صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خود روزگا ر فراہمی کے پروگرام مسلسل جاری تاحال 6ہزار سے زائد ٹھیلہ بنڈیاں اور 1900سلائی مشینیں مستحقین میں تقسیم
صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خود روزگا ر فراہمی کے پروگرام مسلسل جاری
تاحال 6ہزار سے زائد ٹھیلہ بنڈیاں اور 1900سلائی مشینیں مستحقین میں تقسیم
حیدرآباد،24نومبر( پریس نوٹ)
معاشی طور پر کمزور اور مستحق خاندانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا اور انہیں خود کفیل بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مستحق افراد کی وقتی اور ہنگامی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ انہیں ایسے وسائل فراہم کرنا جن کے ذریعے وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں اور مستقل ذریعۂ معاش حاصل کرسکیں یہ معاشرہ کا ترجیحی تقاضہ اور اہم ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہار صفا بیت المال کے مرکزی صدر مولانا غیاث احمد رشادی صاحب نے صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ روزگار فراہمی پروگراموں کے پس منظر میں کیا۔ انہوں نے خود روزگاری کے فروغ اور مستحق خاندانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کے ذریعے افراد کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق روزگار حاصل کرنے اور اپنے خاندانوں کی کفالت کرنے کا موقع ملتا ہے۔
اسی مقصد کے تحت صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے دو مختلف مقامات پر خود روزگار فراہمی کے پروگرام منعقد کیے گئے،اور مستحق افراد میں ٹھیلہ بنڈیاں اور سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں، چنانچہ کرناٹک کے چتاپور میں واقع اے اے فنکشن ہال میں ٹھیلہ بنڈی تقسیم پروگرام منعقد ہوا، جس میں مستحق افراد میں 50ٹھیلہ بنڈیاں تقسیم کی گئیں۔ ان ٹھیلہ بنڈیوں کے ذریعے مستحقین اپنی دلچسپی اور مقامی بازار کی ضرورت کے مطابق سبزی، پھل، پلاسٹک کی اشیاء اور دیگر سامان فروخت کرکے اپنے کاروبار کا آغاز یا توسیع کرسکیں گے۔ اسی سلسلے کی دوسری کڑی کے طور پرتلنگانہ کے منچریال میں مدرسہ ضیاء العلوم میں سلائی مشین تقسیم پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں مستحق خواتین میں 100سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔
ان مشینوں کے ذریعے خواتین اپنی صلاحیتوں اور دلچسپی کے مطابق سلائی کا کام شروع یا وسیع کرسکیں گی اور باعزت روزگار حاصل کرکے اپنے خاندان کی آمدنی میں اضافہ کرسکیں گی۔ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو معاشی خود مختاری حاصل کرنے اور اپنے ہنر کو ذریعۂ معاش میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔دونوں پروگراموں میں صفا بیت المال ہیڈ آفس کے ایونٹ کوآرڈینیٹر محمد ابراہیم اللہ خان ، سروے آفیسرس اور میڈیا کوآرڈینیٹرس نے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ جبکہ مقامی کوآرڈینیٹر مولانا مفتی مسعود ، مولانا مشتاق صاحب نے تعاون کیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2021ء سے تاحال صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے روزگار فراہمی کے سلسلے میں مجموعی طور پر 6155ٹھیلہ بنڈیاں اور 1900سلائی مشینیں مستحقین میں تقسیم کی جاچکی ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے ہزاروں مستحق افراد اور خاندانوں کو خود روزگاری کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، صفا بیت المال اور رہبر فاؤنڈیشن مستحق خاندانوں کو محض امداد فراہم کرنے کے بجائے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے، باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور معاشی خود کفالت کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