تیزی سے بدلتے ملکی حالات اور ہماری زمہ داریاں

تیزی سے بدلتے ملکی حالات اور ہماری زمہ داریاں

تیزی سے بدلتے ملکی حالات اور ہماری زمہ داریاں

ازقلم:شیخ سلیم،ممبئی

 

سمجھ نہیں آتا کہ اس خبر اور اس تصویر کو دیکھ کر کیا کیا جائے۔ اپریل میں سرکار ڈی لمیٹیشن بل منظور نہیں کروا سکی تھی؛ اسے دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ پھر مغربی بنگال میں انتخابات ہوئے۔ ایس آئی آر کے بعد ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کو شکست ہوئی اور گویا کوئی پنڈورا باکس کھل گیا۔ اس شکست کے اثرات کچھ اس طرح رونما ہوئے کہ پورے بنگال کی سیاست کے ساتھ ملک کی سیاست پر بھی زبردست اثر پڑا، اور ترنمول کانگریس کے بیس ممبرانِ پارلیمنٹ نے ممتا بنرجی کے خلاف محاذ کھول دیا، بغاوت کر دی۔ سیدھے سیدھے بی جے پی میں شامل ہونے کی بجائے انہوں نے اپنی ایک الگ پہچان کے ساتھ پارٹی بنائی۔ جس طرح تسبیح ٹوٹ جانے پر دانے بکھر جاتے ہیں، اسی طرح اس کے ممبران پارٹی سے راتوں رات نکل گئے اور ممتا بنرجی بے بسی سے دیکھتی رہیں؛ یعنی بیس ممبران انڈیا اتحاد سے نکل کر براہِ راست این ڈی اے کے ساتھ چلے گئے۔ کچھ ایسا ہی ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے ساتھ بھی ہوا۔ اس کے چھ ممبران ایکناتھ شندے کی پارٹی میں شامل ہو گئے، یعنی انڈیا اتحاد سے نکل کر براہِ راست این ڈی اے میں شامل ہو گئے۔ ان کے خلاف مایہ ناز وکیل کپل سبل نے عدالتِ عالیہ میں جولائی کے مہینے میں عرضی داخل کی تھی، جس کی سماعت ہی شروع نہیں ہوئی۔ یہ سبھی ممبران ظاہر ہے اس ہفتے ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور ووٹنگ بھی کریں گے، اپنے محسنوں کو خوش بھی کریں گے۔ بعد میں بھلے انہیں ڈس کوالیفائی کر دیا جائے، کیا فرق پڑتا ہے؟ کیونکہ اپریل میں سرکار بل پاس نہیں کروا سکی تھی؛ سرکار نے چھ سات مہینوں میں باقی "انتظام” کر لیا، بمبئی کی زبان میں "جگاڑ” کر لیا۔
چلیے، پچھلے چند سالوں میں اپنی حکمتِ عملی کا جائزہ لیتے ہیں۔ بحیثیتِ مجموعی ہم نے سیاست میں اپنی حصہ داری کے لیے کیا حکمتِ عملی اختیار کی؟ کیا اقدامات اٹھائے؟ جہاں تک بھارت کے دوسرے سبھی سماج، ذاتوں اور علیحدہ سماج کے لوگوں کا تعلق ہے، انہوں نے کوئی نہ کوئی پارٹی بنائی اور اقتدار میں حصہ داری حاصل کی: اتر پردیش، بہار، راجستھان، کرناٹک، اوڑیسہ، بنگال، مہاراشٹر۔ حالانکہ کوئی 2 فیصد ہے، کوئی تین فیصد، کوئی سات فیصد (یادو)، مگر سبھی کے سیاست دانوں اور سبھی کے لیڈروں نے اپنے سماج کی کھل کر بات کی اور اپنا حصہ حاصل کرنے کے لیے کسی طرح کی کوئی مصالحت نہیں کی۔ اسی لیے آپ یادو، مرہٹہ، جاٹ، سکھ سبھی کو دیکھتے ہیں؛ سبھی نے اپنا ایک منفرد مقام بنا لیا ہے۔ اسی طرح او بی سی سماج کے افراد کہیں اپنی الگ شناخت میں نظر آتے ہیں، کہیں وہ اپنے آپ کو حزبِ اقتدار بی جے پی کے ساتھ جا کر اقتدار میں اپنا حصہ حاصل کر لیتے ہیں۔ دلت سماج تو تقریباً بی جے پی میں ضم ہو گیا ہے؛ بھارت میں دلت سیاست اپنی آخری سانسیں گن رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں جو سیٹیں دلت سماج کے لیے ریزرو ہیں، ان میں سے تقریباً سبھی پر بی جے پی کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ کچھ استثنا جنوب میں تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ کو حاصل ہے، جہاں بی جے پی لاکھ کوششوں کے باوجود اپنے پنجے نہیں گاڑ پائی۔
بابری مسجد کی شہادت کے بعد سے الگ الگ ریاستوں میں کانگریس کا متبادل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی اور علاقائی جماعتوں کو ووٹ دیا گیا، جس کے نتائج برآمد ہوئے۔ کانگریس اتر پردیش، بنگال، تمل ناڈو اور بہار میں اقتدار سے ایسے دور ہوئی کہ اب دور دور تک ان ریاستوں میں اس کے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے؛ یعنی ایک بڑی پارٹی ہماری حمایت سے محروم ہونے کی وجہ سے ان ریاستوں میں اقتدار سے محروم ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی 2014 میں اقتدار میں آئی اور پھر رفتہ رفتہ اس نے اپنے اقتدار کو مضبوط کیا، اپنے انتہا پسند ایجنڈے کو مضبوط کرنے کا کام کیا اور قوانین میں تبدیلی کا آغاز کیا۔
اس کے بعد ہی سے کسی طرح بی جے پی کو شکست دینے اور سیکولرازم کو حتی الامکان بچانے کی کوششیں کرنے کا آغاز ہوا۔ جہاں جہاں الیکشن ہوئے، ہم کسی ایسی پارٹی کی تلاش میں نکل پڑے جو جناب بی جے پی کو شکست دے سکے۔ اس کے بجائے کہ ہم اقتدار میں اپنی حصہ داری کے لیے عملی اقدامات کرتے، ہر الیکشن کے موقع پر اجتماعی طور پر کسی ایسی جماعت کو تلاش کرتے جو بی جے پی کو شکست دے سکے۔
ہر الیکشن کے موقع پر ہماری حالت اس شتر مرغ کی طرح ہوتی جو بھاگتے بھاگتے کہیں ریت میں منہ چھپا کر مطمئن ہو جاتا ہے۔ ہماری اجتماعی کوشش یہی ہوتی کہ کسی طرح درد کم کرنے والی گولی کھا کر کچھ دیر اطمینان سے گزار سکیں۔ ہمارے علمائے کرام، ہماری دینی جماعتیں، ہمارے سیاسی پنڈت اور ہمارے دانشوران ہمیں مشورہ دیتے کہ سیکولرازم کو بچانے کے لیے آپ فلاں فلاں پارٹی کو ووٹ دیجیے۔ کمال کی بات یہ ہے کہ اس میں خانقاہوں میں رہنے والے علمائے کرام بھی شامل ہوتے۔ بیچارے عوام سے کیا امیدیں؟ وہ اپنے کرم فرماؤں کی اپیل پر ایمان لاتے اور عمل بجا لاتے۔ ہمارے ووٹوں سے جیتنے والے نام نہاد سیکولر ممبران ہول سیل میں بی جے پی میں ہماری آنکھوں کے سامنے شامل ہوتے رہے۔ اس سے کوئی بھی سیکولر پارٹی مستثنیٰ نہیں رہی: کانگریس، عام آدمی پارٹی، این سی پی، ترنمول کانگریس، شیو سینا۔
اب ہم شاید ایک نازک موڑ پر پہنچ چکے ہیں۔ ڈی لمیٹیشن بل اپریل میں پاس نہیں ہو سکا تھا، اب صورتِ حال یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔ این سی پی نے حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جگن ریڈی نے اعلان کر دیا ہے، شیو سینا کے چھ ممبران شندے گروپ کے ساتھ ہیں، گویا بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ سیکولر نتیش کمار بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ ممتا بنرجی کے بیس ممبرانِ پارلیمنٹ این ڈی اے کے ساتھ ہی سمجھے جائیں گے۔ عام آدمی پارٹی کے ممبران بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں۔ بی جے پی کے ساتھ جانے والی سبھی سیاسی جماعتوں کا کیا حشر ہوا، قارئین جانتے ہیں۔ یہ جو جماعتیں اب بی جے پی کو ڈی لمیٹیشن بل منظور کرنے میں مدد کرنے والی ہیں، کوئی نہیں جانتا کہ کل عوام میں ان کی کیا پوزیشن ہو گی، ان کا سیاسی مستقبل کیا ہو گا۔ خیر، اتنا آگے کی سیاست دان کیوں سوچیں؟ آج کا فائدہ سیاست دانوں کی نظر میں ہے؛ جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیا تھا وہ کیا سوچتے ہیں، اس کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔
جہاں تک ڈی لمیٹیشن کا تعلق ہے، آسام اور جموں و کشمیر میں ہو چکا ہے۔ اسمبلیوں کی حدود کیسے تبدیل کی گئیں اور آسام کے انتخابات میں اس کا نتیجہ بھی ہم جانتے ہیں، اور آسام میں آج کس طرح کے حالات ہیں: جگہ جگہ بلڈوزر کا راج ہے۔

آئندہ ہماری حکمتِ عملی کیا ہو اگر ڈی لیمٹیشن بل منظور ہو جاتا ہے جیسا کہ اب نظر آرہا ہے اُسکے بعد سیٹیں بڑھ جائیں گی نئی حد بندی ہوگی جسکا اختیار ایک افسر کو ہوگا افسر کو ظاہر ہے سرکار ہی منتخب کریگی اور اسکی حد بندی سے وہاں کیا فرق پڑے گا اس کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جانی چاہیے بی جے پی چاہتی ہے وہ مسلمانوں کے ووٹوں کو ہے اثر کر دے ایس آئی آر سے کس کے نام کاٹے گئے ہیں سبھی واقف ہیں اب حد بندی اور نئی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ ایسے میں سیاسی جماعتوں کو دینی جماعتوں کو سول سوسائٹی کے نمائندوں کو مل بیٹھ کر بدلتے حالات میں نئی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے اب تک جو غلطیاں کی گئیں انہیں پہچان کر اُن غلطیوں کو تسلیم کرکے صحیح کرنے کی ضرورت ہے وہ تمام افراد جو اب تک سیاست سے کنارہ کش رہنے کو صحیح سمجھتے تھے اُنکو بھی ساتھ لینے کی ضرورت ہے وہ افراد جو نام نہاد سیکولر جماعتوں میں تھے شاید اُنہیں اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہوگا اور وہ ایک نئی سیاسی صف بندی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہو سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا دینی جماعتیں جو نصف صدی سے صرف اور صرف سیکیولر ازم کو بچانے کے لیے کوششیں کرتی رہی ہیں اُنہیں بھی نئے لائحہ عمل نئی پالیسی کی ضرورت ہے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے