خدا کے یقین سے خالی تہذیب

بسم الله الرحمٰن الرحیم

خدا کے یقین سے خالی تہذیب
شمع فروزاں
2026.11.20

ازقلم:مولانا خالد سیف الله رحمانی

رب کائنات نے انسان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے ، ان میں ایک بڑی نعمت آزادی ہے ، دنیا کی بہت سی مخلوقات قدرتی طور پر قید کی حالت میں ہیں ، درخت جس جگہ لگایا جاتاہے اور نشو و نما پاتا ہے ، ہمیشہ وہیں کھڑا رہتا ہے ، اس کے پاؤں میں ایسی بیڑیاں ڈال دی گئی ہیں کہ وہ دو قدم بھی نہیں چل سکتا ، پہاڑ کی صلابت و قوت کی مثال دی جاتی ہے ؛ لیکن دوسری طرف اس کو اس طرح قید کردیا گیا ہے کہ صدیاں گزر جاتی ہیں اور وہ کروٹ نہیں لے سکتا ، سمندر کی ٹھاٹھیں مارتی ہوئی موجیں کائنات کے بڑے حصہ پر قابض ہیں ؛ لیکن کیا مجال کہ وہ مستقل طور پر اپنے دائرہ سے باہر نکل جائیں ، یہاں تک کہ سورج اور چاند جیسی قدرت کی نشانیاں اپنے تمام تر جلال و جمال کے باوجود قدرت کی طرف سے کھینچی ہوئی لکیروں پر ہی رقص کرنے پر مجبور ہیں ، مجال نہیں کہ وہ بالشت بھر بھی آگے یا پیچھے ہوجائیں ؛ لیکن خدا نے حضرت انسان کو کچھ اس طرح بنایا ہے کہ بحر و بر ، خشکی و تر ، یہاں تک کہ فضائیں بھی اس کے قدموں سے پامال ہیں ؛ چنانچہ کسی انسان کو اگر چلنے پھرنے سے روک دیاجائے اور ایک کمرہ یا عمارت میں قید کردیا جائے تو اس کے لئے یہ ناقابل برداشت تکلیف ہوتی ہے ۔
اس آزادی کو ثمر آور اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے قدرت نے اس کو اختراعی صلاحیتوں سے بھی نوازا ہے ، وہ اپنے وجود سے لے کر اپنے گرد و پیش پھیلی ہوئی دنیا تک ہر جگہ اپنی صلاحیت کے جلوے دکھاتا رہتا ہے ، اس کی یہ کاوشیں کبھی صحیح سمت میں ہوتی ہیں اور کبھی غلط سمت میں ؛ چوںکہ انسان کا امتحان مقصود ہے ؛ اسی لئے اسے ایک خاص حد تک ارادہ وعمل کی طاقت عطا کی گئی ہے ، اس سے فائدہ اُٹھاکر بعض اوقات انسان اپنی صلاحیت کو خاص کر شہوات وخواہشات کو پورا کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے ، یہ خواہشات بنیادی طور پر تین قسم کی ہیں : ایک خورد و نوش کی ، دوسرے : رہائش کی ، تیسرے : صنفی تقاضوں کی ۔
کھانا پینا انسان کی سب سے بڑی ضرورت بھی ہے اور اس کے لئے سامان لذت بھی ؛ اسی لئے تمدن کے ابتدائی دور سے ہی انسان عمدہ سے عمدہ پکوان کا تجربہ کرتا رہا ہے اور آج تک اس کا سلسلہ جاری ہے ، اگر انسان صحیح رُخ پر اس کی کوشش کرتا تو یقیناً یہ اس کے لئے نفع کی بات ہوتی ؛ لیکن انسان کے مزاج میں جو لذت پرستی اور تکمیل شہوات کا جذبہ ہے ، اس نے اس کو جائز حدود پر قانع رہنے نہیں دیا ، اس کی مثال منشیات کا استعمال ہے ، ساری دنیا کے اصحاب دانش متفق ہیں کہ نشہ انسان کی عقل کو بھی متأثر کرتا ہے اور مختلف اعضاء رئیسہ پر بھی اثر انداز ہوتاہے ؛ لیکن لذت پرستوں کے نزدیک یہ زاہد خشک کا وعظ ہے اور قطعاً قابل توجہ نہیں ، اس سے آگے بڑھ کر بعض انسانوں نے سانپ ، کیڑے مکوڑے اور درندہ خونخوار جانوروں کو بھی کھانا شروع کردیا اور کھانے پینے کے معاملہ میں ان کے یہاں حلال اور حرام کے درمیان کوئی سر حد باقی نہیں رہی ، آج مختلف قسم کی بیماریوں کا ایک سبب یہ بھی ہے ۔
