دنیا کا بدلتا ہوا نقشہ: اسلام کے دنیا کا سب سے بڑا مذہب بننے کاامکان
پیو ریسرچ سینٹر کی تازہ تحقیق میں عالمی آبادیاتی تبدیلیوں کے اہم انکشافات، جنوبی ایشیا میں ہندوستان اور پاکستان کی مسلم آبادی، یورپ میں مذہبی تنوع اور افریقہ میں اسلام و عیسائیت کے بڑھتے ہوئے اثرات کا جائزہ
ازقلم: جاوید جمال الدین
فرانس میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو لے کر جاری سیاسی بحث ہو یا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فرانس کے مستقبل کو ایک مسلم مملکت میں تبدیل ہونے سے متعلق طنزیہ تبصرہ، ایسے بیانات نے مذہب اور آبادی کے باہمی تعلق کو ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ تاہم کسی ملک کے مستقبل کا اندازہ سیاسی بیانات، انتخابی نعروں یا خوف پیدا کرنے والے دعوؤں کی بنیاد پر نہیں، بلکہ مستند آبادیاتی تحقیق، شرحِ پیدائش، عمر کے تناسب، اموات، ہجرت اور مذہبی تبدیلی جیسے عوامل کے سائنسی مطالعے سے لگایا جانا چاہیے۔
دنیا کی آبادی کا مذہبی نقشہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ یہ تبدیلی محض مختلف مذاہب کے ماننے والوں کی تعداد میں اضافے یا کمی تک محدود نہیں، بلکہ اس کے اثرات عالمی سیاست، معیشت، سماجی تعلقات، تہذیبی شناخت، ہجرت، تعلیم اور بین الاقوامی تعلقات پر بھی مرتب ہونے والے ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں، عیسائیوں، ہندوؤں اور دیگر مذہبی گروہوں کی آبادی میں جو تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، وہ آنے والی نصف صدی میں ایک نئے عالمی آبادیاتی منظرنامے کی بنیاد بن سکتی ہیں۔
اسی تناظر میں امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر (Pew Research Center) کی ۱۸ نومبر ۲۰۲۶ء کو جاری کردہ تازہ تحقیق غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ The Future of World Religions: Population Growth Projections, 2020–2070 کے عنوان سے شائع ہونے والی اس تحقیق میں دنیا کے ۲۰۱ ممالک اور خطوں کے مذہبی آبادیاتی رجحانات کا جائزہ لیتے ہوئے ۲۰۷۰ء تک ممکنہ تبدیلیوں کے تخمینے پیش کیے گئے ہیں۔ اس تحقیق کا سب سے اہم نتیجہ یہ ہے کہ موجودہ رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں مسلمان ۲۰۳۵ء کے آس پاس عیسائیوں کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستان کے بارے میں پیش گوئیاں ان دعوؤں کی تردید کرتی ہیں جن کے ذریعے مستقبل میں مسلمانوں کے ہندوؤں سے زیادہ ہوجانے کا خوف پھیلایا جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ۲۰۲۰ء میں دنیا میں عیسائیوں کی تعداد تقریباً ۲۲۷ کروڑ اور مسلمانوں کی تعداد ۲۰۲ کروڑ تھی۔ اندازہ ہے کہ ۲۰۳۵ء تک مسلمانوں کی تعداد تقریباً ۲۵۷ کروڑ اور عیسائیوں کی ۲۵۲ کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح اسلام پہلی مرتبہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بننے کی پوزیشن میں آسکتا ہے۔ مزید طویل مدتی تخمینے کے مطابق ۲۰۷۰ء تک مسلمانوں کی تعداد تقریباً ۳۶۴ کروڑ جبکہ عیسائیوں کی تعداد ۲۹۶ کروڑ کے قریب ہوسکتی ہے۔
یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بننے اور عالمی آبادی کی اکثریت حاصل کرنے میں فرق ہے۔ اگر مسلمانوں کی تعداد ۳۶۴ کروڑ تک پہنچتی ہے تو بھی وہ دنیا کی مجموعی آبادی کا تقریباً ۳۶ فیصد ہوں گے، یعنی دنیا کی اکثریت دیگر مذاہب یا مذہب سے غیر وابستہ افراد پر مشتمل رہے گی۔ اس لیے تحقیق کا مطلب کسی مذہب کا خاتمہ یا دوسرے مذہب پر مکمل غلبہ نہیں، بلکہ عالمی مذہبی آبادی کے تناسب میں تبدیلی ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں نسبتاً کم عمر آبادی اور شرحِ پیدائش کو نمایاں قرار دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آنے والے برسوں میں ایک بڑی تعداد شادی اور بچوں کی پیدائش کے مرحلے میں داخل ہوگی، جس سے قدرتی طور پر آبادی میں اضافہ ہوگا۔
تحقیق کے مطابق ۲۰۲۰ء سے ۲۰۲۵ء کے دوران مسلمان خواتین میں فی خاتون بچوں کی اوسط تعداد تقریباً ۳.۱ رہی، جبکہ غیر مسلم خواتین میں یہ شرح تقریباً ۲.۰ تھی۔ عیسائی خواتین میں یہ اوسط تقریباً ۲.۵ بچوں کی رہی۔ شرحِ پیدائش میں یہ فرق طویل مدت میں آبادی کے حجم پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہجرت، اموات کی شرح اور مذہبی وابستگی میں تبدیلی بھی اہم عوامل ہیں، تاہم تحقیق کے مطابق عالمی سطح پر اسلام کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجہ مذہب کی تبدیلی نہیں بلکہ قدرتی افزائش اور نوجوان آبادی ہے۔ دوسری جانب عیسائیت کے ماننے والوں کی تعداد بھی بڑھنے کا امکان ہے، لیکن ان کی شرحِ افزائش مسلمانوں کے مقابلے میں نسبتاً کم رہے گی۔
یہ بھی قابلِ توجہ ہے کہ دنیا کے بیشتر مذاہب میں شرحِ پیدائش بتدریج کم ہو رہی ہے۔ خواتین کی تعلیم، شہری زندگی، معاشی حالات، صحت کی سہولتوں اور خاندانی منصوبہ بندی نے اس رجحان کو متاثر کیا ہے۔ اس لیے مستقبل کی آبادیاتی صورتِ حال میں موجودہ شرحِ پیدائش ہمیشہ برقرار رہنے کی ضمانت نہیں۔
جنوبی ایشیا: عالمی مسلم آبادی کا اہم مرکز
دنیا کے مذہبی آبادیاتی نقشے میں جنوبی ایشیا کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک میں مسلمانوں کی بڑی آبادیاں موجود ہیں، جبکہ اس خطے میں ہندو مذہب کے ماننے والوں کی بھی دنیا کی سب سے بڑی آبادی آباد ہے۔ پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کے مطابق آنے والی نصف صدی میں عالمی مسلم آبادی کے جغرافیائی مراکز میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔ فی الحال انڈونیشیا دنیا کا سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک ہے، لیکن ۲۰۷۰ء تک پاکستان اس سے آگے نکل سکتا ہے۔ اس کے بعد ہندوستان دوسرے اور نائجیریا تیسرے مقام پر آسکتا ہے۔ اس طرح جنوبی ایشیا اور افریقہ عالمی مسلم آبادی کے دو بڑے مراکز بن کر ابھریں گے۔
پاکستان کے بارے میں تحقیق کا نمایاں نتیجہ یہ ہے کہ ۲۰۷۰ء تک وہاں مسلمانوں کی تعداد تقریباً ۴۶ کروڑ ۱۰ لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ مسلمانوں کی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر نوجوان آبادی اور شرحِ پیدائش کے عوامل سے وابستہ ہے۔
پاکستان کے لیے یہ آبادیاتی تبدیلی جہاں ایک بڑی سماجی حقیقت ہوگی، وہیں اس کے ساتھ سنگین معاشی اور انتظامی چیلنج بھی وابستہ ہیں۔ اتنی بڑی آبادی کو معیاری تعلیم، صحت، روزگار، رہائش، خوراک، پانی اور توانائی فراہم کرنا کسی بھی حکومت کے لیے آسان نہیں ہوگا۔ اگر پاکستان اپنی نوجوان آبادی کو جدید تعلیم، فنی مہارت، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہی آبادی اس کی معاشی قوت بن سکتی ہے۔ بصورتِ دیگر بے روزگاری، غربت، وسائل کی غیر مساوی تقسیم اور شہری سہولتوں کی کمی جیسے مسائل مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔ اس لیے پاکستان کے لیے اصل کامیابی صرف دنیا کا سب سے بڑا مسلم آبادی والا ملک بننا نہیں، بلکہ اس آبادی کو تعلیم یافتہ، ہنرمند اور معاشی طور پر خود کفیل بنانا ہوگی۔
ہندوستان: آئندہ پچاس برس تک ہندو اکثریت برقرار رہے گی
ہندوستان کے بارے میں پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق خاص طور پر اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ گزشتہ کئی برسوں سے مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو سیاسی بحث اور فرقہ وارانہ بیانیے کا موضوع بنایا جاتا رہا ہے۔ بعض سیاسی اور کٹر پسند حلقوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مستقبل میں ہندوستان میں مسلمان ہندوؤں سے زیادہ ہوجائیں گے اور ملک کی مذہبی شناخت تبدیل ہوجائے گی۔ مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کو کبھی نام نہاد آبادیاتی سازش اور کبھی ملک کی اکثریتی شناخت کے لیے خطرہ بناکر پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم پیو ریسرچ سینٹر کی تازہ تحقیق ان تمام دعوؤں اور اندیشوں کی تائید نہیں کرتی، بلکہ اعدادوشمار کی بنیاد پر ان کی حقیقت واضح کرتی ہے۔
تحقیق کا صاف اور دوٹوک نتیجہ یہ ہے کہ ۲۰۷۰ء تک بھی ہندوستان ایک ہندو اکثریتی ملک رہے گا۔ ہندو آبادی ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً ۷۵ فیصد ہوگی، جبکہ مسلمانوں کا تناسب تقریباً ۲۰ فیصد کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ اس طرح آنے والی نصف صدی میں بھی ہندوستان کی مذہبی اکثریت تبدیل ہونے کا کوئی امکان تحقیق میں ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۰ء میں ہندوستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً ۲۱ کروڑ ۳۰ لاکھ تھی، جو ۲۰۷۰ء تک بڑھ کر تقریباً ۳۳ کروڑ ۴۰ لاکھ ہوسکتی ہے۔ اس طرح ہندوستان دنیا میں پاکستان کے بعد مسلمانوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔ دوسری جانب ہندوؤں کی آبادی بھی اسی مدت میں نمایاں طور پر بڑھنے کا امکان ہے۔ اندازہ ہے کہ ۲۰۲۰ء سے ۲۰۷۰ء کے درمیان ہندوستان میں ہندوؤں کی تعداد تقریباً ۱۷ کروڑ ۶۰ لاکھ بڑھے گی، جبکہ مسلمانوں کی آبادی میں تقریباً ۱۱ کروڑ کا اضافہ ہوسکتا ہے۔
یہ اعدادوشمار اس حقیقت کو بھی واضح کرتے ہیں کہ مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کا مطلب ہندوؤں کی آبادی میں کمی یا ان کی اکثریت کا خاتمہ نہیں ہے۔ دونوں مذہبی برادریوں کی آبادی میں اضافہ ہوگا، لیکن ان کے مجموعی تناسب میں فرق برقرار رہے گا۔ چنانچہ یہ کہنا کہ مسلمان آئندہ چند دہائیوں میں ہندوؤں سے زیادہ ہوجائیں گے، نہ صرف تحقیق کے نتائج کے منافی ہے بلکہ ایک بے بنیاد سیاسی شوشہ بھی ہے۔
درحقیقت ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کو لے کر جس انداز میں بعض کٹر پسند حلقوں کی جانب سے چیخ و پکار کی جاتی ہے اور عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش ہوتی ہے، اس کا پیو ریسرچ سینٹر کے آبادیاتی تخمینوں میں کوئی جواز نظر نہیں آتا۔ اعدادوشمار اس پروپیگنڈے کی تائید کرنے کے بجائے یہ بتاتے ہیں کہ آئندہ پچاس برس تک بھی ہندوستان کی مذہبی اکثریت ہندوؤں ہی کی رہے گی۔ اس لیے مسلمانوں کی آبادی کو ملک کے لیے خطرہ قرار دینے، ان کے خلاف نفرت پیدا کرنے یا مستقبل کی مذہبی شناخت تبدیل ہوجانے کا شوشہ چھوڑنے کے بجائے حقیقی سماجی اور معاشی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ہندوستان میں مسلمانوں کی نسبتاً تیز رفتار افزائش کی بنیادی وجوہات میں ان کی کم عمر آبادی اور ہندوؤں کے مقابلے میں قدرے زیادہ شرحِ پیدائش شامل ہیں۔ تاہم اس معاملے میں ایک اہم حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ہندوستان میں تمام مذہبی برادریوں کی شرحِ پیدائش میں کمی آئی ہے اور مسلمانوں و ہندوؤں کے درمیان بچوں کی اوسط تعداد کا فرق بھی نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔ پیو ریسرچ سینٹر کی ماہر اسٹیفنی کریمر کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان شرحِ پیدائش کا فرق طویل عرصے سے موجود ہے، لیکن وقت کے ساتھ اس میں کمی آئی ہے۔ خواتین کی تعلیم، معاشی خودمختاری، شہری زندگی اور صحت کی بہتر سہولتوں کے باعث مستقبل میں اس فرق کے مزید کم ہونے کا امکان ہے۔
آبادی کے ماہرین نے بھی اس بات کی وضاحت کی ہے کہ موجودہ رجحانات ہندوستان کے مذہبی آبادیاتی نقشے میں کسی اچانک یا ڈرامائی تبدیلی کی نشاندہی نہیں کرتے۔ مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کو کسی منظم منصوبے یا بڑے پیمانے پر مذہب کی تبدیلی سے جوڑنے کا کوئی معتبر ثبوت موجود نہیں۔ اس لیے اس موضوع کو فرقہ وارانہ خوف پیدا کرنے کے بجائے سماجی اور معاشی عوامل کی روشنی میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
یہاں ایک اہم احتیاط بھی ضروری ہے کہ پیو کی تحقیق میں ہندوستان کی ۲۰۲۰ء کی مذہبی آبادی کا تخمینہ تیار کرنے کے لیے ۲۰۱۱ء کی مردم شماری کو بنیاد بنایا گیا ہے، کیونکہ ۲۰۲۱ء کی مردم شماری تاخیر کا شکار رہی۔ لہٰذا ان اعدادوشمار کو مستقبل کے تحقیقی تخمینے سمجھنا چاہیے، نہ کہ تازہ مردم شماری کے مصدقہ نتائج۔
ہندوستان جیسے کثیر مذہبی اور کثیر تہذیبی ملک میں آبادی کے معاملے کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ جمہوری ملک میں کسی بھی مذہبی برادری کی آبادی میں اضافہ بذاتِ خود کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔ اصل اہمیت تمام شہریوں کے مساوی حقوق، تعلیم، روزگار، صحت، معاشی ترقی اور آئینی تحفظ کی ہے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ آبادی کے نام پر خوف پھیلانے کے بجائے مستند تحقیق کو تسلیم کیا جائے اور فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرنے والے بیانیے سے گریز کیا جائے۔
یورپ: عیسائی اکثریت میں کمی اور مذہبی تنوع میں اضافہ
یورپ وہ خطہ ہے جہاں مذہبی آبادی کے نقشے میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ تاریخی طور پر عیسائیت یورپ کی غالب مذہبی شناخت رہی ہے، لیکن گزشتہ چند دہائیوں میں کم شرحِ پیدائش، عمر رسیدہ آبادی، ہجرت اور مذہب سے لاتعلقی کے رجحانات نے اس سماج کو تبدیل کیا ہے۔ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق ۲۰۲۰ء میں یورپ کی تقریباً ۶۷ فیصد آبادی عیسائی تھی، جو ۲۰۷۰ء تک کم ہوکر تقریباً ۵۲ فیصد رہ سکتی ہے۔ اس کے برعکس مسلمانوں کا تناسب تقریباً ۶ فیصد سے بڑھ کر ۱۳ فیصد ہونے کا امکان ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یورپ میں مسلمانوں کی تعداد بڑھے گی، لیکن عیسائیت بدستور سب سے بڑا مذہبی گروہ رہ سکتی ہے۔
