بلقیس بانو کیس:مجرمین کی رہائی اور انصاف کے معیارپرسوال!

بلقیس بانو کیس:مجرمین کی رہائی اور انصاف کے معیارپرسوال!

بلقیس بانو کیس:
مجرمین کی رہائی اور انصاف کے معیارپرسوال!
—

ازقلم:سرفرازاحمدقاسمی حیدرآباد
رابطہ: 8099695186
—

بلقیس بانو کیس ملک میں فرقہ وارانہ تشدد،خواتین کے خلاف جرائم کے حوالے سے انتہائی اہم اور زیر بحث مقدمات میں شامل ہے،اس مقدمے میں سزا یافتہ مجرموں کی رہائی اورپھرسپریم کورٹ کی جانب سے اس رہائی کو کل عدم قرار دیے جانے کے بعدتازہ طورپر دومجرموں کوضمانت ملنے کا معاملہ ایک بار موضوع بحث بن گیا ہے،سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اورقتل معاملے میں سزا یافتہ دو مجرموں کی عمرقید کی سزا معطل کرتے ہوئے گزشتہ دنوں انہیں ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے واضح کیا ہے کہ دونوں کی سزا کے خلاف دائر کی گئی اپیلوں پرسماعت جاری رہے گی اور ان کی رہائی سے ان کی سزا کا خاتمہ نہیں ہوگا،ضمانت پانے والے دونوں مجرموں کی شناخت وپن چندر کنہیا لال جوشی اورپردیپ رمن لال موڈیا کے طورپرہوئی ہے،دونوں مجرمین 17 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں بند ہیں،عدالت نے ان کی طویل قید اور دیگرحالات کومدنظر رکھتے ہوئے ضمانت دینے کا فیصلہ کیا،یہ حکم 28 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا،دونوں مجرموں کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہونے والے وکیل سدھارتھ لوتھرا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل 17 سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں،انہوں نے یہ بھی دلیل دی کہ ان میں سے ایک شخص کا نام ابتدائی ایف آئی آرمیں شامل نہیں تھا اور واقعے کے تقریبا تین سال بعد اسے اس معاملے میں ملزم بنایا گیاتھا۔وکیل نے عدالت کو یہ اطلاع بھی دی کہ دونوں میں سے ایک مجرم شدید طورپرمعذور ہے،دوسری جانب گجرات حکومت نے دونوں مجرموں کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجہ ٹھاکرے نے دلیل دی کہ جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نچلی عدالتوں نے ریکارڈ پرموجود تمام متعلقہ شواہد اور مواد کاجائزہ لینے کے بعد ہی سزا سنائی تھی،دونوں فریقوں کے دلائل سننے اور اپیلوں میں اٹھائے گئے قانونی نکات پر غور کرنے کے بعد سپریم کورٹ کی بینچ نے دونوں مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرنے اور انہیں ضمانت دینے کا حکم دیا،اس فیصلے کے بعد ایک مرتبہ پھر بلقیس بانو کیس ملک بھرمیں موضوع بحث بن گیا ہے،واضح رہے کہ مارچ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران اس وقت 21 سالہ بلقیس بانو 5 ماہ کی حاملہ تھیں اورفسادات سے بچنے کے لیے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ محفوظ مقام کی تلاش میں جارہی تھی،اسی دوران ضلع داود میں ان کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور ان کے خاندان کے سات افراد کوقتل کردیا گیا،جن میں ان کی تین سالہ کمسن بیٹی بھی شامل تھی،اس انسانیت سوز واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کررکھ دیا تھا۔
اس مقدمے میں11افراد کوقصوروار قرار دیتے ہوئے 2008 میں عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی،بعد ازاں 2022 میں گجرات حکومت نے اپنی پالیسی کے تحت ان تمام 11مجرموں کی سزا میں رعایت دیتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کردیا تھا،ان کی رہائی کے موقع پرمٹھائیاں تقسیم کرنے اور گلپوشی کیے جانے کی تصاویرسامنے آنے کے بعد ملک بھرمیں شدید احتجاج ہوا تھا اور اس فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں،خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں اور مختلف سیاسی جماعتوں نے سخت تنقید کی تھی،بلقیس بانو نے مجرموں کی قبل اس وقت رہائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا،بالآخرجنوری 2024 کو سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی جانب سے دی گئی رہائی کی رعایت کوغیرقانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا تھا،عدالت نے واضح کیا تھا کہ مقدمہ کی سماعت مہاراشٹر میں منتقل ہونے کے باعث مجرموں کی سزا میں رعایت دینے کااختیار گجرات حکومت کوحاصل نہیں تھا۔عدالت عظمی نے سزا معطل کرتے ہوئے دونوں کوٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کی جانے والی شرائط پرضمانت دینے کا حکم دیا یہ عبوری حکم دونوں مجرموں کی اپیل پرجاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے ممبئی ہائی کورٹ کے مئی 2017 کے فیصلے کوچیلنج کیا تھا،ممبئی ہائی کورٹ نے جنوری 2008 میں گریٹرممبئی کی سی بی آئی خصوصی عدالت کی جانب سے 11ملزمین کوسزا سنائی گئی تھی اورعمر قید کی سزا برقرار رکھی تھی،2024 میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی جانب سے اگست 2022 میں ان 11 مجرموں کو اجتماعی طور پر دی گئی سزا میں چھوٹ کا فیصلہ منسوخ کردیا تھا،اس سے قبل 2004 میں سپریم کورٹ نے مقدمے کو گجرات سے مہاراشٹرمنتقل کردیا تھا،عدالت نے اس وقت اپنے مشاہدے میں کہا تھا کہ بلقیس بانو کو کھانا بدوشوں اوریتیموں جیسی زندگی گزارنے پرمجبور کیا گیا،ان کے ساتھ ہونے والے وحشیانہ تشدد نے ان کے ذہن پر ایسے گہرے نقوش چھوڑے ہیں جو انہیں مسلسل اذیت دیتے رہیں گے۔
گجرات میں پیش آنے والے انتہائی دلخراش اور انسانیت سوز بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کیس ایک بار پھرعوام کی توجہ حاصل کرنے لگا ہے،اس سے قبل 2024 میں بھی کچھ ملزمین کو سزا کی تکمیل سے قبل رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس فیصلے کے خلاف عدالت سے مدد لی گئی تھی،خود بلقیس بانو عدالت سے رجوع ہوئی تھی اورسپریم کورٹ نے ان کی رہائی کو کل عدم قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا گیا تھا،اب دو ملزمین کی سزا کومعطل کردیاگیا ہے اور ان کی ضمانت پررہائی کے احکام بھی جاری کردیے گئے ہیں۔اجتماعی عصمت ریزی اورقتل جیسے سنگین مقدمے میں عمرقید کی سزا کاٹنے والے دومجرموں کوضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا ہے،سپریم کورٹ نے کہا کہ ان کی رہائی،ٹرائل کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کے تابع ہوگی،ان دونوں مجرموں نے ممبئی ہائی کورٹ کے مئی 2017 کے فیصلے کوچیلنج کیا تھا،جس میں ان کی سزا اورعمرقید کے فیصلے کوبرقرار رکھا گیا تھا،سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دونوں مجرم 17 سال سے زیادہ عرصہ جیل میں گزارچکے ہیں،ان میں سے