سچی توبہ کرنے والے کا اللہ تعالیٰ کی نظر میں مقام ؟
ازقلم:مفتی احمد عبدالحسیب تنویر قاسمی
انسان خطا کا پتلا ہے اور اس کی فطرت میں کمزوری رکھی گئی ہے۔ چنانچہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ تَجَاوَزَ لِي عَنْ أُمَّتِي الْخَطَأَ وَالنِّسْيَانَ وَمَا اسْتُكْرِهُوا عَلَيْه
بے شک اللہ تعالیٰ نے میری امت سے خطا، بھول اور مجبوری کے کام کو معاف فرما دیا ہے۔ (سنن ابن ماجہ: 2045)
تجربہ بتاتا ہے کہ انسان جس ماحول میں رہتا ہے، اس ماحول کے اثرات اس کی زندگی میں ظاہر ہوتے رہتے ہیں۔ گناہوں سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان اچھے، نیک، متقی اور پرہیزگار لوگوں کی صحبت اختیار کرے اور ان کے ساتھ رہنے کی عادت ڈالے۔
لیکن بعض مرتبہ نہ چاہتے ہوئے بھی انسان سے چھوٹی لغزشیں ہو جاتی ہیں اور کبھی بڑے بڑے گناہ، حتیٰ کہ گناہِ کبیرہ بھی سرزد ہو جاتے ہیں۔ تاہم اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کی ناراضی اور غضب پر غالب ہے اور اس نے اپنے بندوں کے لیے توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا رکھا ہے۔
جب کوئی گناہ گار بندہ اپنے کیے پر دل سے نادم ہو کر سچی اور پکی توبہ، یعنی توبۂ نصوح کر لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ نہ صرف اس کے گناہوں کو معاف فرما دیتے ہیں بلکہ اپنے فضل و کرم سے اس کی برائیوں کو نیکیوں میں بھی تبدیل فرما دیتے ہیں۔
تمام بنی آدم خطا کار ہیں، اور بہترین خطا کار وہ ہیں جو کثرت سے توبہ کرنے والے ہیں۔ (سنن ترمذی: 2499)
گویا انسان کی فضیلت اس بات میں نہیں کہ اس سے کبھی غلطی ہی نہ ہو، بلکہ اس کی فضیلت اس میں ہے کہ غلطی ہو جانے کے بعد وہ اپنے رب کی طرف رجوع کرے، اپنے گناہوں پر نادم ہو اور سچے دل سے توبہ کرے۔
مگر جس نے توبہ کی، ایمان لایا اور نیک عمل کیے، تو ایسے لوگوں کی برائیوں کو اللہ تعالیٰ نیکیوں سے بدل دے گا، اور اللہ تعالیٰ بہت بخشنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے (الفرقان: 70)
سورۂ فرقان کی ان آیات سے پہلے اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب بندوں کی صفات بیان فرمائی ہیں اور بڑے بڑے گناہوں، مثلاً شرک، ناحق قتل اور زنا سے اجتناب کرنے والوں کا ذکر فرمایا ہے۔ اس کے بعد یہ خوش خبری دی کہ اگر (خدانخواستہ) کسی سے یہ بڑے گناہ سرزد ہو جائیں اور وہ سچی توبہ کر کے ایمان اور عمل صالح کی زندگی اختیار کر لے تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کو بھی نیکیوں سے تبدیل فرما دیتے ہیں۔
ان آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کتنی وسیع ہے! وہ اپنے گناہ گار بندوں کو بھی اپنی رحمت سے محروم نہیں فرماتے۔ لہٰذا کسی کو بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ہرگز مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
ایک اور جگہ پر اللہ تعالیٰ نے گناہ گار بندوں کو مایوس نہ ہونے اور توبہ کی طرف متوجہ ہونے کی دعوت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
آپ فرما دیجئے: اے میرے وہ بندو جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کر لی ہے تم اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، بے شک اللہ تعالیٰ سارے گناہ معاف فرما دیتا ہے، وہ یقینا بڑا بخشنے والا، بہت رحم فرمانے والا ہے (الزمر: 53)
ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
أَنَّهُ مَنْ عَمِلَ مِنْكُمْ سُوءًا بِجَهَالَةٍ ثُمَّ تَابَ مِنْ بَعْدِهِ وَأَصْلَحَ فَأَنَّهُ غَفُورٌ رَحِيمٌ
بے شک تم میں سے جو شخص نادانی میں کوئی برائی کر بیٹھے، پھر اس کے بعد توبہ کر لے اور اپنی اصلاح کر لے تو اللہ تعالیٰ بہت بخشنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔
(الانعام: 54)
ایک اور جکہ الله تعالی نے فرمایا
وَهُوَ الَّذِي يَقْبَلُ التَّوْبَةَ عَنْ عِبَادِهِ وَيَعْفُو عَنِ السَّيِّئَاتِ وَيَعْلَمُ مَا تَفْعَلُونَ
اور وہی ہے جو اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتا ہے، برائیوں (خطاؤں) سے درگزر کرتا ہے، اور جو کچھ تم کرتے ہو وہ جانتا ہے (الشوری 25)
اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو توبۂ نصوح کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
اے ایمان والو! اللہ کی بارگاہ میں سچی اور خالص توبہ کرو۔ امید ہے کہ تمہارا رب تمہاری برائیاں تم سے مٹا دے گا اور تمہیں ایسے باغات (جنتوں) میں داخل فرمائے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ (التحریم: 8)
توبۂ نصوح کیا ہے اور اس کی شرائط کیا ہیں؟
★ سچے دل سے کوئی شخص توبہ کرتا ہے تو ایسی توبہ کو توبۂ نصوح کہا جاتا ہے۔
توبۂ نصوح کے مفہوم اور حقیقت کو سمجھنے کے لیے چند باتیں قابل توجہ ہیں:
★ گناہ پر دل سے شرمندگی یعنی انسان اپنے کیے ہوئے گناہ پر دل سے نادم ہو اور اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگے۔
★ گناہ کو فوراً چھوڑ دینا یعنی جس گناہ سے توبہ کر رہا ہے، اس گناہ کو فوراً ترک کر دے۔
★ آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ عزم یعنی دل میں یہ مضبوط ارادہ ہو کہ آئندہ اس گناہ کی طرف واپس نہیں جائے گا۔
★ حقوق العباد کی ادائیگی یعنی اگر گناہ کا تعلق کسی بندے کے حق سے ہو، مثلاً کسی کا مال لیا ہو، کسی کو نقصان پہنچایا ہو یا کسی کا حق دبایا ہو، تو اس کا حق واپس کرنا یا اس سے معافی حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔
★ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے توبۂ نصوح کے بارے میں یہ قول منقول ہے کہ توبۂ نصوح یہ ہے کہ انسان گناہ سے توبہ کرنے کے بعد دوبارہ اس کی طرف نہ لوٹے، جس طرح نکلا ہوا دودھ دوبارہ تھن میں واپس نہیں جاتا۔
★ سچی توبہ کے بعد گناہ گار کا مقام
اللہ تعالیٰ جب کسی بندے کے گناہ معاف فرما دیتے ہیں تو کسی انسان کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اس شخص کو اس کے سابقہ گناہوں کی بنیاد پر طعن و تشنیع کا نشانہ بنائے۔
جب اللہ تعالیٰ نے معافی کا دروازہ کھول رکھا ہے، اور گناہ گار بندہ اپنے کیے پر نادم ہو کر معافی مانگنے کے لیے تیار ہے اور اپنے رب کی طرف رجوع کر چکا ہے، تو کسی دوسرے انسان کو اس کے ماضی کے گناہوں کو اچھالنے اور اسے ذلیل کرنے کا کیا حق پہنچتا ہے؟
کسی انسان کو محض اس کے سابقہ گناہوں کی وجہ سے برا نہیں سمجھنا چاہیے۔ ہو سکتا ہے کہ اس نے سچی اور پکی توبہ کر لی ہو اور اس کی توبہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبول بھی ہو گئی ہو۔
کس شخص کو کب توبہ کی توفیق نصیب ہو جائے اور اللہ تعالیٰ کس کی توبہ کب قبول فرما لیں، اس کا علم اللہ ہی کو ہے۔
اس سلسلے میں حضرت ماعز اسلمی رضی اللہ عنہ کا واقعہ نہایت سبق آموز ہے۔
★ حضرت ماعز اسلمی رضی اللہ عنہ کی توبہ!
حضرت ماعز اسلمی رضی اللہ عنہ سے ایک بہت بڑا گناہ سرزد ہو گیا تھا۔ انہوں نے رسول اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر اپنے گناہ کا اعتراف کیا اور اپنے اوپر حد قائم کرنے کی درخواست کی۔ تحقیق اور اصرار کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ان پر حد رجم جاری کرنے کا حکم فرمایا۔
جب انہیں رجم کیا جانے لگا تو وہ پتھروں کی تکلیف سے بھاگنے لگے۔ لوگوں نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں قتل کر دیا۔ اس واقعے کی اطلاع جب رسول اللہ ﷺ کو دی گئی تو آپ ﷺ نے ان کی توبہ کی عظمت بیان فرمائی۔
گناہ سے توبہ کرنے والا ایسا ہے جیسے اس نے کوئی گناہ ہی نہیں کیا۔
(سنن ابن ماجہ: 4250)
گویا سچی توبہ کے بعد اللہ تعالیٰ بندے کے گناہوں کو مٹا دیتے ہیں، بلکہ سورۂ فرقان کی مذکورہ آیت کے مطابق اپنے فضل و کرم سے برائیوں کو نیکیوں میں بھی تبدیل فرما دیتے ہیں۔
★ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی توبہ کے ایمان افروز واقعات
اسلامی تاریخ میں اس حقیقت کی بہت سی مثالیں موجود ہیں کہ گناہ کے بعد سچی توبہ نے انسانوں کو اللہ تعالیٰ کے مقرب بندوں میں شامل کر دیا۔
★ حضرت کعب بن مالک، حضرت مرارہ بن ربیع اور حضرت ہلال بن امیہ رضی اللہ عنہم کی توبہ
غزوۂ تبوک میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے تین صحابۂ کرام سے ناراضگی !
حضرت کعب بن مالک، حضرت مرارہ بن ربیع اور حضرت ہلال بن امیہ رضی اللہ عنہم کا معاملہ پچاس دن تک مؤخر رکھا گیا۔ ان حضرات نے اپنے قصور کا اعتراف کیا، سچائی کا دامن نہیں چھوڑا اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کیے اور اللہ تعالی کے فیصلے کا انتظار کرتے رہے۔
ان کی توبہ کی قبولیت کا اعلان اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا:
اور ان تینوں پر بھی اللہ نے مہربانی فرمائی جن کا معاملہ ملتوی رکھا گیا تھا، یہاں تک کہ جب زمین باوجود اپنی فراخی کے ان پر تنگ ہو گئی اور ان کی جانیں خود ان پر تنگ ہو گئیں اور انہوں نے یقین کر لیا کہ اللہ (کی پکڑ) سے بچنے کی کوئی پناہ گاہ خود اللہ کے سوا نہیں، پھر اللہ نے ان پر رحمت کے ساتھ توجہ فرمائی تاکہ وہ توبہ کریں۔ بے شک اللہ ہی بہت توبہ قبول کرنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔(التوبہ: 118)
★ حضرت وحشی بن حرب رضی اللہ عنہ کی توبہ
حضرت وحشی بن حرب رضی اللہ عنہ نے اسلام قبول کرنے سے پہلے جنگ احد میں رسول اللہ ﷺ کے محبوب چچا حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کو شہید کیا تھا۔ یہ بہت بڑا سانحہ تھا اور اس کا غم رسول اللہ ﷺ کو ہمیشہ رہا۔
لیکن جب حضرت وحشی رضی اللہ عنہ اسلام لے آئے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں ایمان کی دولت عطا فرمائی اور وہ صحابی رسول بن گئے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کو دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔ یہی اللہ تعالیٰ کی رحمت اور توبہ کی قبولیت کا عظیم مظہر ہے۔
★ اولیاء اللہ اور بزرگان دین کی توبہ کے واقعات
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے علاوہ اولیاء اللہ اور بزرگان دین کی تاریخ میں بھی ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں کہ سچی توبہ نے انسانوں کی زندگی کا رخ بدل دیا۔
★ حضرت فضیل بن عیاض رحمۃ اللہ علیہ کی توبہ
حضرت فضیل بن عیاض رحمۃ اللہ علیہ توبہ سے پہلے ایک مشہور ڈاکو اور رہزن تھے۔ ایک مرتبہ وہ اپنے معمول کے مطابق کسی گناہ کے ارادے سے جا رہے تھے کہ انہوں نے کسی قاری کو قرآن کریم کی یہ آیت تلاوت کرتے ہوئے سنا:
کیا ایمان والوں کے لیے ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ان کے دل اللہ کے ذکر سے پگھل جائیں؟
یہ آیت ان کے دل پر ایسی اثر انداز ہوئی کہ فوراً پکار اٹھے: اے میرے پروردگار ! اب وقت آ گیا ہے۔
چنانچہ انہوں نے سچی توبہ کی اور اپنی زندگی کا رخ بدل دیا۔ بعد میں وہ زہد و تقویٰ، عبادت اور علم و معرفت کے عظیم مقام پر فائز ہوئے۔
★ حضرت بشر حافی اور حضرت مالک بن دینار رحمہما اللہ کی توبہ
اسی طرح حضرت بشر حافی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت مالک بن دینار رحمۃ اللہ علیہ کے حالات زندگی میں بھی توبہ اور رجوع الی اللہ کے واقعات ملتے ہیں۔ ان حضرات نے جب اپنے رب کی طرف رجوع کیا تو اللہ تعالیٰ نے انہیں زہد، تقویٰ اور عبادت کے بلند مقامات عطا فرمائے۔ ان کی زندگیاں اس بات کی مثال ہیں کہ انسان اپنے ماضی کو چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرے تو اس کی زندگی بدل سکتی ہے۔
نتیجہ اور ہماری ذمہ داری
مذکورہ قرآنی آیات، احادیث مبارکہ اور صحابۂ کرام و اولیاء اللہ کے واقعات سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ انسان سے گناہ ہو جانا اس کے لیے مایوسی کا سبب نہیں بننا چاہیے، بلکہ اسے فوراً اپنے رب کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے۔ وہ بڑے سے بڑے گناہ کو معاف فرمانے پر قادر ہے۔ شرط یہ ہے کہ بندہ سچے دل سے توبہ کرے، گناہ چھوڑ دے، آئندہ اس سے بچنے کا پختہ عزم کرے اور اگر کسی بندے کا حق اس کے ذمہ ہو تو اسے ادا کرے۔
اسی طرح ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ جو شخص اپنے ماضی کے گناہوں سے توبہ کر کے نیک زندگی اختیار کر چکا ہو، ہم اس کے ماضی کو اچھالنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کریں، اس کے لیے خیر خواہی کا جذبہ رکھیں اور اسے نیکی کے راستے پر ثابت قدم رہنے میں مدد دیں۔
کیونکہ ممکن ہے کہ جس شخص کو ہم اس کے ماضی کے گناہوں کی وجہ سے حقیر سمجھ رہے ہوں، وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنی سچی توبہ کی وجہ سے ہم سے زیادہ مقبول ہو۔