اس تبدیلی میں صرف مسلم آبادی کی شرحِ پیدائش کا کردار نہیں، بلکہ یورپی معاشروں میں عیسائیت سے دوری اور مذہب سے غیر وابستہ افراد کی تعداد میں اضافہ بھی اہم ہے۔ تحقیق کے مطابق یورپ میں ایسے افراد کا تناسب ۲۰۷۰ء تک تقریباً ایک تہائی ہوسکتا ہے جو خود کو کسی مذہب سے وابستہ نہیں سمجھتے۔
فرانس، جرمنی، برطانیہ، سویڈن، نیدرلینڈز اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کی موجودگی میں اضافہ متوقع ہے۔ فرانس میں شمالی افریقہ اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک سے آنے والے تارکین وطن اور ان کی نئی نسلوں کے سبب اسلام ایک اہم مذہبی شناخت بن چکا ہے۔ تاہم پیو کی تحقیق فرانس کو مستقبل میں مسلم اکثریتی ملک قرار نہیں دیتی۔ اس کے مطابق وہاں مسلمانوں کے تناسب میں اضافہ ہوگا، لیکن عیسائیوں اور دیگر مذہبی و غیر مذہبی گروہوں کی مجموعی موجودگی کے باعث فرانس کی مذہبی شناخت کسی ایک گروہ کے حوالے سے تبدیل نہیں ہوگی۔
فرانس میں مذہب اور ریاست کے تعلق کی اپنی تاریخی نوعیت ہے۔ وہاں سیکولرازم، جسے لاایسیٹے (Laïcité) کہا جاتا ہے، قومی سیاسی اور آئینی روایت کا اہم حصہ ہے۔ حجاب، مذہبی شناخت، مساجد، امیگریشن اور قومی تشخص جیسے موضوعات پر ہونے والی بحث بھی اسی پس منظر میں دیکھی جانی چاہیے۔ فرانس کے لیے اصل چیلنج یہ ہوگا کہ وہ مذہبی تنوع اور قومی یکجہتی کے درمیان توازن کیسے قائم کرتا ہے اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق کیسے فراہم کرتا ہے۔
یورپ کی ایک اور اہم حقیقت اس کی مجموعی آبادی میں متوقع کمی ہے۔ کم شرحِ پیدائش اور عمر رسیدہ آبادی کے سبب ۲۰۷۰ء تک یورپ کی مجموعی آبادی میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔ اس لیے وہاں مذہبی تناسب کی تبدیلی کو صرف مسلمانوں کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں ہوگا۔
افریقہ: اسلام اور عیسائیت کے نئے آبادیاتی مراکز
پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کا ایک اہم انکشاف افریقی براعظم میں متوقع آبادیاتی تبدیلیاں ہیں۔ گزشتہ کئی صدیوں تک عالمی عیسائیت کا اہم جغرافیائی مرکز یورپ رہا، لیکن آنے والی نصف صدی میں سب صحارا افریقہ عیسائی آبادی کا سب سے بڑا مرکز بن سکتا ہے۔ نائجیریا، جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا، تنزانیہ، یوگنڈا اور دیگر افریقی ممالک میں نوجوان آبادی اور نسبتاً زیادہ شرحِ پیدائش اس تبدیلی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ اندازہ ہے کہ ۲۰۷۰ء تک دنیا کے نصف سے زیادہ عیسائیوں کا تعلق سب صحارا افریقہ سے ہوگا۔ جمہوریہ کانگو دنیا میں سب سے زیادہ عیسائی آبادی والے ممالک میں سرفہرست آسکتا ہے اور امریکہ کو بھی پیچھے چھوڑنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب افریقہ میں مسلم آبادی بھی تیزی سے بڑھے گی۔ نائجیریا، نائجر، چاڈ، صومالیہ اور دیگر ممالک میں اسلام کی آبادیاتی موجودگی مضبوط ہوگی۔ پیو کے تخمینوں کے مطابق سب صحارا افریقہ میں مسلمانوں کی تعداد ۲۰۲۰ء کے تقریباً ۳۷ کروڑ سے بڑھ کر ۲۰۷۰ء میں تقریباً ۹۸ کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح افریقہ میں اسلام اور عیسائیت دونوں کی آبادی میں اضافہ ہوگا۔
نائجیریا اس کی اہم مثال ہے، جہاں دونوں مذاہب کے ماننے والوں کی بڑی آبادیاں موجود ہیں۔ یہ صورتِ حال افریقہ کو مستقبل میں عالمی مذہبی، سیاسی اور اقتصادی معاملات میں مزید اہم بنا سکتی ہے۔ تاہم اس کے ساتھ تعلیم، صحت، خوراک، روزگار، سیاسی استحکام اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے چیلنج بھی بڑھیں گے۔
امریکہ: عیسائیت سے وابستگی میں کمی
امریکہ کو طویل عرصے سے عیسائی اکثریت والا ملک سمجھا جاتا رہا ہے، لیکن گزشتہ چند دہائیوں میں وہاں عیسائیت سے وابستگی میں کمی اور مذہب سے غیر وابستہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق ۲۰۲۰ء میں شمالی امریکہ کی تقریباً ۶۳ فیصد آبادی عیسائی تھی، جو ۲۰۷۰ء تک کم ہوکر ۴۶ فیصد رہ سکتی ہے۔ امریکہ میں عیسائیوں کا تناسب تقریباً ۶۴ فیصد سے گھٹ کر ۴۸ فیصد ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں وہاں عیسائی اکثریت ختم ہوسکتی ہے۔
اس تبدیلی کا بنیادی سبب مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ نہیں، بلکہ عیسائی شناخت سے دوری اور مذہب سے غیر وابستگی کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔ امریکہ میں مذہب سے غیر وابستہ افراد کا تناسب بھی نمایاں طور پر بڑھنے کا امکان ہے۔
اس کے باوجود امریکہ اور کینیڈا میں مسلم آبادی بھی بڑھے گی۔ ہجرت، نئی نسل کی پیدائش اور نوجوان آبادی اس اضافے کے اہم عوامل ہوں گے۔ امریکہ میں مسلمانوں کا تناسب تقریباً ۱.۲ فیصد سے بڑھ کر ۳.۷ فیصد اور کینیڈا میں تقریباً ۵ فیصد سے بڑھ کر ۱۶ فیصد ہوسکتا ہے۔ تاہم امریکہ میں بھی مسلمانوں کی اکثریت کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
ایشیا پیسیفک اور دیگر خطوں کی صورتِ حال
ایشیا پیسیفک میں انڈونیشیا، ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش دنیا کے بڑے مسلم آبادی والے ممالک میں شامل رہیں گے۔ تاہم عالمی مسلم آبادی میں اس خطے کا تناسب کم ہوسکتا ہے، کیونکہ افریقہ میں مسلم آبادی نسبتاً تیزی سے بڑھے گی۔ اس کے باوجود ایشیا پیسیفک میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب چین، جاپان اور جنوبی کوریا جیسے ممالک میں بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد میں کمی کا امکان ہے۔ پیو کے اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں بدھ مت کی آبادی ۲۰۲۰ء کے تقریباً ۳۲ کروڑ سے کم ہوکر ۲۰۷۰ء میں ۲۵ کروڑ کے قریب رہ سکتی ہے۔ اس کی بنیادی وجوہات کم شرحِ پیدائش، عمر رسیدہ آبادی اور مذہبی وابستگی میں تبدیلی ہیں۔
لاطینی امریکہ میں عیسائیت بدستور اہم مذہبی شناخت رہے گی، لیکن وہاں بھی روایتی کیتھولک وابستگی میں کمی اور پروٹسٹنٹ فرقوں اور مذہب سے غیر وابستہ افراد کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں مسلمانوں کی واضح اکثریت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ وہاں بھی جنگوں، سیاسی عدم استحکام اور نقل مکانی جیسے عوامل مستقبل کے آبادیاتی نقشے کو متاثر کرسکتے ہیں۔
مذہبی آبادی میں تبدیلی کے بنیادی عوامل
مذہبی آبادی میں تبدیلی کے پیچھے پانچ بنیادی عوامل کارفرما ہوتے ہیں: شرحِ پیدائش، عمر کا تناسب، اموات، ہجرت اور مذہب کی تبدیلی۔ کسی مذہبی گروہ میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہو اور شرحِ پیدائش نسبتاً بلند ہو تو اس کی آبادی میں قدرتی اضافہ زیادہ ہوتا ہے۔ اسی طرح جنگوں، معاشی بحرانوں یا بہتر مواقع کی تلاش میں ہونے والی ہجرت کسی ملک کی مذہبی آبادی کا تناسب تبدیل کرسکتی ہے۔
تاہم پیو ریسرچ سینٹر کے یہ تخمینے حتمی پیش گوئیاں نہیں ہیں۔ تحقیق موجودہ رجحانات کی بنیاد پر مستقبل کے امکانات ظاہر کرتی ہے۔ جنگیں، قدرتی آفات، وبائیں، معاشی بحران، سیاسی تبدیلیاں اور شرحِ پیدائش میں غیر متوقع کمی یا اضافہ ان نتائج کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس لیے ۲۰۷۰ء کے اعدادوشمار کو اسی تناظر میں سمجھنا ضروری ہے۔
مسلم دنیا کے لیے تعداد سے زیادہ معیار اہم
اگر ۲۰۷۰ء تک دنیا کے مسلمانوں کی تعداد ۳۶۴ کروڑ تک پہنچتی ہے تو یہ مسلم دنیا کے لیے ایک بڑا آبادیاتی سنگ میل ہوگا، لیکن اس کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی وابستہ ہوگی۔ محض تعداد میں اضافہ کسی قوم کی ترقی یا عالمی اثرورسوخ کی ضمانت نہیں ہوتا۔ اس کے لیے معیاری تعلیم، سائنسی تحقیق، ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، معاشی خودمختاری اور سماجی انصاف بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، نائجیریا اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک کو اپنی نوجوان آبادی کو جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا۔ ہندوستان میں بھی مسلمانوں کی ترقی کا راستہ تعلیم، روزگار، معاشی خودمختاری اور آئینی حقوق کے تحفظ سے ہوکر گزرتا ہے۔ اسی طرح دنیا کے تمام معاشروں کو مذہبی تنوع کے ساتھ جمہوری اقدار، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔
پیو ریسرچ سینٹر کی تازہ تحقیق نے دنیا کے مذہبی مستقبل کے حوالے سے ایک اہم بحث کا آغاز کیا ہے۔ اس کے مطابق اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بننے کی جانب بڑھ رہا ہے، لیکن اس تبدیلی کے ساتھ عیسائیت بھی دنیا کا ایک بڑا مذہب برقرار رہے گی۔ افریقہ عالمی مذہبی آبادی کا نیا مرکز بنے گا، یورپ میں عیسائی اکثریت کم ہوگی، امریکہ میں مذہبی شناخت تبدیل ہوگی اور جنوبی ایشیا میں پاکستان و ہندوستان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
ہندوستان کے حوالے سے تحقیق کا ایک اہم پیغام یہ بھی ہے کہ مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کے باوجود آئندہ پچاس برس تک ہندو اکثریت برقرار رہے گی۔ اس لیے مسلمانوں کے ہندوؤں سے زیادہ ہوجانے کے دعوؤں، سیاسی شوشوں اور فرقہ وارانہ پروپیگنڈے کی کوئی سائنسی بنیاد نظر نہیں آتی۔ کٹر پسند حلقوں کی جانب سے اس موضوع پر مسلسل شور شرابہ اور خوف پیدا کرنے کی کوششوں کے برخلاف تحقیق کے اعدادوشمار ایک مختلف اور واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان کی اصل طاقت اس کا آئینی ڈھانچہ، جمہوری نظام، مذہبی تنوع اور تمام شہریوں کے لیے مساوی مواقع ہونے چاہئیں۔
آخرکار کسی مذہب یا قوم کی عظمت کا پیمانہ صرف اس کے ماننے والوں کی تعداد نہیں، بلکہ علم، کردار، انصاف، انسانی خدمت اور معاشرے کی تعمیر میں اس کا کردار بھی ہے۔ آنے والی نصف صدی میں دنیا کا مذہبی نقشہ یقیناً بدلے گا، لیکن یہ تبدیلی انسانیت کے لیے کتنی مثبت ثابت ہوگی، اس کا انحصار مذہبی گروہوں کی تعداد سے زیادہ ان معاشروں کی تعلیم، شعور، جمہوریت، برداشت اور ترقی پسندانہ سوچ پر ہوگا۔