اردو زبان کی بقا وترقی میں ہماری ذمّہ داریاں

اردو زبان کی بقا وترقی میں ہماری ذمّہ داریاں

اردو زبان کی بقا وترقی میں ہماری ذمّہ داریاں

از قلم:ابوالکلام انصاری

اسسٹنٹ ٹیچر، بانسبیڑیا (مغربی بنگال)

اردو زبان کا مادہ ترکی زبان کے لفظ ”اردو“ سے نکلا ہے۔ جس کے لغوی معنی لشکر یا چھاونی کے ہیں۔ یہ زبان ملک ہندوستان میں چھٹی صدی عیسوی سے تیرہویں صدی عیسوی کے دوران پرا کرت، شورمینی اور اپبھنش زبانوں سے وجود میں آئی۔آٹھویں صدی عیسوی میں عربوں کی سندھ آمد اور بعد ازاں غزنوی اور غوری دور میں مسلمانوں کی پنجاب آمد سے عربی اور فارسی الفاظ مقامی بول چال میں شامل ہوئے۔ پندرہویں تا سترہویں صدی عیسوی میں دکنی ہندوستان (گولکنڈہ اور بیجا پور) میں اس زبان کو درباری اور صوفیانہ سر پرستی ملی۔ اٹھارہویں صدی عیسوی میں جب مغل سلطنت کمزور ہوئی تو دکن کی یہ زبان دلی اور لکھنؤ منتقل ہوئی جہاں اسے با قاعدہ ادبی زبان کی حیثیت حاصل ہوئی۔ اردو زبان کا رسم الخط فارسی۔ عربی (نستعلیق) ہے۔ اس کی بنیا دی ساخت میں سنسکرت اور پراکرت کے الفاظ بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ یہ جنوبی ایشیاء کی ایک اہم و بڑی زبان ہے۔ ہندوستان کی اٹھارہ (18) قومی زبانوں میں سے ایک ہے۔ یہ ہندی زبان کی طرح ایک ہند آریائی زبان ہے جو بر صغیر ہند میں پیدا ہوئی۔ یہ دنیا کی تیسری سب سے زیاد بولے جانے والی زبان ہے۔ ہندوستان میں اردو بولنے والوں کی تعداد تقریباً پانچ کروڑ ہے۔ ہندوستان میں سب سے زیادہ اردو بولنے والوں کی تعداد ریاست اتر پردیش میں ہے۔ ہندوستان کے پڑوسی ممالک مثلاً پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور نیپال میں بھی اردو بولی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ خلیجی ممالک، مشرق و سطیٰ، مغربی یوروپ، اسکینڈینوائی ممالک (ڈنمارک، ناروے، سوئیڈن) امریکہ اور کناڈا میں بھی یہ زبان کثرت سے بولی جاتی ہے۔ اس زبان کے پہلے عظیم شاعر فارسی داں امیر خسرو تھے۔ یہ زبان ہندی، زبان دہلی، ریختہ، گجری، دکنی، زبان اردو ئے معلی اور ہندوستانی زبان جیسی ناموں سے بھی جانی جاتی تھی۔ ہر سال 9 نومبر کو شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ’عالمی یوم اردو‘ منایا جاتا ہے۔

اردو بان کا ماضی بہت شاندار  رہا ہے۔ بہت سے عظیم ادباء گزرے ہیں جنہوں نے اردو زبان و ادب کی ترقی میں شاندار کردار نبھایا ہے۔ ان کے نام یہاں گنوانا مقصود نہیں ہے بلکہ یہاں ضرورت ہے اردو زبان و ادب کی ترقی میں ہمارا کیا کردار ہونا چاہئے۔ کیونکہ آج کے دور میں اردو بان و ادب کا سرمایہ ہمارے پاس موجود ہے۔ اس کی بقا و فروغ کی ذمہ داری بھی ہم ہی پر عائد ہوہوتی ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ان ذمہ داریوں پر جن کو ہم سب کو مل کر نبھانا چاہئے۔ جس کے ذریعہ اردو زبان و ادب کی ترقی ممکن ہو سکے۔ وہ ذمہ داریاں مندرجہ ذیل ہیں:

1)  مادری زبان یعنی ماں کی زبان کو ماں کی جتنی محبت کرنا:۔ چونکہ اردو زبان ہماری مادری زبان ہے جس کو ہم نے اپنے ماں، باپ خاندان کے دیگر افراد کے ذریعہ سیکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہماری دلی لگاؤ ہونی چاہئے۔ کیونکہ اردو وہ پہلی زبان ہے جس کو ہم نے دنیا میں قدم رکھنے کے بعد سیکھا ہے۔ اور جب تک ہم اردو سے محبت نہیں کر ینگے ہم اس کی ترقی میں نمایا ں کردار ادا نہیں کر سکتے۔

2)  اپنے بول چال میں اردو زبان کا صحیح تلفظ کے ساتھ زیاد ہ سے زیادہ استعمال کرنا:۔  روز مرہ کی زندگی میں اپنے بول چال کے دوران ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ہم زیادہ سے زیادہ اردو زبان کا استعمال کریں۔ کیونکہ جب تک ہم اس زبان کو عام نہیں کرینگے اس کی ترقی میں ہمارا حصّہ نہیں ہو سکتا۔

3)  اردو زبان کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا:۔  ”اردو زبان کا دور اب نہیں رہا“، ”اردو زبان کو ذریعہ تعلیم بنانے سے ملازمت میں دشواری ہوگی“،”صرف اردو کے ذریعہ ترقی کرنا نا ممکن ہے“۔ مندرجہ بالا ان منفی خیالات کا سد باب کرنا ضروری ہے۔ لوگوں کے اندر سے ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے بیداری مہم چلانے کی ضرورت ہے اور اردو کے مستقبل اور اردو والوں کے مستقل کے متعلق مکمل جانکاری عوام الناس کو دینی ہوگی تا کہ سب لوگ جن کی مادری زبان اردو ہے وہ اردو کی بقا و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لے سکیں۔

4)  اردو زبان کو ذریعہ تعلیم بنانا:۔  دنیا کے بڑے سے بڑے ماہرین تعلیم کا ماننا ہے کہ بچے کی بہتر تعلیم اس کے مادری زبان کے ذریعہ ہی فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس لئے ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ہم اپنے بچوں کو اردو میڈیم تعلیمی اداروں میں داخلہ کروائیں۔

5)  اردو زبان میں ادب اطفال پر توجہ دینا:۔  ماہرین اردو زبان کی یہ کو شش ہونی چاہئے کہ بچوں کے ادب کے موضوع پر جدید دور کے تقاضوں کو پر کرتے ہوئے بہترین تصانیف منظر عام پر لائے تاکہ اردو زبان کے ذریعہ بچوں کے اندر ہمہ جہت ترقی کو پروان چڑھایا جا سکے۔

6)  بچوں کے اندر اردو زبان کے مطالعے کا شوق پیدا کرنا:۔  خاندان کے سرپرست، اساتذہ اور معاشرے کے رہنماؤں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے نئی نسل کے اندر اردو زبان کے مطالعے کا ذوق و شوق پیدا کریں تا کہ یہ بچے کل بڑے ہو کر اردو زبان کے لئے اپنے خدمات انجام دے سکیں۔

7)  مادری زبان پر عبور حاصل کرنا:۔  اردو سماج سے جڑے تمام افراد کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دنیا میں چاہے جو مقام حاصل کرنا چاہتے ہوں وہ کریں لیکن اپنے مادری زبان پر عبور ضرور حاصل کریں تا کہ ان کے مادری زبان کی حفاظت ممکن ہو سکے۔

8)  اردو کتب بینی و اخبار بینی کے رواج کو عام کرنا:۔  اردو سے جڑے لوگوں کو یہ کوشش کرنی چاہئے کہ وہ اپنے روز مرہ کی زندگی میں اردو کتب و اخبار بینی کے لئے اپنے آپ کو عادی بنائے اور اس کام کے لئے عوامی سطح پر بیداری مہم بھی چلانے کی ضرورت ہے۔

9)  اردو زبان کے عظیم ادیبوں و شاعروں کا مطالعہ:۔  اپنے مادری زبان کے روح کو سمجھنے کے لئے اس زبان کے ادباء و شعراء کا مطالعہ بہت ہی اہمیت کا درجہ رکھتا ہے۔ ہمارا یہ قدم اردو کی ترقی میں ایک نمایاں کارنامہ ہوگا۔

10)  اردو کتب، اخبارات اور رسائل کے اشاعت و خریداری میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینا:۔  اردو زبان کی ترقی تبھی ممکن ہے جب ہم اردو کے کتابوں، اخبارات، رسائل و جریدوں کی طباعت، اشاعت ،خریداری اور اس کو عوام رساں بنانے کی بھر پور کوشش کرینگے۔

11)  مکانوں، دکانوں اور سڑکوں پر اردو بورڈ کا استعمال کرنا:۔  عوام الناس کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ اپنے مکانوں، دکانوں اور سڑکوں پر اردو بورڈ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تا کہ اس زبان سے غیر اردو داں طبقہ بھی متاثر ہو سکے۔

