زبان ختم ہوتی ہے تو اس کے ساتھ تہذیب، ثقافت اور روایات بھی مٹ جاتی ہیں: یو ٹی قادر

زبان ختم ہوتی ہے تو اس کے ساتھ تہذیب، ثقافت اور روایات بھی مٹ جاتی ہیں: یو ٹی قادر

زبان ختم ہوتی ہے تو اس کے ساتھ تہذیب، ثقافت اور روایات بھی مٹ جاتی ہیں: یو ٹی قادر
ٹمکورو میں قومی یوم تعلیم و جشنِ اردو کی تقریب، اردو سمیت تمام مقامی زبانوں کے تحفظ پر زور

ٹمکورو، 12 نومبر (الہلال میڈیا )

ریاستی وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، وقف اور حج یو ٹی قادر نے زبانوں کے تحفظ کو تہذیب و ثقافت کے تحفظ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی زبان محض گفتگو اور اظہارِ خیال کا ذریعہ نہیں ہوتی بلکہ اس کے دامن میں ایک طویل تاریخ، تہذیبی ورثہ، ثقافت اور روایات محفوظ ہوتی ہیں۔ جب کوئی زبان زوال پذیر ہوکر ختم ہوجاتی ہے تو اس کے ساتھ اس خطے کی تہذیبی شناخت اور ثقافتی روایات بھی مٹنے لگتی ہیں۔ اس لیے مقامی زبانوں کی بقا اور ترقی کے لیے سنجیدہ اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔وہ شہر کے دانہ پیالیس میں کرناٹک اردو اکیڈمی، تحریکِ اردو ادب اور انجمن ترقی اردو ہند کے اشتراک سے منعقدہ قومی یوم تعلیم اور جشنِ اردو کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مقامی زبانوں کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں روزمرہ زندگی، تعلیم اور معاشرتی روابط میں زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔ نئی نسل کو اپنی زبانوں سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ زبان سے وابستگی ہی اپنی تہذیبی شناخت سے وابستگی کو مضبوط بناتی ہے۔نوجوانوں کو کثیر لسانی صلاحیتیں حاصل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے یو ٹی قادر نے کہا کہ موجودہ دور میں انگریزی عالمی سطح پر کاروبار، روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اہمیت رکھتی ہے، لیکن اس کے ساتھ مقامی اور دیگر زبانوں کا علم بھی ضروری ہے۔ جتنی زیادہ زبانیں سیکھی جائیں گی، علم و معلومات کے دائرے میں اتنا ہی اضافہ ہوگا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ترقی کے زیادہ مواقع حاصل ہوں گے۔ زبان سے ناواقفیت بعض اوقات صلاحیت اور قابلیت رکھنے والے افراد کو بھی آگے بڑھنے سے روک دیتی ہے۔ انہوں نے اپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بچپن میں ہندی زبان نہیں سیکھی، اگر انہیں ہندی پر عبور حاصل ہوتا تو ممکن ہے کہ آج قومی سطح پر قیادت کے مزید مواقع میسر آتے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زبانوں کو اپنی ترقی اور کامیابی کا وسیلہ بنائیں۔
کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر پروفیسر پُرُشوتّم بلیمَلے نے اپنے خطاب میں قومی یوم تعلیم اور جشنِ اردو کے مشترکہ انعقاد کو ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد نے ہندوستان کے تعلیمی نظام کی تشکیل، اصلاح اور ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔ ان کی تعلیمی خدمات اور دوراندیشی نے ملک کے تعلیمی مستقبل کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف اردو ہی نہیں بلکہ کنڑ زبان کو بھی انگریزی اور ہندی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔ 2011 کی مردم شماری میں ملک میں 19,568 زبانوں اور مادری زبانوں کے نام درج کیے گئے تھے، تاہم آئین ہند کے آٹھویں شیڈول میں صرف 22 زبانوں کو جگہ حاصل ہے، جن میں اردو اور کنڑ بھی شامل ہیں۔پروفیسر بلیمَلے نے تحریکِ آزادی میں مسلمانوں کی خدمات اور قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے انگریزوں کی حکمرانی کے ساتھ انگریزی زبان کے تسلط کی بھی مخالفت کی تھی، جبکہ دیگر طبقات نے بنیادی طور پر انگریز حکمرانوں کی مخالفت کی۔ انہوں نے ہندوستان کی مشترکہ تاریخ اور آزادی کی جدوجہد میں مسلمانوں کے کردار کو یاد رکھنے اور نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
رکن قانون ساز کونسل بلقیس بانو نے مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کو ہر شہری کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اردو اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری کا عمل روک دیے جانے کے وقت یو ٹی قادر کی قیادت میں اس مسئلے کو مؤثر انداز میں اٹھایا گیا اور اردو اساتذہ کی تقرری کے احکامات حاصل کرنے کے لیے کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی ترقی کے لیے حکومت اور مختلف ادارے اپنی سطح پر کوششیں کررہے ہیں، لیکن زبان کو زندہ رکھنے اور اسے نئی نسل تک منتقل کرنے کی اصل ذمہ داری ان لوگوں پر بھی عائد ہوتی ہے جو اس زبان کو بولتے اور سمجھتے ہیں۔بلقیس بانو نے کہا کہ آج اگر اردو زبان کہیں پرورش پارہی ہے تو وہ ہماری ماؤں کی گود میں ہے۔ اس زبان کو نئی نسل تک پہنچانے میں ماؤں اور خاندانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اردو صرف مسلمانوں کی زبان نہیں بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کی نمائندہ زبان ہے اور اسے کسی ایک مذہب یا طبقے تک محدود کرکے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
انجمن ترقی اردو ہند کرناٹک کے صدر محمد عبیداللہ شریف نے مولانا ابوالکلام آزاد کی ہمہ جہت شخصیت اور قومی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نے نہ صرف ملک کے تعلیمی نظام کی ترقی اور اصلاحات میں اہم کردار ادا کیا بلکہ قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں لڑکیوں کی بڑھتی ہوئی پیش رفت اردو زبان کے مستقبل کے لیے امید افزا ہے۔ لڑکیاں تعلیم کے ذریعے زبان و ادب سے اپنا رشتہ مضبوط بنائیں گی تو اردو بھی زندہ رہے گی اور ترقی کے نئے مراحل طے کرے گی۔
سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر ایس شفیع احمد نے طلبہ کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے موجودہ طریقۂ کار میں آسانی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ جو طلبہ ایک مرتبہ اسکالرشپ کے لیے اپنی درخواست اور ضروری دستاویزات جمع کرچکے ہیں، انہیں آئندہ برسوں میں دوبارہ تمام دستاویزات جمع کرنے کی پابندی سے مستثنیٰ کیا جائے اور پہلے سے موجود درخواست کو آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس سے طلبہ اور والدین کو غیر ضروری دشواریوں سے نجات ملے گی اور تعلیمی وظائف کی فراہمی کا عمل بھی آسان اور مؤثر ہوسکے گا۔
معروف سماجی کارکن اور انجمن ترقی اردو ہند کرناٹک کے نائب صدر سید اشرف نے ریاست میں اردو زبان کے تحفظ کے لیے ماضی میں چلائی گئی تحریکوں اور جدوجہد کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 1982 میں کرناٹک کی کانگریس حکومت نے کرناٹک ایجوکیشن بل متعارف کروایا تھا، جسے مرحوم عزیز سیٹھ کی مخالفت کے باوجود کابینہ اور اسمبلی میں منظور کرلیا گیا۔ اس بل کے اثرات کے پیش نظر انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اردو بچاؤ تحریک شروع کی اور اس معاملے کو آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی سے لے کر اس وقت کے صدر جمہوریہ گیانی ذیل سنگھ تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کے دوران ایک اردو داں صدر جمہوریہ نے جس جرأت اور اصول پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بل کو روکا، وہ اردو زبان کی تاریخ میں ایک اہم باب ہے۔ اسی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں کرناٹک میں اردو زبان کے تحفظ کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے نئی نسل کو اردو کے تحفظ کے لیے ماضی کی ان کوششوں اور قربانیوں سے واقف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ضلع کانگریس کمیٹی کے تشہیری شعبے کے صدر اقبال احمد نے تعلیمی میدان میں لڑکیوں کی نمایاں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج لڑکیاں تعلیم کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں، جبکہ لڑکوں میں تعلیمی دلچسپی کا کم ہونا تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔ انہوں نے اردو زبان کے استعمال کو عام کرنے اور نئی نسل میں اردو تعلیم کے رجحان کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔معروف شاعر اور انجمن ترقی اردو ہند کرناٹک کے جنرل سکریٹری مبین منور سمیت دیگر معززین نے بھی بطور مہمانانِ اعزازی شرکت کی۔ تقریب میں تحریکِ اردو ادب کے صدر تاج الدین شریف، سکریٹری افضل خان اور انجمن ترقی اردو ہند کے سکریٹری عبدالحلیم منصور سمیت مختلف ادبی، سماجی اور تعلیمی شخصیات موجود تھیں۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر اصغر بیگ، ڈسٹرکٹ سرجن؛ صنعت کار ہانی حسین کے اے؛ راجا محمد جعفر، کونسلر و صدر جامع مسجد، سرا؛ سید ارشاد احمد، صدر دانہ گروپ؛ منیر احمد (امریکہ)، انٹرپرینیور؛ خالد سہیل، ایڈووکیٹ؛ ایاز احمد، ایس کے ڈیولپرز؛ امین احمد (چندور)، کولمبس ریسٹورنٹ؛ ضلع کانگریس شعبۂ اقلیت کے صدر شیخ عرفان؛ یوسف صاحب، الفُرقان ایجوکیشنل ٹرسٹ؛ عبیداللہ شریف، والڈو ٹریکٹرز؛ یحییٰ خان، صدر رفاہ تمکورو چیپٹر؛ ضمیر الدین شریف، گروپ لیڈر ایچ آر ایس؛ عنایت اللہ، یونٹ صدر سولیڈیریٹی یوتھ موومنٹ؛ اور خلیل اللہ خان، یونٹ صدر ایس آئی او شامل تھے۔
اس موقع پر حال ہی میں کرناٹک اردو اکیڈمی کی جانب سے اعزاز حاصل کرنے والے سینئر صحافی، شاعر اور ادیب عارف متین کے علاوہ صحافی و ادیب منیر احمد ٹمکوری کو ان کی صحافتی، ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں تہنیت پیش کی گئی۔ تقریب میں یو پی ایس سی مینس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والی شہر کی ہونہار طالبہ سہا سعید، سبکدوش اساتذہ اور ایس ایس ایل سی و پی یو سی کے امتحانات میں اردو مضمون میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازا گیا۔
قومی یوم تعلیم اور جشنِ اردو کی اس مشترکہ تقریب نے جہاں مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا، وہیں اردو زبان کے تحفظ، مادری زبان میں تعلیم کے حق، لسانی ہم آہنگی اور نئی نسل میں تعلیمی بیداری کے اہم پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ زبانوں کا تحفظ صرف سرکاری اداروں یا اردو اکیڈمیوں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، ادبی تنظیموں اور خود زبان بولنے والوں کو بھی اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
کل ہند مشاعرے میں ملک کے نامور شعراء کی شرکت
قومی یوم تعلیم اور جشنِ اردو کی تقریبات کے سلسلے میں رات میں ایک کل ہند مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معروف شعراء نے شرکت کرتے ہوئے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ عالمی شہرت یافتہ شاعر ابرار کاشف کے علاوہ ناطق علی پوری، نعیم راشد برہانپوری، راحت حرارت‌ وانمباڑی، تنویر احمد عظیم، سلیم دریاپوری، عمران رشید مالیگاؤں، افضل دانش برہانپوری، عمران فیض ناگپوری، مفتی سید سلیم اللہ قاسم رشادی، عظمت اللہ بیگ عظمت، ثمینہ تاج ثمینہ اور شعیب تمنا اور دیگر نے اپنا کلام پیش کیا۔مشاعرے کی نظامت معروف ناظمِ مشاعرہ شفیق عابدی علی پوری نے انجام دی، جبکہ انور خان انور نے صدارت کی اور اپنے کلام سے بھی سامعین کو محظوظ کیا۔ مشاعرے میں شعر و ادب کے شائقین کی شرکت نے جشنِ اردو کی ادبی سرگرمیوں کو مزید رونق بخشی۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے