کولمبیا یونیورسٹی میں راہل گاندھی سے جن گن کی بات چیت

کولمبیا یونیورسٹی میں راہل  گاندھی سے جن گن  کی بات چیت

کولمبیا یونیورسٹی میں راہل گاندھی سے جن گن کی بات چیت

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

ہندوستان سے ہر سال ہزاروں طلبا تعلیم حاصل کرنے کی خاطر امریکہ جاتے ہیں ۔ ماضی میں وہ ان کی بڑی تعداد اپنا تعلیمی سلسلہ مکمل کرنے کے بعد وہیں رہائش اختیار کرلیتی تھی ۔ امریکی معاشرے میں ان کا خیر مقدم کیا جاتا تھا لیکن اب حالات بدل گئے ہیں ۔ ٹرمپ نے غیر ملکیوں کے حوالے سے جو نفرت کا ماحول بنایا ہے اس کا سب سے زیادہ شکار ہندوستانی ہو رہے ہیں۔ مقامی گورے انہیں اپنی حق تلفی کرنے والوں کی حیثیت سے دیکھ رہے ہیں ۔ نائب صدر جی ڈی وینس تو ہندوستانیوں کو کھلے عام بندھوا مزدور کہہ چکے ہیں۔ ایسے میں وہاں تعلیم حاصل کرنے والوں کا اپنے مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہونا فطری عمل ہے۔امریکہ میں رہائش پذیر ہندوستانیوں کے ذہنوں میں ہندوستانی معیشت سے متعلق عدم اطمینان کی معقول وجوہات ہیں ۔ ملک کے اندر جنتر منتر سے کاکروچ جنتاپارٹی نامی تحریک امریکہ میں زیر تعلیم ابھیجیت دپکے نے شروع کی ہے۔ وہ تحریک دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ اس لیے کاکروچ پارٹی کے تازہ ترین مطالبہ یعنی ’گیانیش کمار کا استعفیٰ‘کی بابت جاننے کی خواہش امریکیوں کے اندر پیدا ہوتی ہے۔
امریکہ میں رہنے والے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے اس بابت استفسار نہیں کرسکتے کیونکہ موصوف تو صرف اپنے من کی بات سنانے میں یقین رکھتے ہیں ۔ انہیں کسی اور کے دل میں پیدا ہونے والے خدشات سے میں کوئی مطلب نہیں ہے۔ ایسے میں جب حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی امریکہ جاتے ہیں تو وہاں رہنے والے ہندوستانی ان سے ملنے کے لیے شوق سے آتے ہیں اور اپنے قلب و ذہن میں جنم لینے والے سوالات کا جواب معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اب اگر ملک سلگتے ہوئے موضوعات پر راہل گاندھی سے استفسار کیا جائے تو وہ کیا کریں ؟ جھوٹ موٹ تسلی دینے کی خاطر ’سب چنگا سی‘ کہہ کر بیوقوف بنائیں ؟ اور اگر حقیقت بیان کردیں تو کیا وہ قابلِ گردن زدنی ٹھہرتےہیں؟ راہل گاندھی کی حقیقت بیانی پر آسمان سر پر اٹھانے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ انٹرنیٹ نے پوری دنیا کو ایک عالمی گاوں میں تبدیل کردیا ہے۔ راہل گاندھی اپنے دفتر میں بیٹھ کر جو کچھ بھی کہتے ہیں وہ اگلے ہی لمحہ امریکہ میں سنا جاتا ہے۔ ایسے میں کیا یہ ممکن ہے کہ نریندر مودی یا راہل گاندھی دہلی کے اندر تو کچھ اور بولیں اور امریکہ میں جاکر اس کے خلاف موقف اختیار کریں؟
ملک کے ان زعفرانی قوم پرستوں کے اندر اتنی بھی عقل نہیں ہے کہ آج کل مصنوعی ذہانت نے حقائق کی تصدیق کو نہایت سہل بنادیا ہے۔ یعنی اگر کوئی سوال کرے کہ ہندوستان میں بیروزگاری کی شرح کیا ہے تو اس کا جو جواب دیا جائے گا اس کی تردید یا تصدیق اگلے ہی لمحہ ہوجائے گی۔ ایسے میں جو شخص ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولنے کا عادی نہ ہو اس کے لیے سچ بولنے کے سوا کوئی چارۂ کار ہی نہیں ہے۔ اس لیے جب قائد حزب اختلاف راہل گاندھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام ہو چکا ہے اور ملک سنگین اقتصادی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے تو اس میں برا ماننے کی کوئی بات نہیں ہے۔وہ بیان اگر نظر انداز کردیا جاتا تو شاید ہندوستان میں لوگ اس سے واقف نہ ہوتے لیکن اب تو بی جے پی والوں نے مخالفت کرکے اسے مشہور کردیا ۔راہل گاندھی سے جب پوچھا گیا ہندوستان کے مسائل کیا ہیں تو وہ کیا جواب دیتے ؟ انہوں نے بتایا بے روزگاری، نظام تعلیم کی خامیاں، مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کمزوری اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کی مشکلات ملک کے بڑے مسائل ہیں۔
ایک زمانے تک زعفرانی اندھے بھگت اس سے صرفِ نظر کرتے ہوئے کہتے تھے کہ ہندو راشٹر کی خاطر پانچ سو روپیہ لیٹر پٹرول بھی خریدیں گے لیکن اب ان کا دماغ بھی ٹھکانے آرہا ہے۔ بیروزگاری کی مار اب ہر کس و ناکس محسوس کرنے لگا ہے۔ روزگار کا مسئلہ اگر سنگین نہ ہوتا تو ہزاروں نوجوان چھاتروں کی گونج نامی پروگرام یا کاکروچ پارٹی کے بلانے پر سڑکوں پر نہیں آتے۔ اس لیے راہل گاندھی کا یہ کہنا مبنی بر حقیقت ہے کہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں اور اقتصادی و سیاسی طاقت چند بڑے گروپوں کے ہاتھوں میں مرتکز ہوتی جا رہی ہے۔معروف صحافی لیڈیا پولگرین کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے ‘میک اِن انڈیا’ اور ‘اسٹارٹ اَپ انڈیا’ جیسی اسکیموں کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مینوفیکچرنگ کے شعبے کو مطلوبہ مضبوطی فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں نا کام رہے ہیں نیز خدمات کا شعبہ اکیلے ہندوستان جیسے بڑی آبادی والے ملک میں روزگار کی ضرورت پوری نہیں کر سکتا۔ مینوفیکچرنگ کو اقتصادی ترقی کی اصل بنیاد بنانا ہوگا۔یہاں مسئلہ کی نشاندہی کے ساتھ اس کا حل بھی سجھایا گیا ہے۔ حکومت حزب اختلاف کے رہنما سے اور کس بات کی توقع کرتی ہے؟
وزیراعظم نریندر مودی تو سپنوں کے سوداگر ہیں ۔ وہ خود مونگیری لال کے سپنے دیکھتے اور دوسروں کو بھی دکھاتے ہیں اس لیے انہوں نے راہل گاندھی کے اس بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صد سالہ جشن سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ گزشتہ 12-13 برس میں تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی غربت کی لکیر سے اوپر آچکے ہیں، جو ملک کی مستحکم اور جامع اقتصادی پیش رفت کی ٹھوس دلیل ہے حالانکہ سچائی یہ ہے کہ مہنگائی کے سبب غربت کی لکیر نیچے آچکی ہے۔ ملک میں اگر خوشحالی اتنے زور و شور سے آرہی ہے تو اسیّ کروڈ لوگوں کو دو وقت کی روٹی کے لیے سرکاری اناج کے محتاج کیوں ہیں؟ ہزاروں کی تعداد میں کسان خودکشی پر کیوں مجبور ہوتے ہیں؟وزیراعظم مودی کا یہ دعویٰ درست ہوسکتا ہے کہ اس وقت ہندوستان دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر برقرار ہے اور رواں مالی سال کے لیے شرحِ نمو تقریباً 7 فیصد رہنے کا اندازہ ہے لیکن اس کا فائدہ عام لوگوں کو مل رہا ہے یا اڈانی ، امبانی جیسے مٹھی بھر سرمایہ داروں کی تجوری میں جمع ہوجاتا ہے؟
