مر تے دم تک اسلام پر قائم رہنےکے لئے دین کے بنیادی عقائد سے واقف ہونا ضروری
جامع مسجد اے بیاٹری لائن میں ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ کا کامیاب انعقاد، مولانا شاہ جمال الرحمٰن، مولانا ارشد علی قاسمی مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی ودیگر علماء کے خطابات
حیدرآباد،16ستمبر(پریس نوٹ) مولانا مفتی مستقیم الدین قاسمی جنرل سیکرٹری مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ نامپلی کے بموجب ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر نگرانی جامع مسجد اے بیاٹری لائن شانتی نگر میں مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ نامپلی کے زیر انتظام ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ منعقد ہوا، اس موقع پر مختلف ارتدادی فتنوں سے متعلق علماء کرام کے تربیتی خطابات ہوئے،
حضرت مولانا شاہ جمال الرحمٰن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نے پروگرام کی صدارت فرمائی اور اپنے صدارتی خطاب میں کہا: موجودہ دور میں مسلمانوں کو دین و ایمان سے محروم کرنے کے لئے مختلف ارتدادی فتنے سرگرم ہیں، بالخصوص فتنہ قادیانیت، فتنہ گوہر شاہی، فتنہ انکار حدیث اور انجینئر علی مرزا وغیرہ اپنے باطل عقائد و نظریات کو فروغ دے کر عام مسلمانوں کو دین کے سچے اور صحیح راستہ سے بھٹکا رہے ہیں، ان فتنوں سے محفوظ رہنے کے لئے مسلمانوں کو اہل سنت والجماعت کے عقائد سے واقف ہونا ضروری ہے، تاکہ ان کا ایمان سلامت رہے اور وہ صراط مستقیم پر گامزن رہ سکیں۔
مولانا محمد ارشد علی قاسمی (سیکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت) نے فتنوں کا تعاقب اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا:ہمیں اپنی دنیاوی مصروفیات کے ساتھ دین سیکھنے کے لئے مستقل وقت نکالنا چاہئے، صحابہ کرامؓ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر دین سیکھنے کے سلسلہ میں ایک دوسرے کی باری مقرر کیا کرتے تھے، تاکہ گھریلو رکاوٹیں ذمہ داریاں متاثر نہ ہوں اور دینی تعلیم سے بھی محرومی نہ رہے، مولانا نے کہا: حالات ایسے نہیں ہیں کہ ہم بے فکر اور لاپرواہ ہو کر زندگی گزاریں، ہم باخبر اور آگاہ رہیں، اس کے لئے ہمارے اندر دینی وایمانی شعور بیداری بہت ضروری ہے،
مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی سرپرست مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ نامپلی نے کہا: حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر رسول اللہ ﷺ تک تمام نبیوں پر ایمان لانے کو عقیدہ رسالت کہتے ہیں اور رسول اللہ ﷺ کو نبی ماننے کے ساتھ آخری نبی تسلیم کرنا عقیدہ ختم نبوت کا معنی ہے: آنحضرت ﷺ کے آخری نبی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اب آپ ﷺ پر ختم نبوت و پیغمبری کے لئے لازمی صفات و خصوصیات کا حامل شخص پیدا نہیں ہوگا۔ اگر کوئی شخص اپنے مذہبی پیشوا کو بھی نبی تو نہیں لیکن نبی کی طرح گناہوں سے معصوم سمجھتا ہے تو ایسا شخص بھی منکر ختم نبوت ہے،
مولانا مفتی عادل بیگ قاسمی قاسمی نے کہا: ارتدادی فتنوں کے ماننے والوں کے عقائد موجبات کفر میں سے ہیں، یعنی یہ وہ باتیں ہیں جن کو قبول کرنے سے آدمی مسلمان باقی نہیں رہتا، مولانا مفتی عقیل یونس نے کہا: انجینئر علی مرزا اور جاوید احمد غامدی کے افکار و خیالات قرآن و حدیث کے خلاف ہیں اور اسلام کے بنیادی عقائد سے متصادم ہیں، مولانا مفتی غلام محمد نوید قاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ نامپلی نے کہا: یونس گوہر شاہی فتنہ گوہر شاہی کا موجودہ سرغنہ ہے، یہ شخص تصوف کے نام پر مسلمانوں کو ایمان سے محروم کرنے کی سازش کر رہا ہے، جب کہ صوفیاء کرام اور بزرگان دین نے واضح طور پر کہا: وہی تصوف معتبر ہے جو شریعت کے تابع ہوں،
مولانا وجیہ الدین قاسمی نے کہا: احادیث میں قیامت کے قریب زمانہ میں حضرت مہدی کے ظہور، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان نازل ہونے اور کانہ دجال کے نکلنے سے متعلق علامات و تفصیلات بہت واضح ہیں، یہ علامات تکمیل بن منیف کے بشمول کبھی بھی مہدی اور عیسیٰ مسیح ہونے کے دعویدار پر صادق نہیں آتی، مولانا انصار اللہ قاسمی نے کہا: بیمار ہونے پر علاج و معالجہ کروانا نبی کریم ﷺ کی سنت ہے اور آن حضرت ﷺ نے احادیث میں بار بار علاج کروانے سے متعلق ہدایات دی ہیں، فیاض بن یاسین، نامی شخص علاج سے منع کرتا ہے اور ایک نیا فتنہ کھڑا کر دیا ہے،
علاج اور دعاء سے متعلق اس شخص کے افکار و نظریات سراسر کفر یہ ہیں، قبل ازیں قرآن مجید کی تلاوت اور نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ کا آغاز ہوا، مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ نامپلی کے جمیع ارکان و عہدیداران اور نوجوان کارکنان نے انتظامات میں حصہ لیا۔