انسان اپنے مکان اور بہتر سے بہتر رہائش کے لئے شروع سے کوشاں رہا ہے ، قرآن میں بعض ایسی قوموں کا ذکر ہے ، جو پہاڑوں کو تراش کر اپنے عشرت کدے بناتے تھے ، ہندوستان میں بھی بودھوں کی تراشیدہ خانقاہیں موجود ہیں ، آج نہ صرف تعمیر میں تنوع اور نت نئے ڈیزائن کا سیلاب آیا ہوا ہے ؛ بلکہ انسان سمندر میں وقت گزاری کا اور پانی کے سینہ پر تیرتے ہوئے مکانات کا لطف اُٹھارہا ہے اور اب تو فضاء میں بھی پکنک منانے کے لئے کوشاں ہے ۔
انسان کی لذت اندوزی کا تیسرا ذریعہ اس کی صنفی خواہشات ہیں ، بعض دفعہ جب انسان خدا کے خوف سے آزاد ہوجاتاہے تو وہ دوسری خواہشات سے بڑھ کر اس کا پرستار ہوجاتاہے ، یہی نفس کی غلامی اور ہوس کی بندگی انسان کو غیر قانونی اور غیر شریفانہ جنسی تعلقات کی طرف لے آتی ہے ، یہ ایسی آگ ہے ، جو اخلاق اور شرم و حیاء کے لباس کو خاکستر کرکے رکھ دیتی ہے ، دنیا کی مختلف قومیں اس کی مرتکب ہوتی رہی ہیں اور یہی چیز بالآخر ان تہذیبوں کے زوال ؛ بلکہ بعض اوقات نام و نشان تک مٹ جانے کے باعث ہوئے ہیں ، یونان و روم اورایران کی تمدنی تاریخ اس پر گواہ ہے اور اس وقت مغرب اسی راستے پر اپنے قدم بڑھا رہا ہے ۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ انسان کی خواہشات کو دوہی چیزیں لگام دے سکتی ہیں : ایک تو مادی نقصان کا خطرہ ، دوسرے مذہب کا یقین ، مادی نقصان کا خطرہ یقیناً مادہ پرست انسانوں کو روکنے میں بہت سی دفعہ مؤثر ثابت ہوتا ہے ، اگر ایسا نہ ہوتا تو کوئی مریض اپنی مرغوب اشیاء سے پرہیز نہیں کرتا ؛ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے انسان جب مادی خواہشات کا دیوانہ بن جاتا ہے تو وہ ایسے خطرات کو بھی خاطر میں نہیں لاتا ؛ مذہب خواہ کوئی بھی ہو ، توحید پر مبنی ہو یا شرک پر ، انسانی آمیزشوں اور ملاوٹوں کا شکار ہوچکاہو یا اس سے محفوظ ہو ، اس کی بنیاد خدا کے یقین اورآخرت کے تصور پر ہوتی ہے ، یہ تصور انسان کے اندر جواب دہی کے احساس کو اُبھارتا ہے ، یہ یقین رات کی تاریکی اور کمرے کی تنہائی میں بھی اس کے قدم تھام لینے کی صلاحیت رکھتا ہے ، وہ ضمیر کو زندہ رکھتاہے اور وہ جرم کے ارادہ پر اسے ملامت کرتا ہے ، یہ محض ایک نظریہ نہیں ہے ؛ بلکہ ہر زمانہ میں مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی زندگی اس پر شاہد ہے ؛ اس لئے مذہب ایک پُرسکون اور عدل پر مبنی سماج کے لئے ضرورت کا درجہ رکھتا ہے ۔
افسوس کہ مغرب میں ایک طویل عہد تک مذہب اور اقتدار کے درمیان کشمکش رہی ہے ، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ کلیسا کو اس کا حق دو اور قیصر کو اس کا حق ؛ لیکن ہوایہ کہ یہ دونوں اپنی اپنی حدود سے تجاوز کرنے لگے ، کلیسا کی زیادتیاں اس درجہ بڑھ گئیں کہ حکومتیں ان کے آگے بے بس تھیں اور عوام ان کے رویہ سے پریشان ، عیسائی مذہبی رہنماؤں نے مذہب کو لوگوں کے استحصال کا ذریعہ بنالیا ، وہ جسے چاہتے مرتد اور گمراہ قرار دے کر زندہ جلانے کی سزا دیتے ، عوام کی آزادیاں سلب کرلیتے اور پیسے کمانے کے لئے مغفرت نامے فروخت کرتے ، آخر یہ لڑائی کلیسا کی شکست پرختم ہوئی اور یورپ میں آزادی کا ایسا سورج طلوع ہوا ، جسے مذہب کے نام اور اس کی ایک ایک علامت سے نفرت تھی ، چوںکہ یورپ بحیثیت مذہب صرف عیسائیت ہی سے آشنا تھا ؛ اس لئے وہ مطلقاً مذہب کا باغی ہوگیا ، اورمذاہب کی مسلمہ قدروں کو بھی اس نے ناقابل اعتناء اور نا قابل توجہ قرار دے دیا ، اسی بغاوت نے ان کے گمان کے مطابق انھیں آزادی عطاء کی ؛ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس بغاوت نے انھیں شہوات و خواہشات کی بد ترین قسم کی غلامی میں مبتلا کردیا ، اور آج یہ غلامی اس مقام پر پہنچ گئی ہے ، جہاں شاید جانور بھی انسان سے شرماتے ہوں گے ۔
آج مغرب میں خاندانی نظام کا بکھراؤ اور قلب و روح کی بے سکونی اسی صورت حال کا نتیجہ ہے ، آزادی کے اسی تصور کے تحت زنا کی تعریف بدلی گئی اور زنا مرد وعورت کے غیرقانونی تعلق کا نام نہیں رہا ؛ بلکہ ایسے جنسی تعلق کا نام ہوگیا ، جس سے کسی انسان کا حق مجروح ہوتا ہو ؛ اس لئے کسی عورت سے بالجبر بدکاری کرنا یا دوسرے کی بیوی سے جنسی تعلق زنا کہلایا ؛ کیوںکہ پہلی صورت میں اس عورت کے ساتھ اور دوسری صورت میں اس کے شوہر کے ساتھ زیادتی روا رکھی گئی ؛ لیکن اگر یہی فعل باہمی رضامندی سے کیا جائے تو اسے جرم نہیں سمجھا گیا ، اس سے ایک دوسری صورت یہ پیدا ہوئی کہ شوہر و بیوی کی ایک دوسرے کے ساتھ وفاداری ختم ہوتی چلی گئی اور ازدواجی زندگی ایک ایسی راہ گزر بن گئی ، جس میں زندگی کے مسافر کچھ دور تک ایک دوسرے کے ساتھ چلیں اور پھر اپنی اپنی پسند کے راستے پکڑلیں ؛ اسی لئے نکاح کی شرح کم ہونے لگی اور ایک ایسے طریقۂ زندگی کی طرف رجحان بڑھنے لگا کہ بغیر نکاح کے مرد وعورت جب تک جی چاہے ایک دوسرے کے ساتھ رہیں اور جب یہ رفاقت بوجھ محسوس ہونے لگے تو الگ ہوجائیں ، جس کو آج کل ’’ لیونگ لائف ‘‘ کہتے ہیں ، اس طرح وہ نکاح اور طلاق کے بعد آئندہ ہونی والی ذمہ داریوں سے محفوظ رہیں گے اوراپنی خواہش پر عمل کرنے میں بھی آزاد ہوںگے ۔
زندگی گزارنے کے اسی طریقہ نے پھر اس تصور کو جنم دیا کہ اولاد سے دامن بچایا جائے ؛ کیوںکہ بچے ماں باپ کی عیش کوشی میں بھی رکاوٹ بن جاتے ہیں ، اور جب مرد کا ساتھ چھوٹ جاتا ہے تو وہ عورت کے لئے بوجھ بن جاتے ہیں ؛ اس لئے مغرب میں شرح پیدائش کم ہوتی جارہی ہے ، اور اگر ایشیاء و افریقہ کے تارکین وطن نہ ہوں تو شاید بالکل ہی تھم جائے ؛ لیکن انسان کے اندر صاحب اولاد ہونے کا ایک فطری جذبہ بھی پایا جاتا ہے ؛ اس لئے اولاد کو گود لینے کا سلسلہ شروع ہوا ، اور مغربی ملکوں میں اس کو قانونی حیثیت دے دی گئی ، جس کا اصل مقصد تو صاحب اولاد ہونے کے جذبہ کی تسکین ہے ؛ لیکن اسے نام بچوں کی بہبود اور ان کی خدمت کا دیا جاتا ہے ، پھر خواہشات کے عفریت نے اسی پر اکتفاء نہیں کیا ؛ بلکہ لذت چشتی کے نئے نئے تجربات کرتے ہوئے ہم جنسی اور محرم رشتہ داروں کے ساتھ جنسی تعلق کو بھی بہت سے ملکوں میں قانونی طور پر جائز قرار دے دیا گیا اور بہت سے ملکوں میں اس کی کوشش جاری ہے ، قرآن مجید کے بیان کے مطابق جب قوم لوط کو وقت کے پیغمبر حضرت لوط علیہ السلام نے ان کے اس فعل پر ملامت کی تو انھوں نے یہ تو کہا کہ ہماری رغبت اس غیر فطری عمل کی طرف ہے ؛ مگر وہ اس کے لئے کوئی دلیل نہیں دے سکے ؛ لیکن یہ زمانہ چوںکہ علمی اور تہذیبی ترقی کا ہے ؛ اس لئے غلط سے غلط عمل کیوںنہ ہو ، اس کے لئے دلیلیں تراش لی جاتی ہیں اور پھر اتنی قوت سے اس کی تشہیرکی جاتی ہے ، کہ لوگوں کو تاریکی روشنی اور جھوٹ سچ نظر آنے لگتا ہے ؛ چنانچہ اس وقت مغرب کی کوشش ہے کہ جس گلو بلائزیشن کا نعرہ لگایا جارہاہے ، وہ تجارت ہی تک محدود نہ رہے ؛ بلکہ زندگی کے بنیادی تصورات اور طریقۂ زندگی کو بھی مغرب سے مشرق کی طرف ایکسپورٹ کیا جائے ۔
اس کی عملی مثالیں ہمارے سامنے ہیں ، کہنے کو ہم ایک آزاد قوم ہیں اور بڑے تزک واحتشام کے ساتھ یوم آزادی مناتے بھی ہیں ؛ لیکن حقیقت میں ہم اس وقت بد ترین غلامی کے دور سے گذر رہے ہیں ، جس میں ہمارے دل و دماغ کو غلام بنالیا گیا ہے ، حال ہی میں ایک مسلمان دانش ور کا مضمون نظر سے گذرا ، جس میں نہ صرف ہم جنسی ؛ بلکہ بغیر شادی کے مرد وعورت کے ایک ساتھ زندگی گذارنے اور محرم رشتہ داروں سے ازدواجی تعلق کو بھی بہت ہلکے انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ہم جنسی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک نفسیاتی بیماری ہے ، مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو خواہ مخواہ اس میں دخل نہیں دینا چاہئے ، کسی بھی برائی کی کثرت جب عادت کی شکل اختیار کرلیتی ہے تو یہ ایک بیماری ہی بن جاتی ہے ، بہت سے قاتل بھی اپنے اندر پائے جانے والے غیرم معمولی جذبۂ انتقام اور جوش و غضب کی وجہ سے قتل کرتے ہیں ، شراب پینے والا شراب پینے کے لئے بے چین رہتا ہے ، تو کیا ان کو جرم نہیں سمجھاجائے گا ؟ حقیقت یہ ہے کہ جو ارادہ و اختیار کے ساتھ عقل و شعور سے بہرہ ور ہونے کے باوجود کسی غیرقانونی فعل اور غیر فطری عمل کا ارتکاب کرتا ہے ، وہ مجرم ہے ۔
مسلمانوں کی نئی نسل کو چاہئے کہ وہ ایسے فتنوں کو سرسری انداز سے نہ دیکھیں اور اسے اتفاقی واقعہ تصور نہ کریں ، در اصل اس کے پیچھے تحریف شدہ عیسائیت اور حکومت کی کشمکش ، پھر عیسائی مذہبی اداروں کی شکست اور اس کے نتیجہ میں مغربی دنیا کا مذہب کے خلاف بغاوت اورمذہب کی مسلمہ اقدار کی مخالفت کی طویل تاریخ کارفرما ہے ، جس کے نتیجہ میں مغربی سماج میں خاندانی نظام بکھر چکاہے اور اب مغرب چاہتاہے کہ جس آگ میں وہ خود جل رہا ہے ، اسے مشرق تک پہنچاوے ، یہ سب کچھ بے خدا تمدن کی بازگشت ہے اور پوری قوت کے ساتھ اسے روکنا پوری انسانیت کا فریضہ ہے ۔

. . .

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے