کولمبیایونیورسٹی:
ہنگامہ ہے کیوں برپا سچائی جو کہہ دی ہے؟
ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان
برطانوی جمہوری ماڈل میں حزب اختلاف کا رہنما وزیر اعظم کا سایہ کہلاتا ہے ۔ مودی جی یا ان کے بھگتوں کو یہ نہیں معلوم ہوگا کیونکہ اس کے لیے تھوڑا بہت پڑھا لکھا ہونا پڑتا ہے۔ ویسے بھگت یہ بھی سوچتے ہوں گے کہ وزیر اعظم کی مانند جعلی ڈگری رکھ کر بدنا م ہونے سے تو جاہل رہنا ہی بہتر ہے۔ اس ہفتے نریندر مودی اور راہل گاندھی دونوں غیر ملکی دورے پر گئے ۔ ایک نے قواڈ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دارالخلافہ منیلا کا قصد کیا اور دوسرا امریکہ کی معاشی راجدھانی نیویارک میں واقع کولمبیا یونیورسٹی جا پہنچا ۔ ان دونوں دوروں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ مودی جی کی قواد کانفرنس میں شرکت بربنائے عہدہ تھی ۔ موصوف اگر ملک کے وزیر اعظم نہیں ہوتے تو انہیں یہ سعادت نصیب نہیں ہوتی اور جو کوئی اس عہدے پر فائز ہوتا وہ وہاں جاتا۔ اس کے برعکس راہل گاندھی کو ذاتی حیثیت سے کولمبیا یونیورسٹی جیسی مشہور تعلیم گاہ میں خطاب کی دعوت دی گئی تھی یعنی اگر وہ حزب اختلاف کے رہنما نہیں ہوتے تب بھی بلائے جاتے ۔ اس لیے کہ ان کے پاس کیمبرج یونیورسٹی کی اصلی ڈگری ہے اور ان کے افکار و خیالات دنیا کے معروف اخبارات و رسائل کی زینت بنتے رہتے ہیں ۔
آر ایس ایس کو اپنی ذہانت و ذکاوت پر بڑا ناز ہے ۔ وہ ہندوستان کو عالمی قائد( وشوگرو) بنانے کا خواب دیکھتا ہے لیکن کسی سنگھی دانشور کوو دنیا کی کوئی یونیورسٹی اپنے یہاں آکر خطاب کرنے کی دعوت کیوں نہیں دیتی؟ یہ اہم سوال ہے۔ امریکہ کے اندر ہندوتوانوازوں کی مختلف تعلیم گاہوں میں موجودگی ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ سوال یہ ہے کہ وہ لوگ اپنے رسوخ کا استعمال کرکے سنگھی دانشوروں کو اپنی دانشگاہوں میں کیوں نہیں بلاتے؟ سر سنگھ چالک موہن بھاگوت امریکہ جاتے بھی ہیں تو ان سے کسی یونیورسٹی کے بجائے میڈیسن اسکوائر میں کیوں خطاب کرایا جاتا ہے جو موسیقی اور رقص و سرود کی تقریبات کے لیے مشہور ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے سنگھیوں کا معاملہ یکطرفہ پروچن(پندو نصیحت) کا ہوتا ہے۔ وہ اختلاف رکھنے والوں سے تو کجا خود اپنے پیروکاروں کے سوالات لینے سے بھی گھبراتے ہیں ۔ وہاں سُچنا(اطلاع) کا رواج ہے یعنی رہنماوں کی جانب سے جو حکم ملے اس پر بلاچوں چرا عمل کرو ۔ اس پر سوچنا اور پوچھنا پوری طرح ممنوع ہے ۔
پچھلے دنوں آر ایس ایس کے سربراہ اپنی صد سالہ تقریبات کے دوران امریکہ پہنچے ۔ وہاں کے ذرئع ابلاغ نے تبادلۂ خیال رابطہ کیا تو بتایا گیا کہ موصوف کی طبیعت ناساز ہے اس لیے نہیں ملیں گے ۔ اس کے بعد ہرے راما ہرے کرشنا کےاسکون مندر والوں نے دعوت دی تو طبیعت ٹھیک ہوگئی۔ واپس آکر پھر بیمار ہوگئے اور اگلے دن تقریر کے لیے بالکل ٹھیک ٹھاک تھے۔ ایسے خوفزدہ لوگ بھلا کسی یونیورسٹی میں جاکر کیا کریں گے ؟ اس کے برعکس راہل گاندھی کو امریکہ کے نیویارک شہر میں واقع مشہور و معروف کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز میں خطاب کی دعوت دی گئی جہاں انہوں ایک مکالمے کے دوران وہاں موجود شرکاء کے سوالات کا جواب دیا ۔ اپنے دو روزہ امریکی دورے کے دوران نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے فائر سائیڈ چیٹ میں خطاب کرتے ہوئے، کانگریس لیڈر نے کہا کہ’’ ہندوستان کا معاشی ماڈل تقریباً ایک دہائی پہلے نتائج دینا بند کر چکا ہے۔کیونکہ میک ان انڈیا اور `اسٹارٹ اپ انڈیا جیسے حکومتی اقدامات بےاثر ہوچکے ہیں‘‘ ۔انہوں نے برملا اعتراف کیا کہ ہندوستان معاشی تباہی پر بیٹھا ہوا ہے۔
ہندوستان کے نوجوانوں کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بہت سے رسمی تعلیم حاصل کرنے والے متوسط طبقہ کے نوجوان مایوس ہو رہے ہیں کیونکہ انہیں اپنے لیے کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔راہل گاندھی نے کیریئر کے انتخاب اور روزگار کے امکانات پر نوجوانوں اور ان کے والدین کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’’تو وہ دراصل اپنے والدین سے جو کہہ رہے ہیں، اور ہم یہ والدین سے سن رہے ہیں، سنو، تم کامیاب نہیں ہو، تمہارے پاس نوکری نہیں ہے، تم ہمیں یہ نہیں بتا سکتے کہ جو تم نے کیا وہ کرو کیونکہ یہ کام نہیں کرتا۔‘‘راہل بولے چھوٹے اور درمیانے کاروبار اور زراعت ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور روزگار پیدا کرنے کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ مینوفیکچرنگ شعبے کو دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ صرف خدمات ملک کی بڑھتی ہوئی افرادی قوت کو نوکریاں فراہم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔‘‘وہاں موجود زیادہ تر لوگوں نے معیشت کے تعلق سے سوال کیا مگر کچھ سیاسی قسم کے سوالات بھی پوچھے گئے ۔ ان کے جواب میں راہل گاندھی نے دولت کے ساتھ سیاسی طاقت کا ارتکازپر بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔
راہل گاندھی کے مطابق قبائلی، دلت، کسان اور اقلیتیں اقتصادی اور سیاسی نظام میں حاشیے پر دھکیلی جا رہی ہیں۔ روزگار کی کمی اور معیاری تعلیم تک غیر مساوی رسائی کے باعث نوجوانوں میں بے اطمینانی بڑھ رہی ہے۔ طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے اطمینانی کا بنیادی سبب راہل گاندھی کے اس جواب میں چھپا ہوا ہے۔ ان کے مطابق بیشتر مظاہرین متوسط طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہیں لوگوں کو ’ اچھےدن آنے والے ہیں ‘ کا خواب بیچ کرمودی جی وزیر اعظم بنے تھے مگر وہ مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔ راہل کے مطابق اب ملک کانوجوان سوال کر رہاہے کہ کیا تعلیمی قابلیت اور ڈگریاں انہیں روزگار اور اقتصادی تحفظ کی ضمانت دے سکتی ہیں؟ راہل گاندھی نے اقتصادیات کے ساتھ سیاسی طاقت کے ارتکاز کو جمہوری اداروں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ دہرایا تو بی جے پی والوں کو خوب مرچی لگی ۔راہل نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت جمع کیے ہیں اور نظام کے اندر سے بھی لوگ معلومات فراہم کرکے سامنے آ رہے ہیں۔وطن عزیز میں پہلے تو سیاسی جماعتیں انتخابی بدعنوانی کے الزامات لگاتی تھیں مگراب انڈین ایکسپریس اور اس کے بعد رپورٹرس کلیکٹیو جیسے موقر ادارے کی تحقیقی رپورٹ بھی گواہی دے رہی ہے کہ یہ حکومت ووٹ چوری سے قائم ہوئی ہے۔
راہل گاندھی کی اس حقیقت بیانی نے بی جے پی کو چراغ پا کردیا ۔ اس کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے وزیر اعظم نریندر مودی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم غیر ملکی سرکاری دوروں کے دوران ہندوستان کے قومی مفادات کو برقرار رکھتے ہیں اور قومی پرچم کے جذبے کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ’’راہل گاندھی ہندوستانی جمہوریت کے خلاف بول کر ہندوستان کے قومی پرچم کے جذبے کی توہین کرتے ہیں‘‘۔ وہ بیچارے بھول گئے تین رنگوں کو منحوس قرار دینے کا اعلان آر ایس ایس نے کیا تھا اور بھگوا پرچم کو لہرانے کی ناکامی نے سنگھیوں کو ترنگے کے احترام پر مجبور کیا ہےورنہ آج بھی وہ زعفرانی یک رنگی کے قائل ہیں۔ اپنے اقتدار کی خاطرہندوستانی جمہوریت کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والوں اس طرح کا ماتم زیب نہیں دیتا ۔ راہل گاندھی ایک ذمہ دار ایل او پی کے طور پر ناکام کہنے والے بھنڈاری اور ’’اقتدار کا بھوکا‘‘ قرار دینے والے بنگال کے وزیر اور بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش کو یہ بتانا چاہیے کہ کیا مودی ملک کے کامیاب وزیر اعظم ہیں ۔ جھولا اٹھا کر چل دیں گے کہنے والے یہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ وہ کہیں نہیں جائیں گے؟دلیپ گھوش نے کہا، ’’ایک اندھا شخص دن کے وقت بھی اندھیرا دیکھتا ہے۔ آج، ہندوستان کا جی ڈی پی دنیا کے لیے ایک مثال ہے، اور ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ بلند سطح پر ہیں۔
یہ دعویٰ اگر مبنی بر حقیقت ہے تو آئی ڈی بی آئی جیسے منافع بخش بنک کو غیر ملکی ہاتھوں میں بیچنے کی ضرورت کیوں پڑی؟دلیپ گھوش کے مطابق پی ایم مودی کی قیادت میں، ملک محفوظ ہے تو چین اروناچل پر دیش میں کیسے گھسا جارہا ہے ۔ لوگ۱۲؍ سال سے خوش ہیں تو دہلی و کولکاتہ میں گیانیش کمار کے خلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر کیوں اترے ہوئے ہیں۔ گھوش کہتے ہیں کہ صرف اقتدار کے بھوکے لوگ ناخوش ہیں۔ سچ تو یہ ہے اقتدار کی بھوک نے بی جے پی کو نہ صرف رام مندر کا چندہ چور بلکہ ووٹ چور بنا دیا ہے ۔ ان لوگوں کو اگر ملک کی بدنامی کا اتنا ہی احساس ہے تو انتخابی عمل پر کلنک لگانے والی حرکتوں سے بعض آجائیں ۔ یہ لوگ خود تو قومی خزانے کو لوٹ کر عیش کرنے کی خاطر ووٹ چوری کرکے اقتدار سے چپکے رہنا چاہتے مگر یہ نہیں چاہتے کہ کوئی ان کی چوری پکڑے اس کا ذکر کرکے انہیں آئینہ دکھائے ۔ ایسا تو نہیں ہوگا ۔ اس دنیا میں ہر ڈاکو کو شرمندہ ہونا پڑتا ہے اور بی جے پی کو بھی رسوا ہونا پڑے گا ۔راہل نے امریکہ میں جاکر ساری دنیا کے سامنے کمل والوں کو بے نقاب کیا تو وہ برا مان گئے اور بھول گئے کہ ایک سیاسی جماعت یا سرکار ناکامی ملک کی بدنامی نہیں ہے۔ بی جے پی کا مسئلہ یہ ہے کہ اس نے اپنے آپ کو ملک و قوم کا متبادل سمجھ لیا ہے حالانکہ حقیقت اس کے برخلاف ہے ۔