کرناٹک اور مہاراشٹرا میں مسلم رائے دہندگان.
ایس آئی آر کے اعداد و شمار کا جائزہ
تحریر: محمد اعجاز الدین احمد عاجزؔ
رابطہ:9700389755
ہندوستان کے جمہوری نظام میں حق رائے دہی محض آئین کی عطا کردہ کوئی رسمی رعایت نہیں، بلکہ شہری کی سیاسی شناخت، اجتماعی شرکت اور جمہوری نمائندگی کا بنیادی حق ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں کسی شہری کا نام درج ہونا اس امر کی آئینی توثیق ہے کہ وہ ملک کے جمہوری عمل کا ایک زندہ اور بااختیار حصہ ہے۔ اس کے برعکس، کسی اہل شہری کا نام فہرست سے خارج کر دیا جانا محض ایک دفتری کارروائی نہیں، بلکہ بسا اوقات اسے اپنے بنیادی جمہوری حق سے محروم کر دینے کے مترادف ہو سکتا ہے۔ اسی بنا پر فہرست رائے دہندگان کی خصوصی جامع نظر ثانی، یعنی ایس آئی آر، کے دوران ہونے والی تبدیلیاں غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتی ہیں۔ بالخصوص ان طبقات کے حوالے سے ان کا جائزہ لینا ناگزیر ہو جاتا ہے جن کی سیاسی نمائندگی اور انتخابی شرکت پہلے ہی متعدد سماجی، معاشی اور انتظامی دشواریوں سے دوچار ہے۔ کرناٹک اور مہاراشٹر سے متعلق دستیاب اعداد و شمار مسلم رائے دہندگان کے حوالے سے کئی اہم اور غور طلب سوالات سامنے لاتے ہیں۔ کہیں مسلم آبادی کی نمایاں موجودگی رکھنے والے انتخابی حلقوں میں ناموں کے اخراج کی شرح ریاستی اوسط سے زیادہ دکھائی دیتی ہے، کہیں غیر حاضر یا دوسری جگہ پہلے سے درج قرار دیے جانے کے معاملے والے مسلم رائے دہندگان کا تناسب ان کی مجموعی انتخابی آبادی میں حصے سے بڑھا ہوا نظر آتا ہے، جب کہ مہاراشٹر میں مسلم ناموں والے رائے دہندگان کو دوہرا اندراج قرار دیے جانے کے معاملے نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ان اعداد و شمار کو نہ کسی پیشگی مفروضے کی عینک سے دیکھنا مناسب ہوگا اور نہ بلا تحقیق کسی الزام کا نتیجہ قرار دینا۔ تاہم ان میں نمایاں ہونے والے افتادات کو محض اتفاق یا معمول کی دفتری کارروائی کہہ کر نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کا غیر جانبدارانہ، مدلل اور تحقیقی جائزہ لیا جائے، تاکہ یہ حقیقت سامنے آ سکے کہ فہرست رائے دہندگان کی تطہیر کے نام پر کہیں اہل شہریوں کے جمہوری حقوق تو متاثر نہیں ہو رہے۔
کرناٹک میں بوتھ وار دستیاب اعداد و شمار کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان دس اسمبلی حلقوں میں، جہاں مسلم ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، مجموعی طور پر ستائیس اعشاریہ انسٹھ فیصد رائے دہندگان کے نام فہرست سے خارج کیے گئے۔ یہ شرح ریاست میں ناموں کے مجموعی اخراج، یعنی انیس اعشاریہ سینتالیس فیصد، سے خاصی زیادہ ہے۔ ان دس حلقوں کی دو ہزار پچیس کی فہرست رائے دہندگان میں مجموعی طور پر نو لاکھ باسٹھ ہزار تین سو انسٹھ مسلم رائے دہندگان درج تھے، جن میں سے دو لاکھ چھیالیس ہزار سات سو انسٹھ کے نام خارج کر دیے گئے۔ اس طرح مسلم رائے دہندگان کے ناموں کے اخراج کی شرح پچیس اعشاریہ چونسٹھ فیصد رہی۔ یہ اسمبلی حلقے چامراج پیٹ، شیواجی نگر، نرسمہاراجہ، گلبرگہ شمالی، رامن گرام، منگلورو، شانتی نگر، بیدر، بیلگاوی شمالی اور شگاؤں ہیں۔ ان حلقوں میں ناموں کے اخراج کی مجموعی تعداد بھی خاصی قابل توجہ ہے۔ چامراج پیٹ میں ایک لاکھ سات ہزار سات سو بائیس، شیواجی نگر میں اکیاسی ہزار دو سو تیس، نرسمہاراجہ میں ننانوے ہزار تین سو سڑسٹھ، گلبرگہ شمالی میں ایک لاکھ پانچ ہزار دو سو ستاون، رامن گرام میں اٹھائیس ہزار اٹھاسی اور منگلورو میں سولہ ہزار نو سو ستاسی رائے دہندگان کے نام فہرست سے حذف کیے گئے۔ ان اعداد و شمار کا اہم ترین پہلو یہ ہے کہ مسلم نمائندگی کے حامل ان حلقوں میں ناموں کے اخراج کی مجموعی شرح ریاستی اوسط سے نمایاں طور پر زیادہ رہی۔ ایسے میں یہ جاننا ضروری ہے کہ خارج کیے گئے مسلم رائے دہندگان میں کتنے افراد حقیقتاً کسی دوسرے مقام پر منتقل ہو چکے تھے، کتنے کو غیر حاضر قرار دیا گیا اور کتنے کے نام دوسری جگہ پہلے سے اندراج کی بنیاد پر حذف کیے گئے۔ یہ تفصیلات محض انتظامی کارروائی کی نوعیت واضح کرنے کے لیے نہیں، بلکہ اس کے حقیقی اثرات متعین کرنے کے لیے بھی ضروری ہیں۔
کرناٹک کے چونسٹھ اسمبلی حلقوں میں، جہاں مسلم رائے دہندگان کا تناسب پندرہ فیصد یا اس سے زیادہ بتایا گیا ہے، ان کے ناموں کے اخراج کی شرح بائیس اعشاریہ سڑسٹھ فیصد رہی۔ ان حلقوں کی دو ہزار پچیس کی فہرست رائے دہندگان میں اڑتیس لاکھ بیاسی ہزار پانچ سو اٹھانوے مسلم رائے دہندگان درج تھے، جن میں سے آٹھ لاکھ اسی ہزار پانچ سو تینتالیس کے نام حذف کر دیے گئے۔ یہ تعداد محض کسی دفتری کارروائی کا حساب نہیں، بلکہ ان انتخابی حلقوں میں رائے دہندگان کی فہرستوں میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کی نشان دہی کرتی ہے جہاں مسلم آبادی کا تناسب قابل لحاظ ہے۔ اس کے برعکس ریاست کے باقی ایک سو ساٹھ اسمبلی حلقوں میں مسلم رائے دہندگان کے ناموں کے اخراج کی شرح میں اعشاریہ ستائیس فیصد رہی۔ اس تقابل سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم آبادی کی نمایاں موجودگی والے حلقوں میں ناموں کے اخراج کی شرح نسبتاً زیادہ تھی۔ تاہم اس تفاوت کی حقیقی نوعیت سمجھنے کے لیے حلقہ وار تفصیلات، رہائشی نقل مکانی کے اسباب اور تصدیقی کارروائی کی نوعیت کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ محض شرحوں کا تقابل کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے کافی نہیں، لیکن یہ مزید تحقیق کی مضبوط بنیاد ضرور فراہم کرتا ہے۔
کرناٹک میں ناموں کے اخراج کی وجوہات پر نظر ڈالی جائے تو غیر حاضر قرار دیے گئے مسلم رائے دہندگان کے اعداد و شمار خاص طور پر توجہ طلب ہیں۔ دو ہزار پچیس کی فہرست رائے دہندگان میں مسلمانوں کا مجموعی تناسب بارہ اعشاریہ نو فیصد تھا، لیکن غیر حاضر قرار دیے گئے رائے دہندگان میں ان کا حصہ سترہ اعشاریہ ایک فیصد رہا۔ غیر حاضری کی بنیاد پر مجموعی طور پر پندرہ لاکھ پندرہ ہزار اٹھاسی رائے دہندگان کے نام حذف کیے گئے، جن میں دو لاکھ اٹھاون ہزار سات سو ستر مسلمان تھے۔ یہ فرق ایک بنیادی سوال کو جنم دیتا ہے: کیا تصدیق کے وقت کسی رائے دہندہ کا اپنے درج شدہ پتے پر موجود نہ ہونا اس امر کا کافی ثبوت ہے کہ اس نے مستقل طور پر وہ مقام ترک کر دیا ہے؟ شہری زندگی میں روزگار، کاروبار، تعلیم اور دیگر معاشی ضرورتوں کے باعث عارضی نقل مکانی ایک معمول کی بات ہے۔ بالخصوص بڑے شہروں میں ہزاروں افراد ایسے ہوتے ہیں جو کام کے سلسلے میں دنوں، ہفتوں یا مہینوں اپنے مستقل رہائشی مقام سے دور رہتے ہیں۔ مسلم آبادی کے متعدد علاقوں میں بھی اس نوعیت کی نقل و حرکت پائی جاتی ہے۔ایسے حالات میں محض عدم موجودگی کو مستقل منتقلی کا ثبوت سمجھ لینا انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہو سکتا۔ ضروری ہے کہ ایسے افراد سے دوبارہ رابطہ قائم کیا جائے، ان کے پتے کی از سر نو تصدیق کی جائے اور انہیں اپنی رہائش اور انتخابی اہلیت ثابت کرنے کا معقول موقع فراہم کیا جائے۔ عارضی عدم موجودگی اور مستقل ترک سکونت دو بالکل الگ صورتیں ہیں۔ ان دونوں کے درمیان امتیاز روا رکھنا انتخابی انصاف کا بنیادی تقاضا ہے۔
کرناٹک کے اعداد و شمار کا ایک اور اہم پہلو ان مسلم رائے دہندگان سے متعلق ہے جن کے نام دوسری جگہ پہلے سے درج ہونے کی بنیاد پر حذف کیے گئے۔ اس زمرے میں مجموعی طور پر سات لاکھ آٹھ ہزار چھ سو چھیانسٹھ رائے دہندگان کے نام خارج ہوئے، جن میں ایک لاکھ تینتالیس ہزار نو سو چالیس مسلمان تھے۔ اس طرح اس زمرے میں مسلم رائے دہندگان کا حصہ بیس اعشاریہ تین فیصد رہا، جب کہ ریاست کی مجموعی فہرست رائے دہندگان میں ان کا تناسب بارہ اعشاریہ نو فیصد تھا۔ یہ تفاوت معمولی نہیں اور وضاحت کا متقاضی ہے۔ بلاشبہ ایک ہی شخص کا نام دو مختلف مقامات کی فہرست رائے دہندگان میں بیک وقت درج ہونا درست نہیں۔ فہرست رائے دہندگان کی صحت اور یکسانیت کے لیے ایسے دوہرے اندراجات کی نشان دہی اور اصلاح ضروری ہے۔ لیکن کسی شہری کو محض نام کی مماثلت کی بنیاد پر دوہرے اندراج کا مرتکب قرار دینا بھی درست نہیں ہو سکتا۔ بالخصوص ایسے معاشرے میں جہاں خان، شیخ، سید اور پٹھان جیسے خاندانی نام بڑی تعداد میں افراد استعمال کرتے ہیں، یہ امکان ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ایک ہی نام کے متعدد افراد مختلف محلوں، شہروں اور اضلاع میں آباد ہوں۔ لہٰذا دوہرے اندراج کی نشان دہی کے لیے نام کے ساتھ دیگر شناختی کوائف، رہائشی پتے اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ ناگزیر ہے۔ اس امر کی بھی وضاحت ہونی چاہیے کہ کسی نام کو حذف کرنے سے پہلے متعلقہ شہری کی انفرادی شناخت کی تصدیق کس طریقے سے کی گئی۔
کرناٹک کے بعض اہم سیاسی رہنماؤں کے اسمبلی حلقوں میں بھی مسلم رائے دہندگان کے ناموں کے اخراج کی شرح خاصی مختلف رہی۔وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے حلقہ انتخاب کنک پورہ میں مسلم رائے دہندگان کے بائیس فیصد نام خارج کیے گئے۔ بی وائی وجیندر کے حلقے شکار پورہ میں یہ شرح سولہ اعشاریہ پانچ فیصد رہی، جب کہ وزیر داخلہ پریانک کھرگے کے حلقہ انتخاب چتاپور میں پچیس اعشاریہ سات فیصد ریکارڈ کی گئی۔ قائد حزب اختلاف آر اشوک کے حلقے پدمنابھ نگر میں یہ شرح بتیس اعشاریہ پانچ فیصد رہی، جہاں گیارہ ہزار دو سو تہتر مسلم رائے دہندگان کے نام حذف کیے گئے۔ شیواجی نگر میں پچیس ہزار چھ سو تہتر مسلم رائے دہندگان کے نام خارج ہوئے، جو مجموعی طور پر بتیس اعشاریہ ایک فیصد بنتے ہیں۔ اسی طرح دنیش گنڈو راؤ کے حلقے گاندھی نگر میں چھ ہزار تین سو ستائیس مسلم رائے دہندگان کے نام حذف کیے گئے، جن کی شرح سینتیس اعشاریہ آٹھ فیصد بتائی گئی ہے۔ ان اعداد و شمار سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ مسلم رائے دہندگان کے ناموں کے اخراج کی شرح نہ تو تمام حلقوں میں یکساں رہی اور نہ ہی اس کا تعلق کسی ایک سیاسی یا جغرافیائی خطے تک محدود دکھائی دیتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان حلقوں کا الگ الگ جائزہ لیا جائے، حذف شدہ ناموں کی وجوہات سامنے لائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ ان میں کتنے نام حقیقی نقل مکانی، کتنے غیر حاضری اور کتنے ممکنہ غلط شناخت کے نتیجے میں خارج ہوئے۔
مہاراشٹر میں صبر انسٹی ٹیوٹ کی ابتدائی تحقیق کے مطابق ایس آئی آر کے دوران مسودہ فہرست رائے دہندگان سے تقریباً دو کروڑ چھ لاکھ اسی ہزار نام حذف کیے گئے۔ یہ تعداد نظر ثانی سے قبل درج شدہ مجموعی رائے دہندگان کا تقریباً اکیس اعشاریہ ایک فیصد بنتی ہے۔ اس تحقیق کا مسلم رائے دہندگان سے متعلق اہم انکشاف یہ ہے کہ حذف شدہ ناموں میں تقریباً تین لاکھ بیس ہزار ایسے افراد شامل تھے جن کے نام مسلم شناخت سے موسوم ہیں۔ یہ مجموعی طور پر حذف کیے گئے ناموں کا چودہ اعشاریہ چھ فیصد بنتا ہے۔ محققین نے دو ہزار گیارہ کی مردم شماری کے ضلعی اعداد و شمار کی بنیاد پر ریاست میں مسلم آبادی کا تناسب بارہ اعشاریہ ایک فیصد تخمینہ کیا ہے۔ اس اعتبار سے حذف شدہ ناموں میں مسلم ناموں والے افراد کا حصہ اس تخمینی آبادیاتی تناسب سے زیادہ دکھائی دیتا ہے۔ مختلف اضلاع میں یہ فرق مزید نمایاں صورت اختیار کر لیتا ہے۔ اورنگ آباد میں حذف شدہ ناموں میں مسلم ناموں والے رائے دہندگان کا حصہ ستائیس اعشاریہ تین فیصد، پربھنی میں چھبیس اعشاریہ چار فیصد، اکولا میں چوبیس اعشاریہ چھ فیصد اور ممبئی میں بائیس اعشاریہ چھ فیصد بتایا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار یقیناً سنجیدہ توجہ کے مستحق ہیں، تاہم ان کے تجزیے میں تحقیقی احتیاط کو ملحوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔ دو ہزار گیارہ کی مردم شماری کے آبادیاتی تناسب کا براہ راست موازنہ دو ہزار پچیس کی فہرست رائے دہندگان سے کرتے وقت آبادی میں اضافے، نقل مکانی، عمر کی ساخت اور انتخابی اہلیت جیسے عوامل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح محض ناموں کی بنیاد پر کسی شخص کی مذہبی شناخت متعین کرنا ایک محدود تحقیقی طریقہ ہے۔ ہر مسلم نام کا حامل شخص لازماً مسلمان ہو، یا ہر مسلمان کا نام لازماً اس شناخت کو ظاہر کرتا ہو، یہ ضروری نہیں۔ لہٰذا ان اعداد و شمار کو مسلم رائے دہندگان کی مکمل اور قطعی نمائندگی سمجھنے کے بجائے ایک ابتدائی تحقیقی شہادت کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ اس کے باوجود ان میں سامنے آنے والا تفاوت ایک ایسی صورت حال کی طرف اشارہ کرتا ہے جس کی آزادانہ اور شفاف تحقیق ناگزیر ہے۔
مہاراشٹر کی تحقیق کا ایک اہم انکشاف یہ ہے کہ مسلم ناموں والے رائے دہندگان کو دوسری جگہ پہلے سے درج قرار دیے جانے کا امکان دیگر رائے دہندگان کے مقابلے میں دو اعشاریہ صفر سات گنا زیادہ بتایا گیا ہے۔ اسی طرح مسلم ناموں والے افراد کے ناقابل تلاش یا غیر حاضر قرار دیے جانے کا امکان ایک اعشاریہ چالیس گنا، جب کہ مستقل طور پر منتقل شدہ قرار دیے جانے کا امکان ایک اعشاریہ اٹھارہ گنا زیادہ بتایا گیا ہے۔ محققین کے مطابق یہ رجحان ریاست کے دو سو اٹھاسی اسمبلی حلقوں میں سے دو سو پچاسی میں دیکھا گیا۔ تحقیق میں یہ احتمال بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ ناموں کی مماثلت پر مبنی شناخت اور تقابلی طریقہ کار اس تفاوت کا ایک سبب ہو سکتا ہے۔ ہندوستانی معاشرے میں خان، شیخ، سید اور پٹھان جیسے خاندانی نام لاکھوں افراد استعمال کرتے ہیں۔ ایک ہی نام کے متعدد افراد نہ صرف مختلف شہروں اور اضلاع میں بلکہ ایک ہی شہر کے مختلف محلوں میں بھی آباد ہو سکتے ہیں۔
ایسی صورت میں اگر نام کی مماثلت ہی دوہرے اندراج کا بنیادی معیار بن جائے تو غلط شناخت اور بلا جواز اخراج کا اندیشہ پیدا ہونا فطری ہے۔ یہاں الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ واضح کرے کہ دوہرے اندراج کی نشان دہی کے لیے کون سے معیارات اختیار کیے گئے، شناخت کی تصدیق کن دستاویزات اور کوائف کی مدد سے کی گئی اور جن افراد کے نام حذف کیے گئے، انہیں اپنی شناخت اور انتخابی اہلیت ثابت کرنے کے کتنے مواقع فراہم ہوئے۔ یہ تحقیق کسی منظم مذہبی امتیاز کو قطعی طور پر ثابت نہیں کرتی، لیکن اس میں سامنے آنے والا تفاوت ایک ممکنہ انتظامی مسئلے کی نشان دہی ضرور کرتا ہے۔ ایسے مسئلے کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کی غیر جانبدارانہ چھان بین کی جانی چاہیے۔
مہاراشٹر کے شہری علاقوں میں ناموں کے اخراج کی غیر معمولی شرح بھی اس پورے معاملے کا ایک اہم پہلو ہے۔ تحقیق کے مطابق ممبئی کے چھتیس اسمبلی حلقوں میں ریاست کے مجموعی رائے دہندگان کا تقریباً گیارہ فیصد حصہ موجود ہے، لیکن حذف شدہ ناموں میں ان حلقوں کا حصہ سترہ فیصد بتایا گیا ہے۔ ممبئی میں ناموں کے اخراج کی مجموعی شرح چونتیس اعشاریہ سات فیصد رہی، جب کہ ریاست کے باقی علاقوں میں یہ شرح انیس اعشاریہ پانچ فیصد تھی۔ اگر اموات کے علاوہ دیگر وجوہات کو پیش نظر رکھا جائے تو ممبئی میں ناموں کے اخراج کی شرح تیس اعشاریہ ایک فیصد بتائی گئی ہے۔ تھانے میں بھی اسی زمرے کے تحت یہ شرح پینتیس اعشاریہ چار فیصد رہی۔ ممبئی اور اس کے نواحی علاقوں میں مسلم آبادی کے متعدد گنجان آباد علاقے موجود ہیں، جہاں کرائے کے مکانوں میں سکونت، روزگار کی تلاش اور معاشی مجبوریوں کے باعث رہائش کی تبدیلی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ایسے علاقوں میں فہرست رائے دہندگان کی نظر ثانی کے دوران خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے، کیونکہ پتے کی تبدیلی، عارضی نقل مکانی اور مستقل منتقلی کے درمیان فرق کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ یہ امر یقینی بنایا جانا چاہیے کہ کسی شہری کی عارضی غیر موجودگی یا رہائشی پتے کی تبدیلی اس کے حق رائے دہی کی تضییع کا سبب نہ بن جائے۔ تاہم یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ ممبئی اور تھانے میں ناموں کے مجموعی اخراج کے اعداد و شمار کو صرف مسلم رائے دہندگان سے متعلق قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مسلم آبادی پر ان کے مخصوص اثرات جاننے کے لیے ضلعی اور حلقہ وار مذہبی شناخت سے متعلق مزید تحقیق و تجزیہ درکار ہوگا۔
مہاراشٹر کی تحقیق میں خواتین کے حوالے سے بھی ایک اہم اور قابل توجہ پہلو سامنے آیا ہے۔ اٹھارہ سے انتیس برس کی عمر کے گروہ میں ممبئی کے علاوہ دیگر علاقوں میں آٹھ لاکھ بائیس ہزار سات سو اٹھانوے خواتین کو مستقل طور پر منتقل شدہ قرار دیا گیا، جب کہ اسی زمرے میں مردوں کی تعداد تین لاکھ اکیاسی ہزار نو سو اکیانوے تھی۔ محققین کے مطابق اس نمایاں فرق کی ایک ممکنہ وجہ شادی کے بعد خواتین کا والدین کے گھر سے شوہر کے گھر منتقل ہونا ہو سکتی ہے۔ یہ مسئلہ مسلم خواتین کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ شادی کے بعد رہائش کی تبدیلی کے نتیجے میں پرانے پتے سے نام حذف ہونے اور نئے مقام پر اندراج کے درمیان انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اگر اس عمل میں غیر ضروری تاخیر یا دشواری ہو تو ایک اہل خاتون انتخابی حق سے محروم رہ سکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین کے لیے نئے مقام پر اندراج کا عمل سہل بنایا جائے اور شادی، رہائش کی تبدیلی یا دیگر ناگزیر حالات کو ان کے حق رائے دہی کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔ جمہوری مساوات کا تقاضا ہے کہ عورت خواہ شادی سے پہلے اپنے والدین کے گھر رہتی ہو یا شادی کے بعد کسی دوسرے مقام پر سکونت اختیار کرے، اس کی انتخابی شناخت اور حق رائے دہی ہر حال میں محفوظ رہے۔
کرناٹک اور مہاراشٹر میں ایس آئی آر سے متعلق دستیاب اعداد و شمار مسلم رائے دہندگان کے حق رائے دہی کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ کرناٹک میں مسلم آبادی کی نمایاں موجودگی والے اسمبلی حلقوں میں ناموں کے اخراج کی بلند شرح، غیر حاضر قرار دیے گئے مسلم رائے دہندگان کا نسبتاً زیادہ تناسب اور دوسری جگہ اندراج کی بنیاد پر حذف کیے گئے افراد میں مسلمانوں کی نمایاں تعداد، جب کہ مہاراشٹر میں مسلم ناموں والے تین لاکھ سے زائد افراد کے ناموں کا اخراج، اس معاملے کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ فہرست رائے دہندگان کی صحت اور درستگی جمہوری عمل کا لازمی تقاضا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہر اہل شہری کے حق رائے دہی کا تحفظ بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے اخراج کی وجوہات اور حلقہ وار تفصیلات کی شفافیت، دوہرے اندراج کی شناخت کے طریقہ کار کی وضاحت، غیر حاضر یا ناقابل تلاش قرار دیے گئے افراد کی دوبارہ تصدیق اور متاثرہ شہریوں کو اطلاع، اعتراض، اپیل اور دوبارہ اندراج کا مناسب موقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ یہ اقدامات کسی مخصوص برادری کے لیے خصوصی رعایت نہیں، بلکہ آئینی مساوات، انتخابی انصاف اور جمہوری اصولوں کا تقاضا ہیں۔