ظریفانہ: مودی بوجھ یا اثاثہ؟

ظریفانہ: مودی  بوجھ یا اثاثہ؟

ظریفانہ: مودی بوجھ یا اثاثہ؟

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

للن بہاری نے کلن بنگالی سے کہا یار مجھے تو لگتا ہے پردھان جی کو اب آرام کرنا چاہیے ۔
کلن بولا یار وہ کون سا کام کرتے ہیں ؟ آرام ہی تو کرتے ہیں ۔ درمیان میں دل بہلانے کے لیے تھوڑا بہت بیرون یا اندرون ملک دورہ کر لیتے ہیں ۔
بھیا ان کا تو دل بہل جاتا جاتا ہے لیکن موصوف کی حماقتوں کے سبب میڈیا جو ہنگامہ ہوتا ہے نا اس سے ہمارا دل دہل جاتا ہے۔
کیا بکواس کررہے ہو للن۔ انہیں دوروں اور ان پر حاصل کردہ تمغوں کے سبب آج ہمارا ملک وشو گرو( عالمی قائد) بن چکا ہے ۔
اچھا اگر ہم عالمی قائد ہیں تو پردھان جی کو ٹرمپ، شی جن پنگ اور پوتن کی گول میز کانفرنس سے کیوں دور رکھا گیا؟ وہاں چوتھی کرسی خالی کیوں تھی ؟
کلن بولا میں سمجھ گیا تم راہل کے جھانسے میں آگئے ۔ وہ تو شوشے چھوڑتا ہی رہتا ہے۔ وہاں تو برطانیہ ، فرانس ، جرمنی اور جاپان بھی نہیں تھے ۔
ارے بھیا نہیں تھے کیونکہ وہ اپنے آپ کو عالمی قائد نہیں کہتے لیکن ہمارا تو دعویٰ ہے نا؟ ہمیں تو ہونا چاہیے تھا ؟
خیر چھوڑو آج نہیں تو کل پردھان جی کو بلایا جائے گا اور ہمارا دیش وشو گرو کہلائے گا ۔ تم منفی باتوں کے بجائے مثبت کامیابیوں کو کیوں نہیں دیکھتے ؟
اچھا ؟ تم ہی بتاو کہ عالمی سطح پرہمارے پردھان جی نے کون سا جھنڈا گاڑ دیا؟
اب تم نے درست سوال کیا ۔ اپنی آنکھوں پر لگی پٹی کھول کر دیکھو کہ منیلا دورے پر کس طرح انہوں نے زمین پر پڑا ترنگا اٹھا کر اس کا احترام بحال کیا۔
اچھا ؟لیکن منیلا کے لوگوں نے ترنگا جھنڈا زمین پر کیوں ڈال دیا ؟ کہیں کوئی خالصتانی کنکشن تو نہیں تھا؟
نہیں بھیا وہاں تو چاروں ممالک کے جھنڈے نشانی کے طور زمین پر تھے ۔ کسی نے اپنا جھنڈا نہیں اٹھایا مگر دیش بھگت پردھان جی سے یہ دیکھا نہیں گیا ۔
اچھا تو قدم کے نشان کی جگہ علامت کے طور پر اسے رکھا گیا تھا تاکہ پر ملک کے رہنما کو اس کے کھڑے ہونے کی جگہ کا علم ہوجائے ۔
جی ہاں صحیح سمجھے لیکن دوسروں کے دل میں اپنے پرچم کا کوئی احترام ہی نہیں تھا۔
اچھا تو یہ بات تھی لیکن کیا ایسا پہلے بھی کبھی کیا گیا تھا یا پہلی بار ہوا؟
ارے بھیا ہمشہ ہوتا ہے۔ خود وزیر اعظم کئی بار اس نشان کے ذریعہ اپنی جگہ دیکھ کر وہاں کھڑے ہوچکے ہیں ۔ اسی سال ۳؍بار ہوچکا ہے اور پہلے بھی ۔
اچھا تب پھر ان کے دل میں ملک کی محبت اسی وقت کیوں پیدا ہوگئی؟ پہلے مر گئی تھی کیا؟؟
یار زبان تو ٹھیک استعمال کرو، لگتا ہے راہل کی ویڈیو دیکھ دیکھ کر تمہارا لب ولہجہ بھی بگڑ گیا ہے۔
میرا لہجہ نہیں تمہارا اور ان کا دماغ خراب ہوگیا ہے۔ جب اس نشان کو وہ جیب میں رکھ رہے تھے تو ٹرمپ نے ’سنبھال کر رکھو ‘ کہہ کر بے عزتی کردی۔
ٹرمپ پاگل ہے وہ بھلا ملک کی محبت میں اضافہ کی قدر دانی کیا کرے گا ؟ اسے چھوڑو، پردھان جی کو رسوا کرنا ہے اس کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔
ارے بھیا وہی تو میں کہتا ہوں کہ پردھان اس رسوائی کو برداشت کیوں کرلیتے ہیں۔ اس کا جواب کیوں نہیں دیتے یا کم ازکم احتجاج کیوں نہیں کرتے ؟
بھائی ایسا ہے کہ ٹرمپ ہو یا پردھان دونوں پر احتجاج یا مذمت کاا ثر نہیں ہوتا ۔ اس لیے پردھان جی گریز فرماتے ہیں ورنہ وہ اور بھی بگڑ جائے گا۔
اچھا تو کیا اپنے پردھان جی اس سے ڈرتے ہیں ؟
جی نہیں ہمارے پردھان جی کی آنکھیں لال اور چھاتی چھپن انچ کی ہے ۔ وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ ساری دنیا ان سے ڈرتی ہے؟
لیکن چین کی جانب تو لال آنکھ غلطی سے بھی نہیں اٹھتی اور اب تو ’چھپن انچ کا چھوٹا بندر ‘ والا نعرہ لگانے والے بچے بھی ان سے نہیں ڈرتے ۔
اپنے بچے کیوں ڈریں ۔ پاکستان جیسا دشمن تو ڈرتا ہے یہ کافی ہے؟
اچھا! شاید تمہیں نہیں معلوم کہ آج کل پاکستان کے وزیر ماحولیات مصدق ملک دہلی میں ہیں اور تاج محل کی سیرفرمارہے ہیں۔
ارے بھیا اس میں کون سی نئی بات ہے ۔ پہلے بھی لوگ آتے جاتے رہے ہیں ۔ فضول میں بات کا بتنگڑ نہ بناو۔
لیکن پردھان جی نے تو کہا تھا کہ "دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے”۔ سندھ ندی میں پانی اور خون ساتھ ساتھ نہیں بہہ سکتا ۔
جی ہاں ٹھیک ہی تو کہا تھا ۔ اسی لیے انہوں نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرکے پاکستانی پانی روکنے کی دھمکی بھی دی تھی ۔
اچھا تمہیں وہ تو یاد ہے مگر مصدق ملک نے اس کا کیا جواب دیا تھا وہ نہیں یاد ہوگا؟
اچھا اس کی کیا مجال کہ ہمارے پردھان جی کو جواب دے ۔
بھیا اس نے کہا تھا "جو بھی ہمارے پانی کو ہاتھ لگائے گا، اس کے ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے”۔
اچھا ! یہ بدتمیزی ؟ پاکستان کو دہلی بھیجنے کے لیے کوئی اور نہیں ملا ؟
ارے بھائی سوچ سمجھ کر ایسے آدمی کو بھیجا کہ اگر کوئی اونچ نیچ ہوجائے تو منہ توڑ جواب دے سکے ۔ بڑے کائیاں ہیں یہ پاکستانی ۔
یار ایک بتاو تم اچانک منیلا سے سیدھے دہلی کیوں آگئے؟ ہمارے پردھان جی جہاں اپنی قیادت کے جھنڈے گاڑتے ہیں تم وہاں سے کھسک لیتے ہو؟
بھیا منیلا کے اندر فوٹو سیشن کے دوران تو پردھان جی نے اپنی خوب فضیحت کروالی ۔
اچھا وہ کیسے ؟
بھائی وہاں اخبار نویسوں نے صدر ٹرمپ سے سوالات پوچھنے شروع کیے تو پردھان جی بے چین ہوگئے اور ان کے چہرے پر ہوائیاں اڑنے لگیں ۔
یہ تم کو کیسے پتہ چل گیا ؟ اس طرح کی بدگمانی ٹھیک نہیں ہے۔
بھیا میری آنکھوں پر عقیدت کی پٹی نہیں ہے۔ ویسے پردھان جی کا ٹرمپ سے درمیان ہی میں اچانک یہ پوچھنا کہ ’کیا ہم چلیں؟‘ کس بات کا غماز ہے؟
یار یہ تو بڑی بزدلی کی بات ہے ؟ مگر اس ٹرمپ نے کچھ کہا تو نہیں ؟
جی نہیں وہ کیا کہتا ؟ اس نے ایک اور سوال لینے کے بعد پردھان جی سے بولا دیکھو میں کتنے مشکل سوالات کا جواب دیتا ہوں ۔ یعنی تم یہ نہیں کرسکتے ۔
یہ تو کوئی بھی نہیں کرسکتا ؟ ٹرمپ خود بھی تو سوالات کے اوٹ پٹانگ جوابات ہی دیتے ہیں ۔
مگر ہمارے پردھان تو بھاگ کھڑے ہوتے ہیں اور راہل گاندھی کو دیکھو وہ کیسے امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی میں جاکر شرکاء کو جواب دیتا ہے ۔
بھیا اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ اصل کام تو الیکشن جیت کر اقتدار میں آنا ہے۔ راہل گاندھی جس دن یہ کرکے دکھائے گا مان جائیں گے ۔
دیکھو یار اب تو سب جان گئے ہیں کہ ہماری کامیابی گیانیش کمار کے مرہون منت ہے۔ وہ چوری نہ کرتا تو ہم لوگ ہار چکے تھے ۔
کلن پریشان ہوکر بولا یار یہ غیر ملکی دورے تو ہاتھی کے دانت کی طرح دکھانے کے ہوتے ہیں۔ پردھان جی من کی بات تو دیش کے اندر کرتے ہیں ۔
بھیا وہ بھی اگلے وقتوں کی بات ہے اپنے دورے لوٹنے کے بعد 20؍ نومبر( 2026) کو انہوں نے فکّی کے ایک اجلاس میں سرمایہ داروں کو ڈانٹ دیا۔
یہ کیسے ہوگیا ؟ انہیں کے چندے سے تو ہم میڈیا کا پیٹ بھرتے ہیں اور وہ ہماری شبیہ بناتاہے ۔ پردھان جی ایسا نہیں کرسکتے تمہیں غلط فہمی ہوئی ہے۔
نہیں بھائی پردھان جی نے اپنے احسانات گناتے ہوئے کہا کہ 2014 میں کارپوریٹ ٹیکس 30 فیصد تھا جسے کم کر کے 22 فیصد کر دیا گیا۔
تو اس میں ڈانٹنے کی کیا بات ہے؟
جی ہاں مگر 12 لاکھ روپے تک کی کمائی پر انکم ٹیکس معاف کرنے کا ذکرکرنے کے بعد بولے’’مجھے معلوم ہے کہ آپ تالی نہیں بجاؤ گے‘‘
جی ہاں یہ شکایت تو بجا ہے ۔ احسانمندی کا کم ازکم تقاضہ تو یہ ہے کہ تالی بجا دی جائے ۔
جی اسی سے ناراض ہوکر پردھان جی نے پھٹکار لگائی :’’ آپ کی بھوک اتنی ہے، کتنا ہی کھلاؤ پیٹ نہیں بھرتا۔”
یار پردھان جی کوکھلے عام ایسے توہین آمیز الفاظ نہیں کہنے چاہئیں ، خیر اسے عمر کا تقاضہ کہہ کر نظر انداز کیا جاسکتا ہے ۔
نہیں بھیا آگےچل کر سوال کردیا کہ ٹیکس معاف کیے جانے کے بدلے کیاصنعتکاروں نے ملازمین کی تنخواہ بڑھائی یا ملازمین کی تعداد میں اضافہ کیا؟
یار للن کہیں اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ اب چین اور امریکہ کی طرح ہمارے صنعتکار بھی پردھان جی سے نہیں ڈرتے اور ان کی ان سنی کردیتے ہیں۔
بھائی دیکھو ہماری پوری پارٹی جن کے چندے سے چلتی ہے وہ ہم سے کیوں ڈریں گے ؟ ان ہی کے پیسے سے تو ہم میڈیا کو خرید کر ماحول بناتے ہیں ۔
ارے بھیا اب تو ہندوستان کے دو سب سے بڑے میڈیا ہاوس کے مالک اور اپنے امبانی اور اڈانی اب ان کی روپیہ دینے کی کیا ضرورت ؟
اچھا تب تو راہل کی یہ بات درست ہے کہ ٹیکس میں کمی کے باوجود تنخواہوں اور روزگار میں اضافہ نہ ہونا صنعت کاروں کی نہیں بلکہ سرکارکی ناکامی ہے۔
یار تم کو راہلیا ہوگیا اس لیے بار بار تم وہیں پہنچ جاتے ہو اس لیے میں چلتا ہوں پھر ملیں گے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے