اردو میڈیا کے ساتھ ناانصافی اور امتیاز پر تلنگانہ رکشانا سینا کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا کا شدید ردعمل
حیدرآباد:تاریخ: 06 اکتوبر 2026(پریس نوٹ: )
تلنگانہ رکشانا سینا (TRS) کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے اردو میڈیا کے صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی میں ریاستی حکومت کے متعصبانہ رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حیدرآباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ اردو تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان ہے، لیکن حکومت کا عمل اس کے دعووں کے بالکل برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خود کو اقلیت دوست اور اردو پرور بتاتی ہے، مگر عملی طور پر ہر ضلع میں اردو میڈیا کے لیے صرف تین (3) ایکریڈیٹیشن کارڈز کی حد مقرر کر کے صحافیوں کے ساتھ سخت ناانصافی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ 15 سے 30 سالوں سے باقاعدگی سے ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والے معتبر اردو اخبارات اور صحافیوں کے کارڈز کی تجدید کو بھی بلاوجہ روکا جا رہا ہے۔
کویتا نے مزید نشاندہی کی کہ اس ناانصافی کے خلاف ‘تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن’ (TUWJF) نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں قانون کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اردو میڈیا کے ساتھ مساویانہ سلوک کرے اور تمام مستحق صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کرے۔ اگر حکومت نے اپنی غلطیوں کی اصلاح نہ کی تو اسے شدید عوامی و سیاسی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