انتخابی شفافیت اور الیکشن کمیشن کی جواب دہی �. قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن کے ۴۸ سوالات، سپریم کورٹ میں اہم قانونی مرحلہ

انتخابی شفافیت اور الیکشن کمیشن کی جواب دہی �. قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن کے ۴۸ سوالات، سپریم کورٹ میں اہم قانونی مرحلہ

انتخابی شفافیت اور الیکشن کمیشن کی جواب دہی
قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن کے ۴۸ سوالات، سپریم کورٹ میں اہم قانونی مرحلہ

تحریر: محمد اعجاز الدین احمد عاجزؔ
رابطہ: 9700389755

حالیہ دنوں میں کانگریس رہنما راہل گاندھی اور اپوزیشن کے دس دیگر رہنماؤں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ۴۸ سوالات کے جوابات طلب کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ ان سوالات کا تعلق انتخابی فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی ( ایس آئی آر)، فارم ۶ میں تبدیلیوں، ای سی آئی نیٹ اور ای آر او نیٹ کے ڈیجیٹل نظام، مغربی بنگال میں انتخابی اپیلوں اور کمیشن کے اندر فیصلہ سازی کے طریقۂ کار سے ہے۔یہ درخواست ان عرضیوں کے سلسلے میں دائر کی گئی ہے جن میں ملک گیر ایس آئی آر کے فیصلے اور اس کے انتظامی طریقۂ کار کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اس قانونی پیش رفت کا پس منظر انڈین ایکسپریس کی تحقیقات بھی ہیں، جن کے مطابق الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے دس ماہ کے دوران کم از کم ۱۴ مرتبہ بعض فیصلوں میں انہیں اعتماد میں نہ لیے جانے پر تحریراً ناراضگی ظاہر کی تھی۔ رپورٹ میں فارم ۶ کی تبدیلیوں، ای سی آئی نیٹ کے تکنیکی مسائل اور انتخابی ڈیٹا بیس کی سالمیت سے متعلق خدشات کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ ان معاملات کے سلسلے میں دونوں کمشنروں نے کابینہ سیکریٹری سے بھی رجوع کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کی جانب سے ۲۶ اکتوبر کو جوابی حلف نامہ اور ۱۴ نومبر کو اضافی حلف نامہ سپریم کورٹ میں داخل کیا۔ تاہم اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ ان حلف ناموں میں متعدد امور پر عمومی وضاحتیں تو دی گئی ہیں، لیکن ان کی تائید میں ضروری سرکاری فائلیں اور دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔ اسی بنیاد پر ۱۶ نومبر کو ۴۸ سوالات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی۔ ان سوالات میں متعلقہ افسران کی بھی نشان دہی کی گئی ہے۔ بعض سوالات ڈپٹی الیکشن کمشنر بھانو پرکاش یتورو، بعض الیکشن کمشنروں، بعض مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر اور بعض ڈائریکٹر جنرل (اطلاعاتی ٹیکنالوجی) سیما کھنہ سے متعلق ہیں۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو ۹ دسمبر تک مہلت دی ہے کہ وہ اپنے اعتراضات یا جواب داخل کرے اور واضح کرے کہ ان سوالات کے جوابات دینے کی قانونی ذمہ داری کیوں عائد نہیں ہوتی۔ عدالت اس مرحلے پر یہ طے کرے گی کہ آیا یہ سوالات زیرِ سماعت مقدمے کے دائرے میں آتے ہیں اور ان کا جواب طلب کرنا قانونی طور پر ضروری ہے یا نہیں۔
ایس آئی آر کے فیصلے اور منظوری کا ریکارڈ
اپوزیشن کے سوالات کا ایک اہم حصہ ملک بھر میں خصوصی گہری نظرثانی کے فیصلے سے متعلق ہے۔ درخواست میں پوچھا گیا ہے کہ ایس آئی آر شروع کرنے کا فیصلہ کس تاریخ کو کیا گیا، اس کی منظوری کس طریقے سے حاصل ہوئی اور متعلقہ سرکاری فائل کا نمبر کیا ہے؟ کیا یہ فیصلہ کمیشن کے اجلاس میں ہوا، فائل کی گردش کے ذریعے منظور کیا گیا یا ڈیجیٹل ذرائع سے اس کی توثیق کی گئی؟
اس سلسلے میں انجلی بھردواج کی ۲۸ جولائی ۲۰۲۵ کی حقِ اطلاعات کی درخواست کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس میں ملک گیر ایس آئی آر کے فیصلے سے متعلق فائلیں طلب کی گئی تھیں۔ الیکشن کمیشن کے پرنسپل سیکریٹری نے اپیل پر اپنے حکم میں کہا تھا کہ کمیشن نے ۲۰۲۵ میں پورے ملک میں ایس آئی آر شروع کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔ مرکزی عوامی اطلاعاتی افسر نے بھی جواب دیا تھا کہ اس سلسلے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ اب اپوزیشن یہ جاننا چاہتی ہے کہ اگر اس وقت ملک گیر ایس آئی آر کا کوئی فیصلہ موجود نہیں تھا تو بعد میں یہ فیصلہ کب اور کس طریقے سے کیا گیا؟ اس کی منظوری کا ریکارڈ کہاں ہے اور متعلقہ فائل حقِ اطلاعات کے تحت فراہم کیوں نہیں کی گئی؟
کمیشن کے اندر اختلافِ رائے اور اختیارات کی تقسیم
درخواست کا ایک اہم پہلو الیکشن کمیشن کے اندر اختلافِ رائے اور فیصلہ سازی کا طریقۂ کار ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، الیکشن کمشنروں سندھو اور جوشی نے ایس آئی آر، ای سی آئی نیٹ، فارم ۶ اور انتخابی اپیلوں سے متعلق متعدد معاملات میں تحریری اعتراضات کیے تھے۔ اپوزیشن نے پوچھا ہے کہ ۱۹ فروری ۲۰۲۵ سے ۲۶ اکتوبر ۲۰۲۶ کے درمیان ایسے کتنے اختلافات ریکارڈ کیے گئے، ان کی تاریخیں اور فائل نمبر کیا تھے اور ان پر حتمی فیصلہ کس طریقے سے ہوا؟ کیا فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے گئے یا اکثریت کی بنیاد پر؟
یہاں چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنروں (تقرری، شرائطِ ملازمت اور مدتِ عہدہ) ایکٹ ۲۰۲۳ کی دفعہ ۱۸ اہمیت اختیار کرتی ہے۔ اس دفعہ کے مطابق کمیشن کے امور حتی الامکان اتفاقِ رائے سے انجام دیے جانے چاہئیں، تاہم اختلاف کی صورت میں اکثریت کی رائے کے مطابق فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
درخواست میں ۲۸ جولائی کے اس حکم کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں جس کے تحت اطلاعاتی ٹیکنالوجی ڈویژن کی نگرانی کے نظام میں تبدیلی کی گئی تھی۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق، سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر منیش گرگ کے جاری کردہ حکم کے بعد اطلاعاتی ٹیکنالوجی ڈویژن کی نگرانی سے سینئر آئی اے ایس افسر سنجے کمار کو ہٹا دیا گیا تھا۔ اس پر دونوں الیکشن کمشنروں نے کابینہ سیکریٹری کو خط لکھ کر اعتراض کیا تھا اور اسے قانونی نظام کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حلف نامے میں کہا کہ دونوں کمشنروں کی ۳۰ جولائی کی مشترکہ ہدایت کے باعث ۲۸ جولائی کا حکم نافذ ہی نہیں ہوا۔ اب اپوزیشن یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس مشترکہ ہدایت سے چیف الیکشن کمشنر نے اتفاق کیا تھا یا نہیں اور متعلقہ افسر کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی تھی یا نہیں۔
مغربی بنگال کی اپیلیں اور انتخابی حقِ رائے دہی
مغربی بنگال میں انتخابی فہرستوں سے متعلق اپیلوں کا معاملہ بھی ان ۴۸ سوالات میں شامل ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ایس آئی آر کے دورا ن رائے دہندوںکے نام شامل کرنے یا خارج کرنے سے متعلق ٹریبونلز میں ۳۸ لاکھ اپیلیں زیرِ التوا تھیں۔ ان میں ۲۲.۲۱ لاکھ اپیلیں ان رائے دہندوںکی تھیں جن کے نام حذف کیے گئے تھے، جب کہ ۱۶.۱۰ لاکھ اپیلیں ان افراد کے خلاف تھیں جن کے نام فہرست رائے دہندگانمیں شامل کیے گئے تھے۔
الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو نے اس معاملے پر سوال اٹھایا تھا کہ ان اپیلوں کو دائر کرنے کا اختیار کس افسر کو دیا گیا اور حقیقت میں انہیں کس نے دائر کیا؟ ان کے مطابق نہ انہیں، نہ وویک جوشی کو اور نہ ہی مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کو اس کارروائی کی بنیاد اور طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا تھا۔کمیشن نے اپنے حلف نامے میں بتایا کہ یہ اپیلیں مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے افسران نے عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت دائر کی تھیں۔ تاہم اب اپوزیشن اپیلوں کی تعداد، دائر کرنے والے افسران کے نام، ان کے قانونی اختیارات، دستخط کرنے والوں کی شناخت اور متعلقہ رہنما اصولوں کی تفصیلات طلب کر رہی ہے۔ یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ آیا کمیشن نے ان اپیلوں کو جاری رکھنے یا واپس لینے کا کوئی فیصلہ کیا ہے۔
ای سی آئی نیٹ اور ای آر او نیٹ: ڈیجیٹل نظام کی شفافیت
درخواست کا سب سے تفصیلی حصہ ای سی آئی نیٹ اور ای آر او نیٹ کے ڈیجیٹل نظاموں سے متعلق ہے۔ ای سی آئی نیٹ الیکشن کمیشن کا مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جب کہ ای آر او نیٹ کے ذریعے انتخابی افسران ر ائے دہندوںکی رجسٹریشن، منتقلی، معلومات کی تصحیح اور ناموں کے اخراج سے متعلق کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی تحقیقات میں ای سی آئی نیٹ کے بعض تکنیکی اور انتظامی مسائل سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ایک جائزہ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا، جس میں ایک آزاد تکنیکی ماہر کو بھی شامل کیا جانا تھا۔
اب اپوزیشن نے پوچھا ہے کہ کیا اس کمیٹی کو ۲۴ جون ۲۰۲۵ سے انتخابی ریکارڈ تک رسائی کے لاگز اور ڈیٹا میں کی گئی تبدیلیوں کا فرانزک جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی دی گئی تھی؟ کمیٹی کی رپورٹ کب تک پیش ہونی تھی اور کیا اب تک کوئی رپورٹ موصول ہوئی ہے؟
درخواست میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ ای سی آئی نیٹ کے ڈیزائن، تکنیکی ساخت اور عملی نفاذ کی منظوری کس تاریخ کو دی گئی، اس کی متعلقہ فائلیں کون سی ہیں اور ایس آئی آر کے اعلان کے بعد پلیٹ فارم میں کتنی تبدیلیاں کی گئیں۔
ایک بنیادی سوال انتخابی ڈیٹا بیس تک رسائی اور اس میں تبدیلی کے اختیارات سے متعلق ہے۔ اپوزیشن نے مختلف زمروں کے افسران، مثلاً چیف الیکٹورل آفیسرز، ضلعی الیکشن افسران، الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور بوتھ لیول افسران کے اختیارات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا کسی غیر متعلقہ یا غیر مجاز شخص کو فہرست رائے دہندگانکے اصل ڈیٹا بیس میں تبدیلی کی سہولت حاصل ہے؟اس کے ساتھ ہر اندراج، اخراج یا ترمیم کا مکمل آڈٹ ٹریل، کارروائی کرنے والے صارف کی شناخت، تاریخ اور وقت، اور متعلقہ افسر کے حکم کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