ایک شدیدجسمانی معذوری کا شکار ہے،اس کے علاوہ ان کی اپیلوں میں حقائق اورقانون سے متعلق بعض اہم سوالات بھی زیر غور ہیں،جن پرابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی اورقتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ کی جانب سے دو مجرموں کی عمرقید کی سزا معطل کرتے ہوئے انھیں ضمانت پررہائی کا حکم، کئی اہم قانونی،سماجی اور اخلاقی سوالات کو جنم دے رہا ہے یہ محض دو افراد کی ضمانت کا معاملہ نہیں بلکہ اس مقدمے کی حساسیت،متاثرہ خاتون کے حق و انصاف خواتین کے تحفظ اور ملک میں عدالتی نظام پرعوام کے اعتماد سے بھی جڑا ہوا ہے،بلاشبہ قانون کی نظر میں ہرملزم اورمجرم کومنصفانہ سماعت قانونی تحفظ اور اپیل کا حق حاصل ہے لیکن جب معاملہ اجتماعی عصمت ریزی،قتل اور فرقہ وارانہ تشدد جیسے سنگین جرائم کا ہو توعدالتوں کے فیصلوں کے اثرات صرف قانونی دائرے تک محدود نہیں رہتے بلکہ ان کاتعلق سماج کے احساس اور انصاف سے بھی ہوتا ہے،بلقیس بانو کامقدمہ 2002 کے گجرات فسادات کے دوران پیش آنے والے ان واقعات میں شامل ہے،جنہوں نے پورے ملک کے ضمیر کو جھنجھوڑ کررکھ دیا تھا،اس وقت 21 سالہ بلقیس بانو 5 ماہ کی حاملہ تھیں،فرقہ وارانہ تشدد سے بچنے کے لیے وہ اپنے خاندان کے ساتھ گاؤں سے نکل رہی تھی کہ مارچ 2002 کوان پر اور ان کے خاندان پر ایک ہجوم نے منظم حملہ کردیا تھا،بلقیس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے سات افراد کوقتل کردیا گیا تھا،یہ واقعہ محض ایک خاندان پرحملہ نہیں بلکہ خواتین کے تحفظ،اقلیتوں کے حقوق اور ریاستی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک سنگین امتحان بھی تھا،اس مقدمے کا ایک اور اہم موڑ اگست 2022 میں سامنے آیا جب گجرات حکومت نے اپنی رعایتی پالیسی کے تحت عمرقید کی سزا کاٹنے والے تمام 11مجرموں کورہا کردیا تھا،اس فیصلے پرملک بھرمیں شدید ردعمل سامنے آیا،سوال یہ تھا کہ اجتماعی عصمت ریزی اورقتل جیسے سنگین جرائم میں سزا یافتہ مجرموں کو کس بنیاد پرقبل از وقت رہائی دی گئی؟متاثرہ خاتون کے حقوق انصاف کے تقاضوں اور ریاستی حکومت کے اختیارپربھی بحث شروع ہو گئی تھی،اس صورتحال کے درمیان بالآخر 8جنوری 2024 کو سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کے رہائی کے احکامات منسوخ کر دیے تھے،عدالت نے واضح کیا تھا کہ چونکہ مقدمہ مہاراشٹر منتقل کیا گیا تھا اور سزا بھی وہیں سنائی گئی تھی،اس لیے رعایت دینے کا مجاز اختیار گجرات حکومت کے پاس نہیں تھا،عدالت نے رہائی کے احکامات کوغیرقانونی قرار دیتے ہوئے تمام 11مجرموں کو دوبارہ جیل جانے کی ہدایت دی تھی،سپریم کورٹ کے 2024 کے فیصلے کو اس مقدمے میں قانون کی بالادستی اور ریاستی اختیارات کی حدود کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا تھا اب انہی 11 مجرموں میں سے دو کو اپیلوں کی سماعت مکمل ہونے تک ضمانت ملنے سے ایک مرتبہ پھر یہ معاملہ عوامی بحث کا موضوع بن گیا ہے،اس وقت ملک کی عدالتوں میں متعدد ایسے ضمانت کے مقدمات زیرسماعت ہیں جن میں ملزمین برسوں سے جیلوں میں بند ہیں اور ان کی ضمانت کی درخواستیں طویل عرصے سے زیر غور ہیں،شرجیل امام اور عمرخالد جیسے افراد کے مقدمات بھی اسی وسیع بحث کا حصہ ہیں،ان کے خلاف الزامات کا حتمی فیصلہ بھی نہیں ہوا لیکن وہ طویل عرصے سے قید ہیں،بلقیس بانو مقدمہ کے دونوں مجرم پہلے ہی ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ سے مجرم قرار دیے جاچکے ہیں،جبکہ شرجیل امام اورعمر خالد جیسے افراد کے مقدمات میں حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے،قانون کی بالادستی اسی وقت مستحکم ہوگی جب اس کے اصول ہر شہری کے لیے یکساں ہوں،عدالتوں کے فیصلوں پرعوام کا اعتماد برقرار رہے اورمتاثرین کو یہ احساس ہو کہ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کوریاست اور عدلیہ نے فراموش نہیں کیا،عدالت کی تازہ فیصلے سے اس طرح کے خدشات پیدا ہوتے ہیں کہ بلقیس بانو کیس کے دیگر مجرم بھی کہیں اسے نظیر بناتے ہوئے راحت کے لیے ملک کی سب سے بڑی عدالت کا رخ نہ کرنے لگیں۔
گجرات 2002 کے فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے ساتھ افراد کے قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ سے دو مجرموں کی عمرقید کی سزا معطل کر کے ضمانت کے بعدمتاثرہ خاتون نے کہا کہ وہ صدے اور بے یقینی کیفیت میں ہیں،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں نہ تو اعتماد میں لیا اور نہ ہی ان کا موقف سنا اس کے باوجودحکم جاری کر دیا گیا،سینئر ایڈوکیٹ شوبھاگپتا کے توسط سے جاری بیان میں بلقیس بانو نے کہا کہ درد،صدمے اور بے یقینی کے تازہ أنسوؤں کے درمیان میرے لیے الفاظ ادا کرنا بھی مشکل ہورہا ہے،مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ دوسری مرتبہ سپریم کورٹ نے مجھے طلب کیے بغیر اور میری بات سنے بغیرحکم صادر کردیا،مجھے اسکاعلم اخباری اطلاعات کے ذریعے ہوا،جسٹس ایم ایم سندریش اورجسٹس پر سانا بی ورالے پرمشتمل بینچ نے 28 اکتوبر کواپنے حکم میں وپن چند کنہیا لال جوشی عرف لالہ ڈاکٹر اور پردیپ رمن لال موڈیا کو ٹرائل کورٹ سے مقرر شرائط کے تحت ضمانت پررہا کرنے کی ہدایت دی،بلقیس بانو نے کہا کہ جب میری دنیا اجاڑ دی گئی،میری نومولود بیٹی،میرا خاندان،میرا گھر اور انسانیت پر میرا اعتماد بے رحمی سے مجھ سے چھین لیا گیا،اس وقت میری عمرمحض 19 سال تھی،اس دن سے آج تک گزشتہ 24 برسوں میں میں نے اپنے اور دنیا بھر کی خواتین کے لیے انصاف کی خاطرجدوجہد کی ہے،انہوں نے کہا کہ میں انصاف کے حصول کے لیے ایک کے بعد دوسرے عدالتی دروازے پرپہنچی اورہرمرتبہ مجھے انصاف ملا تو میں نے شکر ادا کیا،ہرمرتبہ عدل و انصاف کے تصور پرمیرا اعتماد بحال ہوا،سپریم کورٹ کے تازہ حکم پربلقیس بانو نے کہا لیکن آج مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جس انصاف کے لیے میں نے اتنی طویل جدوجہد کی تھی وہی انصاف مجھ سے چھینا جارہا ہے،ماضی کے خوف دوبارہ لوٹ رہے ہیں،مجھے ایک بارپھر اپنے،اپنے خاندان اوربچوں کے لیے خوف محسوس ہورہا ہے،آخر سپریم کورٹ ان کی سزا کیسے معطل کر سکتی ہے؟جنہوں نے میرے ساتھ یہ ظلم کیا،مجھے اس فیصلے کی اطلاع تک کیوں نہیں دی گئی؟عدالت میں میری آواز سنے جانے کویقینی کیوں نہیں بنایا گیا؟مجھے ایک بارپھرخوف محسوس ہورہا ہے۔فیصلے پرمتاثرہ خاتون بلقیس بانو نے ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ عدالت نے انہیں کوئی نوٹس جاری کیے بغیر اور ان کے موقف کی سماعت کیے بغیرزمین کی سزا معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ان کے خیال میں مناسب نہیں ہے۔
بلقیس بانو نے اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور اپنے وکیل کے ذریعے اپنے موقف کی وضاحت کی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کو اس معاملے میں ان کونوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی رائے کی سماعت کی جانی چاہیے تھی،انہیں اپنے موقف کی وضاحت کا موقع دیا جانا چاہیے تھا،اب پتہ چلا ہے کہ دو ملزمین کو ضمانت فراہم کرنے کے فیصلے کے بعدبلقیس بانو نے گجرات کے باہر کا سفر اختیار کرلیا ہے،یہ شبہات ظاہرکیے جا رہے ہیں کہ ان ملزمین کی ضمانت پر رہائی کے بعدبلقیس بانو شایدخود کومحفوظ متصور نہیں کررہی تھی،اسی لیے انہوں نے گجرات کے باہرمنتقلی کا فیصلہ کیا ہے،یہ بھی قیاس کیا جارہا ہے کہ ایک اورقانونی لڑائی کا آغاز کرنے بلقیس بانو نے تیاری شروع کردی ہے اور وہ اسی سلسلے میں گجرات کے باہر گئی ہیں،بلقیس بانو نے عدالتی فیصلے پرحیرت اورصدمے کا اظہار کیا ہے،اس سلسلے میں سرکاری وکیل کی جانب سے ضمانت کی مخالفت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزمین کو ضمانت نہیں دی جانی چاہیے،تاہم عدالت نے اس استدلال کومسترد کردیا۔عدالت میں حکومت کا جوموقف پیش کیا گیا ہے اس پرسوال ضرور پیدا ہونے لگے ہیں اور یہ شبہات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی مؤثر پیروی نہیں کی گئی ہے یہ شبہات اس لیے بھی تقویت پاتے ہیں کیونکہ خود حکومت گجرات کی جانب سے دو سال قبل ان ملزمین کی قبل از وقت رہائی کے احکام جاری کیے گئے تھے،اس کے علاوہ مختلف مقدمات اورعصمت ریزی جیسے سنگین جرم میں ملوث افراد کوسنسکاری قرار دیا گیا تھا،اس سے شبہات تقویت پاتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے عدالت میں مؤثر پیروی نہیں کی گئی اور اسی وجہ سے عدالت سے ان سنگین جرم میں سزا پانے والے ملزمین کوبھی راحت ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔یہ اندیشے بھی ظاہر کیے جارہے ہیں کہ ان دو ملزمین کی سزا معطل ہونا اور ان کو ضمانت ملنا دراصل دوسرے ملزمین کے لیے بھی راستہ فراہم کرنے کا سبب بن سکتا ہے اگر اس مسئلے پر کوئی مؤثر قانونی کاروائی نہیں کی گئی اور ان کی سزا کوبرقرار رکھنے میں کامیابی نہیں ملتی ہے توپھردوسرے ملزمین بھی اسی راہ کو اختیار کرتے ہوئے جیلوں سے باہر آنے کی کوشش کر سکتے ہیں اس سے انصاف رسانی کےعمل پرسوال پیدا ہوسکتے ہیں،نفاذ قانون کی ایجنسیوں اور استغاثہ کی کاروائی اور ان کےغیرجانبدارانہ رول پرسوال پیدا ہوسکتے ہیں۔بلقیس بانو نے تو اس فیصلے کوعدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے،ساتھ ہی ضرورت اس بات کی ہے کہ گجرات حکومت اور استغاثہ وتحقیقاتی ایجنسیاں بھی اس فیصلے کو چیلنج کریں،اس سنگین اورشرمناک جرم کا ارتکاب کرنے والوں کی رہائی کوٹالنے کی کوشش کریں،عدالت میں مؤثرپیروی کی جائے،دوسرے ملزمین کے لیے راہ ہموار ہونے سے روکا جائے،خودحکومت اورتحقیقاتی ایجنسیوں کے تعلق سے جوسوال پیدا ہوسکتے ہیں ان کا ازالہ کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں۔
(مضمون نگارمعروف صحافی، کالم نویس اورسیاسی تجزیہ نگارہیں)
sarfarazahmedqasmi@gmail.com

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے