قتل، ناجائز قبضے و مجرموں کی عزت افزائی معاشرتی بگاڑ کا سبب : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

قتل، ناجائز قبضے و مجرموں کی عزت افزائی معاشرتی بگاڑ کا سبب :  مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

قتل، ناجائز قبضے و مجرموں کی عزت افزائی معاشرتی بگاڑ کا سبب : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی
غصہ، لالچ و حق تلفی جرائم کے اسباب،مجرموں کی شال پوشی اور گل پوشی، نئی نسل کے لیے منفی پیغام

حیدرآباد27نومبر(راست)معاشرے میں قتل و غارت گری کے بڑھتے واقعات، زمینوں اور جائیدادوں پر ناجائز قبضوں، حقوق العباد کی پامالی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی غیر ضروری پذیرائی تشویشناک ہے۔ غصہ، حرص، لالچ، تکبر، خود غرضی اور حق تلفی معاشرتی جرائم کے اہم اسباب ہیں۔ انسان جب خوفِ خدا، فکرِ آخرت اور حقوق العباد کی پاسداری سے غافل ہو جاتا ہے تو معاشرے میں ظلم، ناانصافی اور تشدد جیسے سنگین جرائم جنم لیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مسجد محمودہ، شاستری پورم میں نمازِ جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم، فلک نما) نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانی جان، مال، عزت اور حقوق کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی ہے۔ قرآن مجید میں ناحق قتل کو انتہائی سنگین جرم قرار دیا گیا ہے اور ایک بے گناہ انسان کے قتل کی سخت مذمت فرمائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنا، کسی کا مال ہڑپ کرنا، وراثت میں حق داروں کو محروم رکھنا اور دوسروں کے جائز حقوق دبانا بھی سنگین ظلم اور گناہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غصب شدہ زمین کے بارے میں سخت وعید بیان فرمائی ہے کہ جو شخص ناحق کسی کی زمین کا ایک بالشت حصہ بھی لے گا، قیامت کے دن اسے سات زمینوں کا طوق پہنایا جائے گا۔مولانا نے مزید کہا کہ آج یہ ایک افسوسناک معاشرتی رجحان بنتا جا رہا ہے کہ زمینوں اور جائیدادوں کے تنازعات، ذاتی دشمنیوں اور معمولی اختلافات کے نتیجے میں قتل جیسے سنگین واقعات پیش آ رہے ہیں۔ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ بعض مقامات پر ایسے جرائم میں ملوث افراد کو دعوتوں اور تقریبات میں مدعو کیا جاتا ہے، ان کی شال پوشی اور گل پوشی کی جاتی ہے اور سماجی و سیاسی سطح پر ان کی غیر ضروری عزت افزائی کی جاتی ہے۔ کسی شخص کی دولت، اثر و رسوخ یا ظاہری طاقت کو اس کے کردار اور اخلاق سے زیادہ اہمیت دینا معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ جرم کی مذمت کے بجائے مجرمانہ کرداروں کی تشہیر اور پذیرائی سے غلط پیغام جاتا ہے اور ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔عزت و احترام کا معیار دولت، طاقت، شہرت اور سیاسی اثر و رسوخ نہیں بلکہ کردار، دیانت، تقویٰ، علم اور خدمتِ خلق ہونا چاہیے۔ جو افراد معاشرے میں امن و امان کو نقصان پہنچاتے، دوسروں کے حقوق پامال کرتے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں، انہیں سماجی سطح پر ہیرو بنا کر پیش کرنا درست نہیں۔ کسی کے ساتھ حسنِ سلوک اور اصلاح کی کوشش اپنی جگہ، لیکن اس کے جرائم کی توثیق یا غیر ضروری تشہیر کسی صورت مناسب نہیں۔ سماجی و مذہبی شخصیات اور ذمہ دار اداروں کو اس معاملے میں خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے بعض رویوں پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری ہی میں دھمکی آمیز گفتگو، اشتعال انگیزی، غصے، تکبر اور طاقت کے اظہار کو بہادری سمجھنے کا رجحان خطرناک ہے۔ نوجوانوں کی عمر تعلیم، تربیت، اخلاقی نشوونما اور مستقبل کی تعمیر کی ہوتی ہے۔ اگر اس مرحلے پر ان کے ذہنوں میں تشدد، انتقام اور دوسروں کو خوف زدہ کرنے کے رجحانات پروان چڑھیں تو اس کے منفی اثرات نہ صرف ان کی اپنی زندگی بلکہ پورے معاشرے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ والدین، اساتذہ اور علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کی صحیح اسلامی اور اخلاقی تربیت کریں اور انہیں سوشل میڈیا کے مثبت و منفی استعمال سے واقف کروائیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہترین مسلمان کی پہچان یہ بتائی کہ دوسرے مسلمان اس کی زبان اور ہاتھ سے محفوظ رہیں۔آخر میں مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے علماء کرام، دانشوروں، سماجی و مذہبی تنظیموں کے ذمہ داروں، سیاسی قائدین، والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے سے قتل و تشدد، ناجائز قبضوں، حق تلفی اور مجرمانہ ذہنیت کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی غیر ضروری شال پوشی، گل پوشی اور سماجی پذیرائی سے گریز کیا جائے، مظلوموں کو انصاف دلانے میں تعاون کیا جائے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کیا جائے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے