عبدالحلیم منصور کو سینٹ پالز نیشنل میڈیا ایوارڈز میں اعزاز ہندوستانی زبانوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کا اعتراف

عبدالحلیم منصور کو سینٹ پالز نیشنل میڈیا ایوارڈز میں اعزاز ہندوستانی زبانوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کا اعتراف

عبدالحلیم منصور کو سینٹ پالز نیشنل میڈیا ایوارڈز میں اعزاز
ہندوستانی زبانوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کا اعتراف

بنگلورو، 20 نومبر (الہلال میڈیا )

سینئر اردو صحافی اور اردو نیوز پورٹل حقیقت ٹائمز کے ایڈیٹر اِن چیف عبدالحلیم منصور کو ہندوستانی زبانوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں سینٹ پالز نیشنل میڈیا ایوارڈز 2026 کے تحت ’’ایکسِلنس اِن انڈین لینگویج جرنلزم ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ بنگلورو کے سینٹ پالز کالج کے آڈیٹوریم میں جمعہ کے روز منعقدہ اس باوقار تقریب میں سینٹ پالز کالج کے صدر ریورنڈ فادر ڈاکٹر جوزف ٹی سی، بنگلورو نارتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر بی کے روی، کرناٹک میڈیا اکیڈمی کی صدر محترمہ عائشہ خانم اور کرناٹک اسٹیٹ ریزرو پولیس کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس و کمانڈنٹ حمزہ حسین نے صحافت، میڈیا تعلیم، ابلاغ عامہ اور میڈیا انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو اعزازات پیش کیے ۔ اس تقریب کا اہتمام سینٹ پالز کالج نے حکومت کرناٹک کی کرناٹک میڈیا اکیڈمی کے ادارہ جاتی اشتراک سے کیا تھا۔عبدالحلیم منصور کو یہ اعزاز ہندوستانی زبانوں کی صحافت، بالخصوص حقیقت ٹائمز میں ان کی ادارتی قیادت اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ وہ حقیقت ٹائمز اردو نیوز پورٹل کے ایڈیٹر اِن چیف کی حیثیت سے صحافتی و ادارتی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ روزنامہ سیاست کے بنگلورو ایڈیشن میں چیف رپورٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی صحافتی سرگرمیوں میں علاقائی مسائل، عوامی مفادات، سماجی و سیاسی معاملات اور مختلف طبقات سے متعلق اہم موضوعات کو اجاگر کرنے کے ساتھ اردو اور ہندوستانی زبانوں کی صحافت کے ذریعے عوامی آواز کو مؤثر انداز میں پیش کرنا شامل ہے۔ تقریب میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا کہ علاقائی نقطۂ نظر کو اجاگر کرنے، سماج کے مختلف طبقات کی آواز کو مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے اور عوامی مباحث میں زبان کی صحافت کے کردار کو مستحکم بنانے کے لیے ان کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

سینٹ پالز نیشنل میڈیا ایوارڈز 2026 کے تحت میڈیا کے شعبے میں تاحیات نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایچ ایس بلرام کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ صحافت کی تعلیم میں نمایاں خدمات کے لیے پروفیسر کانچن کور، کھیلوں کی صحافت میں جوزف ہوور، ثقافتی کہانیوں اور ٹیلی ویژن صحافت میں نارائن سوامی اور تعلقات عامہ و ادارہ جاتی ابلاغ میں ڈاکٹر مہیش گوڑا کو اعزاز سے نوازا گیا۔دیگر ایوارڈ یافتگان میں نشریاتی صحافت کے لیے وجے گروور، ریڈیو ابلاغ کے لیے کانسپٹا فرنانڈیز، پرنٹ صحافت کے لیے منی تیجسوی، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا صحافت کے لیے روہنی سوامی، کنڑ انٹرنیٹ صحافت کے لیے ڈاکٹر بھاسکر ہیگڑے، فوٹو جرنلزم کے لیے ویرا منی اور پرنٹ میڈیا میں تحقیقاتی صحافت کے لیے بھارت جوشی شامل ہیں۔ہندوستانی زبانوں کی صحافت کے زمرے میں عبدالحلیم منصور کو ایوارڈ پیش کیا گیا۔

اس طرح ایوارڈز کے مختلف زمروں میں پرنٹ میڈیا، نشریاتی صحافت، کھیلوں کی رپورٹنگ، فوٹو جرنلزم، ٹیلی ویژن، ریڈیو، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا، تحقیقاتی صحافت اور ہندوستانی زبانوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اس موقع پر صحافت کے روایتی ذرائع کے ساتھ بدلتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا کے منظرنامے اور عوامی ابلاغ میں مختلف زبانوں کے کردار کو بھی اہمیت دی گئی۔
ادارہ جاتی ایوارڈز کے زمرے میں سماجی اثرات پر مبنی بیداری مہمات میں نمایاں کارکردگی کے لیے بی پاک (B.PAC) کو اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ آن لائن نیوز پلیٹ فارم کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں بنگلورو پوسٹ کو ایوارڈ پیش کیا گیا۔ ان اعزازات کے ذریعے سماجی بیداری، عوامی معلومات کی فراہمی اور ڈیجیٹل صحافت کے فروغ میں اداروں کے کردار کو تسلیم کیا گیا۔

اس موقع پر سینٹ پالز کالج کے صدر ریورنڈ فادر ڈاکٹر جوزف ٹی سی، بنگلورو نارتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر بی کے روی، کرناٹک میڈیا اکیڈمی کی چیرمین محترمہ عائشہ خانم اور کرناٹک اسٹیٹ ریزرو پولیس کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس و کمانڈنٹ حمزہ حسین مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ سینٹ پالز کالج کے پرنسپل ریورنڈ فادر ڈاکٹر تھامس ایم جے بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے کنوینر ڈاکٹر پرشانت وی، صدر شعبۂ صحافت و ماس کمیونیکیشن اور ایسوسی ایٹ پروفیسر نے اس پروگرام کی منصوبہ بندی، تنظیم اور رابطہ کاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی نگرانی میں منعقدہ اس پروگرام کے ذریعے صحافت کے مختلف شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد، میڈیا اداروں اور تعلیمی شعبے کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔

واضح رہے کہ سینٹ پالز کالج اپنے 112 سالہ تعلیمی، سماجی اور خدماتی سفر (1914-2026) کا جشن منا رہا ہے۔ اسی مناسبت سے سینٹ پالز نیشنل میڈیا ایوارڈز 2026 کا انعقاد خصوصی اہمیت کا حامل رہا۔ کالج کی جانب سے اس پروگرام کے ذریعے صحافتی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کا اعتراف کرنے، ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینے اور بدلتے ہوئے میڈیا ماحول میں اعتبار، صحافتی اخلاقیات، جدت طرازی اور عوامی خدمت کی اقدار کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔کالج انتظامیہ کے مطابق صحافت اور ابلاغ عامہ معاشرے کو باخبر رکھنے، عوامی شعور بیدار کرنے اور سماجی و فکری مباحث کو آگے بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی لیے مختلف ذرائع ابلاغ، زبانوں اور شعبوں سے وابستہ شخصیات اور اداروں کی خدمات کو ایک مشترکہ قومی پلیٹ فارم پر تسلیم کرنے کی یہ کوشش کی گئی۔ سینٹ پالز کالج کے 112 سالہ سفر میں یہ تقریب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جس نے میڈیا تعلیم اور عملی صحافت کے درمیان بامعنی روابط کو فروغ دینے اور صحافتی خدمات کی حوصلہ افزائی کے ادارے کے عزم کو نمایاں کیا۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے