مودی سرکار کو امسال بجٹ اجلاس میں پہلی بار منہ کی کھانی پڑی تھی ۔ 17؍ اپریل 2026 کو بجٹ سیشن کے دوران حلقہ بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں درکار حمایت نہ ملنے کی وجہ سے نہیں منظور ہو سکا تھا۔اس کا بنیادی مقصد پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے تحفظات کا نفاذ تھا۔ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے اپنی اس شکست کا ازالہ کرنے اور مطلوبہ عددی اکثریت جمع کرنے کی مہینوں پر محیط پسِ پردہ کوششوں کے بعد، 30؍ نومبرکو لوک سبھا کا اور 2 دسمبر سے راجیہ سبھا کا اجلاس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ممکنہ طور پر یہ اجلاس 3 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ کرن رجیجو نےیہ واضح نہیں کرنا کہ اس مختصر اجلاس میں کون سا سرکاری کام نمٹایا جائے گا اس بات کا ثبوت ہے کہ حد بندی بل اور اس سے متعلقہ قانون سازی میں ہونے والی ناکامی کا بدلہ لینے کی بابت مودی سرکار کے اندر خود اعتمادی کا فقدان ہے ورنہ وہ کھلے عام کہہ سکتی تھی کہ ہم خواتین کو ان کا حق دلانے کی خاطر حد بندی کرنے جارہے ہیں اور اس کی مخالفت کرنےوالےخواتین کے دشمن ہیں ۔بی جے پی پر داغ کا یہ شعر صادق آتا ہے؎
کیسا پردہ ہے کہ چلمن سے لگے بیٹھے ہیں
صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں
یہ دراصل موجودہ سرکار کے اپنے ہاتھوں کی پیدا کردہ مصیبت ہے ۔اس نے 2023 میں خواتین کے لیے دئیے جانے والے 33 فیصد ریزرویشن کے نفاذ کو بلا وجہ انتخابی حلقوں کی تعداد میں اضافہ اور ان کی نئی حد بندی سے جوڑ دیا۔ کانگریس کے قیادت والی اپوزیشن جماعتوں کے محاذ ’انڈیا‘ کا مؤقف ہے کہ خواتین کو ریزرویشن موجودہ نظام کے تحت ہی حد بندی سے الگ کر دیا جا ئے مگر مودی حکومت اپنے سیاسی فائدے کے لیے انتخابی نقشے کو ازسرِ نو ترتیب دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت حد بندی کی آڑ میں ایسے حلقۂ انتخاب بنانا چاہتی ہے کہ اس کے مخالف ووٹ تقسیم ہو جائیں اور نتیجے پر اثر انداز نہ ہوسکیں ۔ دوسری صورت یہ ہے کہ مختلف مخالف حلقوں کو جوڑ کرایک بڑا حلقہ بنادیا جائے تاکہ تین چار کے بجائے صرف ایک حلقہ میں شکست ہو۔ یہ کوئی خیالی اندیشے نہیں بلکہ مودی سرکار آسام میں یہ تجربہ کرچکی ہے اور اس دھوکہ دھڑی سے انتخاب جیتنے کے بعد صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما اپنی فتح کا کریڈٹ انتخابی کمیشن کو دے چکے ہیں ۔ اس لیے اب آسام کے تجربہ کو ملک بھر میں نافذ کرکےسرکار اپنی جیت یقینی بنانا چاہتی ہے۔
مودی سرکار کسی طرح لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرکےحد بندی بل جیسے اہم معاملات کو نمٹانا چاہتی ہے ۔جئے رام رمیش کے بقول اس بل پر وسیع اتفاق رائے پیدا کرنا اور شفاف انداز میں بحث کرنا ضروری ہے مگر سرکار اس کو چور دروازے سے حل کرنا چاہتی ہے۔ ابھی تو خیر مانسون اجلاس کے خاتمہ میں سو سے زیادہ دن ہوچکے ہیں مگر بیس روز قبل 9؍ نومبر کو بھی انہوں نے مانسون سیشن کے غیر معینہ مدت تک ملتوی کیے جانے کے 88 دن بعد حکومت پر تنقید کی تھی۔ پارٹی نے الزام لگایا تھا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کو لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت کےلیے جوڑ توڑ کرنے کا وقت دینے کی غرض سے سیشن کو برخاست نہیں کیا جا رہا ہے، تاکہ حلقہ بندی سے متعلق متنازعہ بل پیش کیا جاسکے ۔ انہوں نے یاد دلایا تھا کہ مانسون سیشن کی آخری نشست 13؍ اگست کو ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں ایوان غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیئے گئے تھے۔ حزب اختلاف کا دعویٰ ہے کہ حکومت سیشن کو معلق رکھ کر حلقہ بندی کے نام پر خطرناک اور تباہ کن قوانین منظور کرانا چاہتی ہے۔
اپریل میں بی جے پی کو اس غلیظ مقصد میں ناکام کرنےکے بعدحزب اختلاف نے خوشی منائی تھی۔ خواتین کے ریزرویشن کے نام پر آئین میں ترمیم کر کے پارلیمنٹ کی سیٹیں بڑھانے کی مودی سرکار کی کوشش کو ناکام بنانے کے بعد اپوزیشن کے حوصلے بلند ہوئے تھے ۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے اسے ’’آئین پر حملے کی ناکامی‘‘ قرار دیا تھا۔ لوک سبھا میں 131؍ ویں آئینی ترمیمی بل کی ناکامی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ’’ہم نے آئین پر ہونےوالے حملے کو ناکام بنادیاہے۔یہ خواتین ریزرویشن بل نہیں تھا، ہندوستان کے سیاسی ڈھانچے کو بدلنے کی کوشش تھی ۔‘‘ پرینکا گاندھی بولی تھیں کہ’’ یہ ہماری جمہوریت اور ملک کی یکجہتی کی بڑی جیت ہے۔ یہ آئین پر حملہ تھا اور ہم نے اسے ناکام بنا دیا۔‘‘ششی تھرور نے کہا تھا کہ’’ ہم خواتین ریزرویشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں تاہم اسے پارلیمانی حلقہ بندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔‘‘
کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کےرہنما اروند کیجریوال نے اس کو مودی سرکار کی الٹی گنتی کے آغاز سے تعبیر کرتے ہوئے کہاتھا کہ ’’یہ مودی جی کے غرور کی ہار ہے۔ مودی سرکار کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ ‘‘ تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے پارلیمانی حد بندی کا بل پاس کرانےمیں مودی سرکار کی ناکامی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’تمل ناڈو نے مقابلہ کیا اورفتح حاصل کی، تمل ناڈو نے دہلی کو ہرادیا۔‘‘ انہوں نے زور دےکر کہا کہ ’’جنوبی ہند نے متحد ہوکر آواز بلند کی اور اس کی آواز سنی گئی، جمہوریت بچ گئی۔‘‘ ڈی ایم کے کے سربراہ اور تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کہا تھا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے بڑے فخر کے ساتھ یہ اعلان کردیا تھا کہ تمل ناڈو میں 23؍ اپریل کومنعقد ہونے والے اسمبلی الیکشن میں ووٹنگ کے ذریعہ دہلی کا غرور اور اس کی حمایت کرنے والے غلاموں کو ہرایا جائے گا لیکن ڈی ایم کے الیکشن ہار گئی اور کانگریس نے اس کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر وجئے تھلاپتی سے ہاتھ ملا لیا۔ اس کے بعد کانگریس سے تعلقات کشیدہ ہوگئے اور اب بی جے پی اس کا فائدہ اٹھاکر ساتھ لیننا چاہتی ہے یا کم ازکم غیر حاضر کرکے موجود ارکان کی تعداد مختصر کرنے کی سازش کررہی ہے۔
ٹی ایم سی کی مہوا موئترا نے کہا تھا کہ ’’متحد اپوزیشن نے خواتین ریزرویشن کی آڑ میں بدنیتی کے ساتھ پیش کئے گئے جانے والے غیر قانونی آئینی ترمیمی بل کو ناکام بنا دیا۔ اس لیے لوک سبھا میں مودی سرکار کی اس ناکامی کوایک ’’تاریخی لمحہ ‘‘ قراردیا تھا مگر اس کے بعد ٹی ایم سی صوبائی الیکشن ہارگئی اور پھر اس کے ارکان پارٹی بغاوت کرکے نئی پارٹی بنا لی ۔ اب ٹی ایم سی کا باغی گروہ یقیناً بی جے پی کی حمایت کرے گا ۔ اس بار بی جے پی سپریا سولے کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا لالچ دے کر شرد پوار کی این سی پی پر بھی ڈورے ڈال رہی ہے۔ اجیت پوار کی این سی پی اور ایکناتھ شندے کی شیوسینا پہلے ہی اس کی جیب میں ہے۔ ایسے میں شیو سینا (یو بی ٹی ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے الزام عائد کردیا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت مجوزہ حد بندی بل کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اراکین پارلیمنٹ کو فی کس 150 کروڑ روپے تک کی پیشکش کر رہی ہے۔ بی جے پی اب بے دھڑک نہایت بے حیائی سے ارکانِ پارلیمان کی خریدو فروخت کررہی ہے۔ ایسے میں نادم ندیم کہتے ہیں؎
سوال یہ ہے ہوا آئی کس اشارے پر
چراغ کس کے بجھے یہ سوال تھوڑی ہے
بی جے پی کے اشارے پر ایک کے بعد ایک مختلف جماعتوں کے چراغ بجھ رہیں ۔ راؤت نے حال میں اورنگ آباد اور ممبئی میں دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس حد بندی بل کو منظور کرانے کے لیے تقریباً 40 سے 50؍ اراکین پارلیمنٹ کی کمی ہے، اسی لیے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں تاخیر کی جا رہی ہے اور اراکین کو توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ راؤت نے دو دن کے اندر فی رکن پارلیمنٹ کی پیشکش میں 100 کروڑ سے بڑھ کر 150 کروڑ روپے تک کے اضافے کو بی جے پی نیشنل اسٹاک ایکسچینج” کا ریٹ قرار دیا اور بتایا کہ مہاراشٹر کے ایک بااثر وزیر نے اس منصوبے پر عمل درآمد اور اس کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی ذمہ داری لی ہے، اور پارٹی چھوڑ کر بل کی حمایت کرنے والے اراکین کو نااہلی سے بچانے کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے۔ اس خبر کو پڑھنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ اقتدار سے محرومی کے سبب جیل جانے بچنے کے لیے بی جے پی کرو یا مرو کی حالت میں چلی گئی ہے۔ اس کو اس بل کے اندر ڈوبتے کو تنکہ کا سہارا نظر آرہا ہے لیکن ملک کے حالات ایسا پلٹا کھاچکے ہیں شاید ہی آئینی ترمیم سے بی جے پی کا کوئی فائدہ ہو سکے۔ زعفرانیوں پر تو آج کل اقبال کا یہ شعر صادق آرہا ہے؎
آخرِ شب دید کے قابل تھی بسمل کی تڑپ
صبح دم کوئی اگر بالائے بام آیا تو کیا