مودی نے یاد دلایا کہ 1970 کی دہائی میں کانگریس نے “غریبی ہٹاؤ” کا نعرہ دیا تھامگر اس وقت پالیسی سقم اور سیاسی عزم کی کمی کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکےلیکن انہوں نے تو ملک کی معیشت درست کرنے کے لیے صرف پانچ سال مانگے تھے جو بارہ سال میں بدل گئے پھر بھی وہ خواب شرمندۂ تعبیر کیوں نہیں ہوا؟ وہ اب ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے2047کا خواب کیوں بیچ رہے ہیں ؟مودی نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی پالیسیوں کا محور روزگار کی افزائش ہے۔ موصوف نے ہر سال دو کروڈ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا ۔وہ اگر پورا ہوجاتا تو ملک میں بیروزگاری شرح پچھلے چالیس سالوں میں سب سے زیادہ نہ ہوتی۔ ، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، چھوٹے کاروباروں کی تقویت، ڈیجیٹل ادائیگیوں کی توسیع، اور فلاحی اسکیموں کی براہِ راست فراہمی کے دعوے کاغذ اور تقاریر میں تو خوب دکھائی دیتے ہیں مگر حقیقت میں نظر نہیں آتے ۔ وزیر اعظم ایک زمانے میں ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قیمت کے گرنے کو قومی وقار کا گرنا بتاتے تھے لیکن اب تو وہ اسے بھول ہی گئے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے صنعتکاروں سے کہا کہ سرمایہ کاری، جدت اور برآمدات میں اضافہ کریں تاکہ روزگار کے مواقع تیزی سے پیدا ہوں اور معیشت کی رفتار مزید تیز ہو لیکن ان کی سنتا کون ہے؟ سبھی چین سے مال برآمد کرکے منافع کماتے ہیں اور اس میں سے بی جے پی کو سیاسی چندہ دے کر اپنی چمڑی بچا لیتے ہیں ۔وہ سرمایہ دداروں کے ٹیکس کی شرح کم کرتے چلے جاتے ہیں۔ انکم ٹیکس کی حد بھی بڑھائے جاتے ہیں نیز صنعتکاروں سے روزگار بڑھانے یا تنخواہیں بڑھانے کا تقاضا کرکے تالیاں تو بجوالیتے ہیں مگر اس پر عمل در آمد نہیں کرو اپاتے کیونکہ سرمایہ دار بھی واقف ہیں غریبوں کی بات ہاتھی کے دانت ہیں اور کھانے کے دانت تو اقتدار اور اس کے لیے ملنے والا الکٹورل بانڈ ہے۔ راہل گاندھی زراعت اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کو ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہیں ۔ اس لیے انہیں تشویش ہے کہ نجی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ توسیع کیوں نہیں ہو رہی ہے۔ انہیں اس بات سے پریشانی ہے کہ کاروبار کے مواقع چند بڑے صنعتی گروپوں تک کیوں محدود ہوتے چلے جا رہے ہیں؟ وہ بجا طور پر پوچھتے ہیں کہ ملک میں صرف اڈانی اور امبانی کے کاروبار ہی کیوں ترقی کر رہے ہیں؟ یہ صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ اس ملک کی نئی نسل کا سوال ہے۔ آئے دن گوتم اڈانی پر بدعنوانی کے الزامات لگتے ہیں۔ ابھی حال میں مہاراشٹر سرکار نے اڈانی کا ایک ٹھیکہ منسوخ کیا مگر اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ ملک کا نوجوان یہ سوچنے میں حق بجانب ہے کہ ان کے پر امن احتجاج پر تو تشدد کا پہاڑ توڑا جاتا ہے مگر اڈانی یا گیانیش رنگے ہاتھوں پکڑے جائیں تب بھی ان کا بال بیکہ نہیں ہوتا۔آخر مودی ، شاہ، اڈانی، امبانی اور گیانیش کمار کا یہ ناجائز رشتہ کیا کہلاتا ہے ؟

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے