جمعہ نامہ: کچھ رنگ ترے روپ میں یوسف کی طرح ہیں

جمعہ نامہ: کچھ رنگ ترے روپ میں یوسف کی طرح ہیں

جمعہ نامہ: کچھ رنگ ترے روپ میں یوسف کی طرح ہیں

ازقلم: ڈاکٹر سلیم خان

ارشادِ ربانی ہے:’’ایک قافلہ آیا اور اُس نے اپنے سقے کو پانی لانے کے لیے بھیجا سقے نے جو کنویں میں ڈول ڈالا تو (یوسفؑ کو دیکھ کر) پکار اٹھا "مبارک ہو، یہاں تو ایک لڑکا ہے”۔ اعظم خان کی رہائی نے حضرت یوسف ؑ کی اسیری یاد دلادی۔ ان کے بھائیوں نے انہیں اندھے کنوئیں کی نذر کردیا تھا مگر اللہ تبارک و تعالیٰ انہیں ایک قافلے کے ذریعہ بچالیا مگر : ’’ انہوں نے(بھی) اس کو تھوڑی سی قیمت پر چند درہموں کے عوض بیچ ڈالا‘‘۔ یہاں مشیت کروٹ لیتی کیونکہ یوسفؑ کا خریدار کوئی معمولی انسان نہیں بلکہ عزیز(وزیر اعظم) مصر تھا ۔ اس رحمدل انسان نے :’’ اپنی بیوی سے کہا "اِس کو اچھی طرح رکھنا، بعید نہیں کہ یہ ہمارے لیے مفید ثابت ہو یا ہم اسے بیٹا بنا لیں” ۔فرمانِ قرآنی ہے:’’اس طرح ہم نے یوسفؑ کے لیے اُس سرزمین میں قدم جمانے کی صورت نکالی اور اسے معاملہ فہمی کی تعلیم دینے کا انتظام کیا اللہ اپنا کام کر کے رہتا ہے، مگر اکثر لوگ جانتے نہیں ہیں‘‘۔داستانِ یوسف گواہ ہے کہ’ جس کو اللہ رکھے اس کو کون چکھے‘ ۔ حضرت یوسف ؑ پر ایک طرف عنایاتِ ربانی کا سلسلہ اس طرح دراز ہوتا ہے کہ:’’ جب وہ اپنی پوری جوانی کو پہنچا تو ہم نے اسے قوت فیصلہ اور علم عطا کیا‘‘، وہیں آزمائشوں میں کمی نہیں آتی: ’’جس عورت کے گھر میں وہ تھا وہ اُس پر ڈورے ڈالنے لگی‘‘۔

حضرت یوسف ؑ کی منزل عزیز مصر کا گھر نہیں بلکہ بادشاہ کا دربار تھا اس لیے مشیت ایزدی انہیں وہاں پہنچانے کااہتمام اس طرح کرتی ہے کہ :’’ ایک روز دروازے بند کر کے(عزیزمصر کی بیوی) بولی "آ جا” یوسفؑ نے کہا "خدا کی پناہ، میرے رب نے تو مجھے اچھی منزلت بخشی (اور میں یہ کام کروں!) ایسے ظالم کبھی فلاح نہیں پایا کرتے”ارشادِ قرآنی ہے:’’آخر کار یوسفؑ اور وہ آگے پیچھے دروازے کی طرف بھاگے اور اس نے پیچھے سے یوسفؑ کا قمیص (کھینچ کر) پھاڑ دیا دروازے پر دونوں نے اس کے شوہر کو موجود پایا اسے دیکھتے ہی عورت کہنے لگی، "کیا سزا ہے اس شخص کی جو تیری گھر والی پر نیت خراب کرے؟ اِس کے سوا اور کیا سزا ہوسکتی ہے کہ وہ قید کیا جائے یا اسے سخت عذاب دیا جائے”

اس صورتحال میں یوسفؑ نے اپنی صفائی دی "یہی مجھے پھانسنے کی کوشش کر رہی تھی” یہ تنازع اس طرح حل ہوا کہ :’’ اس عورت کے اپنے کنبہ والوں میں سے ایک شخص نے (قرینے کی) شہادت پیش کی کہ "اگر یوسفؑ کا قمیص آگے سے پھٹا ہو تو عورت سچی ہے اور یہ جھوٹا اور اگر اس کا قمیص پیچھے سے پھٹا ہو تو عورت جھوٹی ہے اور یہ سچا” یوسفؑ کی بے گناہی ثابت ہوگئی کیونکہ :’’جب شوہر نے دیکھا کہ یوسفؑ کا قمیص پیچھے سے پھٹا ہے تو کہا "یہ تم عورتوں کی چالاکیاں ہیں، واقعی بڑ ے غضب کی ہوتی ہیں تمہاری چالیں۔ یوسفؑ، اس معاملے سے درگزر کر اور اے عورت، تو اپنے قصور کی معافی مانگ، تو ہی اصل میں خطا کار تھی” آگے چل کر عزیز مصر کی بیوی بھی اپنی سہیلیوں کے سامنے اعترافِ جرم کرتے ہوئے کہتی ہے "دیکھ لیا! یہ ہے یہ وہ شخص جس کے معاملہ میں تم مجھ پر باتیں بناتی تھیں بے شک میں نے اِسے رجھانے کی کوشش کی تھی مگر یہ بچ نکلا اگر یہ میرا کہنا نہ مانے گا تو قید کیا جائے گا اور بہت ذلیل و خوار ہوگا‘‘۔

صدیوں سے یہ اندھیر نگری چلی آرہی ہے کہ بے قصور یوسف ؑ کی مانند اعظم خان کو بے گناہی کے باوجود جیل بھیج کر اپنا سیاسی غلام بنا لیا جائے لیکن قرآن مجید میں یوسفؑ کا بیان مشعل راہ ہے "اے میرے رب، قید مجھے منظور ہے بہ نسبت اس کے کہ میں وہ کام کروں جو یہ لوگ مجھ سے چاہتے ہیں اور اگر تو نے ان کی چالوں کو مجھ سے دفع نہ کیا تو میں ان کے دام میں پھنس جاؤں گا اور جاہلوں میں شامل ہو رہوں گا ‘‘ ایسے میں یہ خوشخبری سنائی جاتی ہے کہ :’’اس کے رب نے اس کی دعا قبول کی اور اُن عورتوں کی چالیں اس سے دفع کر دیں، بے شک وہی ہے جو سب کی سنتا اور سب کچھ جانتا ہے ‘‘ اعظم خان کی حالیہ ضمانت یوگی کی ذلت و رسوائی کا شاخسانہ ہے۔

ظلمت کے اندھیروں سے نور کی کرن کا پھوٹنا دیکھنا ہو تو سورۂ یوسف دیکھیں ۔ فرمانِ قرآنی ہے:’’ایک روز بادشاہ نے کہا "میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ سات موٹی گائیں ہیں جن کو سات دبلی گائیں کھا رہی ہیں، اور اناج کی سات بالیں ہری ہیں اور دوسری سات سوکھی اے اہل دربار، مجھے اس خواب کی تعبیر بتاؤ اگر تم خوابوں کا مطلب سمجھتے ہو”۔یہ سن دربار میں موجود کر زنداں کا ساتھی پکار اٹھا:”میں آپ حضرات کو اس کی تاویل بتاتا ہوں، مجھے ذرا (قید خانے میں یوسفؑ کے پاس) بھیج دیجیے”اس نے جا کر کہا "یوسفؑ، اے سراپا راستی، مجھے اس خواب کا مطلب بتا ‘‘۔یوسفؑ نے جواب دیا "۷ برس تک لگاتار تم لوگ کھیتی باڑی کرتے رہو گے اس دوران میں جو فصلیں تم کاٹو اُن میں سے بس تھوڑا ساحصہ، جو تمہاری خوراک کے کام آئے، نکالو اور باقی کو اس کی بالوں ہی میں رہنے دو پھر سات برس بہت سخت آئیں گے اُس زمانے میں وہ سب غلہ کھا لیا جائے گا جو تم اُس وقت کے لیے جمع کرو گے اگر کچھ بچے گا تو بس وہی جو تم نے محفوظ کر رکھا ہو ۔

اس کے بعد پھر ایک سال ایسا آئے گا جس میں باران رحمت سے لوگوں کی فریاد رسی کی جائے گی اور وہ رس نچوڑیں گے” ۔ اپنے خواب کی یہ تعبیر سن کر’’ بادشاہ نے کہا اسے میرے پاس لاؤ ‘‘۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ ایک خواب حضرتِ یوسفؑ کو اندھے کنوئیں میں لے گیا اور دوسرا خواب جیل کی چہار دیواری سے نکال کر دربارِشاہی میں لے آیا۔ ارشادِ فرقانی ہے:’’ اِس طرح ہم نے اُس سرزمین میں یوسفؑ کے لیے اقتدار کی راہ ہموار کی وہ مختار تھا کہ اس میں جہاں چاہے اپنی جگہ بنائے ہم اپنی رحمت سے جس کو چاہتے ہیں نوازتے ہیں، نیک لوگوں کا اجر ہمارے ہاں مارا نہیں جاتا ‘‘۔ اترپردیش میں ہوا کا رخ بدل رہا ہے خدا کرے کہ اعظم خان کی عزت و شوکت کے دن لوٹ آئیں۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے