کام کیا تھا۔ وہ آگے بڑھ کر کرشنا کے گووردھن پہاڑ اٹھانے کا موازنہ رام کے بھکت ہنومان سے کرکے کہتاہے ہنومان کا پورا پہاڑ اٹھا لانا افضل و ارفع کارنامہ تھا ۔ اس طرح گویا کرشن کو رام کے بھگت سے بھی ہلکا کرکے پیش کردیا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ مشرک معاشرے میں اپنے سیاسی فائدے کے لیے معبودانِ باطل کی توہین سے کسی ہندو کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچتی۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے