راہل گاندھی نے امریکہ میں جاکر ہندوستان کے معاشی اور سیاسی معاملات پر خوب بیان بازی کی لیکن اسرائیل اور فلسطین کا سوال پر اوندھے منہ گر گئے ۔ امریکہ سے واپسی کے بعدانہوں نے ایکس پر شی جن پنگ، ولادیمیر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی 19 نومبر کو چین کے شہر شینزین میں واقع کیلیان ولا میں منعقدہ میٹنگ کی تصویرمنسلک کر کے لکھا کہ ، ’’اگر کانگریس اقتدار میں ہوتی تو ہندوستان کے وزیر اعظم اس میز پر بیٹھے ہوتے۔ ایک وزیر اعظم جو سمجھوتہ کرتا ہے، وہ اس میز پر کبھی نہیں بیٹھ سکتا۔‘‘ راہل گاندھی نے اسرائیل جیسے نسل کشی کے مجرم ملک سے تعلقات کی وکالت کرکے اشارہ دے دیا کہ اگر کانگریس کی حکومت کے وزیر اعظم وہ ہوتے تو انہیں ا س میز پر جگہ نہ ملتی کیونکہ عالمی بساط پر وہ بھی نریندر مودی کی مانند سمجھوتہ کرنے والوں میں سے ایک ہیں۔ نریندر مودی کو سرینڈر مودی کہنا بہت آسان ہے مگر اپنے آپ کو ہتھیار ڈالنے سے بعض رکھنا مشکل امرہے۔ راہل گاندھی جس دن اپنا بیان دے رہے تھے اسی دن میڈرڈ میں یورپ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی ممتاز پارلیمانی، سیاسی، قانونی اور علمی شخصیات نے فلسطین کے امور سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے کی موجودگی میں، اسرائیل کے خلاف عوامی حمایت اور سیاسی مذمت کے مرحلے سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے پرزور دیا۔ اسرائیل کے تزویراتی تعلقات کی دہائی دینے والے راہل سے اس کی توقع کرنا مشکل ہے۔
میڈرڈ کے عالمی اجلاس میں دنیا بھر کے باضمیر شرکاء نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسلحے کی برآمدات روکنے، جنگی جرائم کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات چلانے، قابضین کا قبضہ ختم کرانے کی کوششوں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی ضمانت دینے کا مطالبہ کیا۔ اسی کے ساتھ اجلاس کے مختلف نشستوں میں غزہ کی پٹی میں مسلسل تباہ کن صورتِ حال، یہودی بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کے پیش نظر اسرائیل جرائم کے حوالے سے یورپی ممالک کی سیاسی اور قانونی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ یورپی ممالک کو اسرائیلی حکومت کے ساتھ اپنا فوجی تعاون ختم کردینا چاہیے۔ اس کے برعکس راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ملکی مفادات کے تابع ہونی چاہیے اور وہ مسلح افواج کے لیے بہترین ہتھیاروں کی خریداری جاری رکھتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ مضبوط اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔ راہل گاندھی شاید نہیں جانتے کہ اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والوں میں ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے یعنی پچیس فیصد ہتھیار یہاں سے جاتے ہیں اور ظاہر ہے کہ اس کااستعمال غزہ کے مظلومین کی نسل کشی کے لیے ہوتا ہے۔
راہل گاندھی کو یہ بتانا پڑے گا کہ کیا وہ اقتدار میں آنے کے بعد یہ فراہمی جاری رکھ کر اس قتل غارتگری میں شامل رہیں گے ۔ ایسا ہوا تو انہیں بھی سمجھوتہ کرنے والا سربراہ ہی سمجھا جائے گا اور مذکورہ بالا خالی کرسی پر ان کو بیٹھنے کا موقع نہیں ملے گا۔ مودی جی کی سب سے اچھی دوست اطالوی وزیر اعظم میلونی تک نے ہندوستان سے اسرائیل جانے والی فوجی گریڈ لوہے کی رسد روک دی تھی ۔ ان کو اس لوہے سے بننے والے بندوق کے چھروں سے بے قصور فلسطینیوں کا سینے چھلنی ہونا گوارہ نہیں تھا۔ راہل گاندھی نے اپنی گفتگو میں یہ تو کہا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات کا مطلب غزہ کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنا نہیں ہے اور نئی دہلی کو غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرنی چاہیے۔ یہ اچھی بات ہے مگر اس کے ساتھ توازن قائم کرنے کی خاطر نے 7؍ اکتوبر2023 کے حماس حملے کو غزہ میں اسرائیلی فوجی کا رروائیوں کا ہم پلہ قرار دے کر دونوں کی یکساں مذمت کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ راہل گاندھی نے طوفان الاقصیٰ کو ایک غلط عمل قرار دے کر کہا کہ وہ دوسرے غلط عمل کا جواز نہیں بن سکتا۔
طوفان الاقصیٰ کی بابت اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا کہنا تھا کہ وہ حملہ خلا میں نہیں ہوا۔ راہل گاندھی کو چاہیے کہ دن رات گیانیش کمار کے بارے پڑھنے لکھنے اور بولنے کےساتھ عالمی تنازعات پر لب کشائی کرنے سے قبل ان امور کا بھی خاطر خواہ مطالعہ کرلیا کریں ورنہ ان کے اندر اور مودی جی میں کوئی فرق نہیں رہے گا؟ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے حماس کے حملوں کے حوالے سے اکتوبر 2023 میں سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ حماس کے حملے اچانک یا بلاوجہ انجام نہیں ہوئے، بلکہ اس کا ایک طویل پس منظر ہے۔ گوتیرش نے اس بات پر زور دیا تھا کہ 7؍ اکتوبر کے حملوں اور بعد میں ہونے والے مظالم کا کوئی جواز نہیں ہے، لیکن ان حملوں کی سزا مجموعی طور پر فلسطینی عوام کو نہیں دی جانی چاہیے اور غزہ میں جنگ بندی و انسانی قوانین کے احترام کی ضرورت ہے۔ ایسے میں ہندوستانی اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی کا امریکہ میں جا کر مودی حکومت کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی تعریف کر کے دفاعی معاہدوں اور اسلحے کی خریداری کو درست قرار دینا شرمناک ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ایسے وقت میں اسرائیل کی سوراخ دار کشتی کے اندر قدم رکھا کہ جب وہ ڈوب رہی ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق وہ ان کی مجبوری ہے لیکن حزب اختلاف کے رہنما کو بلا کسی مجبوری کے ان کی پیروی کا جواز ناقابلِ فہم ہے ۔ جبکہ اقوام عالم کے کئی ممالک اسرائیل سے اپنے تعلقات ختم کرنے اور غزہ میں جاری نسل کشی پر اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ بولیویا نے نومبر 2023 میں غزہ جنگ کے دوران اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے۔وینیزویلا،موریطانیہ اور نائجر نے بھی یہی کیا۔ چلی اور کولمبیانے نومبر 2023 میں غزہ کی صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا۔ترکیہ نے غزہ تنازع کے پس منظر میں اسرائیل سے تمام تجارتی تعلقات منقطع کرنے اور اسرائیلی جہازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا۔پاکستان، ایران ، بنگلہ دیش، سعودی عرب، عراق، کویت، لبنان، لیبیا، شام، یمن، الجزائر اور افغانستان جیسے ممالک اسرائیل کو تسلیم ہی نہیں کرتے ۔ یورپی یونین یا یورپی ممالک نے اجتماعی طور پر اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات ختم نہیں کیے ہیں، تاہم تعلقات میں شدید کشیدگی آئی ہے اور کئی ممالک نے تجارتی، دفاعی اور سفارتی سطح پر سخت پابندیاں عائد کی ہیں۔
یوروپی کمیشن نے نومبر 2026 میں ایک عوامی درخواست کا باضابطہ جائزہ لینےکے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنا پر اسرائیل کے ساتھ یورپی یونین کے تجارتی اور سیاسی "ایسوسی ایشن معاہدے” کو مکمل طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ستمبر 2026 میں برطانیہ، فرانس، اسپین، آئرلینڈ، ناروے، سویڈن اور ڈنمارک سمیت 11 یورپی ممالک اور کینیڈا نے مشترکہ طور پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارت محدود کرنے کا اعلان کیا۔ اسپین، آئرلینڈ، بیلجیئم اور نیدرلینڈز جیسے ممالک اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کررکھا ہے۔ اسپین نے اسرائیل پر اسلحے کی مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ برطانیہ نے بھی دفاعی برآمدات کے لائسنس معطل کر کے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا ہے۔آئرلینڈ اور بلاک کے اعلیٰ سفارت کار نے ابھی حال میں مطالبہ کیا ہےکہ، یورپی یونین کو اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ غزہ اور مغربی کنارے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسرائیل کے کچھ وزراء پر نسلی منافرت پھیلانے کے الزام میں پابندیاں عائد کرنی ہوں گی۔
آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ "یہ صرف حماس کے خلاف نہیں بلکہ فلسطینیوں کے خلاف جنگ ہے۔ شہریوں کی ہلاکتوں کی سطح غیر معقول ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ، "یہ آبادی کے خلاف جنگ ہے، اس کو ٹالنے کی کوشش کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔” راہل گاندھی کو آنکھیں موند کر مودی سرکار کی خارجہ پالیسی پر چلنے کے بجائے اس پیش رفت پر نظر رکھنی چاہیے۔ قیادت تین طرح کی ہوتی ہے۔ صوبائی قائد اپنے صوبے کو فائدہ پہنچانے کے لیے پڑوسی ریاست کا نقصان کرنے سے نہیں ہچکچاتا مگر قومی قائد ایسا نہیں کرسکتا ۔ اسے سبھی ریاستوں کا یکساں خیال رکھنا پڑتا ہے ۔ اسی طرح عالمی قیادت کی نگاہ صرف اپنے قومی مفاد تک محدود نہیں رہتی بلکہ وہ عالمی سطح پر عدل انصاف کا علمبردار ہوتی ہے چاہے اس کے لیے کسی قومی مفاد کا نقصان کیوں نہ سہناپڑے۔ اسی صفت نے پنڈت جواہر لال نہرو کو عالمی قائد بنایا مگر نریندرمودی اس مقام پر نہیں آسکے ۔ اب راہل گاندھی کے سامنے دو راستے ہیں یا تو اپنے پردادا کے نقش قدم پر چل کر عالمی قائد بنیں یا مودی جی طرح قومی حصار میں گرفتار ہوکر چوتھی کرسی خالی چھوڑ دیں ۔ ویسے راہل گاندھی اگر اپنے پردادا نہ سہی تو والدہ سونیا گاندھی کی وسعت نظری بھی اختیار کرلیں تب بھی دنیا میں اپنا نام روشن کرسکتے ہیں بشرطیکہ مودی جی کی مانند کنویں کا مینڈک نہ بنیں اور کولمبیا یونیورسٹی جیسا بیان دینے سے بچیں ورنہ ملک کو وشو گرو بنانے کا خواب کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