12)  غیر اردو داں طبقہ کو اردو زبان سے قریب کرنا:۔  اردو والوں کو اتنا بڑا سر مایہ صرف اپنے آپ تک محدود نہیں رکھنا چاہئے بلکہ دوسروں کو متاثر کر کے ان کو بھی اردو حلقے میں جگہ فراہم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

13)  تحفہ تحائف اور انعامات کے طور پر اردو کتابوں، رسالوں اور جریدوں کا استعمال کرنا:۔  کسی بھی چیز کی بقا و ترقی اسکی استعمال پر منحصر کرتی ہے۔ اس لئے جتنی زیادہ سے زیادہ اردو کو عام کرینگے اتنی ہی اس کی ترقی ممکن ہوگی۔

14)  اردو علمی مقابلے و ادبی اجلاس کا انعقاد:۔  زیادہ سے زیادہ علمی مقابلے و ادبی اجلاس کرنے سے اردو زبان و ادب کے تحقیقی کاموں کو اور تقویت ملے گی اس طرح اردو زبان و ادب کی ترقی مزید آسان ہو جائیگی۔

15)  ہر گھر میں اردو کتب خانوں کا قیام:۔  علم و ادب کو فروغ دینے میں کتب خانوں کے اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا اس لئے اردو سماج کے تمام افراد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں چھوٹی یا بڑی ایک اردو کتب خانہ ضرور قائم کریں۔

16)  ہر علاقے میں اردو انجمنوں کا قیام:۔  اردو سے محبت رکھنے والوں پر یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اردو کے بقا و ترقی کے لئے علاقائی، ضلعی، ریاستی و قومی سطح پر اردو اداروں و انجمنوں کے قیام اور اسکی سر گرمی کے لئے کوشش کرتے رہیں۔

17)  تعلیمی اداروں کو اردو زبان سے جوڑنا:۔  اردو زبان سے جڑی تمام اداروں و انجمنوں کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ ملک کے زیادہ سے زیادہ تعلیمی اداروں کو اردو زبان و ادب سے منسلک کیا جا سکے۔ جو خالص اردو میڈیم تعلیمی ادارے ہیں ان کو مزید تقویت بخشی جائے اور جن تعلیمی اداروں میں اردو زبان کی تعلیم مہیا نہیں ہے وہاں ان کے قیام کی بھر پور کوشش کی جائے۔ یہ کام ابتدائی تعلیم سے لیکر اعلیٰ تعلیم تک کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

18)  دنیا کے بہترین تصانیف کا اردو زبان میں ترجمہ:۔  دنیا کے دیگر زبانوں کی بہترین تصانیف کا اردو زبان میں ترجمے کی ذمہ داری بھی اردو زبان و ادب کے ماہرین کو لینا ہوگا تا کہ دینا کے تر قی کے معاملے میں اردو داں طبقہ پچھڑنہ جائے۔

19)  دنیا کے دیگر زبانوں کے تفہیم کے لئے اردو لغت کی طباعت:۔  دنیا کے دیگر اہم زبانوں کے عام تفہیم کے لئے بہترین اردو لغت کی طباعت پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوگی تا کہ دوسرے زبانوں پر اردو داں طبقہ آسانی کے ساتھ عبور حاصل کر سکیں۔

20)  اردو ادبی اداروں میں اتحاد:۔  اردو کی بقا و ترقی میں انفرادی، اجتماعی و ادارتی سطح پر اتحاد کے مثبت اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

21)  سوشل میڈیا و انٹر نیٹ پر اردو رسم الخط کا استعمال:۔  مختلف طرح کے مواد،پیج،بلاک۔ ویڈیو و آڈیو وغیرہ کو اردو زبان میں سو شل میڈیا اور انٹر نیٹ پر اپلوڈ کرنے سے اردو زبان کی جدت کاری کو تقویت ملے گی۔

22)  اردو کے مسائل کے حل کے لئے حکومت سے رابطہ:۔  جو کام ہم انفرادی و اجتماعی طور پر کر سکتے ہیں ان کو خود کریں لیکن جہاں حکومت کے اختیارات کی منظوری لازمی ہو جائے وہاں حکومتی سطح پر مثبت اقدام پر عمل کرنے کی کوشش کر کے اردو کو تقویت بخشی جائے۔

مندرجہ بالا اقدامات پر عمل کر کے ہم اردو کی بقا و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

٭٭٭

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے