اکھلیش کے انتخابی وعدے اور اترپردیش کی بدلتی سیاسی فضا!

اکھلیش کے انتخابی وعدے اور اترپردیش کی بدلتی سیاسی فضا!

اکھلیش کے انتخابی وعدے اور اترپردیش کی بدلتی سیاسی فضا!
(اکھلیش یادو کے انتخابی اعلانات، پی ڈی اے کی سیاسی حکمتِ عملی،
ذات پات کے بدلتے معیارات اور بی جے پی کے لیے
نئے انتخابی چیلنجوں کا ایک تجزیاتی مطالعہ)

✍️ افتخاراحمدقادری

اتر پردیش کی انتخابی سیاست کا مزاج ہمیشہ سے غیر معمولی پیچیدگیوں کا حامل رہا ہے۔ یہاں اقتدار کی کشمکش محض سیاسی جماعتوں کی عددی قوت، امیدواروں کی مقبولیت یا انتخابی اتحادوں کی کامیابی و ناکامی تک محدود نہیں رہتی بلکہ اس کے پس منظر میں صدیوں سے قائم سماجی درجہ بندی، ذات پات کی تفریق، مذہبی شناخت، معاشی نابرابری اور سیاسی نمائندگی کے ایسے متعدد سوالات کارفرما ہوتے ہیں جو انتخابی نتائج کی سمت متعین کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی ریاست میں ہونے والے انتخابات اکثر قومی سیاست کے لیے بھی نئی جہتیں متعین کرتے ہیں۔ کبھی مذہبی جذبات انتخابی فضا پر غالب آجاتے ہیں، کبھی ذات برادری کی صف بندیاں سیاسی منظرنامے کو تبدیل کردیتی ہیں اور کبھی بے روزگاری، مہنگائی، کسانوں کی بدحالی اور آئینی حقوق کا تحفظ عوامی ترجیحات کا مرکز بن جاتا ہے۔ 2027 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی جانب سے کیے گئے تازہ انتخابی اعلانات کو اسی وسیع تر سیاسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پچیس لاکھ سرکاری ملازمتوں، دو سے تین کروڑ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، کسانوں کے قرض کی معافی، خواتین کو سالانہ چالیس ہزار روپے پنشن اور دلتوں و پسماندہ طبقات کو سرکاری ٹھیکوں میں پچاس فیصد حصہ داری دینے جیسے وعدے بظاہر فلاحی منصوبوں کی صورت میں سامنے آئے ہیں، لیکن ان کے سیاسی مضمرات کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ یہ اعلانات دراصل سماجوادی پارٹی کی اس کوشش کا اظہار ہیں جس کے ذریعے وہ اتر پردیش کی انتخابی سیاست میں معاشی مسائل اور سماجی انصاف کو دوبارہ مرکزی حیثیت دلانا چاہتی ہے۔ اس حکمت عملی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ مذہبی شناخت کے گرد تشکیل پانے والے سیاسی بیانیے کے مقابلے میں روزگار، معاشی تحفظ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو انتخابی بحث کا بنیادی موضوع بنایا جائے۔ اکھلیش یادو کی سیاسی حکمت عملی کو سمجھنے کے لیے اتر پردیش کی گزشتہ تین دہائیوں کی سیاسی تاریخ پر نگاہ ڈالنا ناگزیر ہے۔ 1990 کی دہائی میں منڈل کمیشن کی سفارشات کے نفاذ نے ہندوستانی سیاست میں ایک نئی سماجی کروٹ پیدا کی تھی۔ پسماندہ طبقات کو سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کی فراہمی نے نہ صرف ان کے اندر سیاسی شعور کو بیدار کیا بلکہ اقتدار کے روایتی ڈھانچے کو بھی چیلنج کیا۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی جیسی جماعتوں کو سیاسی استحکام حاصل ہوا۔ ملائم سنگھ یادو نے مسلم اور یادو طبقات کی سیاسی وابستگی کو اپنی جماعت کی مضبوط انتخابی بنیاد بنایا، جب کہ کانشی رام اور بعد ازاں مایاوتی نے دلتوں کو محض انتخابی ہجوم کے بجائے ایک مستقل سیاسی قوت اور اقتدار میں شراکت دار بنانے کی کوشش کی۔
اس عہد میں اتر پردیش کی سیاست کا بنیادی حوالہ سماجی انصاف، ذات برادری کی نمائندگی اور اقتدار میں حصے داری تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ سیاسی جماعتوں نے اپنے انتخابی دائرے کو وسیع کرنے کے لیے نئی حکمت عملیاں اختیار کیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہندوتوا کے وسیع تر سیاسی بیانیے کے ساتھ غیر یادو پسماندہ طبقات اور غیر جاٹو دلت برادریوں کو اپنے انتخابی اتحاد میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی۔ اس حکمت عملی کے ذریعے بی جے پی نے ایک ایسا سماجی و سیاسی حلقہ تشکیل دیا جس میں مذہبی شناخت کے ساتھ ذات برادری کی مختلف اکائیاں بھی ایک مشترکہ انتخابی عنوان کے تحت جمع ہوتی چلی گئیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی روایتی سیاسی بنیادوں میں دراڑیں پیدا ہوئیں اور بی جے پی کو اتر پردیش میں غیر معمولی انتخابی کامیابیاں حاصل ہوئیں لیکن سیاست کا مزاج کبھی یکساں نہیں رہتا۔ عوامی ترجیحات، معاشی حالات اور سیاسی تجربات وقت کے ساتھ نئے سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات نے بھی اتر پردیش میں اسی تبدیلی کی ایک نمایاں تصویر پیش کی۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اور مذہبی جذبات کے وسیع سیاسی استعمال کے باوجود بی جے پی ریاست میں اپنی سابقہ انتخابی برتری برقرار رکھنے میں ناکام رہی، جب کہ سماجوادی پارٹی نے 37 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اپنی سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ یہ نتیجہ محض نشستوں کی تبدیلی نہیں تھا، بلکہ اس نے اس مفروضے پر بھی سوالیہ نشان ثبت کیا کہ مذہبی جذبات کا ابھار ہر انتخاب میں لازماً سیاسی کامیابی کی ضمانت بن سکتا ہے۔
2024 کے انتخابی نتائج نے یہ حقیقت بھی نمایاں کی کہ عوامی زندگی کے بنیادی مسائل کو مسلسل نظرانداز کرکے انتخابی سیاست میں دیرپا برتری حاصل کرنا آسان نہیں۔ بے روزگاری، مہنگائی، نوجوانوں میں مستقبل کے حوالے سے بڑھتی بے یقینی، کسانوں کی معاشی مشکلات، آئین اور ریزرویشن کے تحفظ سے متعلق اندیشوں نے انتخابی مباحث کو متاثر کیا۔ سماجوادی پارٹی نے ان مسائل کو اپنے سیاسی بیانیے کا حصہ بنایا اور پی ڈی اے یعنی پسماندہ، دلت اور اقلیتوں کی سیاسی اصطلاح کو ایک منظم انتخابی تصور کے طور پر پیش کیا۔ اس نعرے کے ذریعے اکھلیش یادو نے مختلف سماجی طبقات کو ایک مشترکہ سیاسی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کی جس کا فائدہ انہیں لوک سبھا انتخابات میں حاصل بھی ہوا۔ اب 2027 کے انتخابات کے پیش نظر اسی پی ڈی اے سیاست کو معاشی وعدوں اور سماجی شراکت داری کے تصور کے ساتھ مزید وسعت دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پچیس لاکھ سرکاری ملازمتوں کا وعدہ نوجوانوں کے اس طبقے کو متوجہ کرنے کی کوشش ہے جو برسوں سے مسابقتی امتحانات، بھرتیوں میں تاخیر اور روزگار کے محدود مواقع سے پریشان ہے۔ دو سے تین کروڑ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا اعلان بھی اسی طبقے کے معاشی اضطراب کو سیاسی قوت میں تبدیل کرنے کی ایک تدبیر ہے۔ تاہم یہاں ایک بنیادی سوال اپنی پوری شدت کے ساتھ موجود ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ملازمتوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مالی وسائل، انتظامی ڈھانچے اور معاشی منصوبہ بندی کا کیا لائحۂ عمل ہوگا؟ انتخابی وعدے اسی وقت عوامی اعتماد حاصل کرتے ہیں جب ان کے ساتھ قابلِ عمل منصوبہ بندی اور واضح ترجیحات بھی پیش کی جائیں۔
کسانوں کے قرض کی معافی کا اعلان بھی اتر پردیش کی سیاست میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ریاست کی معیشت میں زراعت کا حصہ بنیادی نوعیت کا ہے اور کسانوں کا ایک بڑا طبقہ بڑھتی پیداواری لاگت، فصلوں کی مناسب قیمت، آب پاشی کے اخراجات، قرضوں کے بوجھ اور قدرتی آفات جیسے مسائل سے دوچار رہتا ہے۔ محض قرض معافی سے کسانوں کی تمام مشکلات کا ازالہ ممکن نہیں، لیکن اگر اس کے ساتھ زرعی پیداوار کی مناسب قیمت، کھاد و بیج کی دستیابی، آب پاشی کے بہتر انتظامات، دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور زرعی منڈیوں کی اصلاح کو بھی شامل کیا جائے تو یہ پالیسی کسانوں کی معاشی خودمختاری میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔ اکھلیش یادو کے لیے بھی ضروری ہوگا کہ وہ کسانوں کے مسائل کو انتخابی موسم کے عارضی موضوع کے بجائے ایک مستقل معاشی ایجنڈے کے طور پر پیش کریں۔ خواتین کے لیے سالانہ چالیس ہزار روپے پنشن کا اعلان بھی انتخابی اعتبار سے قابلِ توجہ ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں خواتین ووٹروں کی سیاسی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتیں اس حقیقت کو تسلیم کرچکی ہیں کہ خواتین اب محض خاندان کے مرد ووٹروں کے سیاسی فیصلوں کی تابع نہیں رہیں، بلکہ وہ اپنے معاشی مفادات، تحفظ، سماجی حیثیت اور فلاحی سہولتوں کی بنیاد پر آزادانہ سیاسی رائے قائم کرنے لگی ہیں۔ اس صورت حال میں خواتین کے لیے مالی امداد اور پنشن کا وعدہ سماجوادی پارٹی کو ایک نئے انتخابی حلقے تک رسائی فراہم کرسکتا ہے۔ تاہم خواتین کی حقیقی خودمختاری کے لیے مالی اعانت کے ساتھ تعلیم، صحت، روزگار، تحفظ، ہنرمندی اور باعزت معاشی شرکت کے مواقع بھی ناگزیر ہیں۔
تازہ انتخابی اعلانات میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کو سرکاری ٹھیکوں میں پچاس فیصد حصہ داری دینے کا وعدہ خاص طور پر قابلِ غور ہے۔ ہندوستانی سیاست میں ریزرویشن کی بحث عموماً سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں تک محدود رہی ہے، لیکن سرکاری ٹھیکوں، تعمیراتی منصوبوں اور حکومتی خریداری کے شعبوں میں محروم طبقات کی شرکت کا سوال بھی معاشی انصاف سے براہِ راست تعلق رکھتا ہے۔ سرکاری وسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد اگر چند مخصوص طبقوں تک محدود رہیں تو سماجی نابرابری کی خلیج مزید وسیع ہوتی ہے۔ اس لیے ٹھیکوں میں حصہ داری کا تصور محروم طبقات کو معاشی سرگرمیوں میں شریک کرنے کی ایک نئی جہت پیش کرسکتا ہے۔ البتہ اس وعدے کی عملی صورت، قانونی جواز، اہلیت کے معیار اور شفاف نفاذ کے طریقۂ کار کی وضاحت بھی ضروری ہوگی، تاکہ یہ اعلان محض انتخابی نعرہ بن کر نہ رہ جائے۔ ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ بھی اسی سیاسی حکمت عملی کا بنیادی ستون ہے۔ اس مطالبے کے حامیوں کا استدلال ہے کہ جب تک مختلف سماجی طبقات کی حقیقی آبادی، معاشی حالت، تعلیمی صورت حال اور سرکاری اداروں میں نمائندگی کے مستند اعداد و شمار دستیاب نہیں ہوں گے، اس وقت تک وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سماجی انصاف کے دعووں کو ٹھوس بنیاد فراہم کرنا دشوار رہے گا۔ دوسری جانب اس عمل کے دوران سماجی تقسیم کو مزید گہرا ہونے سے بچانا اور مردم شماری کے نتائج کو محض سیاسی صف بندی کے بجائے حقیقی فلاحی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کرنا بھی ضروری ہے۔ اکھلیش یادو اگر اس مطالبے کو عملی اور آئینی تناظر میں پیش کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ ان کی سیاست کو ایک وسیع سماجی جواز فراہم کرسکتا ہے۔ تاہم سماجوادی پارٹی کے سامنے سب سے بڑا چیلنج اپنے روایتی انتخابی حلقے سے باہر اعتماد کی نئی فضا قائم کرنا ہے۔ پی ڈی اے کا نعرہ اپنی جگہ اہم ہے، لیکن دلتوں، غیر یادو پسماندہ طبقات اور دیگر محروم برادریوں کو محض انتخابی اعداد و شمار میں شمار کرکے ان کی سیاسی حمایت حاصل نہیں کی جاسکتی۔ انہیں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے، امیدواروں کے انتخاب، اہم فیصلہ ساز عہدوں اور اقتدار کی ممکنہ تقسیم میں حقیقی نمائندگی دینا ہوگی۔ سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کا اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب وہ اپنے نعروں کو عملی کردار میں تبدیل کرتی ہیں۔ اگر سماجوادی پارٹی سماجی انصاف کی بات کرتی ہے تو اسے اپنی داخلی سیاست میں بھی اس اصول کی جھلک دکھانی ہوگی۔ مسلمانوں کے حوالے سے بھی سماجوادی پارٹی کی ذمہ داری غیر معمولی ہے۔ اتر پردیش میں مسلم ووٹروں کی ایک بڑی تعداد مختلف انتخابات میں بی جے پی کے مقابلے میں سماجوادی پارٹی کو ترجیح دیتی رہی ہے، لیکن کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے یہ کافی نہیں کہ وہ صرف انتخابی حمایت حاصل کرے اور بعد ازاں ان طبقات کے بنیادی مسائل کو ثانوی حیثیت دے دے۔ مسلمانوں کے لیے معیاری تعلیم، روزگار، معاشی ترقی، سماجی تحفظ، تعلیمی اداروں کی بہتری اور سیاسی نمائندگی کے سوالات پر واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنا ضروری ہے۔ انہیں انتخابی سیاست میں محض ایک ووٹ بینک کے طور پر دیکھنے کے بجائے ریاست کی ترقی اور جمہوری عمل میں برابر کے شریک شہریوں کی حیثیت سے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ سماجوادی پارٹی اگر پی ڈی اے کی سیاسی وسعت میں اقلیتوں کو حقیقی شراکت دار بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو اس کا انتخابی اثر بھی زیادہ پائیدار ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے لیے بھی 2027 کا انتخاب آسان معرکہ نہیں ہوگا۔ مذہبی شناخت، قومی سلامتی، ثقافتی قوم پرستی اور ترقیاتی منصوبوں کا بیانیہ اس کی سیاسی حکمت عملی کا اہم حصہ رہا ہے، لیکن انتخابی سیاست میں کسی بھی بیانیے کی افادیت عوامی زندگی کے تجربات سے الگ نہیں ہوسکتی۔ نوجوان اگر روزگار کے مواقع کے منتظر ہیں، کسان اگر اپنی آمدنی اور فصلوں کی قیمت کے حوالے سے مطمئن نہیں، خواتین اگر معاشی تحفظ کی خواہش مند ہیں اور پسماندہ طبقات اگر سیاسی و معاشی نمائندگی کے سوالات اٹھا رہے ہیں تو ان تمام معاملات کا جواب دینا ہر حکمراں جماعت کی آئینی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔ محض گزشتہ کامیابیوں کا حوالہ دے کر مستقبل کی انتخابی آزمائش سے گزرنا ممکن نہیں ہوگا۔ یہاں بہوجن سماج پارٹی کے کردار کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مایاوتی کی جماعت ایک طویل عرصے تک دلت سیاست کی سب سے مؤثر آواز رہی ہے اور اس کا روایتی ووٹ بینک آج بھی اتر پردیش کی انتخابی سیاست میں اہمیت رکھتا ہے۔ اگر دلت ووٹروں کی سیاسی ترجیحات میں کوئی نئی تبدیلی رونما ہوتی ہے یا بہوجن سماج پارٹی اپنے تنظیمی ڈھانچے کو دوبارہ متحرک کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو اس کے اثرات سماجوادی پارٹی اور بی جے پی دونوں پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح چھوٹی علاقائی جماعتوں، پسماندہ طبقات کی تنظیموں اور مختلف سماجی تحریکوں کی سرگرمیاں بھی انتخابی نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہیں۔ اس لیے 2027 کی سیاست کو صرف دو بڑی جماعتوں کے درمیان مقابلے تک محدود کرکے دیکھنا سیاسی حقیقتوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ اتر پردیش کا آئندہ اسمبلی انتخاب محض اقتدار کی تبدیلی یا تسلسل کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ ریاست کے سیاسی و سماجی مستقبل سے متعلق کئی بنیادی سوالات کا فیصلہ بھی کرے گا۔ کیا مذہبی شناخت کا سیاسی اثر معاشی مسائل پر غالب رہے گا؟ کیا ذات پر مبنی سیاسی صف بندیاں دوبارہ انتخابی سیاست کا مرکزی حوالہ بنیں گی؟ کیا نوجوانوں کے لیے روزگار اور کسانوں کے لیے معاشی تحفظ جیسے مسائل انتخابی ترجیحات میں نمایاں مقام حاصل کرسکیں گے؟ اور کیا سماجی انصاف کے نام پر کیے جانے والے وعدے عملی پالیسیوں میں تبدیل ہو پائیں گے؟ اکھلیش یادو نے اپنے تازہ اعلانات کے ذریعے انتخابی سیاست کی بساط پر نئے مہرے ضرور رکھ دیے ہیں، لیکن ان کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ ان وعدوں کو کس قدر قابلِ اعتبار منصوبہ بندی کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کو بھی یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس کی حکمرانی محض سیاسی استحکام اور مذہبی شناخت کے بیانیے تک محدود نہیں، بلکہ وہ روزگار، معاشی خوش حالی، سماجی تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ بالآخر 2027 کا انتخاب اس امر کا فیصلہ کرے گا کہ اتر پردیش کا ووٹر اپنے مستقبل کی تعمیر کے لیے کن ترجیحات کو فوقیت دیتا ہے۔ مذہبی جذبات، ذات برادری کی وابستگی اور سیاسی وفاداریاں اپنی جگہ اہم ہوسکتی ہیں، لیکن کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی کا پیمانہ اس کے نوجوانوں کا مستقبل، کسانوں کی خوش حالی، خواتین کا تحفظ، محروم طبقات کی معاشی خودمختاری اور ہر شہری کے لیے مساوی مواقع ہوتے ہیں۔ انتخابی وعدوں کی کثرت اپنی جگہ، مگر عوام اب یہ دیکھنا چاہیں گے کہ اقتدار کے دعوے دار ان کے خوابوں کو تعبیر دینے کے لیے کس قدر سنجیدہ، باصلاحیت اور جواب دہ ہیں۔ یہی وہ کسوٹی ہوگی جس پر 2027 میں اتر پردیش کی سیاست کا نیا باب رقم ہوگا۔
مضمون نگار معروف صحافی و تجزیہ نگار ہیں
iftikharahmadquadri@gmail.com

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے