جمعہ کی نماز سے آگے بھی ایک زندگی ہے!
(عبادت گاہوں سے نکل کر بازار، معاشرت اور معاملات تک اسلامی تعلیمات کی عملی پاس داری کا سوال)
✍️ حافظ افتخاراحمدقادری
جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد جب مسلمان مسجد کے دروازے سے باہر قدم رکھتا ہے تو اس کے سامنے زندگی کا ایک وسیع میدان ہوتا ہے۔ وہاں کاروبار کی کشمکش ہے، ملازمت کی مصروفیت ہے، لین دین کے معاملات ہیں، رشتوں کی نزاکتیں ہیں، معاشرتی ذمہ داریاں ہیں، کمزوروں کے حقوق ہیں، پڑوسیوں کے تقاضے ہیں اور ایک ایسا سماج ہے جو اس کے کردار سے اسلام کی عملی تصویر اخذ کرتا ہے۔ کیا مسجد کے اندر اس کے قلب پر اترنے والی روحانیت مسجد کی دہلیز عبور کرتے ہی دم توڑ دیتی ہے؟ کیا جمعہ کی نماز کے بعد اس کی اخلاقی ذمہ داریاں بھی ختم ہو جاتی ہیں؟ کیا پیشانی کا محرابِ سجدہ سے آشنا ہونا اس بات کی ضمانت ہے کہ اس کے ہاتھ سے کسی کا حق تلف نہیں ہوگا، اس کی زبان کسی کی عزت مجروح نہیں کرے گی اور اس کا کاروبار کسی کی مجبوری سے ناجائز فائدہ نہیں اٹھائے گا؟ یہ کسی ایک فرد کے طرزِ عمل کا نہیں بلکہ پورے مسلم معاشرے کے اجتماعی مزاج کا آئینہ ہے۔ معاشرے میں مذہبی شعائر سے وابستگی یقیناً ایک قابلِ قدر حقیقت ہے لیکن اس وابستگی کا حقیقی حسن اس وقت نمایاں ہوتا ہے جب عبادت کا نور انسان کے کردار، گفتار، معاملات اور اجتماعی رویّوں میں بھی جلوہ گر ہو۔ جمعہ کی نماز ایک ہفتہ وار عبادت ضرور ہے، لیکن اس کا پیغام ہفتے کے باقی چھ دنوں سے بے تعلق نہیں۔ جو پیشانی جمعہ کے دن سجدے میں جھکتی ہے، اسے باقی دنوں میں تکبر سے بھی محفوظ رہنا چاہیے۔ جو ہاتھ دعا کے لیے اٹھتے ہیں، انہیں کسی مظلوم کا حق دبانے سے بھی باز رہنا چاہیے۔ جو زبان خطبہ جمعہ میں تقویٰ کی تلقین سنتی ہے، اسے بازار، دفتر، گھر اور معاشرے میں جھوٹ، بہتان، غیبت اور دشنام طرازی سے بھی اجتناب کرنا چاہیے۔
ہمارے عہد کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ مذہب کو بعض اوقات زندگی کے چند مخصوص اوقات اور رسوم تک محدود کر دیا گیا ہے۔ جمعہ آیا، غسل کیا، صاف لباس پہنا، خوشبو لگائی، مسجد پہنچے، نماز ادا کی اور پھر وہی پرانا معمول، وہی تلخی، وہی بددیانتی، وہی حق تلفی، وہی نفسانی کشاکش اور وہی معاشرتی بے حسی! گویا عبادت ایک وقتی مذہبی سرگرمی بن کر رہ گئی ہے، جب کہ اسلام انسان کی پوری زندگی کو اخلاقی ضابطے اور روحانی تہذیب کے تابع دیکھنا چاہتا ہے۔ اسلام کا مطلوب محض ایسا نمازی نہیں جو عبادت گاہ میں خشوع و خضوع کا مظاہرہ کرے، بلکہ ایسا انسان ہے جس کی موجودگی سے معاشرہ امن، دیانت، انصاف اور خیر خواہی کا احساس کرے۔ قرآنِ کریم نے نماز کے مقصد کو محض ظاہری حرکات و سکنات تک محدود نہیں رکھا بلکہ واضح فرمایا کہ نماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے۔ اس قرآنی ارشاد میں عبادت اور کردار کے درمیان ایک نہایت گہرا ربط موجود ہے۔ نماز انسان کے باطن میں جواب دہی کا احساس پیدا کرتی ہے، اس کے ضمیر کو بیدار کرتی ہے اور اسے اس حقیقت سے آشنا کرتی ہے کہ وہ کسی بے لگام اختیار کا مالک نہیں، بلکہ اپنے ہر قول و فعل کے لیے بارگاہِ الٰہی میں جواب دہ ہے۔ اگر نماز کے باوجود انسان کی عملی زندگی میں ظلم، فریب، خیانت اور بدزبانی کی کثرت ہے تو اسے اپنی عبادت کے اثرات اور اپنے طرزِ عمل کا سنجیدہ محاسبہ کرنا چاہیے۔ رسولِ اکرم ﷺ کی تعلیمات نے عبادت کے ساتھ حسنِ اخلاق اور حقوق العباد کو غیر معمولی اہمیت عطا فرمائی ہے۔ آپ ﷺ نے حقیقی مسلمان کی پہچان یہ بیان فرمائی کہ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ اس ارشادِ نبوی کا دائرۂ اثر ہمارے پورے معاشرتی وجود کو محیط ہے۔ اس کا تعلق صرف مسجد کے اندر موجود افراد سے نہیں بلکہ گھر کے مکینوں، کاروباری شریکوں، ملازمین، پڑوسیوں، رشتہ داروں، ماتحتوں اور معاشرے کے ہر اس فرد سے ہے جس کا کسی نہ کسی اعتبار سے ہم سے واسطہ پڑتا ہے۔ اگر ہماری زبان سے لوگ زخمی ہوتے ہیں، ہمارے ہاتھوں سے ان کے حقوق پامال ہوتے ہیں اور ہمارے رویّوں سے ان کی عزتِ نفس مجروح ہوتی ہے تو محض مذہبی وضع قطع ہمارے کردار کی کمزوریوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔
موجودہ ہندوستانی معاشرے کے تناظر میں اس موضوع کی معنویت مزید بڑھ جاتی ہے۔ آج جب سماجی فضا میں عدم برداشت، نفرت انگیز بیانیے، مذہبی منافرت، معاشی ناہمواری اور طبقاتی تفریق کے مظاہر مختلف صورتوں میں سامنے آ رہے ہیں، ایسے ماحول میں مسلمانوں کی ذمہ داری صرف اپنی مذہبی شناخت کے تحفظ تک محدود نہیں رہ سکتی۔ انہیں اپنے اخلاقی تشخص، علمی استعداد، سماجی افادیت اور انسانی ہمدردی کے ذریعے بھی اپنی موجودگی کا مثبت احساس دلانا ہوگا۔ ملک کے آئینی ڈھانچے میں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ہمیں اپنے حقوق سے واقف ہونے کے ساتھ دوسروں کے حقوق کی پاس داری بھی کرنی چاہیے۔ مذہبی شناخت کو اخلاقی عظمت سے آراستہ کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ یہ حقیقت فراموش نہیں کی جانی چاہیے کہ معاشرے میں کسی مذہب کے بارے میں رائے صرف اس کے ماننے والوں کے خطابات سے قائم نہیں ہوتی، بلکہ ان کے روزمرہ اعمال بھی اس رائے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کوئی مسلمان اپنے کاروبار میں دیانت دار ہے، کسی غریب کے ساتھ حسنِ سلوک کرتا ہے، کسی غیر مسلم پڑوسی کے دکھ درد میں شریک ہوتا ہے، کسی ضرورت مند کی خاموشی سے مدد کرتا ہے، کسی مظلوم کی حمایت میں کھڑا ہوتا ہے اور کسی اختلاف کے باوجود اپنی زبان کو شائستگی کے دائرے میں رکھتا ہے تو اس کا یہ کردار اسلام کی اخلاقی تعلیمات کا عملی تعارف بن جاتا ہے۔ اس کے برعکس اگر مذہبی شناخت رکھنے والا شخص ہی دھوکا دہی، بدعہدی، ظلم اور بدزبانی کا مرتکب ہو تو اس کے طرزِ عمل سے نہ صرف اس کی اپنی شخصیت مجروح ہوتی ہے بلکہ اسلام کے متعلق بھی غلط تاثر پیدا ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ہمارے بازاروں کی صورتِ حال بھی اس اجتماعی محاسبے کی متقاضی ہے۔ ناپ تول میں کمی، ملاوٹ، مصنوعی مہنگائی، جھوٹی تشہیر، عیب دار اشیا کو درست ظاہر کرکے فروخت کرنا، قرض لے کر واپس نہ کرنا اور تجارتی معاملات میں وعدہ خلافی ایسے امراض ہیں جو کسی بھی معاشرے کی اخلاقی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ افسوس کہ بعض افراد مذہبی مواقع پر خصوصی اہتمام تو کرتے ہیں، لیکن کاروباری معاملات میں شفافیت اور دیانت کو ضروری نہیں سمجھتے۔ حالاں کہ اسلام نے تجارت کو محض منافع کمانے کا ذریعہ نہیں، بلکہ امانت، صداقت اور باہمی اعتماد کے اصولوں سے وابستہ کیا ہے۔ جس معاشرے میں تاجر کی زبان معتبر نہ رہے، وہاں معاشی سرگرمیوں کا پورا نظام عدم اعتماد کی نذر ہو جاتا ہے۔ اسی طرح خاندانی زندگی میں بھی ہماری مذہبی تربیت کے اثرات نمایاں ہونے چاہئیں۔ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، اولاد کی صحیح تربیت، بیوی کے حقوق کی ادائیگی، شوہر کے جائز حقوق کا احترام، بہنوں کو وراثت میں ان کا شرعی حصہ دینا، رشتہ داروں کے ساتھ صلۂ رحمی اور کمزور افراد کے ساتھ شفقت، یہ سب دین داری کے بنیادی مظاہر ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ بعض گھرانوں میں مذہبی تقریبات کا اہتمام تو بڑے ذوق و شوق سے ہوتا ہے، لیکن گھریلو معاملات میں ناانصافی، تلخ کلامی، وراثتی حق تلفی اور رشتوں کی پامالی معمول بن جاتی ہے۔ کسی بہن کو اس کے شرعی حق سے محروم رکھ کر نیکیوں کی محفل سجانا، کسی بوڑھے والدین کو بے سہارا چھوڑ کر جمعہ کی نماز میں پہلی صف حاصل کرنے کی کوشش کرنا اور اپنے ماتحتوں کے ساتھ ناروا سلوک کرتے ہوئے مذہبی فضائل بیان کرنا ایک ایسا تضاد ہے جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
آج نوجوان سوشل میڈیا کے سیلاب، فکری انتشار، بے مقصد تفریح، غیر حقیقی طرزِ زندگی اور معاشی مسابقت کے دباؤ سے دوچار ہے۔ اس کے سامنے کامیابی کے ایسے پیمانے پیش کیے جا رہے ہیں جن میں دولت، شہرت، ظاہری نمود اور فوری منفعت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ایسے حالات میں جمعہ کا منبر نوجوانوں کو صرف وقتی جذباتی کیفیت سے دوچار کرنے کے بجائے انہیں علم، کردار، ہنر، خود اعتمادی، وقت کی قدر اور سماجی ذمہ داری کا شعور بھی عطا کرے۔ انہیں بتایا جائے کہ دین داری کا مطلب دنیا سے فرار نہیں، بلکہ دنیا کے معاملات کو اللہ تعالیٰ کی رضا اور شریعت کے اصولوں کے مطابق انجام دینا ہے۔ ایک مسلمان نوجوان کی کامیابی صرف اس کی عبادت گاہ سے وابستگی میں نہیں بلکہ اس کی علمی قابلیت، پیشہ ورانہ دیانت، اخلاقی استقامت اور معاشرے کے لیے نفع بخش ہونے میں بھی مضمر ہے۔ یہاں منبر و محراب سے وابستہ ذمہ داران کی اہمیت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی۔ خطیب اور ائمہ کرام معاشرے کی فکری تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جمعہ کا خطبہ محض چند روایتی نصیحتوں کی تکرار نہ ہو، بلکہ اسے معاشرتی اصلاح، اخلاقی تطہیر، خاندانی استحکام، نوجوانوں کی رہنمائی، حقوق العباد کی ادائیگی اور سماجی خیر خواہی کا مؤثر وسیلہ بنایا جانا چاہیے۔ عوام کو یہ احساس دلانا ضروری ہے کہ اسلام صرف مسجد میں ادا کی جانے والی عبادتوں کا مجموعہ نہیں، بلکہ وہ ایک مکمل نظامِ حیات ہے جو انسان کو گھر سے بازار، بازار سے دفتر، دفتر سے معاشرے اور معاشرے سے پوری انسانیت تک اپنی ذمہ داریوں کا شعور عطا کرتا ہے۔ البتہ اس حقیقت کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے کہ معاشرتی اصلاح کا بوجھ صرف منبر و محراب پر ڈال دینا درست نہیں۔ والدین، اساتذہ، دانش ور، اہلِ قلم، سماجی رہنما اور خود ہر فرد اپنی جگہ جواب دہ ہے۔ اگر ہم اپنی اولاد کو دیانت کا درس دیتے ہیں مگر خود معاملات میں بددیانتی اختیار کرتے ہیں، اگر ہم نوجوانوں کو تہذیب سکھاتے ہیں مگر اختلاف کے وقت اپنی زبان پر قابو نہیں رکھتے، اگر ہم معاشرے میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں مگر اپنے گھر میں کمزوروں کے ساتھ انصاف نہیں کرتے تو ہماری نصیحتیں محض لفظی سرمایہ بن کر رہ جائیں گی۔ اصلاح کا پہلا تقاضا یہ ہے کہ انسان دوسروں کے عیوب تلاش کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنے کا حوصلہ پیدا کرے۔ آج مسلم معاشرے کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ محض جذباتی نعروں کی تکرار نہیں، بلکہ اجتماعی شعور، اخلاقی استحکام اور عملی کردار کی تعمیر ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف یہ نہیں سکھانا کہ مسجد میں کس طرح داخل ہونا ہے، بلکہ یہ بھی سکھانا ہے کہ کسی کا دل کیسے نہیں دکھانا۔ انہیں نماز کی پابندی کے ساتھ وعدے کی پابندی، تلاوت کے ساتھ مطالعے کی عادت، ذکر کے ساتھ خدمتِ خلق کا جذبہ اور دینی معلومات کے ساتھ عصری شعور سے بھی آراستہ کرنا ہوگا۔ جس نسل کے ہاتھ میں کتاب ہو، دل میں خدا کا خوف ہو، زبان پر سچائی ہو اور کردار میں امانت ہو، وہی نسل معاشرے میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
جمعہ کا دن ہمیں ہر ہفتے ایک بار اپنی زندگی کے رخ کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وقت محض گزرنے کے لیے نہیں، بلکہ سنوارنے کے لیے ملا ہے؛ عبادت صرف ادا کرنے کے لیے نہیں، بلکہ اس کے تقاضوں کو زندگی میں نافذ کرنے کے لیے ہے۔ ہماری نمازیں اگر ہمیں انسانوں کے حقوق کی ادائیگی پر آمادہ نہیں کرتیں، ہمارے سجدے اگر ہمارے اندر انکساری پیدا نہیں کرتے، ہمارے خطبات اگر ہماری زبان و کردار کی اصلاح نہیں کرتے اور ہماری مذہبی وابستگی اگر ہمیں ظلم و ناانصافی سے نہیں روکتی تو ہمیں اپنی ترجیحات پر ازسرِنو غور کرنا ہوگا۔ یاد رکھیے! مسجد سے نکلنے کے بعد بھی الله تعالیٰ کی نگرانی ختم نہیں ہوتی۔ جمعہ کی نماز کے بعد بھی حلال و حرام کا فرق باقی رہتا ہے، بازار میں بھی دیانت کا حکم برقرار رہتا ہے، گھر میں بھی حقوق کی ادائیگی لازم رہتی ہے، دفتر میں بھی امانت کی پاس داری ضروری رہتی ہے اور معاشرے میں بھی عدل و احسان کی ذمہ داری ساقط نہیں ہوتی۔ سجدے کا اثر پیشانی سے آگے بڑھ کر کردار میں ظاہر ہونا چاہیے، خطبے کی تاثیر سماعت سے آگے بڑھ کر عمل میں اترنی چاہیے اور جمعہ کی روح مسجد کی چار دیواری سے نکل کر پورے معاشرے میں محسوس ہونی چاہیے۔ کیوں کہ حقیقت یہی ہے کہ جمعہ کی نماز محض ایک عبادت کی تکمیل نہیں بلکہ ایک بہتر زندگی کے آغاز کا پیغام ہے۔ مسجد سے نکلنے کے بعد ہی ہمارے کردار کا اصل امتحان شروع ہوتا ہے۔
کریم گنج،پورن پور،پیلی بھیت یو.پی
رابطہ8954728623
iftikharahmadquadri@gmail.com