والدین’ لڑکیوں کی تربیت دینی مزاج کے مطابق کریں – ماں سے محبت کی طرح مادری زبان سے بھی محبت ضروری
ڈگری کالج فارویمن حسینی علم میں مانو المونی اسوسی ایشن کا جلسہ- پروفیسر اشرف رفیع ‘پروفیسر پراوین کمار ‘محترمہ نسیم فاطمہ اور اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ کا خطاب
حیدرآباد 3-ستمبر( پریس نوٹ) پروفیسر اشرف رفیع صاحبہ سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ مائیں اپنی لڑکیوں کی دینی ذہن و فکر کے ساتھ تربیت کریں جب ایک لڑکی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی مزاج کی ہوگی تو آئندہ نسل بھی دینی مزاج کے ساتھ ساتھ صالح معاشرے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں آج خواتین کی اہمیت کو نظر انداز کر دیا جا رہا ہے جو افسوسناک ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانو المونی اسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم تحریری مقابلہ اور کوئز کے انعام یافتگان کے جلسے سے کیا جو گورنمنٹ ڈگری کالج حسینی علم کے خورشید جاہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا اس کوئز مقابلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج فارویمن حسینی علم کے علاوہ گورنمنٹ جونیئر کالج فار گرلز حسینی علم اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول حسین علم کی طالبات نے حصہ لیا کامیاب طالبات میں میڈلس’ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور کوئز وتحریری مقابلے کے تمام شرکاء کو اسناد تقسیم کیے گئے.
پروفیسر اشرف رفیع صاحبہ نے تحریری مقابلے اورسیرت کوئز مقابلے میں طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت اور انعامات پانے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے مانو المونی اسوسی ایشن کے صدر جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ کی کوششوں کو دلی مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ جناب جاز علی قریشی ایڈوکیٹ نے تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات میں اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے اور مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری بالخصوص مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں داخلوں سے متعلق بڑے پیمانے پر طالبات کی رہنمائی کر رہے ہیں جو ہر طرح سے قابل ستائش کام ہیں انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اردو میڈیم میں تعلیم حاصل کرنے میں شرم محسوس نہ کریں ہم اپنی ماں سے جتنی محبت کرتے ہیں اسی طرح سے اپنی زبان سے بھی لازمی طور پر محبت کریں
انہوں نے سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ موجودہ دور میں وراثت میں اپنی بہنوں اور ماؤں کو شرعی حق سے محروم کیا جا رہا ہے یا پھر وراثت دینے کے معاملے میں لوگ کئی حیلے بہانے بناتے ہیں لیکن ان کو یاد رکھنا چاہیے کہ جو کوئی بھی اپنی بہن اور ماں کو وراثت سے محروم رکھے گا یا وراثت کی ادائیگی میں تاخیر کرے گا تو اس کو اللہ کے ہاں جوابدہ ہونا پڑے گا ضرورت اس بات کی ہے کہ وراثت کی تقسیم جتنی جلد سے جلد ہو سکے ہو جانی چاہیے اس میں کوئی حیلے بہانے ہرگز نہیں ہونے چاہیے
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم صرف انسانوں کے لیے نہیں بلکہ جھاڑ’ پہاڑ’ درخت سبھی کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے قبل عرب میں لڑکیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا عرب وہ قوم تھی جو انسانیت کے جذبے سے واقف نہیں تھی پروفیسر اشرف رفیع صاحبہ نے لڑکیوں کو اپنے میں جذبہ احساس اور برداشت کا مادہ پیدا کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ احساس اور برداشت ہی سے خاندان آپس میں مستحکم و مضبوط رہتے ہیں اس موقع پر ڈاکٹر محمد غوث وائس پرنسپل و صدر شعبہ سیا سیات بھی موجود تھے پرنسپل پروفیسر کے پراوین کمار نے مانو المونی اسوسی ایشن کی جانب سے طلبہ و طالبات کے لیے کوئز مقابلے کے انعقاد پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ اس پروگرام سے انہیں کافی خوشی حاصل ہوئی ہے انہوں نے طالبات کے بہترین مظاہرہ پر کالج اسٹاف کو بھی مبارکباد پیش کی پرنسپل گورنمنٹ جونیئر کالج فار گرلزحسینی علم محترمہ نسیم فاطمہ نے طالبات سے کہا کہ وہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کرتے رہیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بچپن سے ہی کافی مشقتیں برداشت کیں ہم تھوڑی سی مشکلات پر پریشان ہو جاتے ہیں لیکن سیرت طیبہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ زندگی میں ہم پریشانیوں کے بجائے حالات کا مقابلہ کرنا سیکھیں حضور صلی اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہم سب کے لیے عملی نمونہ ہے
پروفیسر محمد ذوالفقار محی الدین صدیقی صدر شعبہ عربی نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ہمارے لیے مثالی نمونہ ہےسیرت جاننے کے لیے ہمیں کوئی وقت یا مہینہ مقرر نہیں کیا گیا ہے پروفیسر ذوالفقار محی الدین نے مزید کہا کہ درود شریف پڑھنے کی بڑی فضیلت آئی ہے طالبات کو چاہیے کہ وہ چلتے پھرتے اور ہر کام کا درود شریف سے آغاز کریں ہر مرض کے لیے درود شریف شفا ہے جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ صدر مانو المونی اسوسی ایشن نے کہا کہ اسوسی ایشن کا بنیادی مقصد عصری تعلیم کی اہمیت کے علاوہ طلبہ و طالبات کو دینی باتوں سے بھی واقف کروانا ہے
اور مانو المونی اسوسی ایشن اس کام میں مسلسل مصروف ہے انہوں نے دونوں کالجس اور اسکول کی طالبات کی جانب سے تحریری اور سیرت کو یز مقابلے میں بڑی تعداد میں حصہ لینے پر اظہار مسرت کیا اور کالجس کے پرنسپلس’ لیکچررس اور اسکول کی ہیڈ مسٹریس و اساتذہ سے اظہار تشکر بھی کیا کوآر ڈینیٹر مانو المونی اسوسی ایشن جناب محمد حسام الدین ریاض نے کاروائی چلائی اور سیرت تحریری مقابلہ میں بہترین مظاہرے کے علاوہ سیرت کوئز میں جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے بروقت جوابات دینے پر اظہار مسرت کیا اور طالبات کو دلی مبارکباد بھی دی اس موقع پر پرنسپل پروفیسر پراوین کمار کے علاوہ کالج کے لیکچررس اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی معلمات کی شال پوشی بھی کی گئی
لکچرر اردو محترمہ سیدہ نجم النسا صاحبہ اور محترمہ ممتاز جہاں عشرت صاحبہ نے نعت شریف سنائی اس موقع پر ڈاکٹر محمد عبدالقدوس صدر شعبہ عربی’ ڈاکٹر محمد انور الدین لکچرر اردو’ ڈاکٹر فوزیہ فاطمہ لکچرر عربی’ محترمہ گوہر جہاں لکچرر عربک’ جناب محمد مسیح الدین احمد لیکچرر اردو اور محترمہ سیدہ عشرہ فاطمہ لکچررکے علاوہ گورنمنٹ جونیئر کالج فار گرلز حسینی علم کے لکچررس ڈاکٹر عصمت النساء کشور لیکچرر اردو’ محترمہ شاکرہ بیگم لیکچرر ووکیشنل اورمحترمہ نور افشا ں لیکچرر انگلش بھی موجود تھے اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ نے ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلس ہائی اسکول محترمہ ٹی مادھوی کے علاوہ جناب سید لیاقت اللہ سینیئر استاد ریاضی’ معلمات محترمہ حبیب فاطمہ صاحبہ اور محترمہ طاہرہ نسرین صاحبہ سے بھی اظہار تشکر کیا کہ ان سب کے تعاون سے طالبات کی بڑی تعداد نے سیرت طیبہ کوئز اور تحریری مقابلے میں حصہ لیا جناب محمد حسام الدین ریاض کے شکریہ پر یہ جلسہ اختتام کو پہنچا