گوا کے ۹۷رائے دہندوںکا معاملہ بھی اسی تناظر میں شامل ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انتخابی ڈیٹا بیس کی منتقلی کے باعث یہ رائے دہندے فہرست میں شامل ہونے سے رہ گئے تھے۔ کمیشن کے مطابق ان میں سے ۸۸ افراد نے فارم ۶ جمع کرایا اور ان کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔ اب اپوزیشن یہ جاننا چاہتی ہے کہ ان میں سے کتنے افراد کے سابقہ اندراجات بحال کیے گئے اور کتنے نئے رائے دہندےکے طور پر شامل ہوئے۔
فارم ۶ اور فارم ۷ میں تبدیلیاں
فارم ۶ نئےرائے دہندوںکے اندراج کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی تحقیقات کے مطابق، اس فارم میں ایک اضافی اقرار نامہ شامل کیا گیا تھا جس میں درخواست گزار سے پوچھا جاتا تھا کہ آیا اس کا اپنا یا اس کے والدین اور دادا دادی یا نانا نانی کا نام ۲۰۰۰ کی دہائی کے اوائل کی فہرست رائے دہندگانمیں موجود تھا۔ بعد میں یہ اقرار نامہ فارم سے ہٹا دیا گیا۔
اپوزیشن نے اس تبدیلی کی منظوری، اس کے ذمہ دار افسران اور اس دوران موصول ہونے والی درخواستوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ بالخصوص یہ بھی معلوم کرنا چاہا ہے کہ اقرار نامے کی عدم موجودگی یا مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنے کے باعث کتنی درخواستیں مسترد ہوئیں یا زیرِ التوا رہیں۔
الیکشن کمیشن نے ۲۶ اکتوبر کے حلف نامے میں بتایا تھا کہ ۲۱ اکتوبر کو فیصلہ کیا گیا کہ فارم ۶ اور ایس آئی آر سے متعلق اقرار نامے کو الگ الگ کر دیا جائے۔ کمیشن کے مطابق، دونوں کو ایک ساتھ رکھنے کا مقصد درخواست گزار کو دو مرتبہ او ٹی پی اور ڈیجیٹل دستخط کے بجائے ایک ہی مرتبہ یہ عمل مکمل کرنے کی سہولت دینا تھا۔اب سوال یہ ہے کہ اس فیصلے کو کمیشن کی منظوری حاصل تھی یا نہیں اور فارم میں پہلے کی گئی تبدیلیوں کے ذمہ دار افسران کون تھے؟
فارم ۷ کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ اس فارم کے ذریعے فہرست رائے دہندگانمیں کسی نام کے اندراج یا اخراج پر اعتراض کیا جا سکتا ہے۔ اپوزیشن نے ایس آئی آر کے بعد مختلف ریاستوں میں خارج کیے گئے ناموں، ان کے اسباب اور مرد و خواتین رائےدہندوںکے الگ الگ اعداد و شمار طلب کیے ہیں۔اس کے علاوہ فارم ۷ کے ذریعے دائر ہونے والے اعتراضات کی تعداد، جھوٹے اعتراضات اور ایسے معاملات کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں جن میں فرضی افراد کے نام پر اعتراضات داخل کیے گئے۔ اس ضمن میں عوامی نمائندگی ایکٹ ۱۹۵۰ کی دفعہ ۳۱ کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت فہرست رائے دہندگان سے متعلق جھوٹا بیان دینے پر ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
نومبر کے احکامات، اے ایس ڈی ڈی رائے دہندےاور ڈیجیٹل منظوری
درخواست کے آخری حصے میں ۴ نومبر، ۳ نومبر اور ۶ نومبر کے احکامات اور مراسلات سے متعلق سوالات شامل ہیں۔۴ نومبر کے حکم کے ذریعے ڈائریکٹر جنرل (اطلاعاتی ٹیکنالوجی) سیما کھنہ کے کام کی نگرانی کا نظام دوبارہ قائم کیا گیا تھا۔ اپوزیشن نے اس حکم کی منظوری، متعلقہ فائلوں اور ۲۳ ستمبر ۲۰۲۵ کے سابقہ حکم میں کی گئی ترامیم کی تفصیلات طلب کی ہیں۔۳ نومبر کے مراسلے میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ صرف فارم ۶ جمع کرانے کی بنیاد پر کسی شخص کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی، خواہ اس کا نام ایس آئی آر سے پہلے ہی فہرست رائے دہندگانمیں موجود رہا ہو۔ اب سوال کیا گیا ہے کہ آیا یہ مراسلہ کمیشن کے باقاعدہ فیصلے کے تحت جاری ہوا تھا اور پہلے سے رجسٹرڈرائے دہندوںکو دوبارہ شامل کیے جانے پر وہی ای پی آئی سی نمبر دیا جاتا ہے یا نہیں۔اسی طرح ۶ نومبر کے مراسلے میں دہلی، مہاراشٹر، ہریانہ، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور ناگالینڈ کے چیف الیکٹورل آفیسرز کو ہدایت دی گئی تھی کہ ایسےرائے دہندوںکو ایک اور موقع دیا جائے جنہیں اینومریشن فارم جاری ہوئے تھے لیکن ان کے نام مسودہ فہرست رائے دہندگا ن میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ ان رائے دہندوںکو اے ایس ڈی ڈی یعنی غیر حاضر، منتقل شدہ، متوفی یا دوہرے اندراج والے زمروں میں رکھا گیا تھا۔اپوزیشن نے پوچھا ہے کہ ان زمروں میں کتنے رائے دہندے شامل تھے، متعلقہ حکام نے کیا کارروائی کی اور ای سی آئی نیٹ میں اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے کون سی تکنیکی تبدیلیاں کی گئیں۔
آخری سوال ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل کی جانے والی سرکاری منظوریوں کے ریکارڈ سے متعلق ہے۔ کمیشن کے مطابق ہنگامی حالات میں ارکان کی منظوری ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل کرکے بعد میں سرکاری فائل میں درج کی جاتی ہے۔ اب اپوزیشن یہ جاننا چاہتی ہے کہ منظوری کے لیے سرکاری ای میل، واٹس ایپ، ای آفس یا کوئی دوسرا ذریعہ استعمال کیا گیا، کتنے فیصلوں کی منظوری اس طریقے سے حاصل ہوئی اور متعلقہ پیغامات، لاگز اور میٹا ڈیٹا کہاں محفوظ ہیں۔
ان ۴۸ سوالات کا مجموعی جائزہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کا مرکزی موضوع محض ایس آئی آر یا انتخابی فہرستوں کی نظرثانی نہیں، بلکہ الیکشن کمیشن کے انتظامی اور ادارہ جاتی طریقۂ کار کی شفافیت ہے۔ ان میں فیصلہ سازی کی منظوری، کمیشن کے ارکان کے درمیان اختیارات کی تقسیم، اختلافِ رائے کی قانونی حیثیت، ڈیجیٹل نظام میں تبدیلیوں کی نگرانی اوررائے دہندوںکے اندراج و اخراج کا مستند ریکارڈ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔یہ تمام امور براہِ راست عوام کے حقِ رائے دہی اور انتخابی نظام پر اعتماد سے جڑے ہوئے ہیں۔ کسی شہری کا نامفہرست رائے دہندگان میں شامل کرنا یا خارج کرنا، کسی اپیل کو دائر کرنا یا واپس لینا اور ڈیجیٹل نظام میں کسی تبدیلی کی منظوری دینا بظاہر انتظامی معاملات ہیں، لیکن ان کے نتائج شہریوں کے جمہوری حقوق پر اثرانداز ہوتے ہیں۔تاہم یہ واضح رہنا چاہیے کہ ۴۸ سوالات اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے ہیں اور ان پر الیکشن کمیشن کا حتمی جواب ابھی سامنے آنا باقی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی فی الحال ان سوالات کو قابلِ سماعت قرار دینے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، بلکہ کمیشن کو ۹ دسمبر تک اپنے اعتراضات اور وضاحتیں پیش کرنے کا موقع دیا ہے۔جمہوری نظام میں الیکشن کمیشن کی خودمختاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے، لیکن خودمختاری کا مطلب جواب دہی سے استثنا نہیں ہوتا۔ کسی آئینی ادارے کی ساکھ اس کے فیصلوں کی قانونی بنیاد، اختیارات کے واضح تعین اور کارروائی کے قابلِ تصدیق ریکارڈ سے مضبوط ہوتی ہے۔اس تناظر میں راہل گاندھی اور اپوزیشن کے ۴۸ سوالات محض ایک سیاسی یا قانونی تنازعے کی دستاویز نہیں، بلکہ ہندوستان کے انتخابی نظام میں ادارہ جاتی شفافیت اور انتظامی جواب دہی سے متعلق ایک اہم بحث کی عکاسی کرتے ہیں۔ اب توجہ سپریم کورٹ کی آئندہ سماعت اور الیکشن کمیشن کے جواب پر مرکوز ہے، جس سے یہ واضح ہوگا کہ ان سوالات میں سے کن امور کو عدالتی جانچ کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے